Tag: hands over

  • سوات میں  پاک فوج نے 12سال بعد اختیارات سول انتظامیہ کے حوالے کردیے

    سوات میں پاک فوج نے 12سال بعد اختیارات سول انتظامیہ کے حوالے کردیے

    سوات: پاک فوج نے سوات میں 12 سال بعد اختیارات سول انتظامیہ کےحوالے کردیے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا ہے کہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لانے پر پاک فوج کے مشکور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں کانجو ایئرپورٹ پر پاک فوج کی جانب سے اختیارات حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیراعلیٰ کے پی محمود خان،کور کمانڈرپشاور نے شرکت کی، کمشنر مالاکنڈ اور ڈی آئی جی سعید خان وزیر بھی شریک ہوئے۔

    جنرل آپریشنل کمانڈر میجرجنرل خالد سعید کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور پاک فوج نے 12 سال بعد اختیارات باضابطہ سول انتظامیہ کے حوالے کردیے۔

    سوات میں حقیقی معنوں میں ایک کامیاب آپریشن کیا، کورکمانڈرپشاور

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈرپشاورنذیربٹ نے کہا پاک فوج نے دہشت گردوں کا صفایا کیا، امن عوام اور فورسزکی قربانیوں کا نتیجہ ہے، عوام نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

    کور کمانڈرپشاور کا کہنا تھا کہ آج کا سوات ایک مختلف سوات ہے، امن لوٹ چکا ہے ،تجارت اور ترقی کا آغاز ہوچکا ہے ، آج سوات کی بنیادی ذمے داری انتظامیہ کے حوالے کردی، 80 فیصد چیک پوسٹوں کو ختم کردیا۔

    انھوں نے مزید کہا تمام سیکیورٹی ذمے داریاں بھی انتظامیہ کےحوالے کریں گے، سوات میں حقیقی معنوں میں ایک کامیاب آپریشن کیا، یقین دلاتاہوں سوات سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔

    نذیر بٹ کا کہنا تھا کہ خطرات سے نمٹنے کے لیے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، افغان سرحد پر 415 کلو میٹرکی فینسنگ مکمل ہوچکی ہے۔

    عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لانے پر پاک فوج کےمشکورہے،وزیراعلیٰ کے پی

    وزیراعلیٰ کے پی محمودخان نے سوات میں خطاب کرتے ہوئے کہا جنت نظیروادی پرقبضہ کیاگیاتھا، دہشت گردی عروج پرتھی لیکن عوام نےبہادری کامظاہرہ کیا ، پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دیں۔

    وزیراعلیٰ کےپی کا کہنا تھا کہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹ لانے پر پاک فوج کےمشکورہے، امن کی بحالی کے بعد پاک فوج نےترقیاتی کام شروع کیے، پاک فوج نےسوات کےعوام کےدل جیت لیے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات نے ایم کیوایم کے رکن حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا

    متحدہ عرب امارات نے ایم کیوایم کے رکن حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا

    دبئی : متحدہ عرب امارات نے ایم کیوایم کے رکن حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا،حماد صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں پاکستان کو مطلوب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رکن حماد صدیقی کی گرفتاری سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ، متحدہ عرب امارات نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا، حمادصدیقی کیخلاف مقدمے کی تفصیلات حاصل کرنے بعد حوالے کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں پاکستان کو مطلوب ہے ، انٹرپول کی جانب سے حماد صدیقی کو پاکستانی حکام کےحوالے کیا گیا۔

    یاد رہے کہ اکتوبر کے آخر میں دبئی انٹرپول نے ریڈوارنٹ جاری ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ تنظیمی کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : سانحہ بلدیہ کیس : متحدہ رہنما حماد صدیقی دبئی میں گرفتار


    جس کے بعد حماد صدیقی نے سانحہ بلدیہ فیکٹری اور سانحہ 12 مئی کے حوالے سے پی ایس پی کے کچھ لوگوں کے ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دونوں واقعات سے متعلق اہم ثبوت فراہم کردیئے تھے۔

    واضح رہے کہ بلدیہ کے علاقے میں واقع فیکٹری میں آتشزدگی کی وجہ سے 250 سے زائد افراد جل کر بھسم ہوگئے تھے جب کہ سانحہ 12 مئی میں 30 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جس کا ذمہ دار حماد صدیقی کو قرار دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ حماد صدیقی کو کراچی تنظیمی کمیٹی سے 2013 کو سبکدوش کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئے تھے اور مصطفیٰ کمال و انیس قائم خانی کی پاکستان واپسی کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ پی ایس پی جوائن کرلیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔