Tag: hammad-azhar

  • لاہور میں  پولیس کا چھاپہ ، رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر فرار ، پناہ دینے والے گرفتار

    لاہور میں پولیس کا چھاپہ ، رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر فرار ، پناہ دینے والے گرفتار

    لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تاہم وہ فرار ہوگئے ، پولیس نے پناہ دینے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی موجودگی کی اطلاع پر جعفریہ کالونی میں چھاپہ مارا۔

    پولیس کا کہنا ہے چھاپے کے وقت حماد اظہر فرار ہوگئے تاہم پناہ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر جناح ہاؤس حملے کے مرکزی مقدمے میں اشتہاری ہیں۔

    دوسری جانب حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب پر اپنے بیان میں کہا میرے والد کی کارنرمیٹنگ کا انعقاد کرنے والے تین افراد کو گرفتارکیا گیا، پولیس والے کہتے ہیں اوپر سے آرڈر آیا تھا، مجھ پناہ دینے پر جعلی مقدمہ درج کیا گیا،اصل میں والد کی کارنر میٹنگ کرانے والوں کوگرفتار کرنا مقصد تھا، باقی سب ڈرامہ تھا۔

  • ‘خواتین بجلی کے بل ادا کرنے کیلئے زیور بیچ رہی ہیں’

    ‘خواتین بجلی کے بل ادا کرنے کیلئے زیور بیچ رہی ہیں’

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا طوفان آچکا ہے،خواتین بجلی کےبل ادا کرنے کیلئے زیور بیچ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ روپیہ کہیں پر رک نہیں رہا، آج کا ڈالر کا انٹربینک ریٹ238روپے ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کاطوفان آچکاہےاور کاروبارتباہ ہوچکےہیں،صنعتیں بندہورہی ہیں، خواتین بجلی کےبل اداکرنےکیلئے زیوربیچ رہی ہیں، ملک نے ایسا بدترین منظر پہلے کبھی نہ دیکھا۔

    رہنما پی ٹی آئی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ معیشت تباہ ہورہی ہے اور ملک سیلاب کی زد میں ہے، کاغذ کا ایک ٹکڑا بھی نہیں ہے، جس پر معیشت کو بچانے کا روڈ میپ ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سےمتاثرہ لوگوں کی بحالی کامرکزی منصوبہ ابھی تک کہیں نہیں ہے اور ہمارےوزیراعظم ملکہ کی آخری رسومات کے لیے لندن چلے گئے۔

  • مسلط حکومت نے اپنی نالائقی سے پیٹرول مزید مہنگا کر دیا: حماد اظہر

    مسلط حکومت نے اپنی نالائقی سے پیٹرول مزید مہنگا کر دیا: حماد اظہر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل عوام کو دھوکا دینا بند کرو، مسلط حکومت نے مہنگے تیل کو بھی اپنی نالائقی سے مزید مہنگا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر خزانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل عوام کو دھوکا دینا بند کرو۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پچھلے مہینوں میں ضرورت سے زیادہ پیٹرولیم مصنوعات درآمد کیں، ان کنسائنمنٹس کو نیشنل بینک نے 240 روپے سے اوپر پر آف لوڈ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلط حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ میں بھی غفلت دکھائی، پچھلے 2 ماہ میں مہنگے دام اور بلند مارجن پر ضرورت سے کہیں زیادہ تیل امپورٹ کیا گیا۔ پھر تیل کی قیمت بینکوں نے مہنگے ڈالر ریٹ پر روپے میں موصول کی۔

    حماد اظہر نے کہا کہ ذرائع کے مطابق اس وقت کے کچھ کارگو میں مارکیٹ ریٹ سے بھی 8 روپے اضافی وصول کیے گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت روس سے سستا تیل لانے والی تھی، لیکن مسلط حکومت نے سستا تیل تو دور کی بات، مہنگے تیل کو بھی اپنی نالائقی سے مزید مہنگا کر دیا۔

  • پنجاب اسمبلی میں واضح طور قانون شکنی ہوئی: حماد اظہر

    پنجاب اسمبلی میں واضح طور قانون شکنی ہوئی: حماد اظہر

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مسلط شدہ حکومت کا فل بنچ کا مطالبہ صرف وقت خریدنے کی کوشش ہے تاکہ زرداری کے لوٹے پیسے سے ایک بار پھر ضمیر فروشی کی کوشش کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مسلط شدہ حکومت کا فل بنچ کا مطالبہ صرف وقت خریدنے کی کوشش ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ یہ اس لیے ہے تاکہ زرداری کے لوٹے پیسے سے ایک بار پھر ضمیر فروشی کی کوشش کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قانونی معاملے میں کوئی ابہام نہیں، واضح طور پہ قانون شکنی ہوئی اور مسلم لیگ ن اب گھبرا گئی ہے۔

    اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وکلا کم ہی کسی تشریح پر متفق ہوتے ہیں لیکن ملک بھر کے تمام سینئر وکلا کا اتفاق ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ ماورائے آئین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس جلدی میں حلف لیا گیا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خود حمزہ شہباز کو بھی رولنگ کے غلط ہونے کا یقین ہے۔

  • ‘ضمنی الیکشن پر قابض ہونے کی بھونڈی کوشش کی جارہی ہے’

    ‘ضمنی الیکشن پر قابض ہونے کی بھونڈی کوشش کی جارہی ہے’

    لاہور: پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ملک ایک فاشسٹ اسٹیٹ بننے جا رہا ہے، اعلی عدلیہ فوری نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ آج ہم ساتویں مقدمہ میں ضمانت کرا رہے ہیں، ہمارے اوپر بےنامی ایف آئی آر کاٹی گئیں،پھر بعد میں کہا گیا کہ اس اس کو بھی پکڑلو، ان مقدمات میں دہشت گردی کی چار دفعات شامل ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے شہباز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام جماعتیں برسراقتدارہیں ، ان سےملک نہیں چل رہا، عوام موجودہ حکومت سے خوش نہیں، اس ملک میں اپوزیشن واحد جماعت پی ٹی آئی کر رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمشنر پنجاب کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے الزامات کی تردید

    حماد اظہر نے پنجاب حکومت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہورہی ہے، اس طرز عمل سے ملک ایک فاشسٹ اسٹیٹ بننے جا رہا ہے، اعلی عدلیہ فوری نوٹس لے۔

    پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت ضمنی الیکشن میں قابض ہونےکی کوشش کررہے ہیں، ہم اپنے ووٹ کا تحفظ کرینگے۔

  • امپورٹڈ حکومت مزید مہنگائی کا سیلاب لانے کے لیے گھٹنے ٹیک چکی ہے: حماد اظہر

    امپورٹڈ حکومت مزید مہنگائی کا سیلاب لانے کے لیے گھٹنے ٹیک چکی ہے: حماد اظہر

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ بے روزگاری اور مزید مہنگائی کا سیلاب لانے کے لیے امپورٹڈ حکومت گھٹنے ٹیک چکی ہے، عوام کو ملک کی قیادت کا چناؤ کرنے سے روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مہنگائی پیکج پر حکومت اور آئی ایم ایف کی بات چیت جاری ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا ہے کہ بے روزگاری اور مزید مہنگائی کا سیلاب لانے کے لیے امپورٹڈ حکومت گھٹنے ٹیک چکی ہے، عوام کو ملک کی قیادت کا چناؤ کرنے سے روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال ہوگا۔

    اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت معاملات کو بہت بگاڑ چکی ہے، اب حالات ان کے قابو سے باہر ہیں، انتخابات کے ذریعےجلد استحکام نہ لایا گیا تو بہت دیر ہو جائے گی۔

  • پیٹرول کے بعد ایک اور بم گرانے کی تیاری، پی ٹی آئی رہنما نے عوام کو خبردار کردیا

    پیٹرول کے بعد ایک اور بم گرانے کی تیاری، پی ٹی آئی رہنما نے عوام کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما حماداظہر کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت بجلی نرخوں میں 80 فیصد اضافہ کرنے جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بجلی نرخوں میں امپورٹڈ حکومت 3 ماہ میں 80 فیصد اضافہ کرنے جا رہی ہے۔

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی دی ہوئی 5روپےبجلی ریلیف اس ماہ سےامپورٹڈحکومت نےختم کی، امپورٹڈ حکومت اگلے3 ماہ فی یونٹ بجلی قیمت 7.91 روپے بڑھانے کا اعلان کر چکی ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اورٹیکس اس کے علاوہ ہیں، مفتاح صاحب نےبجلی کایونٹ 12روپےفی یونٹ کرنےکا وعدہ کیا تھا، اب یہ بجلی کا بنیادی ٹیرف ہی 13روپے سے بڑھانے چلیں ہیں، قیمت بڑھانے کی امپورٹڈ ایندھن والے مہنگے بجلی گھر اور کیپسٹی کی ادائیگیاں ہیں۔

  • الیکشن کمشنر کی تعیناتی، حماد اظہر نے بڑا اعتراف کرلیا

    الیکشن کمشنر کی تعیناتی، حماد اظہر نے بڑا اعتراف کرلیا

    لاہور: رہنما پاکستان تحریک انصاف حماد اظہر کا دعویٰ کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کے اہم کردار ملک مقصود( مقصود چپڑاسی ) کو قتل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حماد اظہر نے آج ووٹرز لسٹوں میں غلطیوں اور ضمنی الیکشن سےمتعلق درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں جمع کرائی، جس میں پنجاب خصوصی طور پر لاہور میں کی جانے والی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں میں فاش غلطیوں سے متعلق اعتراضات جمع کرائے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں بہت غلطیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ پرانی انتخابی فہرستوں پر ضمنی انتخابات کروائےجائیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے اعتراف کیا کہ دوران اقتدار ہم سے بڑی غلطیاں ہوئیں، جس میں سب سے بڑی غلطی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی تھی، ہمیں الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر سنجیدہ تحفظات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمشنر کیخلاف الزامات پر اہم وضاحت آگئی

    انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ منی لانڈرنگ کے اہم کردار ملک مقصود( مقصود چپڑاسی) کو لندن میں قتل کیا گیا ہے، ان کی موت طبعی نہیں ہوئی۔

    میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما نے الزام عائد کیا کہ شہباز اور حمزہ کے کیسز ختم کرکےمونس الٰہی کےگھرپر چھاپہ مارا گیا ملک میں چل کیا رہا ہے؟ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

    ادھر الیکشن کمیشن نے بعض شخصیات کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرپر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کر تےہیں پنجاب کے20حلقوں میں شفاف الیکشن کیلئےانتظامات کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ سیاسی رہنماؤں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی 6 اور ن لیگ کی 14 سیٹوں پر کامیابی کا فارمولا بتایا جارہا ہے۔

  • "اپریل میں روس سے سستا تیل خریدنے کا فیصلہ کرلیا تھا”

    "اپریل میں روس سے سستا تیل خریدنے کا فیصلہ کرلیا تھا”

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنماحماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہم نے پلاننگ کی ہوئی تھی کہ روس سے سستا تیل خریدیں گے ایسا نہیں تھا کہ ساٹھ روپے بڑھا کر عوام پر ایٹم بم پھینک دیں۔

    اسلام آباد میں شوکت ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پندرہ مارچ کے درمیان روس سے سستا تیل خریدنے کی آفرآئی،ہم نے اپریل میں روس سستا پیٹرول خریدنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت معاشی حالات میں بہتری لانے کا جامع پلان بھی بنا دیا تھا۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج جو کارٹون حکومت میں ہیں انہیں معلوم نہیں پی ایس او نے اپریل اور مئی میں پیٹرول خریدا، مفتاح اسماعیل کو علم ہی نہیں کہ روس پر کوئی پابندی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چالیس روز میں پاکستان کا روپیہ 20 روپے کمزور ہوا ہے جس کی واحد وجہ ان کی نالائقی ہے، بجلی کی کمی کے سبب پاکستان میں اسٹیل کی صنعت کو بند کر دیا گیا ہے، سی پیک کے پاور پلانٹ اس وقت صرف 25 فیصد تک کام کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ بجلی کی قلت کا سبب اس حکومت کی ناقص کارکردگی ہے، لوڈشیڈنگ سے معیشت کو ہر گھنٹے اربوں روپوں کا نقصان ہوا ہے۔

    اس سے قبل سینیٹر شوکت ترین نے ایوان بالا میں دھواں دھار تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مارچ میں معتبر شخص سے کہہ دیا تھا کہ معیشت بڑھ رہی ہے، تسلسل نہ ملا تو بکھرجائے گی، وہی ہوا، میری بات درست نکلی، آج پاکستان کی معیشت دم توڑ چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تو پہلی مرتبہ آئی تھی، جو معیشت ملی اس کی وجہ سے ہم آئی ایم ایف کے پاس گئے، میں نے آئی ایم ایف کو کہا کہ نہ ہی بجلی کے نرخ بڑھیں گے اور نہ ہی ہم سات سو ارب کے ٹیکسز لگائیں گے۔

    شوکت ترین نے کہا کہ ہم چھ ماہ آئی ایم ایف کے سامنے کھڑے رہے، یہ حکومت عوام کے مفاد میں ایسے کھڑی نہیں ہوئی جیسے ہم کھڑے ہوئے، موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے قیمتیں بڑھا رہی ہے۔

    سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر شوکت ترین نے پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم روس سے معاہدے کرتے اور سستا تیل لیتے، ہماری ریفائنری کے ڈیزل کا مارجن 14 روپے تھا جو اِن کی حکومت میں70 روپے ہوچکا ہے۔

    شو کت ترین کا مزید کہنا تھا کہ جون سے پہلے روس سےمعاہدہ کرکے سستاتیل خریدلیتے، یہ کیسےکہہ سکتے ہیں کہ ٹوٹی معیشت چھوڑ کرگئے، ہماری حکومت میں صنعتی پیداوار،کنزیومرانڈیکس،جی ڈی پی بلند ترین سطح پرتھا انہیں سمجھ ہی نہیں آرہی تھی کہ سبسڈی کے پیسے کہاں ہیں؟

    انہوں نے ایوان بالا کو بتایا کہ سابقہ حکومت نے باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی جس کے ذریعے عوام کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا گیا تھا، ہم نے 100 ارب روپے پی ایس ڈی پی سے کم کرکے سبسڈی دینے کا منصوبہ دیا،50 ارب روپے ایف بی آر نے دینے کا وعدہ کیا تھا جو محصولات میں اضافے سے حاصل ہونا تھا۔

    سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ 140 ارب روپے پنجاب اور خیبرپختونخوا نے وفاق کو دینے تھے جو سبسڈی میں استعمال ہوتے۔ 900 ارب روپے کی ڈویڈنٹ کی رقم تھی جو اس میں استعمال ہوتی۔

  • کیا روس سے سستے تیل کے لیے بات ہوئی؟ حماد اظہر نے خط شیئر کر دیا

    کیا روس سے سستے تیل کے لیے بات ہوئی؟ حماد اظہر نے خط شیئر کر دیا

    اسلام آباد: کیا پی ٹی آئی حکومت میں روس سے سستے تیل کے حصول کے لیے بات ہوئی تھی؟ حماد اظہر نے اس سلسلے میں ٹویٹر پر ایک خط شیئر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا ہے کہ مفتاح صاحب قومی ٹی وی پر دعویٰ کر رہے ہیں کہ روسی تیل کے مذاکرات کا کوئی خط یا ثبوت موجود نہیں ہے، اور یہ کہ وہ کس سے بات کریں۔

    حماد اظہر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ایک خط شیئر کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ روس ہمیں رعایتی تیل فروخت کرنے کے لیے پُر جوش تھا، وزیر خزانہ کو روس کے وزیر توانائی سے بات کرنی چاہیے تھی۔

    پٹرول پر فی لیٹر سبسڈی کتنی رہ گئی؟

    حماد اظہر کی جانب سے پوسٹ میں ایک خط کا عکس بھی شیئر کیا گیا ہے، جو وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 30 مارچ 2022 کو روس کے وزیر توانائی نکولائی شولگنوف کو لکھا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی صدر نے یقین دلایا تھا کہ پاکستان کو تیل اور گندم 30 فی صد رعایت پر دیں گے، ہمیں روس سے یقین دہانی پر امید تھی کہ سبسڈی کم ہو جائے گی۔

    شوکت ترین نے بتایا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی اور روس سے سستے تیل کے معاملات ہم نے حل کر لیے تھے، لیکن موجودہ حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی اور روس کے پاس جانے کو ترجیح نہ دی،یہ لوگ روس سے سستا تیل کیوں نہیں لے رہے؟

    انھوں نے کہا روس نے پی ایس او کے ذریعے ایک طرف سے معاہدے کر لیے تھے، روس نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ رعایتی قیمت پر سستا تیل دیں گے، روس سے سستا تیل ملتا تو پاکستان میں 50 روپے فی لیٹر فرق پڑ جاتا۔