Tag: haq parast arakeen

  • حکمرانوں کوعوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں، حق پرست اراکین

    حکمرانوں کوعوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں، حق پرست اراکین

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان قومی اسمبلی نے پانی وبجلی کے وزیرمملکت عابدشیرعلی کے بیان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس اوررائے ونڈ کے عالی شان محلوں میں بیٹھنے والوں کوعوام کی مشکلات اور پریشانیوں کاکوئی احساس نہیں ۔

    اپنے ایک بیان میں ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ الیکشن سے قبل میاں نوازشریف، شبہازشریف اورمسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے چھ مہینوں میں ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کئے تھے لیکن آج تیسراسال ہے اوربڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمراں توبڑے بڑے محلوں میں آرام سے بیٹھے ہیں.

    لیکن عوام آج بھی لوڈشیڈنگ کاعذاب جھیل رہے ہیں اوراس پر توجہ دینے اوراپنی کارکردگی بہتربنانے کے بجائے خواجہ آصف اور عابدشیرعلی انتہائی بے شرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے مہاجروں اورقائدتحریک الطاف حسین کے خلاف زہراگلنے میں مصروف ہیں۔

    ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ اپنی نفرت اورتعصب کامظاہرہ کرنے کے بجائے عابدشیرعلی قوم کواس بات کاجواب دیں کہ دو سال گزرجانے کے باوجوداب تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہ ہوسکی؟

    ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ جب تک عابدشیرعلی جیسے متعصب اورنااہل لوگ کرسیوں پر بیٹھے ہوں گے تو نہ توعوام کے مسائل حل ہوں گے اورنہ ہی ملک میں قومی یکجہتی پروان چڑھ سکے گی۔

  • حق پرست اراکین اسمبلی کا اے آر وائی نیوز کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

    حق پرست اراکین اسمبلی کا اے آر وائی نیوز کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

    اسلام آباد /کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی اے آروائی نیوزسےناراض ہوگئے۔رہنماؤں کا کہناہے کہ میڈیااچھے کوبرااور برے کو اچھا بناکرپیش کرتاہے۔ آج جو ہمارے ساتھ ہورہا وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ اےآروائی نیوزسےنالاں ہوگئی۔نائن زیروچھاپےپر پروگرام پیش کرنے پرایم کیوایم کے اراکین اسمبلی نے اے آر وائی نیوزکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

      اے آروائی کے پروگرام کھراسچ میں نائن زیرو چھاپے کی ویڈیوایم کیوایم کی ناراضگی کی وجہ بنی۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ صبح و شام ایم کیوایم کو نشانہ بنایا جارہاہے،متحدہ کے اراکین اسمبلی نےرپورٹنگ کومیڈیا ٹرائل قراردیا۔

    اس موقع پر فیصل سبزواری  کا کہنا تھا کہ میڈیا ٹرائل صرف ایم کیو ایم کے خلاف ہی کیوں ؟ انہوں نےکہا کہ اگر ایم کیو ایم کے ساتھ ایسا سلوک آج ہورہاہے تو کل کودوسرے سیاستدان بھی تیاررہیں ۔

    دوسری جانب ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی نےپیمراہیڈکوارٹرزاسلام آباد کے باہر بھی اے آر وائی نیوز کیخلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے اے آر وائی نیوز کےخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

    احتجاجی مظاہرے  میں رشید گوڈیل، خالد مقبول صدیقی ، اقبال احمد سمیت دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی شریک تھے۔

  • کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں مشروط کمی کا اعلان

    کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں مشروط کمی کا اعلان

      کراچی: حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے بعد کراچی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں معمولی کمی کا فیصلہ کیا گیا۔

    پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نما یاں کمی کے بعد صو با ئی حکومتوں پر دبا و ہے کہ وہ بس اور وین کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان اور اس پر عملدرآمد بھی کروائیں اس حوالے سے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز حسین جا کھرانی اور ٹرانسپورٹرزکےدرمیان مذاکرات ہو ئے۔

    صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز حسین جاکھرانی اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ طحہٰ فاروقی بھی موجود تھے ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میر ممتاز حسین جاکھرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس وسائل کی کمی ہے  انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشہ والوں کے خالف آپریشن کیا جائے گا۔

     صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری نے بتایا کہ دس روپے تک کے کرائے میں کوئی کمی نہیں کی گئی ، جبکہ مزدا، منی بسوں، کوچز اور بسوں کے کرائے 15 سے کم کرکے 14، 16 سے کم کرکے 15 اور 17 سے کم کرکے 16 روپے کردیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل 24ہزار پبلک ٹرانسپورٹ تھیں، جس کی تعداد میں امن وامان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے کمی آئی ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ گرین بسوں کے کرائے میں بھی کمی کی جائے گی

     مزاکرات میں حکومت نے بمشکل تمام ٹرانسپورٹرز کو راضی کیا کہ وہ کرایوں میں نام کی ہی سہی کمی کردیں لیکن ٹرانسپورٹرز یہ شرط بھی عائد کردی کہ چنگچی رکشوں پر پابندی لگائی جائے ،سب ہی واقف ہیں کہ چنگچی رکشہ کو شاہراہوں سے مستقل دور رکھنا فی الوقت آسان نہیں کیو نکہ چنگچی والے بھی اپنے پیچھے مضبو ط سہارا رکھتے ہیں ان حا لات میں رہے غربت کے ما رے مسافر تو ان کی سنتا کون ہے۔

  • ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونا باعث تشویش ہے،حق پرست اراکین

    ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونا باعث تشویش ہے،حق پرست اراکین

    کراچی: متحد ہ قومی موومنٹ کے منتخب اراکین سندھ اسمبلی نے ملک میں گزشتہ دنوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود صوبہ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

    ایک مشترکہ بیان میں حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ صوبہ بھر میں اکثریت عوام پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے ۔

    لیکن صوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اُٹھایا گیا اور ٹرانسپورٹ مافیا کوعوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے جو حکومتی بددیانتی کا کھلا ثبوت ہے۔

    حق پرست اراکین اسمبلی نے کہا کہ کرایوں میں کمی نا ہونے سے ٹرانسپورٹ مافیا کو یومیہ لاکھوں روپے کا فائدہ پہنچ رہا ہے اور صوبے کے عوام پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فی الفور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے احکامات جاری کرے ۔

  • مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بند کرایاجائے،حق پرست اراکین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں سندھ میں محکمہ پولیس ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات میں بڑی تعداد میں نوکریاں دی جارہی ہیں لیکن ان نوکریوں کے حصول میں مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل مسلسل بڑھتا جارہا ہے ۔

    جس کے باعث مہاجروں میں احساس محرومی کی شدت میں نہ صرف اضافہ ہورہا ہے بلکہ ان کے خاندان کے خاندان مالی مشکلات اور داشوریوں کا شکار ہوتے چلے جارہے ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو نظر انداز کرنا انہیں دیوار سے لگانے کا متعصبانہ عمل ہے اورمہاجروں کے کھلے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں نظر انداز کرنے کے عمل کے پیچھے کارفرما قوتیں سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان دوریاں پیدا کررہی ہیں اور تعصب اور عصبیت کے عمل کے نتائج کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں نکل سکتے ۔

    انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں انصاف اور میرٹ سے کام لینا حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت سندھ کا رویہ اور عمل انتہائی مجرمانہ اور تعصب پر مبنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

    انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے پر مہاجر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ اپنے جائز اور بنیادی حق کیلئے ہر پرامن قانونی، آئینی ، عدالتی اورجمہوری راستہ اختیار کریں گے اورہر پلیٹ فارم پر اس ظلم و انصافی اور معاشی قتل عام کے خلاف بھر پورآواز بلند کرکے مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور تعصب کو اجاگر کریں گے۔

    حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مہاجروں کے ساتھ سرکاری ملازمتوں میں تعصب اور عصبیت کا عمل فی الفور بند کرایاجائے اور میرٹ اور اہلیت کے مطابق مہاجروں کو سرکاری ملازمتیں فی الفور دی جائیں اور اس میں رکاوٹ بننے والی تعصب پسند قوتوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔