Tag: HARAM SHARIF

  • رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    ریاض: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حرمین شریفین میں عمرہ و دیگر عبادات کے لیے آںے والوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے، خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران مسجد الحرام میں زائر خواتین کی خدمت کے لیے بڑی تعداد میں خواتین اہلکار تعینات کی ہیں۔

    انتظامیہ نے زائر خواتین کی سہولت کے لیے مصلے تیار کیے ہیں اور آنے جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے راہداریاں بنائی ہیں۔

    معاون سیکریٹری برائے زائر خواتین وضحہ بنت عبد الرحمٰن عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین کے آنے جانے کے لیے 22 دروازے مختص کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اندر اور باہر 68 مصلے تیار کیے گئے ہیں۔

    مسجد الحرام کے اطراف زائر خواتین کے لیے 11 واش روم بنائے گئے ہیں اور 7 کمپلیکس مختص کیے گئے ہیں جن کی صفائی اور دھلائی دن میں سات مرتبہ ہوتی ہے۔

    مسجد الحرام آنے والی خواتین اپنے ہمراہ لانے والا سامان بھی چیک کرواتی ہیں، وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں نابینا بھی شامل ہیں ان کے لیے قرآن پاک کے اسپیشل نسخے رکھے گئے ہیں جو بریل سسٹم کے ہیں۔

    وضحہ عسیری کا کہنا ہے کہ واش رومز کی جراثیم کش مادے سے صفائی کروائی جا رہی ہے، خواتین کے لیے مختص مصلوں کے قالین دن میں چار مرتبہ معطر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی خواتین ہی تعینات ہیں۔

    وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں عربوں کے علاوہ دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی ہیں، ان کی سہولت کے لیے اردو، انگریزی، ترکی، فارسی، فرانسیسی اور ازبک زبانوں میں گائیڈ خواتین تعینات کی گئی ہیں۔

  • حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    ریاض: مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں ہزاروں کارکن حرم کی صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں جس کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کردی گئی۔ حرم شریف کو روزانہ دن میں 4 بار دھویا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم شریف میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں، جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم 4 باردھویا جاتا ہے۔

    فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے عمل میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے لیے بجلی کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    اس عمل میں انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔

    صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔

    ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    افطاری کے وقت جبکہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے کے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔

  • حرم شریف میں افسوسناک حادثہ، کرین گرنے سے107عازمین حج شہید

    حرم شریف میں افسوسناک حادثہ، کرین گرنے سے107عازمین حج شہید

    مکہ المکرمہ: حرم کعبہ میں طوفانی ہواؤں کے سبب کرین گرنے کے افسوس ناک حادثے میں 107  عازمین حج شہید جبکہ  دو سو تیس زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز ہواوں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، جس کے سبب صفہ اور مروہ کے درمیان تعمیراتی کاموں کے لئے نصب کی گئی کرین گرگئی ۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اس افسوس ناک حادثے میں اب تک 107 عازمین حج ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہے، حرم شریف میں اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے اورمیتوں اورزخمیوں کو جائے حادثہ سے نکال کر اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کرین اور اس کے ساتھ گرنے والے ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    87 martyred as crane collapses in Grand Mosque#Makkah: 87 martyred as crane collapses in #GrandMosqueRead more: http://arynews.asia/1K2o7ol (WARNING: This video contains scenes that some viewers may find disturbing) Posted by Sohaib Ahmed on Friday, September 11, 2015

    واضح رہے کہ حادثے کے وقت مسجد الحرام میں لاکھوں عازمین موجود تھے لیکن ان فرزندان اسلام نے اللہ کی وحدانیت اور اس کی حقانیت کی پکار جاری رکھی، طواف جاری رہا اور عازمین کی زبانوں پر لبیک اللہم لبیک کی صدائیں بلند تر ہو گئیں، ہر جانب اللہ کے قرب کے متلاشی اس کے بندوں کے لاشے تھے اور زخمی تھے لیکن زخمیوں کے لبوں پر آہ کے بجائے شکر الحمدوللہ کا کلمہ جاری تھا۔

    کرین کو مسجدالحرام کی توسیع کےسلسلے میں جاری تعمیراتی کام کے سلسلے میں صفا اور مروہ کے درمیان نصب کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے مکہ مکرمہ میں گرد کا طوفان بھی آیا ہوا ہے جس کے سبب شہریوں اور عازمینِ حج کو شدید مشکلات درپیش تھیں۔

    عینی شاہد محمد یوسف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ جس جگہ پیش آیا، وہ آنے جانے کا راستہ تھا جس کے سبب جانی نقصان زیادہ ہوا۔

    پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے سعودی عرب میں تعینات سفیر کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ زخمیوں کو بھر پورطبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ کعبہ کی زیارت میں مصروف زائرین کی حادثاتی موت صدمہ انگیز ہے، وزیر اعلیٰ پنجا ب شہباز شریف نے کہا کہ حرم شریف میں حادثے پر دلی صدمہ ہوا،ہم سب اس مشکل وقت میں زخمی اور شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی حرم شریف میں حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔