Tag: haleem adil sheikh

  • "کچے کے ڈاکوؤں کے سرپرست پکے کے ڈاکو ہیں”

    "کچے کے ڈاکوؤں کے سرپرست پکے کے ڈاکو ہیں”

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف مزید پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں زرعی پانی کی چوری، کتوں کے کاٹنے اور گندے پانی کی فراہمی کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کررہے ہیں۔

    حلیم عادل نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کےخلاف اربوں روپوں کی کرپشن کی نیب میں انکوائری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں 43لاکھ ایکڑ اراضی کی جعلی الاٹمنٹ کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، جعلی الاٹمنٹ میں ملوث افسران نے 10لاکھ ایکڑ زمین کی جعلی الاٹمنٹ کرکے ریکارڈ جلا دیا ہے، ہم سپریم کورٹ میں جعلی الاٹمنٹ کیخلاف درخواست دےرہےہیں۔

    اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی سے نا امید ہوچکے، ایوان میں صرف اپنے قوانین بنائے جاتے ہیں۔

    حلیم عادل نے الزام عائد کیا کہ جیکب آباد میں پولیس کے سپاہیوں کو قتل کرنے والے ڈاکو صوبائی وزیر کے محافظ ہیں، کچے کے ڈاکوؤں کے سرپرست پکے کے ڈاکو ہیں، نیب چھاپوں کے بعد کچے کے ڈاکو محمد میاں سومرو کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    حلیم عادل شیخ نے انکشاف کیا کہ بلاول بھٹو کے زیر استعمال جہاز سندھ حکومت کا ہے، بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت وزیر اعلیٰ کا جہاز بلاول استعمال کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

  • حلیم عادل شیخ  کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    حلیم عادل شیخ کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    کراچی : اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کوٹف ٹائم دینےکافیصلہ کرلیا اور کہا سندھ حکومت کی کرپشن پر عدالت،عوام اورمیڈیامیں جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کوٹف ٹائم دینےکافیصلہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کےخلاف چارج شیٹ تیار کرلی۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کرپشن پر عدالت،عوام اورمیڈیامیں جائیں گے اور سندھ کےتمام محکموں کی کرپشن عوام کےسامنےلائیں گے۔

    اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ اتوار کے روزپہلی بجٹ چارج شیٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی، پیر کووزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کے لیےعدالت میں درخواست جمع کرائیں گے، سندھ حکومت کی کرپشن اورنااہلی پرعدالتوں سےمسلسل رجوع کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپوزیشن کی آوازبندکرنےکےسب طریقےآزمائے، اب فیصلے انصاف اورعوام کی عدالت میں ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز اپوزیشن کے شور شرابے اور ہلڑبازی کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجٹ تجاویز منظوری کیلئے پیش کیں ، جن کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا۔

  • آئی  جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ

    آئی جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ

    شکارپور :اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے آئی جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کردیا اور کہا سندھ حکومت جس دن کہے گی رینجرز اورفوج آجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے آئی جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت اور آئی جی مکمل ناکام ہوچکے ہیں، امن امان کے لیے شہید ہونے والےاہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جس دن کہے گی رینجرز اورفوج آجائے گی، رینجرز کواختیارات صرف کراچی کی حد تک دیےہوئے ہیں، یہاں رینجرز آگئی تو سب سےپہلےپکے کے ڈاکو پکڑے جائیں گے،حلیم عادل شیخ

    اپوزیشن لیڈر سندھ نے کہا آئی جی سندھ اپنے علاقے میں امن امان میں ناکام ہوچکے ہیں، ایس ایس پیز اور اہلکار میدان میں ہیں آئی جی سندھ نظر نہیں آتے، ورثاسے تعزیت کے لیے پی پی کا کوئی نمائندہ نہیں پہنچا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں اے پی سیز میں گولیاں پار نہیں ہوتی، 18 ویں ترمیم کے بعد امن امان صوبائی معاملہ ہے، سندھ میں 756 ارب امن امان پر خرچ ہو رہے ہیں ، حالت یہ ہےکہ پولیس اهلكار شہید اور ملزمان اے پی سی پر کھڑے رقص کررہے ہیں۔

  • ‘وزیراعظم عمران خان فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں’

    ‘وزیراعظم عمران خان فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں’

    کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں، انھوں نے فلسطینی صدرکوفون کرکے انہیں ساتھ کایقین دلایا کہ فلسطین کے مسئلے پر عالم اسلام کو اکٹھا کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ہمارے فلسطینی مسلمانوں پرمظالم جاری ہیں، وزیراعظم نے صورتحال پر عالمی لیڈر کا کردار ادا کیا، نواز شریف کے دور میں وفود اسرائيل جایا کرتے تھے۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فلسطینی صدرکوفون کرکے انہیں ساتھ کایقین دلایا کہ فلسطین کے مسئلے پر عالم اسلام کو اکٹھا کیا جارہا ہے، وزیراعظم تمام مسلمانوں کیلئے ایک لیڈر بن کر ابھرے ہیں،جلد پاکستان بھی مدینہ کی طرح فلاحی ریاست بنےگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بڑے بڑے بھگوڑوں کےچہرے سامنے آرہے ہیں، جن لوگوں نے اس ملک کو لوٹا وہ لندن بھاگ رہےہیں، وزیراعظم فلسطین کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے فلسطین کے عوام کی جائز حقوق کے لیے جاری جدوجہد کی مستقل حمایت کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے اسرائیلی فوج کے حملوں سے بچوں سمیت فلسطینی شہریوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ ’مسجداقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے شرمناک ہیں‘

  • کارسرکار میں مداخلت : اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر فردِ جرم عائد

    کارسرکار میں مداخلت : اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر فردِ جرم عائد

    گھوٹکی: میرپور ماتھیلو کورٹ نے 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کو کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں میرپور ماتھیلو کورٹ میں پیش کیا گیا۔

    عدالت نے 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں حلیم عادل شیخ پر فردجرم عائد کردی تاہم اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا میرےخلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیاہے۔

    عدالت نے مدعی پولیس افسر کی عدم پیشی پرسماعت26 مئی تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے ضمنی انتخابات کےموقع پر حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاتھا ، 2سال سے زائد عرصے تک خفیہ رکھے گئے مقدمے کو حالیہ گرفتاری کےبعدظاہرکیا گیا اور کراچی میں حلیم عادل کی گرفتاری کے دوران گھوٹکی مقدمے بھی گرفتاری ظاہر کی گئی۔

    خیال رہے رواں ماہ کے آغاز میں کراچی کی مقامی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی اور کمرہ عدالت میں موجود حلیم عادل شیخ اور سمیر شیخ سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

  • حلیم عادل شیخ کی 2 کیسز میں ضمانت منظور

    حلیم عادل شیخ کی 2 کیسز میں ضمانت منظور

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی 2کیسزمیں ضمانت منظور کرلی ، حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن کےدوران ہنگامہ آرائی اوردہشت گردی کاالزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی2کیسزمیں ضمانت منظور کرتے ہوئے 2،2لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    حلیم عادل پر پولیس حملے اور دہشت گردی کےالزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ تجاوزات آپریشن میں ہنگامہ آرائی کیس میں پہلے ضمانت منظورہوچکی ہے۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے دوران پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا،جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

  • مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    مراد سعید کا حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے اسیر اپوزیشن رہنما سندھ حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور حکومتی سرپرستی میں پیپلز پارٹی کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ اوباش، بدمعاش، لٹیرے اور قاتل سندھ میں اقتدار پر قابض ہیں، سیاسی بدمعاشیہ قائد حزب اختلاف پر تشدد کے بدترین حربے آزما رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر مخالف اور تنقیدی آوازیں دبانا ان بدمعاشوں کا وتیرہ ہے، صحافی عزیز میمن جیسے کئی ان کی غنڈہ گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، حلیم عادل شیخ نے خونخوار چہروں سے نقاب کھینچ کر اصلیت دکھائی۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ میں واضح ہے کہ یہ کیسے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے یہ ہر اٹھنے والی آواز دبانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن نے ان کے کرتوتوں سے پردہ اٹھایا تو مار دیا گیا، کل سکھر میں پولیس کو میڈیا نمائندے کے خلاف استعمال کر کے تشدد کروایا گیا، یہ سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کو ضمنی انتخابات کے روز پولیس نے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔

    ان کے خلاف میمن گوٹھ تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کار سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے   حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    انسداد دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشر گردی کی عدالت میں حلیم عادل شیخ اوردیگر کے خلاف مقدمات پر سماعت ہوئی ، حلىم عادل شیخ اورساتھىوں کو غیر قانونی فارم ہاؤسز گرانے کے خلاف احتجاج پر عدالت مىں پیش کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ اورسمیرشیخ کےوکیل نے کہا سندھ گورمنٹ کے ساتھ ملکر کىس مىں چالاکى کى گئى ، دو دن کا رىمانڈ تھا ،پھربھی دہشت گردی کی نئی دفعات لگائی گئیں، ،یہ پہلےدن سےغلط بیانى کررہے ہیں۔

    جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ میرے پاس کیوں لائے،جس پرافسر نےبتایاکہ مزید تفتیش کرنى ہےساتھیوں کى معلومات درکارہیں، ہمارےدوپولیس اہلکارزخمى ہیں،ان پرتشدد ہوا جس کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔

    جج نے حلیم عادل شیخ کے وکیل سے استفسار کیا کہ سانپ کے سرپر رکھ کر ماردیتے،جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہى کیا،سانپ کوماردیا ، عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا مقدمے مىں شامل لوگو ں کے نام کس نے بتائے ؟ جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے 2پولیس اہلکار زخمى ہىں ،ان پرتشدد ہوا ، اقبال اور رفیع نامى اہلکار ڈنڈے اورپتھر لگنے سے زخمى ہوئے۔

    وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا جو مقدمات بنائے گئے ہىں وه قابل ضمانت ہىں ، دوران سماعت گرفتار کارکنوں مىں میکنک ، ڈرائیور ،مزدور شامل ہیں ،سب نے اپنے پیشےعدالت کو بتائے، جس پر تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف میں کہا حلیم عادل شیخ اور سب ساتھىوں کا ریمانڈ چاہیے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلىم عادل شیخ کو ساتھىوں سمیت جىل بھیجنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت کا  حلیم عادل شیخ  کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کا حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور شریک ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں وکلا نے حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلنے کےواقعے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    عدالت نے استفسار کیا سانپ کیا کررہا تھا وہاں ؟ حلیم عادل شیخ نے کہا میرے کمرے میں منصوبہ کے تحت سانپ چھوڑا گیا ، جس پر جج نے سوال کیا سانپ کے منہ میں دانت دیکھے تھے آپ نے ؟

    تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کا 3 مارچ تک ریمانڈ مانگا ، جس پر وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا سیاسی انتقام کا کیس ہےدہشتگردی کا نہیں ،حلیم عادل پر حملہ ہوا گاڑی پرفائرنگ ہوئی ، سیون اے ٹی اے لگانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

    حلیم عادل نے کہا مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے ، جس پر جج نے کہا آپ سیاسی باتیں باہر جاکر کریں یہاں نہیں ، آپ کو جیل بھیج رہے ہیں وہاں آپ محفوظ رہیں گے۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر 22 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔

    یاد رہے حلیم حادل شیخ کو ملیر پی ایس88 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا تھا ، پولنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔

    بعد ازاں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • میرےکمرے میں ‘کوبرا سانپ’ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، حلیم عادل شیخ کا دعویٰ

    میرےکمرے میں ‘کوبرا سانپ’ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، حلیم عادل شیخ کا دعویٰ

    کراچی : اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ میرےکمرے میں کوبرا سانپ چھوڑا گیا، جس کو میں نے مارا، بلاول کےکہنے پر  مجھے مارنے کی سازش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو اے ٹی سی پہنچایا گیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ میرےکمرےمیں کوبرا سانپ چھوڑا گیا اور اس سانپ کو میں نے ماراہے۔

    اپوزیشن لیڈر سندھ نے الزام عائد کیا کہ بلاول کےکہنے پر مرادعلی شاہ نے مجھے مارنے کی سازش کی۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی جان کو خطرہ ہے، ان سےفیملی، ایم این ایز،ایم پی ایزکوملنے نہیں دیا جارہا، عدالت سے درخواست کی اہلخانہ اور ایم پی ایز کو ملنے دیا جائے ، ایسا سلوک کیاجارہاہے جیسے دہشت گرد سے کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے ترجمان محمد علی بلوچ نے بیان میں کہا تھا کہ قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا، ناشتہ دینے کے لئے جانے والے ملازم نے سانپ دیکھ کر اطلاع دی تاہم بعد میں کمرے میں موجودسانپ کو مار دیا گیا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے زہریلے سانپ کے نکلنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔