Tag: Hajj

حج اسلام کا ایک بنیادی رکن ہے، جو ہر بالغ اور جسمانی طور پر صحت مند مسلمان پر فرض ہے، جس کے پاس اس کی ادائیگی کے لیے ضروری مالی وسائل موجود ہوں۔ حج مکہ مکرمہ میں انجام دیا جاتا ہے، جو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے۔

  • رواں سال حج، سعودی عرب کا پاکستان سے رابطہ

    رواں سال حج، سعودی عرب کا پاکستان سے رابطہ

    اسلام آباد: رواں سال حج کے سلسلے میں سعودی عرب نے پاکستان سے رابطہ کر کے محدود حج کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے رواں سال محدود حج کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرز ہی حج ادا کریں گے۔ نیز، کرونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی۔

    دریں اثنا، وزارتِ مذہبی امور نے نئی صورت حال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیر اور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    سعودی عرب میں‌ مقیم افراد کو محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکومت نے محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا، سعودی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے باہر سے کوئی حج پر نہیں آئے گا، صرف مقامی طور پر رہائش پذیر افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ تقریباً 25 لاکھ کے قریب افراد ہر سال حج کی سعادت حاصل کرنے مختلف ممالک سے جاتے ہیں تاہم کرونا کی وجہ سے رواں سال یہ ممکن نہیں ہو سکے گا، خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال حج انتہائی محدود تعداد میں حجاج کرام کے ساتھ ہوگا، یہ فیصلہ عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • رواں سال حج کا انعقاد، عازمین کیلئے بڑی خبر آگئی

    رواں سال حج کا انعقاد، عازمین کیلئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : وزارت مذہبی امور کے ذرایع کا کہنا ہے کہ رواں سال حج سےمتعلق فیصلہ 15جون تک متوقع ہے ، حج کے حوالے سےتجاویز پرغور جاری ہے، جس میں حج کوٹہ 80فیصد کم ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال حج کوٹہ 80فیصد کم ہونے کا امکان ہے ، حج سےمتعلق سعودی حکومت کا مختلف تجاویزپرغور جاری ہے تاہم سعودی عرب حتمی پالیسی اجرا سے قبل مسلم ممالک سے مشاورت کرے گا۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں سال حج سےمتعلق فیصلہ15جون تک متوقع ہے ، حج کے حوالے سے زیر غور تجاویز میں تمام بڑے ممالک کا 80 فیصد کوٹہ ختم کرنا شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تمام ممالک سےصرف وفود کو حج کی دعوت دینے اور حج کی سعادت صرف سعودی عرب میں رہنے والوں کو دینے کی تجاوز بھی زیر غور ہیں۔

    مزید پڑھیں : رواں سال حج ہوگا یا نہیں، حتمی فیصلہ کب کیا جائے گا؟

    یاد رہے سعودی وزارت حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا تھا کہ سعودی وزارت حاجیوں کی خدمات کیلئےپرعزم ہیں اور حاجیوں کی حفاظت، سہولتوں کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست ہے اس سال حج سے متعلق کوئی بھی نیا معاہدہ نہ کیا جائے ، معاہدے اس وقت تک نہ کئےجائیں جب تک وبا کا راستہ واضح نہ ہو، سعودی حکومت کوروناوائرس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    سعودی وزیرمذہبی امور نے کہا تھا کہ سعودی حکومت حج پر یقینی بنانے کیلئےکوشاں ہے کہ کوئی نقصان نہ ہو، حج میں عوام کے اجتماع سے کورونا وائرس کے پھیلاؤکا خدشہ ہے ، وائرس کاپھیلاؤروکنے کے لئے اعلیٰ احتیاطی تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں۔

    خیال رہے سعودی عرب نے پاکستان کوحج معاہدوں سےروک دیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کےخدشات کے پیش نظر حج معاہدہ نہ کریں، سعودی حکومت صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔

  • رواں سال حج ہوگا یا نہیں، حتمی فیصلہ کب کیا جائے گا؟

    رواں سال حج ہوگا یا نہیں، حتمی فیصلہ کب کیا جائے گا؟

    اسلام آباد: وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حج ہوگا یا نہیں حتمی فیصلہ رمضان کے آخر میں کیا جائے گا، سعودی عرب کے ساتھ مل کرکئی آپشنز پر غور کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری کی اٹارنی جنرل سے ملاقات ہوئی ، جس میں نورالحق قادری نے کہا کہ حج ہوگا یا نہیں حتمی فیصلہ رمضان کے آخر میں کیا جائے گا، ہماری کوشش اورخواہش ہےکہ حج ہوجائے۔

    وفاقی وزیرمذہبی امور کاکہنا تھا کہ سعودی عرب کےساتھ مل کرکئی آپشنزپرغورکررہےہیں، وزارتی امورپراٹارنی جنرل سےمشاورت کرنےآیاتھا۔

    یاد رہے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا تھا کہ 15 رمضان تک حج ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہوجائے گا، سعودی حکومت کرونا کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر دیکھ رہی ہے، سعودی وزارت حج نے فی الوقت حج معاہدہ کرنے سے روک رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا سعودی حکومت کے پاس حج ادائیگی سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور ہیں جن میں سعودی عرب میں رہنے والے صرف حج کی سعادت حاصل کرسکیں، صرف گلف ممالک کے حجاج حج کی سعادت حاصل کرنا شامل ہیں۔

    وزیر مذہبی امور کے مطابق تمام ممالک کے کوٹے کو صرف دس فیصد تک لیا جاسکتا ہے، سعودی حکومت حج سے متعلق پاکستان کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے گی۔

    نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ تاریخ میں 40 مرتبہ سے زائد حج مکمل یا جزوی طور پر نہیں ہوا، سمجھتا ہوں حالات بہتر ہوجائیں تو حج ہوگا۔

  • ‘فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے’

    ‘فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے’

    اسلام آباد : سعودی وزیر حج ڈاکٹرصالح بن طاہر نے وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری کو حجاج کی رہائش، خوراک،سفری سہولتوں کے معاہدے کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں، نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں کاروبار کے ساتھ مذہبی اجتماعات پر بھی پابندیاں عائد ہے وہیں فریضہ حج کی ادائیگی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    حج انتظامات سے متعلق سعودی وزیر حج ڈاکٹرصالح بن طاہر نے وفاقی وزیر مذہبی امورنورالحق قادری کے نام خط لکھا ، جس میں حجاج کی رہائش، خوراک،سفری سہولتوں کے معاہدے کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    خط میں کہا گیا کہ حجاج کی سہولتوں کےحتمی معاہدات اورادائیگیاں فی الحال نہ کی جائیں، پاکستان کورونا کے پیش نظرحتمی معاہدوں کیلئے انتظار کرے۔

    سعودی وزیرحج کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت وائرس کے پھیلاؤ اوراحتیاطی تدابیر کامسلسل جائزہ لے رہی ہے، نئی صورتحال کے مطابق نئی ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

    نورالحق قادری نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کا حتمی فیصلہ خادم حرمین شریفین کریں گے، حج کی ادائیگی سے متعلق سعودی حکام مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

    گزشتہ روز سعودی عرب نے پاکستان کوحج معاہدوں سےروک دیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کےخدشات کے پیش نظر حج معاہدہ نہ کریں، سعودی حکومت صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔

    خیال رہے کورونا وائرس سے دنیا بھرمیں ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار 344 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ ست تجاوز کرچکی ہے۔

  • حج سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں، اہم وضاحت سامنے آگئی

    حج سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں، اہم وضاحت سامنے آگئی

    اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے مذہبی امور نورالحق قادری نے حج سے متعلق افواہوں پر وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ فی الحال حج2020 نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے، امید ہے حج تک صورت حال بہتر ہوجائےگی، مصدقہ اطلاعات کے لیے وزارت کے آفیشل سوشل میڈیا کو فالو کریں، جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں، حج انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں، ہم سعودی وزارت حج وعمرہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے حج انتظامات روکنے سے متعلق حکم جاری نہیں کیا، سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے مسلم ممالک سے مشاورت کریں گے۔

    خیال رہے کہ ان دنوں کروناوائرس کے پیش نظر سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ رواں سال حج نہیں ہوگا۔ البتہ اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی رائے سامنے نہیں آئی ہے اور اسے محض افواہ تصور کیا جارہا ہے۔

  • حج فارم سے متعلق وفاقی مذہبی امور کا وضاحتی بیان

    حج فارم سے متعلق وفاقی مذہبی امور کا وضاحتی بیان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے حج فارم سے متعلق وضاحتی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فارم پر ختم نبوت کا حلف نامہ موجود ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ حج فارم میں ختم نبوتؐ کا حلف نامہ موجود ہے، بینکوں سے جو فارم مل رہا ہے وہ صرف ڈیٹا فارم ہے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ درخواست میں ختم نبوتؐ کا کالم اپنی جگہ موجود ہے، عازم حج وہی کہلائے گا جو ختم نبوتؐ کے حلف نامے پر دستخط کرے گا۔

    سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے والے عازمین کیلئے اہم ہدایت

    نور الحق قادری نے کہا کہ ختم نبوت پر ہمارا ایمان اور عقیدہ حتمی اور اٹل ہے،حج درخواست فارم سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات درست نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان مذہبی امور نے اطلاع دی تھی کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے ملک بھر کے 13 نامزد بینکوں میں 24844 حج درخواستیں وصول ہو گئی ہیں، اور حج درخواستوں کی وصولی 6 مارچ تک جاری رہے گی۔ یہ ہدایت بھی کی گئی کہ درخواست گزار بینک سے دستخط اور مہر شدہ رسید لازمی طلب کریں، کوائف میں غلطی کی صورت میں فوراً بینک سے تصحیح کرائیں۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے درخواست فارموں کے ساتھ واجبات جمع کرانے میں سہولت دینے کے لیے بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملک بھر میں اپنی تمام نامزد برانچیں ہفتہ اور اتوار (یعنی 29 فروری اور یکم مارچ ) کو صبح 10 بجے سے لے کر دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھلی رکھیں۔

  • رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والوں کے لیے تشویشناک خبر سامنے آگئی، رواں برس حج کے اخراجات 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔ حج فارمولیشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ حج اخراجات کو کیسے کم کیا جائے۔

    وزارت مذہبی امورحج پالیسی 2020 فارمولیشن کمیٹی کے پاس بھیج چکی ہے، کمیٹی حج پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ سے منظور کروائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمولیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے مگر کمیٹی حتمی فیصلے پر متفق نہ ہو سکی، حج کو 5 لاکھ روپے سے کم کرنے کے لیے کمیٹی ارکان مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔ سیکریٹری مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے، 70 فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کی گئی۔

  • کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا

    کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا

    کوئٹہ: کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا، پہلی جج پرواز شب ڈیڈھ سو حجاج کو لے کر کوئٹہ پہنچے گی۔

    پی آئی اے حکام کے مطابق سعودی عرب سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز کل 17 اگست سے ہورہا ہے تاہم بلوچستان کے حجاج کی کوئٹہ واپسی کا سلسلہ 19اگست سے ہوگا۔

    پہلی جج پرواز انیس اگست کی شب نو بجے کوئٹہ ائیرپورٹ پر پہنچے گی، جدہ اور مدینہ سے مجموعی طور پر 57 پروازوں کے ذریعے کل 8 ہزار 3 سو حجاج کرام کو کوئٹہ ائرپورٹ پہنچایا جائے گا، حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے فلائٹ آپریشن 9 ستمبر کو مکمل ہوجائے گا۔

    دوسری جانب فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔

    حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج رات سے شروع ہوگا، پی آئی اے کی تیاریاں مکمل

    جدہ کے حج ٹرمینل پر رش اور سیکیورٹی کی وجہ سے حجاج کرام کو 10گھنٹہ پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد حجاج کو پہنچانے کا انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔

  • حج کے لیے آئے اللہ کے مہانوں کی خدمت پر فخر ہے، سعودی فرمانروا

    حج کے لیے آئے اللہ کے مہانوں کی خدمت پر فخر ہے، سعودی فرمانروا

    ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو حج کے لیے آنے والے اللہ کے معزز مہمانوں کی خدمت پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منیٰ کے شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دنیا بھر سے حج کے لیے آئی اہم شخصیات اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس موقع پر عالمی رہ نماﺅں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ معزز مہمانوں سے خطاب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور سہولیات کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی کہا کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کی بہتر سے بہتر خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔

    انہوں نے دنیا کے کونے کونے سے آئے مسلمان عالمی رہ نماﺅں اور دیگر حجاج کرام کو حج کی ادائی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حج جیسی عظیم عبادت عالم اسلام کے اتحاد، رواداری، مذاکرات اور اخوت کا درس دیتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائی پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں اور سب کے کیے اس حج کو خیر، بھلائی کا ذریعہ قرار دینے کے لیے دعا گو ہوں۔

    امت نفرتیں ختم کرے، متحد ہوکر امن سے رہے، خطبہ حج

    شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری توجہ کا مرکوز محور حجاج کرام اور ان کی خدمت ہے، اللہ کے مہمانوں کی بہتر خدمت اور حج کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

    شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ فرئضہ حج کی ادائیگی کے کے لیے دنیا بھر کے 130 ملکوں اور 170 نسلوں کے اڑھائی ملین مسلمان میدان عرفات میں جمع تھے۔ یہ سب ایک ہی عظیم مقصد اور ایک عظیم عبادت کے لیے جمع تھے۔ میں حج کو پرامن رکھنے میں بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔