Tag: Hamare Mehman

  • عمر شریف کے ساتھی انہیں  یاد کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو دیئے

    عمر شریف کے ساتھی انہیں یاد کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو دیئے

    کامیڈین لیجنڈ عمر شریف کے ساتھی فنکار ان کی باتیں بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور نمناک آنکھوں سے اپنے پیارے محسن، استاد اور دوست کو یاد کرتے رہے۔

    پاکستان میں مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر ایک عرصے تک راج کرنے والے نامور اداکار عمر شریف کے جانے سے نہ صرف عوام بلکہ ان کے قریبی ساتھی بھی بے حد غمگین اور اداس ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام "ہمارے مہمان” میں میزبان فضا شعیب نے ان فنکاروں سے عمر شریف کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان کی عادات سے متعلق سوالات کیے۔

    عمر شریف کے بارے میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے ساتھی اور جونیئر فنکاروں نے انھیں ایک ایسا فنکار قرار دیا جن کے نام اور کام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

    اداکار سلیم آفریدی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا تاثر قیامت تک قائم رہے گا۔ جب تک لوگ ہیں ،جب تک وہ ہنسنا چاہیں گے عمر شریف زندہ رہے گا۔ وہ اکثر مہدی حسن کی غزلیں اور احمد رشدی کا کوکوکورینا گنگنایا کرتے تھے۔

    پروگرام "ہمارے مہمان” میں اسٹیج اداکارہ سلومی عزیز، نعیمہ گرج، شکیل صدیقی، سلیم آفریدی، نذر حیسن، علی حسن اور دیگر موجود تھے۔

    سینیئراداکار نذر حیسن نے بتایا کہ میں عمر شریف کو جب سے جانتا ہوں جب انہوں نے پہلا ڈرامہ کیا، وہ دوستوں کی خوشیوں میں خوش ہوتا اور دوستوں کے دکھ اسے دکھی کر دیتے تھے۔

    اداکار نذر حیسن عمر شریف کا ذکر کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ رو پڑے، ان کا کہنا تھا کہ اس کی نیکیاں گنوائی نہیں جا سکتیں اور خوبیاں بیان نہیں کی جا سکتیں۔‘

    عمرشریف کے دیرینہ ساتھی اور کامیڈین شکیل صدیقی نے کہا کہ عمر بھائی دنیا کے واحد میگا اسٹار تھے جو ایک مکمل ون مین شو تھے بلکہ میں انہیں "شو مین” کہوں گا جو تن تنہا پروڈیوسر، رائٹر، ڈائریکٹر، ایکٹر، ڈسٹری بیوٹر، میوزک ڈائریکٹر اور شاعر کے علاوہ نجانے کیا، کیا تھے۔

  • نتاشہ حسین کے ہیرو نے انہیں کیوں مسترد کیا تھا؟

    نتاشہ حسین کے ہیرو نے انہیں کیوں مسترد کیا تھا؟

    کراچی: معروف اداکارہ نتاشہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے پہلے ڈرامے کے ہیرو ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا تھا جس سے انہیں بے حد صدمہ ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نتاشہ حسین اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں، پروگرام میں انہوں نے اپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا۔

    نتاشہ نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈرامہ ندیم بیگ کے ساتھ تھا جنہیں وہ بچپن سے بے حد پسند کرتی تھیں۔ لیکن ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ اداکاری نہیں کریں گے۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی غربت نہیں دیکھی، ان کے ہاتھ دیکھ کر کئی لوگوں نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں۔

    نتاشہ نے اپنی بیٹی تانیہ حسین سے بھی ملوایا، تانیہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک بار والدہ کے کہنے پر ہمسفر ڈرامہ دیکھا اور اس کے بعد سے انہیں اداکاری کا شوق ہوگیا۔

    تانیہ کے مطابق انہوں نے اداکاری والدہ سے زیادہ ماہرہ خان سے سیکھی۔

  • ہمارے مہمان میں "سمیع اللہ خان” اور اہلیہ "یاسمین سمیع اللہ” سے دلچسپ سوالات

    ہمارے مہمان میں "سمیع اللہ خان” اور اہلیہ "یاسمین سمیع اللہ” سے دلچسپ سوالات

    کراچی : ہاکی کے نامور پاکستانی کھلاڑی (صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی) سمیع اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے زمانے میں کرکٹ سے زیادہ ہاکی کھیلی اور دیکھی جاتی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں ہاکی لیجنڈ ’’سمیع اللہ خان‘‘ کی اہلیہ ’’یاسمین سمیع اللہ‘‘ سے میزبان فضہ شعیب نے دلچسپ سوالات کیے۔

    سمیع اللہ خان نے کہا کہ مجھے شہر کراچی بہت پسند ہے کیوں کہ جو بھی اس شہر میں آتا ہے وہ پھر بھوکا نہیں سوتا سال 1974 میں کسٹم میں ملازمت کے حوالے سے کراچی منتقل ہوا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ جن دنوں میری شادی ہوئی اس وقت میں قومی ہاکی ٹیم کا کپتان تھا جس میں سے میرے کیئریر میں قومی ٹیم نے بمشکل 5 یا 6میچز ہارے ہوں گے۔

    تعلق کراچی سے ہے لیکن زیادہ تر وقت کراچی میں گزرا۔ میں نے 165 میچز کھیلے جبکہ میں نے 68 گول کیے، اب میں کبھی کبھی ہاکی کلب آکر بچوں کو کوچنگ دیتا ہوں۔

    اس موقع پر سمیع اللہ خان کی اہلیہ یاسمین سمیع اللہ نے بھی سوالات کے دلچسپ جوابات دیئے، ان کا کہنا تھا کہ سیاست میرے خاندان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں وزیر اعظم کی بہت بڑی مداح ہوں باقاعدہ سیاست میں تو نہیں لیکن پی ٹی آئی کو ہی سپورٹ کرتی ہوں۔

    یاسمین سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ میرا عمران خان کیلئے یہ پیغام ہے کہ ہاکی کے ایک قیمتی کھلاڑی کی صلاحیتوں سے آپ ان کا فائدہ نہیں اٹھا رہے، ہاکی آج اسی لیے پیچھے ہے۔

  • جیا علی نے ماڈلنگ کیوں کم کردی؟

    جیا علی نے ماڈلنگ کیوں کم کردی؟

    کراچی: ماضی کی معروف ماڈل اور اداکارہ جیا علی کا کہنا ہے کہ انہیں ماڈلنگ کا جنون تھا لیکن ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے ماڈلنگ کے لیے آہستہ آہستہ منع کرنا شروع کردیا تاکہ نئی ماڈلز کو موقع مل سکے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ماڈل جیا علی اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں جس کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا۔

    جیا نے بتایا کہ انہیں سفید رنگ پہننا بہت پسند ہے، وہ بہت خوش لباس ہیں اور جو بھی پہنتی ہیں سب ان کی تعریف کرتے ہیں۔

    سابق ماڈل نے بتایا کہ ماڈلنگ ان کا جنون تھا لیکن ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے ماڈلنگ کے لیے آہستہ آہستہ منع کرنا شروع کردیا تاکہ نئی ماڈلز کو موقع مل سکے۔

    انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنی مرضی کے کسی بھی شعبے کو اختیار کریں لیکن اپنی بنیادی تعلیم ضرور مکمل کریں، اس سے شخصیت میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔

    جیا علی کے شوہر عمران نے بتایا کہ ان دونوں کی شادی اچانک ہوئی، شادی سے قبل انہوں نے جیا کا کوئی ڈرامہ یا فلم نہیں دیکھا تھا۔

    دونوں نے بتایا کہ وہ باشعور ہیں لہٰذا شادی کے فیصلہ کرتے ہوئے انہوں نے صرف ان چیزوں کے بارے میں سوچا جو معنی رکھتی ہیں۔

  • وہ فلم جس کے پریمیئر میں محترمہ فاطمہ جناح نے شرکت کی

    وہ فلم جس کے پریمیئر میں محترمہ فاطمہ جناح نے شرکت کی

    ماضی کی معروف اداکارہ دیبا بیگم کا کہنا ہے کہ انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار 5 فلموں میں کام کیا اور ان کی ایک فلم کے پریمیئر میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح بھی شریک ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں ماضی کی معروف اداکارہ دیبا بیگم مہمان بنیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کئی یادیں شیئر کیں۔

    دیبا بیگم نے بتایا کہ جب ان کی فلم شمع ریلیز ہوئی تو وہ نہایت سپر ہٹ ہوئی، تاہم اس کے فوراً بعد ہی ان کے شوہر کو سعودی عرب میں ملازمت مل گئی جس کے بعد انہیں اپنا کیریئر چھوڑ کر شوہر کے ساتھ وہیں شفٹ ہونا پڑا۔

    انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار 5 فلموں میں کام کیا، ان کی پہلی فلم چراغ جلتا رہا سنہ 1961 میں ریلیز ہوئی اور اس کے پریمیئر میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح بھی شریک ہوئیں۔

    دیبا نے اپنی ساتھی اداکاروں کے ساتھ بھی اپنی یادیں شیئر کیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری وحید مراد اور محمد علی کے ساتھ بہت اچھی رہی۔

  • پاکستان کا بروس لی جو 100 ریکارڈز بنانا چاہتا ہے

    پاکستان کا بروس لی جو 100 ریکارڈز بنانا چاہتا ہے

    کراچی: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج 60 ریکارڈز توڑنے والے راشد نسیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے 100 ورلڈ ریکارڈز بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 60 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑنے والے راشد نسیم اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں مہمان بنے۔

    راشد نسیم مارشل آرٹسٹ ہیں اور اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج 60 ریکارڈز توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے گھر کی چھت پر اکیڈمی بھی بنا رکھی ہے جہاں وہ نئی نسل کو مارشل آرٹس کی تعلیم دیتے ہیں۔

    راشد نے بتایا کہ انہیں تعلیم کے ساتھ مارشل آرٹس کا شوق پیدا ہوا اور انہوں نے دونوں میں توازن قائم رکھا۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔

    ان کی 7 سالہ بیٹی فاطمہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

    اس بارے میں راشد کا کہنا ہے کہ انہوں نے لوگوں کو یہ شعور دینے کے لیے اپنی بیٹی کو مارشل آرٹس سکھایا کہ مارشل آرٹس بیٹیوں کو سب سے پہلے سکھانا چاہیئے تاکہ وہ جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط ہوں اور ان میں اعتماد پیدا ہو۔

    نن چکو کے ریکارڈز بنانے کے بعد راشد کو پاکستان کا بروس لی بھی کہا جانے لگا، راشد 100 ورلڈ ریکارڈز بنا کر پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔