Tag: Haramain train

  • سعودی حکام نے حرمین ایکسپریس ٹرین کی بحالی کا اعلان کردیا

    سعودی حکام نے حرمین ایکسپریس ٹرین کی بحالی کا اعلان کردیا

    ریاض: مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی حرمین ایکسپریس ٹرین جسے کرونا وائرس کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا، ستمبر سے بحال کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین ایکسپریس ٹرین رواں سال ستمبر میں چلائی جائے گی اور اس کی گنجائش میں اضافہ کر کے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    حرمین ٹرین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کی گنجائش بڑھانے، آسان، آرام دہ اور تیز ترین سفری سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست میں حرمین ایکسپریس ٹرین کی صلاحیت، گنجائش اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے موقعے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگست میں حرمین ٹرین کی بکنگ کا اعلان کیا جائے گا، ٹرین کے لیے مسافروں کو آن لائن بکنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے بحران کے باعث جہاں ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع معطل کیے گیے تھے وہاں حرمین ٹرین کو بھی معطل کردیا گیا تھا، اب اس کی بحالی ستمبر میں ہوگی۔

    ٹرین سروس سے روزانہ 5 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ ایک سفر میں 417 مسافر ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا سفر کرسکیں گے۔

    مستقبل میں مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ اور جدہ و رابغ کے درمیان ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

  • مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی حرمین ٹرین سروس بحال

    مکہ اور مدینہ کے درمیان چلنے والی حرمین ٹرین سروس بحال

    ریاض: مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ایکسپریس ٹرین بحال کردی گئی، ٹرین اب معمول کے مطابق چلے گی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی حرمین ایکسپریس ٹرین بحال کردی گئی۔ بدھ کی صبح مدینہ منورہ سٹیشن سے روانہ ہونے والی حرمین ٹرین مکہ مکرمہ پہنچ گئی۔

    الحرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن مدینہ منورہ کے ڈائریکٹر سعد الشہری کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان روزانہ 12 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ 6 ٹرینیں مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے لیے اور 6 ٹرینیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے لیے زائرین، شہریوں اور دونوں شہروں میں مقیم غیر ملکی افراد کو سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔

    حرمین ٹرین ہفتے میں 5 دن بدھ سے لے کر اتوار تک چلیں گی۔ بقیہ 2 دن پیر اور منگل کو سروس بند ر ہے گی۔

    ٹرین سروس سے روزانہ 5 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ ایک سفر میں 417 مسافر ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا سفر کرسکیں گے۔

    مستقبل میں مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ اور جدہ و رابغ کے درمیان ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے بھی حرمین ٹرین سروس بحال کردی گئی تھی۔

  • سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین ٹرین کا افتتاح کردیا

    سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین ٹرین کا افتتاح کردیا

    جدہ: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جدہ میں حرمین ٹرین کا افتتاح کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین ٹرین کا افتتاح کردیا ہے، افتتاحی تقریب میں وزراء، علما مشائخ ودیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    حرمین ٹرین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو جدہ اور رابغ سے جوڑے گی، ٹرین سے سالانہ 60 ملین افراد سفر کرسکیں گے، حرمین ٹرین سے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے ہوگا۔

    یہ ٹرین مملکت کے پانچ اہم اسٹیشنوں مکہ معظمہ، جدہ، شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے، شاہ عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ سے گزرے گی۔

    حرمین ٹرین پہاڑی علاقوں، ریتلے میدانوں، ساحلی پٹی اور میدانی علاقوں سے گزرے گی، حجاج و معتمرین کے لیے یہ ایک بہترین تحفہ ہے جو انہیں اندرون ملک کم سے کم وقت پہنچانے میں مدد فراہم کرے گا۔

    مجموعی طور پر حرمین ٹرین کے ٹریک کی لمبائی 450 کلومیٹر ہے، دو طرفہ ٹریک پر ایک ہی وقت میں 35 بوگیاں چلائی جائیں گی، حرمین ٹرین 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے سفر کرے گی اور یومیہ اوسطاً ایک لاکھ 60 ہزار جبکہ سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کرسکیں گے۔

    مملکت کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل بن العامودی نے شاندار منصوبے کی سرپرستی اور سپورٹ کرنے پر سعودی فرمارواں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حرمین ایکسپریس اس امر کی دلیل ہے کہ سعودی حکومت شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں زائرین کی خدمت کے لیے انتہائی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔