Tag: handed over

  • پاکستان کا افغان عوام کے لیے ایک اور بڑا قدم

    پاکستان کا افغان عوام کے لیے ایک اور بڑا قدم

    پاکستان نے افغانستان کے عوام کے لیے خوراک اور سردی سے بچاؤ کے سامان پر مشتمل امداد افغان حکام کے حوالے کردی۔

    طویل جنگ کے بعد بدترین معاشی بدحالی سے دوچار افغان عوام کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، سخت سردی میں ان کے پاس نہ تو مناسب خوراک ہے اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کے لیے لباس ودیگر سامان۔

    پاکستان اس سے قبل بھی اپنے برادر اسلامی ملک کے عوام کے لیے وقتاْ فوقتاْ امداد دیتا رہا ہے اور ایک بار پھر  انسانی بنیادوں پر امداد روانہ کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پچاس ٹن خوراک اور سردی سے بچاؤ کے سامان پر مشتمل امدادی سامان طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔

    یہ امدادی سامان بارڈر انتظامیہ کے معاون حافظ فیض اور انچارج غازی نے وصول کیا۔

    اس موقع پر افغان بارڈرحکام نے پاکستانی حکومت اورعوام کی جانب سےامداد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نےہرمشکل وقت میں افغان عوام کی مددکی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی افغان صورتحال زیربحث آئی تھی اور کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا: ایپکس کمیٹی کا اعلامیہ

  • افغان طالبان نے امریکی فوجی گاڑیاں ایران کے حوالے کردیں

    افغان طالبان نے امریکی فوجی گاڑیاں ایران کے حوالے کردیں

    کابل: افغان طالبان نے امریکی فوجی گاڑیاں ایران کے حوالے کردیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق افغان طالبان نے امریکی فوجی گاڑیاں ایران کے حوالے کردیں، طالبان کی جانب سے ایرانی حکام کو امریکی فوجی گاڑیوں کی فراہمی کے بعد قافلے کو تہران کی جانب جاتے ہوئے فلمایا گیا۔

    دفاع اور سیکیورٹی کے امور کے ماہر جوناتھن کٹسن کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کا نقصان امریکا کے لیے ایک اور شرمندگی ہے، اور اگر یہ گاڑیاں قیمتی تکنیکی معلومات نکالنے یا عراق میں امریکی فورسز کے روپ میں استعمال ہوتی ہیں تو یہ مستقبل میں نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس بارے میں واشنگٹن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے سنجیدہ سوالات ہونے چاہئیں جنہوں نے ایسی صورتحال کے بارے میں غلط سوچا۔

    یہ پروپیگنڈا اس وقت سامنے آیا جب 31 اگست کو افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد طالبان کابل میں امریکی ساز و سامان اور آلات کے ساتھ پریڈ کرتے نظر آئے۔ قافلے میں ہمویز اور بارودی سرنگوں سے بچنے کے لیے بھاری بکتر بند گاڑیاں شامل تھیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کیا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران نے کچھ امریکی ٹینک بھی حاصل کیے ہیں۔ افغان سکیورٹی فورسز کو امریکا کی جانب سے 70 ہزار سے زیادہ فوجی گاڑیاں مہیا کی گئیں۔

    دوسری جانب واشنگٹن نے کہا ہے کہ ایران نے عسکری اور فوجی آلات کی تربیت کے ذریعے طالبان کے اچانک اقتدار میں آنے میں مدد کی ہے۔

  • چین سے لائی گئی کورونا ویکسین پاکستان کے حوالے

    چین سے لائی گئی کورونا ویکسین پاکستان کے حوالے

    اسلام آباد : چین نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز پاکستان کے حوالے کردی ، وزیرخارجہ نے وفاقی حکومت،وزیراعظم ، عوام کی طرف سے چین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کاعملی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نور ایئر بیس پر چین کی جانب سے فراہم کردہ کورونا ویکسین کی پاکستان حوالگی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں چینی سفیر ، وزیر خارجہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

    تقریب میں چینی سفیر نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز پاکستان کے حوالے کی، وزیر خارجہ شاہ محمود نے کورونا ویکسین کی ڈوز موصول کیں۔

    چینی سفیر نونگ رونگ نے نورخان ایئربیس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین کورونا کے تدارک کیلئے پوری دنیا میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، چین کورونا کی صورت حال میں پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

    نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا سب سے قریبی دوست ہے اور پہلا ملک ہے، جسے چین کورونا ویکسین فراہم کررہا ہے، پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بہترین شراکت داری ہے اور ویکسین کی فراہمی پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان چین سےکورونا ویکسین کا عطیہ لینے والا پہلا ملک ہے، پاکستان چین کےسفارتی تعلقات کو 70 سال ہوچکے ہیں، چین کو پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے، پاکستان چین دوستی پہاڑوں سے بلند،سمندروں سےگہری ہے، چین پاکستان کو ہر شعبہ زندگی میں تعاون فراہم کرے گا۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان صحت کے شعبے میں تیزی سےآگے بڑھ رہاہے، کورونا کے خلاف مشترکہ جنگ میں پاک چین تعلقات گہرے ہوئے اور سی پیک منصوبے سے پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔

    نونگ رونگ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سماجی ترقی اور معاشی بحالی میں تعاون کیلئے تیار ہے، چین کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہے، چین دونوں ممالک کےعوام کے روشن مستقبل کے تعاون کیلئے پُرعزم ہے۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان اور چینی سفیر ودیگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خوشی ہے کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کاعملی مظاہرہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2021میں پاک چین سفارتی تعلقات کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں، پاک چین سفارتی تعلقات کی 7 دہائیاں مکمل ہونے پر اس سال کو شایان شان سے منائیں گے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ وفاقی حکومت،وزیراعظم ، عوام کی طرف سے چین کا شکریہ اداکرتے ہیں ، عوام کی مدد کاچین نے عملی مظاہرہ آج پاکستان سےکیا ہے، چین ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑارہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ چینی وزیرخارجہ سے ویکسین کے حصول کیلئے بات چیت جاری تھی، ان سے21جنوری کو دوبارہ بات ہوئی تو انھوں نے خوشخبری دی، چینی وزیر خارجہ نے 21جنوری کو بتایا کہ چین بطور تحفہ 5لاکھ ویکسین دےگا۔

    شاہ محمود قریشی نے طیارہ بیجنگ لے جانے اور فوری واپس لانے پر پاک فضائیہ اورپائلٹس کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کورونا ویکسین پاکستان پہنچانے پر پاک فضائیہ کے معترف ہیں ،پاک فضائیہ نے 27 فروری کو صلاحیتوں کاجومظاہرہ کیا اس پرقوم کو فخر ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا چین اور پاکستان ملکر کینسائنو نامی ویکسین پر کام کررہےہیں ، کینسائنو نامی ویکسین کے نتائج کے حوصلہ افزا نتائج آئے ہیں، چین کی حکومت ،سفیر اور چینی عوام کا ایک بار شکریہ اداکرتا ہوں، چین کی پاکستان کی دوستی صرف سرکار تک محدود نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویکسین آنے کے بعد عوام خود کو محفوظ محسوس کررہے ہیں، چینی ڈاکٹرز اور ماہرین نے ہماری بھرپور رہنمائی بھی کی ہے۔

  • پی ڈی ایم کا احتجاج ، الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس اور رینجر کے سپرد

    پی ڈی ایم کا احتجاج ، الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس اور رینجر کے سپرد

    اسلام آباد : اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس اور رینجر کے سپرد کردی گئی اور ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی پہنچا دئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے باہر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکیورٹی اسلام آباد پولیس اور رینجر کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی پہنچا دئیے گئے ہیں۔

    واچ ڈاگ کی مدد سے سرچنگ اور میٹل ڈیٹکٹر سے شاہراہ دستور کوکلیئر کرانے کا عمل جاری ہے ، اس موقع پر بی ڈی ایم بھی موجود ہے۔

    ڈی آئی جی وقار الدین سید نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا ، جہاں ڈی آئی جی کو پولیس پلان سے متعلق بریف کیا گیا جبکہ وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ، کنٹرول روم سے براہ راست احتجاج مانیٹر کیا جائے گا اور کنٹرول روم وزیر داخلہ کوتمام تر صورتحال سے آگاہ کرتا رہے گا۔

    ڈی آئی جی وقار الدین سید تمام صورتحال کو مانیٹر کرتے رہیں گے اور آپریشن کی صورت میں متعلقہ مجسٹریٹ بھی موجود رہیں گے۔

    دوسری جانب ڈی ایم جماعتوں کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے حوالے سے سرکاری ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اندراور باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ ریڈ زون پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس اور رینجرز کی 1800سے اہلکارتعینات ہیں ، 8 سے 10 واک تھرو گیٹ نصب کیےگئےہیں اور بم ڈسپوزل کے اہلکار سوئپنگ کر رہے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کےباہرٹریفک حسب معمول رواں دوا ہے۔

    خیال رہے اپوزیشن جماعتیں آج الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کریں گی ، جس میں پی ڈی ایم فارن فنڈنگ کیس جلد نمٹانے کا مطالبہ کرے گی اور قائدین الیکشن کمیشن کویادداشت پیش کریں گے۔

    مظاہرےکی قیادت پی ڈی ایم سربراہ مولانافضل الرحمان کریں گے جبکہ مریم نواز،شاہدخاقان،پرویزاشرف،احسن اقبال ، عبدالغفورحیدری،اکرم درانی، محمود اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ یاں افتخار،میرکبیر،شاہ اویس نورانی،ساجدمیرودیگر بھی شرکت کریں گے۔

  • ایل این جی کیس، مفتاح اسماعیل  11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    ایل این جی کیس، مفتاح اسماعیل 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے ایل این جی اسکینڈل کیس میں گرفتارسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو احتساب عدالت کے چھٹی پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج طاہر محمود کے روبرو پیش کیا گیا، سماعت میں نیب نے مفتاح اسماعیل سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    ڈیوٹی جج احتساب عدالت طاہر محمود نے نیب ٹیم سے استفسار کیا پہلے یہ بتائیں کہ مفتاح اسماعیل کو کیوں گرفتار کیا ہے ؟ بتایا جائے کہ کاز آف اریسٹ کہاں ہے؟

    تفتیشی افسر نے وارنٹ گرفتاری کی نقل عدالت میں پیش کر دی، جج نے نیب ٹیم کو ہدایت کی ایک دو دن اس عدالت میں میری ڈیوٹی ہے آپ تیار ہو کر آئیں، دوسری صورت میں آپ کی کارکردگی میں ضرور لکھوں گا۔

    نیب حکام نے مفتاح اسماعیل کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جبکہ سابق ایم ڈٖی پی ایس او عمران الحق کو بھی ڈیوٹی جج کے سامنے پیش کیا گیا، نیب پراسیکوٹر کی عدالت میں زبان پھسل گئی اور کہا مفتاح اسماعیل کا 15 سال کا جسمانی ریمانڈ منظور کیاجائے، جس پر عدالت نے کہا کتنا ریمانڈ چاہیے؟

    نیب پراسیکوٹر نے استدعا کی سوری سر، 15روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، جس پر مفتاح اسماعیل کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی اور کہا نیب کی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں تفتیش مکمل ہونے کا کہہ چکی ہے۔

    مزید پڑھیں : سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار

    بعد ازاں احتساب عدالت نے مفتاح اسماعیل اور عمران الحق11 روز ہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور دونوں ملزمان کو 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی تھی ،  جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں ہائی کورٹ کے احاطے سے حراست میں لے لیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو استعفے جمع کراناشروع کر دیے

    تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو استعفے جمع کراناشروع کر دیے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا عندیہ دیدیا، رہنماؤں نے عمران خان کو استعفے جمع کرانا شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو استعفے جمع کرانا شروع کر دیے، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے عمران خان کو استعفیٰ جمع کرادیا۔

    استعفے کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں میری نشست پارٹی کی امانت ہے، پارٹی قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتی ہے، ایسے حالات میں اپنا استعفیٰ پیش کرتاہوں۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئر مین عمران خان جو فیصلہ کریں گے منظور ہوگا، پارٹی کے دیگر اراکین نے بھی استعفے کا اختیار عمران خان کوسونپ دیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں عمران خان کو استعفوں کا اختیار دیاگیاتھا۔


    مزید پڑھیں :  تمام پارٹی ارکان نے استعفے میرے حوالے کر دیے ہیں: عمران خان


    تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے  عمران خان نے کہا تھا کہ تمام پارٹی ارکان نے استعفے میرے حوالے کر دیے ہیں، خیبرپختون خوا کے ایم پی ایزنے بھی استعفےمجھے سونپ دیے ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور کے مال روڈ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’شیخ رشید کا اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا اعلان اچھا مشورہ ہے، پارٹی سے اس معاملے پر بات کروں گا ہوسکتا ہے جلد ہم شیخ رشید کے ساتھ کھڑے ہوں کیونکہ ایسی اسمبلی کا کوئی فائدہ نہیں جو سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف قرارداد پیش کرکے قانون بنائے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔