Tag: Hamza abbasi

  • ایک ڈیڑھ ہفتے میں ریحام کی کتاب کو دفن کردوں گا، حمزہ علی عباسی

    ایک ڈیڑھ ہفتے میں ریحام کی کتاب کو دفن کردوں گا، حمزہ علی عباسی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ ریحام خان نے الیکشن سے دو ہفتے قبل کتاب کی رونمائی کرنی ہے، دعوے سے کہتا ہوں ایک ڈیڑھ ہفتے میں ریحام خان کی کتاب کو دفن کردوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ریحام خان نے کتاب کی رونمائی کے لیے مہم بنا رکھی ہے، میری انیلہ خواجہ سے بات ہوئی، گھٹیا الزامات پر وہ رو رہی تھیں، ریحام سے پوچھتا ہوں انیلہ خواجہ، عظمیٰ کاردار کیا عورتیں نہیں۔

    تحریک انصاف کے مطابق ریحام خان کی کتاب میں غیر اخلاقی، بے ہودہ اور گھٹیا قسم کے الزامات ہیں، ان کی کتاب میں عمران خان کے خلاف جھوٹی اور غلیظ باتیں کی گئیں، دوسری طرف شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز بہت اچھے لوگ ہیں۔

    حمزہ علی عباسی نے کہا کہ عندلیب عباس اور میں پاکستان میں ریحام خان کو نوٹس بھیجیں گے، انہوں نے مجھ پر نقلی ای میل سے دھمکیاں دینے کا جھوٹا الزام لگایا، ریحام کہتی ہے اس کی احسن اقبال سے بات ہوئی ہے، احسن اقبال جھوٹے آدمی ہیں چار دن پہلے کہتے ہیں کوئی بات نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ ریحام کی کتاب سوچی سمجھی سازش کے تحت لائی گئی ہے، مسلم لیگ (ن) کا منصوبہ ہے الیکشن سے پہلے گھٹیا الزامات میڈیا کی توجہ بن جائیں جبکہ انہوں نے عمران خان کی بہنوں کے بارے میں بھی گھٹیا باتیں کیں، ریحام خان نے اپنی کتاب میں لکھا وہ نمازی اور پرہیز گار ہیں۔

    ریحام خان نے حمزہ علی عباسی کو 5ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

     ریحام خان نے حمزہ علی عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، معافی نہ مانگنے کی صورت میں 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجیں گی۔
     ریحام خان نے  کہا کہ حمزہ عباسی کہتے ہیں ان کے پاس میری کتاب کا مسودہ ہے وہ بتائیں میری کتاب کا مسودہ کہاں سے آیا حمزہ عباسی کے مطابق ریحام خان کی ٹیم کے پانچ سے چھ لوگوں میں سے ایک نے مسودہ دیا ہے۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دو نجی ٹی وی چینلز کے رمضان پروگرامز پر پابندی عائد

    دو نجی ٹی وی چینلز کے رمضان پروگرامز پر پابندی عائد

    اسلام آباد: پاکستانی میڈیا الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث دو نجی ٹی وی چینلز کے رمضان سے متعلق پروگرام پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی۔

    پیمرا نے پابندی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت ایک نجی ٹی وی کے پروگرام ‘‘رمضان ہمارا ایمان، میزبان حمزہ علی عباسی ‘‘ اور دوسرے نجی ٹی وی کے پروگرام ‘‘عشق رمضان، میزبان شبیر ابوطالب‘‘  کے جمعہ سے نشر ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    Pemra

    پیمرا کا کہنا ہے کہ 4مئی کو تمام ٹی وی چینلز کو رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ رمضان نشریات ضابطہ اخلاق کی حدود میں رہتے ہوئے پیش کریں بصورت دیگر فوری کارروائی عمل میں لائی جائےگی لیکن ان دونوں پروگرامز میں پارلیمنٹ کے متفقہ فیصلوں پر بے موقع گفتگو اور جواباً ایسی گفتگو کرنے والوں کے خلاف عدالت لگا کر قتل و غارت کے فتوے نشر ہونے لگے۔

    pemra 2

    پیمرا کے مطابق صرف چار دنوں کے اندر ان دونوں پروگرامز سے متعلق پیمرا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ، کال سینٹر، ای میل، فیس بک ،ایس ایم ایس سروس اور واٹس ایپ پر 1132 شکایات موصول ہوئیں کہ رمضان نشریات کی ریٹنگ کے لیے رمضان المبارک کے کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے اور ان پروگرامز میں متنازع اور فرقہ وارانہ گفت گو کی جارہی ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق صورتحال کو مزید خرابی سے بچانے اور ناظرین کی دل آزاری کے سبب دونوں پروگرامز پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    پیمرا کے مطابق پابندی کے فیصلے پر جمعے سے عمل ہوگا، اگر پروگرام نشر ہوئے تو دونوں نجی چینلز کی نشریات بند کردی جائیں گی جس کے احکامات متعلقہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو جاری کردیے گئے ہیں۔

    پیمرا کا کہنا ہے کہ دونوں پروگرامز کے میزبان حمزہ علی عباسی، شبیر ابوطالب سمیت پروگرام کی مہمان شخصیت کوکب نورانی اوکاڑی نے اگر کسی اور ٹی وی چینل پر فرقہ ورانہ اور متنازع گفت گو تو اس پروگرام کو بھی بند کردیا جائےگا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق تینوں افراد کو 20جون کے لیے پیمرا کراچی کونسل میں حاضر ہونے کے سمن جاری کردیے گئے ہیں تاکہ وہ پیش ہو کر ایسےمتنازع بیانات پر وضاحت دیں۔

    دریں اثنا دونوں چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کسی اور اینکر کے ساتھ چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اگر وہ ضابطہ اخلاق کے مطابق عمل کریں۔