Tag: harry

  • شہزادہ ہیری اور میگھن کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس

    شہزادہ ہیری اور میگھن کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس

    لندن: برطانوی شاہی خاندان سے دستبرداری اختیار کرنے والے شہزادے ہیری کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، نئے بادشاہ چارلس نے اپنے پوتوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

    برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہیری کے والد اور برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم نے اپنے پوتے 3 سالہ آرچی اور ایک سالہ للی بیٹ کو جلد ہی عزت مآب شہزادہ اور شہزادی کا خطاب دینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

    تاہم اب انہوں نے ایک ہفتے کے دوران ہونے والی تلخیوں کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے بیٹے اور بیٹی کو شاہی القاب سے نوازنے سے انکار کر دیا ہے۔

    سنہ 2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ہیری اور میگھن سے بھی ان کے یہ القابات چھین لیے گئے تھے۔

    برطانوی اخبار کے مطابق اس بات پر اتفاق ہے کہ یہ دونوں بچے شہزادہ اور شہزادی تو ہو سکتے ہیں مگر انہیں شاہی خاندان سے متعلق عزت مآب کا لقب نہیں دیا جا سکتا کیونکہ ان کے والدین اور وہ دونوں شاہی امور میں مصروف خدمت نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن اس بات پر برہم دکھائی دیے کہ ان کے بچے اب شاہی خطاب سے محروم رہیں گے۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس کے کنگ بننے کے ہفتہ کے دوران ہونے والی تلخ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

  • ملکہ برطانیہ کا پوتے پرنس ہیری کے خلاف پیمانۂ صبر لبریز

    ملکہ برطانیہ کا پوتے پرنس ہیری کے خلاف پیمانۂ صبر لبریز

    لندن: اپنے پوتے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے خلاف ملکہ برطانیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے سابق ملازم پال بورل کا کہنا ہے کہ پرنس ہیری کی سوانح عمری کے خلاف ملکہ الزبتھ پھر سے لڑنے کے لیے تیار ہو گئی ہیں، کیوں کہ انھوں نے پرنس ہیری اور ان کی بیوی کے لیے اپنا صبر کھو دیا ہے اور وہ کوئی بھی بڑا قدم اٹھا سکتی ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ملکہ الزبتھ اور ان کے پوتے شہزادہ ہیری کے درمیان کافی پرانے گھریلو تنازعات چل رہے ہیں، اب وہ ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں اور ان کے تنازعات شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

    ملکہ الزبتھ کا کہنا ہے کہ اب برداشت سے باہر ہو گیا ہے اور وہ چپ نہیں بیٹھیں گی، بے بنیاد الزامات لگا کر ان کے خاندان کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اگلے سال اپنی یادداشتیں کتابی صورت میں چھاپنے جا رہے ہیں، جس میں انھوں نے اپنے زندگی کے تجربات، مہم جوئیوں، محرومیوں اور زندگی کے وہ اسباق مرتب کیے ہیں جنھوں نے ان کی شخصیت کی صورت گری میں مدد کی ہے۔

    لیکن شہزادی ڈیانا کے سابق بٹلر پال بورل نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکہ برطانیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اس کے باوجود کہ وہ ایک گرم جوش، رحم کرنے اور معاف کرنے والی خاتون ہیں، وہ قانونی معاونت حاصل کرنے جا رہی ہیں، انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جب سوانح عمری شائع ہوگی تو وہ ہیری اور میگھن کو آڑے ہاتھوں لیں گی۔

    اس سے قبل بھی کچھ گھریلو جھگڑوں پر برطانوی شاہی خاندان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اگر شاہی خاندان کے ذاتی مسائل حل نہ ہوئے تو اس کے خاندان اور بادشاہت دونوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

  • شہزادہ ہیری کا شاہی خاندان سے متعلق ایک اور متنازعہ بیان

    شہزادہ ہیری کا شاہی خاندان سے متعلق ایک اور متنازعہ بیان

    لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد محل میں گزارے گئے اپنے تلخ تجربات کے بارے میں بتاتے رہے ہیں، اب حال ہی میں شہزادہ ہیری نے خود کو وہاں پھنسا ہوا قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانوی شہزادے ہیری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ شاہی خاندان میں پھنس گئے تھے اور اپنی زندگی پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں تھا۔

    رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری نے دنیا کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ شاہی خاندان اور ان کے نظام سے سخت نفرت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ اپریل 2020 میں شاہی خاندان چھوڑ کر امریکا جا بسے تھے۔ کچھ عرصہ قبل جوڑے نے امریکی ٹاک شو کی میزبان اوپرا ونفری سے انٹرویو کے دوران شاہی خاندان کی جانب سے دی جانے والی تکالیف کا انکشاف کیا تھا۔

    انٹرویو کے دوران شہزادہ ہیری نے کہا کہ میں بادشاہت میں پھنس گیا تھا۔ جب میزبان نے پوچھا کہ کیسے آپ نے محل کو چھوڑا اور کس طرح آپ بادشاہت میں پھنس گئے تھے تو ہیری نے کہا کہ شاہی خاندان کا سسٹم ہی ایسے بنا ہے۔

    ہیری نے مزید کہا کہ میرے خاندان کے باقی لوگ بھی اس سسٹم میں پھنسے ہوئے ہیں مگر وہ یہ سسٹم چھوڑ نہیں سکتے، لہٰذا مجھے ان پر بہت دکھ ہوتا ہے۔

    مذکورہ انٹرویو میں ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل نے شاہی خاندان پر نسل پرستی کا الزام بھی عائد کیا تھا جس کے بعد شاہی محل کو وضاحت جاری کرنی پڑی تھی۔

  • شہزادہ چارلس نے اپنے پوتے کو بھی نہ بخشا، اہم اعلان

    شہزادہ چارلس نے اپنے پوتے کو بھی نہ بخشا، اہم اعلان

    برمنگھم : ملکہ الزبتھ کے بڑے صاحبزادے شہزادہ چارلس نے اپنے ایک بیان میں مبینہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پوتے آرچی کو کبھی شہزادہ نہیں بننے دیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ڈیلی میل میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق شاہی تخت کے اگلے وارث کا کہنا تھا کہ ان کے بادشاہ بننے کے بعد میگن مارکل، شہزادہ ہیری اور ان کے دو سالہ بیٹے کو شاہی خاندان کے کلیدی افراد میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

    اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ شاہی خاندان کی تعداد کم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آرچی کبھی شہزادے کا لقب نہ حاصل کر سکیں۔

    ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے قریبی ذرائع سے منسوب خبر میں ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ شہزادے چارلس نے جوڑے کو بتا دیا ہے کہ وہ بادشاہ بننے کے بعد اہم قانونی دستاویزات میں ترمیم کریں گے۔

  • پرنس ہیری نے نئے انکشافات کر دیے

    پرنس ہیری نے نئے انکشافات کر دیے

    لندن: شاہی خاندان سے دست بردار شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد وہ شراب اور منشیات کی لت میں مبتلا ہو گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق دماغی صحت سے متعلق دستاویزی سیریز کے لیے پرنس ہیری نے اوپرا ونفرے کو انٹرویو میں بتایا کہ انھوں نے عمر کی 20 ویں دہائی کے آخر اور 30 ویں دہائی کے اوائل میں شاہی زندگی کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے کثرت سے شراب نوشی کی، اور منشیات کا استعمال کیا، اس کے ساتھ ان پر بے چینی اور گھبراہٹ کے حملے ہوتے رہے۔

    والدہ کے انتقال اور اپنی دماغی صحت کے حوالے سے اوپرا ونفرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا والدہ کے ساتھ جو کچھ ہوا تھا، انھیں اس پر شدید غصہ تھا، جب کہ ان کی موت کے چند برسوں بعد تک آس پاس لوگ ان کی موت پر تبادلہ خیال کرتے رہتے تھے۔ واضح رہے کہ 1997 میں لیڈی ڈیانا کے موت کے وقت شہزادہ ہیری کی عمر 12 سال تھی۔

    پرنس ہیری نے بتایا کہ والدہ کی وفات کے بعد شاہی خاندان نے انھیں مکمل نظر انداز کیا، بلوغت کی عمر میں بھی ان پر شدید گھبراہٹ اور بے چینی کے حملے ہوتے رہے، 28 سے 32 سال کے درمیان کا عرصہ ایک ڈراؤنے خواب کی طرح تھا۔

    انھوں نے کہا کہ میگھن سے تعلقات منظر عام پر آتے ہی ٹیبلائڈ پریس کی جانب سے ان کا تعاقب اور ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، اور تسلسل کے ساتھ ان کی تصاویر شائع کی جاتی رہیں، سوشل میڈیا اور اخبارات نے ان پر حملے کیے، اور اس دوران خاندان کی جانب سے بہت تھوڑی حمایت ملی۔

    پرنس ہیری نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ خاندان کے افراد میری مدد کریں گے، لیکن میں نے اس صورت حال میں خود کو بے بس پایا، ہم نے چار برس تک کوشش کی کہ برطانیہ میں رہ کر ہی اپنے فرائض سر انجام دیں، لیکن شاہی کردار میری دماغی صحت کو تباہ کر رہا تھا اس لیے میں نے اس سے دست بردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

  • ہیری اور میگھن کے انٹرویو پر طوفان کھڑا ہوگیا

    ہیری اور میگھن کے انٹرویو پر طوفان کھڑا ہوگیا

    برطانیہ کے شاہی خاندان سے علیحدہ ہوجانے والے جوڑے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مرکل کے تہلکہ خیز انٹرویو نے طوفان کھڑا کردیا ہے، ایک طرف تو میگھن کی ہمت کی داد دی جارہی ہے، تو دوسری طرف انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔

    جوڑے نے معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے کو اپنا انٹرویو دیا تھا جو اتوار کی شب نشر کیا گیا، اس انٹرویو میں میگھن مرکل نے کھل کے شاہی خاندان کے کئی راز افشا کردیے۔

    جوڑے نے شاہی خاندان کے ساتھ اور اس کے عین درمیان میں رہتے ہوئے روز مرہ کی زندگی کے تجربات کو بہت تلخ قرار دیا۔ ان دونوں کا کہنا تھا کہ وہ شاہی خاندان کی زندگی سے اس قدر نالاں تھے کہ انہوں نے شاہی طرز زندگی ترک کر کے امریکا میں آباد ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق یہ انٹرویو برطانوی شاہی خاندان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

    شہزادے اور ان کی اہلیہ کے اس انٹرویو میں دیے گئے بیانات پر معروف شخصیات، سیاستدانوں اور سماجی کارکنوں سبھی نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    دونوں کے اس انٹرویو کو امریکا میں عمومی طور پر سراہا گیا ہے اور اس جوڑے کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا گیا، اکثریت نے شاہی خاندان کے چھوڑنے کے فیصلے کو درست قرار دیا۔

    معروف امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے میگھن مرکل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنی بے لوث دوست قرار دیا۔ سیرینا کا کہنا تھا کہ وہ مجھے روز ایک نیک انسان کی زندگی کا درس دیتی ہے۔ میگھن کے الفاظ اس پر گزرنے والے ظلم اور اسے پہنچنے والے دکھ کی نشاندہی کرتے ہیں۔

    معروف شاعرہ اور سماجی کارکن امینڈا گورمن نے کہا کہ میگھن کی شکل میں شاہی خاندان نے معاشرے میں تبدیلی، تخلیق نو اور مفاہمت لانے کا ایک سنہری موقع کھو دیا ہے۔

    سیاہ فام شہریوں کے حقوق کے رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی بیٹی بیرونیس کنگ نے میگھن مرکل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہانہ اقدار تباہ کاریوں اور نسل پرستی سے پیدا ہونے والی مایوسی اور نا امیدی کے خلاف ڈھال کی حیثیت نہیں رکھتی۔

    دوسری جانب برطانیہ میں دونوں کے اس انٹرویو پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک معروف براڈ کاسٹر پیئرس مورگن نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ انٹرویو برطانوی شاہی خاندان کی سخت تذلیل، ملکہ اور شاہی خاندان کے ساتھ سراسر دھوکہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میگھن کے بیانات لغو اور تخریبی ہیں۔ انہوں نے اپنے مفاد کے لیے اس قسم کی احمقانہ باتیں کیں مگر مجھے تعجب ہیری کے رویے پر ہے۔ انہوں نے میگھن کو یہ سب کچھ کہنے کیسے دیا؟ یہ ان کے خاندان کے لیے انتہائی شرمناک ہے۔

    برطانیہ کی ایک وزیر وکی فورڈ نے میگھن کی طرف سے نسل پرستانہ رویے کا شکار ہونے کی شکایات سامنے آنے پر کہا کہ ہمارے معاشرے میں نسل پرستی کی سرے سے کوئی گنجائش ہی نہیں ہے۔

    تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس انٹرویو پر ملکہ برطانیہ کی جانب سے تو کوئی بیان نہیں دیا جائے گا، البتہ شاہی خاندان کی جانب سے بھی تاحال اس پر کوئی تبصرہ یا وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

    ماہرین کے مطابق چونکہ جوڑے نے شاہی خاندان کی کسی خاص شخصیت کا نام لینے سے گریز کیا ہے، لہٰذا شاہی محل بھی چپ سادھے ہوئے ہے۔

  • شاہی محل میں رہنے کے دوران خودکشی کرنا چاہتی تھی: میگھن مرکل کا تہلکہ خیز انٹرویو

    شاہی محل میں رہنے کے دوران خودکشی کرنا چاہتی تھی: میگھن مرکل کا تہلکہ خیز انٹرویو

    برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل نے انکشاف کیا ہے کہ شاہی محل میں رہنے کے دوران ان پر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ وہ خودکشی کے بارے میں سوچنے لگی، ان کے مطابق ان کی رنگت اور نسل کی وجہ سے محل میں ان سے امتیازی سلوک برتا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شاہی خاندان کے منحرف جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کا معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے کے ساتھ خصوصی انٹرویو نشر کردیا گیا جس میں میگھن نے شاہی خاندان کے کئی راز افشا کردیے۔

    میگھن کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا، انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا۔ ان کی اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہو چکی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہوگی، ان کے مطابق ان کے ہونے والے بیٹے کو شاہی لقب نہ دینے کے لیے شاہی خاندان کے اصول بدلے گئے۔ میگھن کا دعویٰ ہے کہ ایسا ان کی رنگت اور نسل کی وجہ سے کیا گیا۔

    میگھن کا کہنا تھا کہ ان کی کردار کشی کی گئی اور ایک وقت ایسا آیا کہ وہ خودکشی کے بارے میں سوچنے لگیں، انہوں نے ذہنی صحت کی بہتری کے لیے ماہرین نفسیات کی مدد لینی چاہی تو انہیں اس کے لیے منع کردیا گیا۔

    میگھن کا کہنا ہے کہ شاہی محل میں گزارے گئے وقت کے دوران وہ بے حد تنہائی محسوس کرتی تھیں۔ انہوں نے اس بات کی تردید کہ ان کے اور کیٹ مڈلٹن کے تعلقات خراب تھے۔

    شہزادہ ہیری نے بتایا کہ شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا کہ والد (ولی عہد شہزادہ چارلس) نے ان کا فون اٹھانا چھوڑ دیا۔

    شہزادے نے کہا کہ والد نے مجھے بہت مایوس کیا، تاہم میں ابھی بھی ان سے پیار کرتا ہوں۔ ان کے مطابق شاہی خاندان سے الگ ہوجانے کے بعد ایک دو بار ان کی اپنی دادی ملکہ برطانیہ سے فون پر خوشگوار انداز میں گفتگو بھی ہوچکی ہے۔

    جوڑے نے انکشاف کیا کہ شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے بعد جب ان کی مالی مدد بند کر دی گئی تو جس وقت وہ کینیڈا سے جنوبی کیلی فورنیا منتقل ہوئے، اس وقت امریکی ارب پتی ٹائلر پیری نے گزشتہ سال ہیری اور میگھن کو ایک گھر اور سکیورٹی فراہم کی۔

    اپنے انٹرویو میں میگھن نے مزید کہا کہ وہ اب بہت خوش اور پرسکون ہیں، انہیں اپنی زندگی سے متعلق چھوٹے چھوٹے فیصلے کرنے کے لیے کسی کی اجازت نہیں لینی پڑتی، تاہم وہ ہیری کی اپنے خاندان سے علیحدگی اور انہیں تکلیف پہنچنے پر افسردہ ہیں۔

  • شادی کے بعد شاہی جوڑے کی دعوتیں شروع

    شادی کے بعد شاہی جوڑے کی دعوتیں شروع

    لندن: شاہی خاندان کے چھوٹے نواب پرنس ہیری اور نوبیاہتا بہو میگھن مارکل نے شادی کے بعد پہلی بار کسی دعوتِ تقریب میں شرکت کی ، نئے جوڑے کا انتہائی سادہ مگر خوبصورت لباس لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی خاندان کے چھوٹے نواب اور امریکی اداکارہ کی شادی کے بعد تقاریب کا سلسلہ شروع ہوگیا، پرنس ہیری کے والد چارلس نے نوبیاہتا جوڑے کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد فلاحی کاموں کے لیے رقم عطیہ کرنا تھا۔

    ہفتے کے روز سورج برطانیہ میں اپنی آب و تاب کے ساتھ چمک رہا تھا اور مطلع بالکل صاف تھا کہ اچانک شاہی محل سے نوبیاہتا جوڑے کی باہر آمد ہوئی جو پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سمیت تمام لوگوں کے لیے حیرت کا باعث تھی۔

    پرنس ہیری کے والد نے تقریب میں ایسے 6 ہزار سے افراد کو مدعو کیا تھا جو فلاحی کاموں کے لیے عطیات دیتے ہیں تاہم کسی کو بھی اس بات کا علم نہیں تھا کہ یہ عام سی دعوت کچھ دیر بعد بہت خاص ہوجائے گی۔

    میگھن مارکل اپنے شوہر کے ہمراہ انتہائی سادہ لباس پہنے محل سے باہر نکلیں اس موقع پر انہوں نے دھوپ سے محفوظ رہنے کے لیے شاہی کیپ بھی لگایا ہوا تھا، نوبیاہتا جوڑا تقریب میں پہنچا تو وہاں چار چاند لگ گئے اور سب ورطہ حیرت میں مبتلا ہوئے۔

    اس موقع پر پرنس ولیم کا کہنا تھا کہ  ملکہ برطانیہ کی جانب سے جاری ہونے والے فلاحی کاموں میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ کمزور طبقے کے نظام زندگی کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے، یہ ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق نوبیاہتا جوڑے کے اعزاز میں دیگر معززین کی جانب سے بھی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا تاہم شاہی خاندان سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ابھی اس کا کوئی پلان جاری نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ پرنس ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل شادی کے بعد پہلی بار کسی عوامی مقام پر نکلے تھے، قبل ازیں دونوں کو تین روز قبل ہی لوگوں اور میڈیا نے ایک ساتھ دیکھا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانوی شہزادے اور میگن مارکل کی شادی، خصوصی کپ تیار

    برطانوی شہزادے اور میگن مارکل کی شادی، خصوصی کپ تیار

    لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور امریکا سے تعلق رکھنے والی ادکارہ میگن مارکل کی شادی کے دعوت ناموں کے لیے مٹی کے کپ تیار کیے گئے جن پر نوبیاہتا جوڑے سے متعلق معلومات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ چارلز اور شہزادی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے کی شادی کی تقریب 19 مئی کو جارج چیپل، ونڈسر کاسل میں منعقد کی جائے گی جس کی بڑے پیمانے پر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

    قبل ازیں پرنس ہیری کی شادی کے خصوصی دعوت نامے (کارڈ) تیار کیے گئے تھے جن پر امریکا کی انگریزی سنہری رنگ سے تحریک کی گئی تھی، یہ کارڈ تقریب میں شرکت کے لیے 6 سو افراد کو ارسال کیے جاچکے۔

    برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق شاہی خاندان کے لیے خدمات انجام دینے والی کمپنی ’ایما برج واٹر‘ کی جانب سے یہ کپ تیار کیے گئے جن پر شہزادے اور اُن کی اہلیہ کی زندگی سے متعلق اہم معلومات درج ہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور میگن مارکل کی شادی ، تاریخ کا اعلان

    پرنس ہیری اور میگن مارکل کی شادی سے قبل آنے والے ان کپوں کو یادگار اور تقریب میں داخلے کا دعوت نامہ کا اعزاز بھی ہوگا، مٹی کے کپ بنانے والی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کی طرف سے ہزاروں مگ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ایما برج واٹر نامی کمپنی کا قیام 30 سال قبل عمل میں آیا تھا اور یہ کمپنی 1985 سے صرف شاہی خاندان کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے، قبل ازیں فیکٹری کی جانب سے ملکہ الزبتھ کی 75ویں سالگرہ کے خصوصی مگ جاری کیے گئے تھے بعد ازاں شہزادہ ولیم اور کیٹ کی شادی پر بھی کمپنی نے اس روایت کو زندہ رکھا تھا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے شہزادے اور لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے پرنس ہیری نے امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے گذشتہ برس دسمبر میں منگنی کی تھی جس کی شاہی خاندان کی جانب سے تصدیق اور شادی کی تاریخ کے اعلان کا وعدہ کیا گیا تھا۔

    شاہی خاندان نے وعدے کے مطابق گذشتہ ماہ پرنس ہیری اور میگن مارکل کی شادی کی تاریخ کا حتمی اعلان کیا جس کے مطابق چھوٹے نواب کی شادی 19 مئی کی دوپہر سینٹ جارج چیپل کے ونڈ کاسل میں منعقد کی جائے گی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب کے روز مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس کی میزبانی خود ملکہ برطانیہ الزبتھ خود کریں گی بعد ازاں مذہبی رسم بھی منعقد کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔