Tag: har lamha purjosh

  • ’چیمپئنز ٹرافی کے لیے امام الحق کی سلیکشن 100 فیصد بنتی تھی‘

    ’چیمپئنز ٹرافی کے لیے امام الحق کی سلیکشن 100 فیصد بنتی تھی‘

    پاکستان کے سابق کرکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں امام الحق کو شامل نہ کیے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوپنر کی سلیکشن 100 فیصد بنتی تھی۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ اپنے اعلان کے بعد سے ہی متنازع اور موضوع بحث ہے۔ بالخصوص کچھ کھلاڑیوں کی سرپرائز انٹری اور صرف ایک اسپنر اور ایک اوپنر شامل کیے جانے پر سابق کرکٹرز اور تجزیہ کار سلیکشن پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر باسط علی نے کہا کہ یہ پاکستان کی ٹیم ہے، کسی فرد واحد کی نہیں۔ اگر امام الحق اچھا کھیل رہا ہے تو اسے لینا چاہیے تھا۔ ڈومیسٹک میں اس نے جیسی کارکردگی دکھائی تو چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں سلیکشن 100 فیصد بنتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ 48 کی ایوریج سے رنز، 9 سنچریاں۔ آپ کیسے اس کو نظر انداز کر سکتے ہیں۔ اگر وہ 2023 کے ورلڈ کپ میں ناکام ہوا تو واپس ڈومیسٹک میں آکر پرفارم بھی کیا جب کہ ہمارے نام نہاد اسٹارز نے ڈومیسٹک کھیلی بھی نہیں۔

    باسط علی نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم ناکام ہوا تو جواز پیش کر دے گا کہ اس نے تو اوپن کے لیے نہیں کہا تھا۔ اسے تو زبردستی اوپن کرایا گیا۔

    سینئر اسپورٹس صحافی شاہد ہاشمی نے کہا کہ امام الحق کپتان اور سلیکشن ٹیم کی گڈ بک میں نہیں۔ کامران اکمل نے کہا کہ اگر وہ گڈ بک میں نہیں تو ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے والے شرجیل خان یا شاہ میر کو لیا جا سکتا تھا۔

  • یونس خان نے پی ایس ایل 8 کی فیورٹ ٹیم بتادی

    یونس خان نے پی ایس ایل 8 کی فیورٹ ٹیم بتادی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پی ایس ایل 8 میں اپنی فیورٹ ٹیم بتادی۔

    پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ میں ہمیشہ سے لاہور قلندرز کو سپورٹ کرتا رہا ہوں لیکن اس سیزن میں پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز فیوریٹ ہیں۔

    یونس خان نے کہا کہ سیزن ابھی شروع ہوا ہے کچھ میچز کے بعد پتا چلے گا ٹرافی کون لے جائے گا۔

    میری فیورٹ ٹیم پشاور زلمی ہے، کامران اکمل

    پشاور زلمی کے سابق بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ میری فیورٹ ٹیم پشاور زلمی ہے ان کی بیٹنگ لائن اپ بہترین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیزن کچھ میچز ہوں گے تو واضح ہوگا کہ کونسی ٹیم آگے جاسکتی ہے۔

    فیورٹ ٹیم ملتان سلطانز ہے، سہیل تنویر

    سابق فاسٹ بولر سہیل تنویر نے کہا کہ میری فیورٹ ٹیم ملتان سلطانز ہے میں اس ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں ہماری ہیں جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا۔

  • بابر علی کا ایک دن میں عروج سے زوال کا سفر

    بابر علی کا ایک دن میں عروج سے زوال کا سفر

    پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار بابر علی نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا آسمان سے زمین تک کا سفر صرف ایک رات پر مشتمل تھا اور وہ اس وقت بہت پھوٹ پھوٹ کر روئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں معروف اداکار بابر علی نے شرکت کی اور اپنی زندگی کے بارے میں بتایا۔

    بابر علی نے بتایا کہ جب وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھے اس وقت ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران وہ 100 فٹ کی بلندی سے گرے جس سے ان کا پاؤں ٹوٹ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ حادثہ ان کے زوال کی وجہ بنا، جس فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں حادثہ پیش آیا نہ صرف اس فلم سے بلکہ تمام فلموں سے انہیں نکال دیا گیا۔

    بابر علی کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ 60 سے زائد فلموں میں سائن تھے اور ان کے لیے کام کر رہے تھے، حادثے کے اگلے دن وہ تمام فلموں سے باہر نکالے جاچکے تھے۔ اس وقت وہ بہت روئے لیکن انہیں خدا کے بعد اپنی ماں باپ کی دعاؤں کا آسرا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت سید نور نے ان کا بہت ساتھ دیا اور ایک پروجیکٹ لے کر آئے، اس میں انہیں ولن کا کردار ادا کرنا تھا۔

    بابر علی کا کہنا تھا کہ تھوڑے دن پہلے تک جن ہیروئنز کے وہ ہیرو تھے اور ان کے ساتھ گانے ریکارڈ کروا رہے تھے اب وہ ان کے ولن بنے کھڑے تھے لیکن انہوں نے مایوسی کو خود پر غالب نہیں آنے دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ صحت یابی کے بعد جن دو فلموں میں وہ ولن بنے وہ فلمیں آج بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلمیں ہیں۔

  • نوشین شاہ نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی

    نوشین شاہ نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی

    معروف اداکارہ نوشین شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں اپنے ایک پرانے ٹویٹ پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نوشین شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جواب دیے۔

    نوشین شاہ نے بتایا کہ کبھی کبھار وہ غصے میں آ کر ایسا ردعمل دے دیتی ہیں جس پر بعد میں انہیں پچھتاوا ہوتا ہے۔

    وسیم بادامی نے نوشین کے ایک ٹویٹ کا حوالہ دیا جس میں نوشین نے نامناسب زبان استعمال کی تھی، نوشین نے اس پر وضاحت کی کہ اس وقت ایک خاتون کا کمنٹ پڑھ کر وہ بہت غصے میں آگئی تھیں اور بے اختیار انہوں نے ایسی زبان استعمال کی۔

    نوشین نے کہا کہ وہ اس ٹویٹ میں استعمال کی گئی زبان پر شرمندہ ہیں اور اس پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی ہیں۔

    اپنے شوبز انڈسٹری میں آنے سے متعلق نوشین نے بتایا کہ انہوں نے اپنا پہلا ڈرامہ شوٹ کروا دیا اور وہ آن ایئر بھی ہوگیا، ایک دن وہ ڈائننگ ٹیبل پر گھر والوں کے ساتھ کھانا کھا رہی تھیں جب ٹی وی پر ان کا ڈرامہ چلنا شروع ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں ٹی وی پر دیکھ کر ان کی والدہ سخت غصے میں آگئیں اور میز پر موجود ہر چیز بشمول چھری، کانٹا، چمچ کا ان پر استعمال کیا اور انہیں مارا۔

    نوشین کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اب ان کے والدین کو ان پر فخر ہوگا۔

  • ’اداکار فالوورز خریدتے ہیں‘ ریٹ کتنا ہے؟ امر خان نے بتادیا

    ’اداکار فالوورز خریدتے ہیں‘ ریٹ کتنا ہے؟ امر خان نے بتادیا

    کراچی: اداکارہ امر خان کا کہنا ہے کہ کچھ اداکار فالوورز خریدتے ہیں جس کا ریٹ ایک سے دو روپے کے درمیان ہوتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’بددعا‘ میں ابیر کا مرکزی کردار ادا کرنے والی امر خان نے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں شرکت کی اور میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جوابات دیے۔

    فلم میکنگ میں گریجویٹ کرنے والی ’بددعا‘ کی اداکارہ امر خان نے بتایا کہ میں نے کبھی کسی کو بددعا نہیں دی لیکن سلیبرٹی ہونے کی وجہ سے ہمیں عوام کی جانب سے اکثر بددعائیں دی جاتی ہیں۔

    امر خان نے کہا کہ لوگوں کو دوسرا کا مذاق اڑانے میں مزہ آتا ہے، کبھی تنقید کرنے والے کو بھی بددعا نہیں دی، کوئی غلط کمنٹ بھی کرے تو اسے بھی لائیک کردیتی ہوں کہ جس نے ایسا کیا ہے کہ شاید اس کو شرم آجائے اور ایسا ہوا بھی ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ہم جان بوجھ کر غلط بات کرتے ہیں تاکہ آپ کی توجہ حاصل کرسکیں۔

    ’والدہ کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گی‘

    ایک سوال کے جواب میں امر خان نے کہا کہ میں اپنی والدہ کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گی کیونکہ مجھے ایسا نہیں لگتا کہ  میں انہیں فیس کرسکتی ہوں۔‘

    ’پاکستان میں بھارتی فلمیں دکھانی چاہئیں‘

    اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلمیں دکھانی چاہئیں کیونکہ جب ہم کہتے ہیں فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی تو پھر ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جب ہم ان کے رئیلٹی شوز دیکھتے ہیں اور نصرت فتح علی خان کا گانا بھارتی گلوکار گاتے ہیں اور ہمارے فن کو سراہتے ہیں تو ہمیں بھی ان کی فلمیں دکھانے میں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

    وسیم بادامی نے سوال کیا کہ اگر ان حالات میں آپ سے کہا جائے کہ آپ بھارت آئیں اور فلم میں کام کریں؟ اس کے جواب میں امر خان نے کہا کہ بالکل نہیں جاؤں گی، بھارتی فلموں کو پسند کرتی ہوں، فلم میکنگ پڑھی ہے جب ملک میں رہ کر فلم میکنگ پڑھی ہے تو کام بھی اپنے ہی ملک میں کرنا پسند کروں گی۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انسٹاگرام پر ساتھی اداکاروں نے فیک فالوورز خریدتے ہیں، اداکارہ  نے ان فنکاروں کا نام تو نہیں لیا لیکن یہ ضرور بتادیا کہ فالوورز خریدنے کا ریٹ ایک سے دو روپے ہوتا ہے۔

  • قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

    قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

    حال ہی میں قومی ٹیم کے بطور بیٹنگ کوچ سے مستعفی ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے ماضی کے اہم رازوں سے پردہ فاش کردیا ہے۔

    یونس خان نے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کے ہمراہ اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام ” ہر لمحہ پرجوش” میں خصوصی شرکت کی،جہاں انہوں نے سال دوہزار نو میں ان کی دور کپتانی میں ڈریسنگ روم میں پیش آئے واقعات بیان کئے۔

    میزبان وسیم بادامی کی جانب سے بیان واقعے پر یونس خان نے کہا کہ یہ بڑا طویل معاملہ ہے اس پر تفصیلی بات بعد میں کرینگے، میں قصہ مختصر کرتے ہوئے بتارہا ہوں کہ میرے خلاف گروپنگ کرنے والے کھلاڑی بعد میں ٹیم سے آؤٹ ہوگئے تھے۔

    یونس خان نے بتایا کہ دو ہزار نو کی چیمپئن ٹرافی کے بعد بورڈ کی جانب سے مجھے کپتانی کی آفر ہوئی تو میں نے سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ سے کہا کہ اگر آپ مجھے کپتان بنانے چاہتے ہیں تو مجھے 2011 کے ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرے، اگر میں ٹیم کے کھلاڑیوں کو متحد نہ کرسکا تو کپتانی چھوڑ دونگا۔

    قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے یونس خان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ یونس خان کے خلاف ٹیم میں گروپنگ کرانے میں سابق کھلاڑیوں کو بڑا ہاتھ تھا، راشد لطیف نے ایسے کھلاڑیوں کو مہرہ قرار دیا۔

    پروگرام میں راشد لطیف نے بڑا دعویٰ کیا کہ یونس خان کے خلاف گروپنگ کرانے والے اس وقت پی ایس ایل کی تین فرنچائزر کو چلا رہے ہیں وہ نوے کی دہائی کے لیجنڈز بھی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں یونس خان نے بتایا کہ جن دس کھلاڑیوں نے قرآن پر حلف لیا تھا وہ قرآن شریف بھی مجھ سے ہی لیکر گئے تھے۔

    پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے یونس خان سے سوال کیا کہ آپ نے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا عہدہ کیوں چھوڑا؟ جس پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے جواب دینے سے انکار کیا کہ کچھ دن رہنے دیں، سب سامنے آجائے گا۔

    یونس خان نے بیٹنگ کوچ کا عہدہ  لینے سے متعلق بھی بڑا انکشاف کیا کہ انہیں اس عہدے کے لئے دو ہزار سترہ سے آفر تھی مگر اس اہم ترین عہدے کے لئے میں نے تین سال سوچ وبچار کی اور دو ہزار بیس میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا عہدہ سنبھالا اور آج مستعفی بھی ہوچکا ہوں۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کوچ کا عہدہ پی سی بی کو سہارا دینے کے لئے سنبھالا تھا مگر کسی کو میرا سہارا نہیں چاہیئے تو میں کیا کرسکتا ہوں؟، یونس خان نے اس معاملے میں مزید گفتگو کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی دیگر لوگوں کی طرح باہر آکر بورڈ کے خلاف باتیں کروں، یہ نامناسب ہوگا۔

     

  • مریم نواز پر فلم بنی تو کون سی اداکارہ ان کا کردار ادا کریں گی؟

    مریم نواز پر فلم بنی تو کون سی اداکارہ ان کا کردار ادا کریں گی؟

    کراچی: سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر اور ان کی اہلیہ نے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور اپنی زندگی کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور ان کی اہلیہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں شرکت کی اور میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جواب دیے۔

    وسیم بادامی نے پوچھا کہ اگر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر فلم بنائی جائے تو اس میں کس اداکارہ کو لیا جائے؟ جس پر محمد زبیر نے ماہرہ خان کا نام لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔

    محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز کی تقریر صرف پرویز رشید نہیں لکھتے بلکہ سب مل کر اس میں اپنا ان پٹ دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ بہت اچھی کھیلتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ گورنر بننے پر انہیں ان کے بھائی اسد عمر نے مبارکباد نہیں دی تھی۔

    محمد زبیر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ شادی کی سالگرہ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، لیکن اگر کبھی شادی کی سالگرہ کے روز نواز شریف کی کال آجائے تو وہ سب چھوڑ کر وہاں چلے جاتے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ وہ محمد زبیر کی بحث کی عادت سے بے حد پریشان ہیں۔

  • ہرلمحہ پرجوش : ’عمران خان سے اب بھی محبت ہے‘

    ہرلمحہ پرجوش : ’عمران خان سے اب بھی محبت ہے‘

    کراچی : پاکستانی اداکار و میزبان ساحر لودھی نے کہا ہے کہ وہ اب بھی عمران خان سے محبت کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں ساحر لودھی اور اُن کی ہمشیرہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے شرکت کی، دونوں مہمانانِ گرامی نے میزبان وسیم بادامی کے معصومانہ سوالات کے جوابات دیے۔

    گوگلی سیگمنٹ میں خالی جگہ پر کرنےکے حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ عمران خان تبدیلی کے نام پر تبدیلی لے کر آئے۔

    ری ویو سیگمنٹ میں عمران خان کے لیے ایک جملہ لولتے ہوئے ساحر لودھی نے پرامید لیجے میں کہا کہ ’عمران خان سے اب بھی محبت ہے‘۔

    ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شائستہ لودھی نے کہا کہ انہیں ابھی مزید پڑھنا ہے اور وہ اپنی شرائط پر مارننگ شو کرنا چاہتے ہیں۔ شائستہ لودھی نے اپنے بھائی کو کام کے معاملے میں خود سے زیادہ مخلص قرار دیا۔

    مزید پڑھیں: ہر لمحہ پرجوش نے آغاز کے ساتھ ہی اہم سنگِ‌ میل عبور کرلیا

    ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے شائستہ لودھی نے بتایا کہ ساحر لودھی والدین اور بالخصوص والدہ کے چہیتے ہیں جبکہ انہیں گھر والے اتنا زیادہ پسند نہیں کرتے۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز پر آج سے ہر لمحہ پرجوش  روزانہ رات گیارہ بجے نشر کیا جائے گا، یہ پروگرام پاکستان سپرلیگ کے دوران روزانہ نشر کیا جائے گا  جس میں کرکٹ پر ماہرانہ تبصروں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف، سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد اور اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم کے اینکر نجیب الحسنین موجود ہوں گے۔

    رواں سال مزاحیہ اداکاری کے لیے عادی کے نام سے مشہور اداکار، اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا کے اینکر اور مزاحیہ اداکار شفاعت علی، سوشل میڈیا اسٹار عابد اور ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمدشاہ بھی نظر آئیں گے۔

  • کیریئر بنانے میں بہت محنت کی، شوبز چھوڑنے پر کوئی پچھتاوا نہیں، فیروز خان

    کیریئر بنانے میں بہت محنت کی، شوبز چھوڑنے پر کوئی پچھتاوا نہیں، فیروز خان

    کراچی: معروف پاکستانی اداکار فیروز خان کا کہنا ہے کہ کیریئر بنانے میں بہت محنت کی لیکن شوبز چھوڑنے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار فیروز خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوبز چھوڑنے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے، جو بھی کام کیا ہے اس پر فخر ہے، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میرے گھر میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے جس پر خوشی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، مولانا طارق جمیل سے بہت کچھ حاصل کیا، شکر گزار ہوں وہ میرے لیے وقت نکالتے ہیں۔

    فیروز خان نے کہا کہ میرے والد ٹیکسی ڈرائیور تھے، اسکول کی فیس ادا کرنے میں بھی مشکل ہوتی تھی جبکہ وہ بہت کم ظرف ہوگا جو صرف ہدایت اپنے لیے مانگے۔

    ایک سوال کے جواب میں فیروز خان نے کہا کہ ماروی سرمد کا پورا کھیل فنڈڈ تھا، خلیل الرحمان قمر کا مداح نہیں ہوں۔

    فیروز خان کا کہنا تھا کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں اداکاری کرنے والا تھا، دانش کا کردار ہمایوں سعید کی جگہ میں کرنے والا تھا، میں نے دانش کے کردار کے لیے پیسے مانگے تھے اس لیے مجھے منع کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ 6 مارچ کو فیروز خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اپنا یہ پلیٹ فارم صرف اسلام کی ترویج کے لیے استعمال کروں گا۔

  • علی عظمت سے کہوں گا آپ خوش رہا کریں، علی ظفر کا ردعمل

    علی عظمت سے کہوں گا آپ خوش رہا کریں، علی ظفر کا ردعمل

    کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ میں علی عظمت کا بہت احترام کرتا ہوں، ان سے کہوں گا کہ آپ خوش رہا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں علی عظمت کے بیان کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بات جذبات پر نہیں حقائق پر کی جاتی ہے، میں کیسے کسی کے گانے کو ناپسندیدہ بنا سکتا ہوں۔

    علی ظفر نے کہا کہ مجھ سے بھی کبھی اچھے کبھی خراب گانے بن جاتے ہیں، میرے پاس ایسی کیا طاقت ہے جو لوگوں کو متوجہ کرسکتا ہوں، پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے اور پاکستانیوں کے لیے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے جوکرسکتا تھا کیا اور آئندہ بھی کروں گا، کوشش کی پی ایس ایل برانڈ بنے جس سے لوگوں کو خوشیاں ملیں، میرے گانا نہ چلانے کی ہدایت سے متعلق وہی لوگ بتاسکتے ہیں جو باتیں کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سوچتا ہوں گانا چھوڑ کر پروگرام اینکر بن جاؤں: علی عظمت

    علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کسی کی دل آزاری ہو، اگر عوام چاہتے ہیں پی ایس ایل کا کوئی گانا بناؤں تو ضرور بناؤں گا، پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گلوکار علی عظمت کا کہنا تھا کہ اس بار متنازع گانا گانے والے آرٹسٹ کو نہیں لیا گیا، علی ظفر کے ٹوئٹ پر میرا رد عمل ہے کہ اللہ انھیں خوش رکھے، عاصم اظہر نے بہترین گانا گایا ہے۔

    علی عظمت کا کہنا تھا کہ کچھ بلاگرز کی جانب سے ہمارے گانے پر جان بوجھ کر تنقید کی گئی، وسیم بادامی نے کہا کہ کیا آپ علی ظفر کی بات کررہے ہیں جس پر علی عظمت نے کہا نہیں علی ظفر کی بات نہیں کررہا۔

    ایک اور سوال پر علی عظمت نے کہا کہ ٹی وی پر اینکرز کو زیادہ ٹائم ملتا ہے، مجھے رشک آتا ہے، سوچتا ہوں گانا چھوڑ کر میں بھی پروگرام اینکر بن جاؤں۔