Tag: hartal khatam

  • کیبل آپریٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    کیبل آپریٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    لاہور : کیبل آپریٹرز نے ملک بھر میں کیبل کی نشریات بحال کرتے ہوئے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ڈی ٹی ایچ کی تئیس نومبر کو نیلامی روکنے کیلئے حکم امتناع جاری کردیا۔ جس کے بعد چیئرمین کیبل آپریٹرزخالد آرائیں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جج نے 23 نومبر کو ڈی ٹی ایچ کی نیلامی پر حکم امتناع جاری ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے خلاف کیس زیر سماعت ہے۔

    عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ جب تک عدالت فیصلہ جاری نہیں کرتی اس وقت تک ڈی ٹی ایچ کی بڈنگ نہ کی جائے۔

    کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناع جاری ہونے اور وزیرمملکت کی جانب سے مسائل کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں : وزیر خزانہ سے مذاکرات ناکام، مختلف شہروں میں کیبل نشریات بند

    خالد آرائیں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی بی اے کے عہدیداروں سے بات ہوئی ہے، مطالبات کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈی ٹی ایچ لائسنس پانچ سال کیلئے مؤخرکیا جائے، کیبل آپریٹرز

    انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے لئے ہم نے ساڑھے تین گھنٹے انتظار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ہمارے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    کوئٹہ : بلوچستان حکومت سے ینگ ڈاکٹرزسے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس نے صوبائی وزیر صحت اوراے این پی کے پارلیمانی لیڈر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنے مطالبات کے حصول کیلئے کی جانے والی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    کوئٹہ پریس کلب کے باہر ینگ ڈاکٹرز بلوچستان اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایسو سی ایشن کے احتجاجی کیمپ میں مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل اور دیگر نے صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پندرہ روز قبل لگایا گیا احتجاجی کیمپ ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ینگ ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکس نے عوامی مفاد میں ہڑتال شروع کی تھی اور عوام کے لئے کچھ حاصل کرنے کے بعد احتجاج ختم کررہے ہیں

    صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں کی ریلی پر تشدد کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ینگ ڈاکٹر کے عہدیدار ڈاکٹر حفیظ کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر صحت کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔

    مذاکرات میں طے پایا گیا کہ ڈاکٹرز کی ریلی میں تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ڈاکٹر اسد کو 20لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے احتجاج ختم کرنے پر ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں پولیس کے تشدد سے زخمی ہونے والے ڈاکٹر اسد کے لئے بیس لاکھ روپے کی رقم معاوضے کے طور پر دی جائے گی جبکہ تشدد کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔

    اس سے قبل ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کی دھمکی دی تھی۔

    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کے دوران اسپتالوں میں ایمرجنسی شعبہ اور او پی ڈی کو مکمل طور پر بند کردیا تھا جس سے مریضوں کو خاصی مشکلات اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

     

  • پالپا نے غیرمشروط طورپر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    پالپا نے غیرمشروط طورپر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان ائرلائنز پائلٹ ایسوسی ایشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبیٹ سیکریٹیریٹ کی درخواست پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔

    اجلاس میں چیرمین پی آئی اے ناصر جعفر، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی اور ڈی جی سول ایوی ایشن امجد علی طور سمیت پالپا کے نمائندے شریک ہوئے۔

    کمیٹی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شہری ہوابازی شجاعت عظیم کے اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی نے کمیٹی کو ایسوسی ایشن کے مطالبات سے آگاہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالپا کے تمام مطالبات قواعدوضوابط کے مطابق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی پائلٹ کی وجہ سے نہ تو کوئی فلائٹ ملتوی ہوئی اور نہ ہی عام مسافر کو پریشانی ہوئی ۔ پالپا ہر تعاون اور مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم حکومت معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔

    کمیٹی نے حکومتی رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پالپا اور پی آئی اے کی لڑائی میں سارا نقصان عوام کا ہورہا ہے جبکہ فائدہ نجی ائرلائنز اٹھا رہی ہیں۔

    حکومت ایکشن لیتے ہوئے لوٹ مار کرنے والی ائرلائنز کے فلائٹ آپریشنز اور لائسنس کینسل کرے۔ کمیٹی نے پالپا سے درکواست کی کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں غیرمشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرے۔

    پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرینز ان کے جائز مطالبا ت تسلیم کرنے کے لیے بطور ضامن اپنا کردار ادا کریں گے جس پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ سیکریٹری سول ایوسی ایشن کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی پالپا اور حکومت کے مابین مذاکرات کا انعقاد کرے اور جمعہ کے روز تک رپورٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی۔

    اس موقع پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ پالپا نے ہڑتال دو روز کے لئے موخر کی ہے خود کو پارلیمنٹ اور کمیٹی پر چھوڑا ہے۔ امید ہے کمیٹی ان کے مطالبات کی تکمیل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔