Tag: Harnai

  • ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ 10 روز سے منقطع

    ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ 10 روز سے منقطع

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کا ضلع ہرنائی ملک بھر سے کٹ چکا ہے، اطراف کی تمام سڑکیں تباہ ہونے کے باعث گزشتہ 10 دن سے ضلعے کا رابطہ پورے ملک سے منقطع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ گزشتہ 10 دنوں سے منقطع ہے، ہرنائی کوئٹہ روڈ پر 2 بڑے پل سیلاب میں بہہ گئے۔

    ہرنائی کوئٹہ روڈ چھپر ریفٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جگہ جگہ سے بیٹھ چکی ہے، جبکہ کئی مقامات پر سیلاب میں بہہ چکی ہے۔

    ہرنائی تا بائیس میل شاہرہ پر پہاڑوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پتھر بھی گرے، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے پاس مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے ضلع میں خوردنی اشیا کی بھی قلت پیدا ہوچکی ہے، لوگوں نے حکومت سے شاہراہوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ہرنائی: کوئلے کی کان پر فائرنگ، 3 مزدور جاں بحق

    ہرنائی: کوئلے کی کان پر فائرنگ، 3 مزدور جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ ذالاوان میں کان میں کام کرنےوالے مزدورں پر فائرنگ ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مزدور کوئلے کی کان میں کام کرتےتھے، فوری طور پر جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    واقعے کے بعد لیویز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

    صوبائی وزیر نےشاہرگ میں مزدوروں کو قتل کرنےکی مذمت کی ہے، اپنے بیان میں حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ مزدوروں کو قتل کرنے کے واقعہ پرانتہائی دکھ اور افسوس ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ : ہرنائی میں کوئلہ کان حادثہ ، 7 کان کن جاں بحق

    صوبائی وزیر خزانہ حاجی نور محمد خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو انکےانجام تک پہنچائیں گے۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں اکثر و بیشتر کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملے کے واقعات منظر عام پر آتے رہتے ہیں۔

    رواں سال کے آغاز میں بلوچستان کے ہی علاقے مچھ میں 10 کان کنوں کو ذبح کرکے قتل کردیا گیا ہے، حملے کی ذمہ داری کالعدم داعش نے قبل کی تھی۔ جاں بحق ہونے والے کان کنوں کو تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔

  • سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم جماعت کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم جماعت کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بی ایل اے کے کمانڈر سمیت چھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فرارہونے کی کوشش کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں بی ایل اے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت چھ دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران ہتھیار اورگولیاں قبضے میں لے لی گئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے، دہشتگردوں کو ملکی امن استحکام کو برباد کرنے نہیں دیں گے، بلوچستان کے عوام کی سماجی اوراقتصادی ترقی کوسبوثاژ کرنے نہیں دیاجائےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی مستونگ میں کارروائی ، 9 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ آج کے روز بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مستونگ میں کارروائی کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی میں لیویز فورس ، پولیس ، ایف سی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ کالعدم تنظیم کے زیراستعمال کیمپ سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا، برآمد اسلحے میں نو کلاشنکوف ، 20 کلو دھماکہ خیز مواد ، راکٹ اور گولے شامل تھے۔

  • ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی: صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں سمیت 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث ہرنائی کے علاقے زندہ پیر میں گھرلینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا، ماں اور 5 بچے جاں بحق جبکہ 2 سال کی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

    ڈپٹی کمشنر عظیم جان دمڑ کے مطابق افسوس ناک حادثہ شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں گھر کا ایک کمرہ مکمل طورپرملبے تلے دب گیا۔

    عظیم جان دمڑ کہنا ہے کہ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال ہرنائی منتقل کردیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اٹک کے گاؤں اڑانگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    زیارت : دو روز سے مسلسل بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے متعدد مکانات تباہ جبکہ پانی کے تیز بہاؤ میں کئی گاڑیاں بہہ گئی، سیلابی ریلا گزشتہ رات ہرنائی میں داخل ہوا جس کے باعث گھروں میں سوئے ہوئے کئی افراد ریلے میں بہہ گئے، ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 7 افراد جاں بحق اور 11 افراد لاپتہ ہوئے ہیں جبکہ 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

    صوبائی اور ضلعی انتظامیہ نے ہرنائی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت ریسکیو اداروں نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ کوئٹہ کے سول اسپتال کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے اب تک 4 لاشیں لائیں گئی ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اسپتال منتقل کی گئی لاشوں کی شناخت 2 مقامی صحافیوں سمیت مزید دو افراد کی ہیں جنہیں ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔