Tag: Haq do tehreek

  • جماعت اسلامی کا گوادر میں گرفتار مظاہرین کی رہائی کا مطالبہ

    دیر بالا : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے افراد کو رہا کیا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے علاقے دیربالا میں مہنگائی کے خلاف کیے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سراج الحق نے کہا کہ گوادر میں گرفتار ہونے والے حق دو تحریک کے رہنماؤں اور دیگر مظاہرین کو رہا کرکے ان کیخلاف قائم مقدمات واپس لیے جائیں۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ ہم بلوچستان کی عوام کے حقوق کے حصول کیلئےان کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک میں سیاسی اور معاشی بحران پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل 15جماعتیں اقتدار میں ہیں لیکن ملک بھر میں عجیب تماشہ لگا ہوا ہے، گندم کا بحران پیدا کرکے عوام کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کردیا گیا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ غریب لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں اور مافیا کے لوگ ان سے اربوں روپے کما رہے ہیں، یہ مافیاز تینوں جماعتوں کا حصہ ہیں اور ماضی میں بھی ان ہی لوگوں نے گندم اور دیگر اشیاء کے کئی مصنوعی بحران پیدا کیے۔

    انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران ٹرائیکا نے عدالتوں کو یرغمال بنایا اور ریاستی اداروں کو تباہ کیا، انہوں نے اپیل کی کہ عوام جماعت اسلامی کی مہنگائی کے خلاف اس تحریک کاحصہ بنیں۔

    اپنے خطاب میں بلدیاتی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر کرانے کا اعلان خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن کو آئین کا ساتھ دینے پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گوادر میں حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو آج احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، ان کے ہمراہ حق دوتحریک کے 2کارکنان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

    پولیس نے مولانا ہدایت الرحمان اور ان کے ساتھیوں کو بکتربند گاڑی میں عدالت سے متعلقہ تھانے منتقل کردیا، مولانا کے خلاف مختلف تھانوں میں درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

    ان کیخلاف درج مقدمات میں قتل، نقص امن اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، یاد رہے کہ ہدایت الرحمٰن گوادر کے میئر بھی ہیں۔

  • گوادر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پولیس

    کوئٹہ : بلوچستان پولیس حکام نے حق دو تحریک کے دھرنے کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی جتھے کو گوادر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ترجمان بلوچستان پولیس نے گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے سے متعلق اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ حق دو تحریک کے دھرنے نے ایک مشتعل ہجوم کی شکل اختیار کرلی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ مشتعل ہجوم نے ڈی آئی جی آفس گوادر پر پٹرول بم پھینکے اور پرتشدد کارروائیوں میں متعدد اہلکاروں کو زخمی کیا، پولیس گوادر میں امن و امان بحال کرنے کے لئے اپنا ہرممکن کردار نبھائے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کا حق احتجاج تسلیم کرتے ہوئے دھرنے کے شرکاء کو ہرممکن سیکیورٹی فراہم کی گئی، تاہم کسی بھی ہجوم کو گوادر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    ترجمان پولیس نے واضح کیا کہ کسی مشتعل جتھے کو گوادر میں امن و امان خراب کرنے نہیں دیا جائے گا، گوادر کے شہریوں سے اپیل ہے کہ قیام امن کی کوششوں کو خراب کرنے کی سازش کا حصہ نہ بنیں۔

  • گوادر کے عوام کو گمراہ کرنے والے بے نقاب ہوگئے

    گوادر کی ترقی و خوشحالی کے دشمن اور شرپسند پہچانے گئے،’حق دو تحریک‘کے سرپرست مولانا ہدایت الرحمان شرپسند عناصر کی سربراہی کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’حق دو تحریک‘ درحقیقت گوادر کے عوام سے ترقی وخوشحالی کا حق چھیننے کی سازش ہے۔

    مولانا ہدایت الرحمان پرکشش نعروں سے عوام کو گمراہ کررہے ہیں وہ اپنے اقدامات سے ترقیاتی منصوبوں کیخلاف احتجاج کو ہوا دے رہے ہیں، گزشتہ دو ماہ سے گوادر کے معمولات زندگی کو یرغمال بنایا گیا اور امن پسندی کے نام پر تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے بغیر گوادر تو کیا کسی بھی شہر کی ترقی ممکن نہیں، مولانا ہدایت الرحمان عوام کو ریاست اور اداروں کیخلاف اکسانے کی سازش میں کھلے عام ملوث ہورہے ہیں۔

    حق دو تحریک کے ناجائز مطالبات کے باوجود ماضی میں بھی حکومت نے سمجھانے کی کوششیں کی تھیں لیکن مولانا ہدایت الرحمان کے مذموم مقاصد ہر حکومتی کوشش کے آڑے آگئے۔ حکومت کی بات چیت کی ہرکوشش کا جواب پرتشدد طرز عمل سے دیاجارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاستی ادارے اب کسی شرپسند کو گوادر،بلوچستان یا ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، یہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ ریاست ایسے شرپسندوں سے سختی کے ساتھ نمٹے گی، گوادر کے عوام ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح مسترد کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ گوادر میں کسی تخریبی احتجاج کی اب قطعاً اجازت نہیں ہوگی، حکومت کسی بھی تخریبی و پریشر گروپ کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، مولانا ہدایت الرحمان کی شرپسندی پر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل نظریں ہیں۔

  • گوادر میں ’حق دو تحریک‘ نے برتری حاصل کر لی

    گوادر میں ’حق دو تحریک‘ نے برتری حاصل کر لی

    گوادر: مکران ڈویژن کے اہم شہر گوادر میں مولانا ہدایت الرحمان کی ‘حق دو تحریک’ نے واضح برتری حاصل کر کے قوم پرست حلقوں کے لیے مشکل کھڑی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر ڈسٹرکٹ کے چاروں ایم سیز اور 13 یوسیز کے 157 انتخابی حلقوں کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حق دو تحریک پینل کے 60 امیدواروں نے کامیابی حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، قوم پرستوں کا چار جماعتی اتحاد شکست کھا گیا ہے۔

    دوسرے نمبر پر اس ضلع سے 56 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جب کہ بی این پی مینگل کے 30 امیدوار کامیاب ہو گئے، نیشنل پارٹی کے 7، اور جے یو آئی (ف) صرف ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، ضلع کے تین حلقوں میں انتخابات نہیں ہو سکے ہیں۔

    خیال رہے کہ حق دو تحریک جماعت اسلامی کی حمایت یافتہ موومنٹ ہے، جس کی قیادت مولانا ہدایت الرحمان کر رہے ہیں، مولانا بے خوفی کے ساتھ گوادر کے باسیوں کے حقوق کے لیے ایک عرصے سے آواز بلند کر رہے ہیں، جس کے سبب مقامی لوگوں بالخصوص ماہی گیروں میں انھیں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔

    بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے پارٹیوں‌ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا دیا، 1349 آزاد امیدوار کامیاب

    حق دو تحریک کی جانب سے گوادر کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کا جشن منایا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق سرکاری نتائج کا اعلان آئندہ دو روز میں کیا جائے گا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔

  • گوادر: مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا

    گوادر: مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا

    گوادر : حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت رحمان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا، حکومت نے مولانا کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری ماہی گیروں کے دھرنے کے حوالے سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور مولانا ہدایت الرحمان کی بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کے مابین ہونے والے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔

    معاہدے کے بعد حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت رحمان نے دھرنا ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے، جبکہ مولانا ہدایت الرحمان کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھرنے کے شرکا سے خصوصی خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں پہلا خطاب کاروبار کھولنے سےمتعلق کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا کام روزگار چھیننا نہیں بلکہ روزگار فراہم کرنا ہے، حق دو تحریک کے تمام مطالبات جائز اور آئینی ہیں، آپ کے مطالبات پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔

    اس سے قبل گوادر میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور صوبائی وزراء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر ‏نے کہا کہ وعدے صرف دھرنے سے اٹھانے کیلئے نہیں کیے جا رہے بلکہ وزیراعظم یقین رکھتے ہیں کہ ‏لوگوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔