Tag: Hasina Wazed

  • بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی

    بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی

    نئی دہلی: سیاسی بحران کے بعد بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی صورت حال کے باعث بھارتی فوج نے مشرقی بارڈر پر ہائی الرٹ کر دیا ہے، ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے اعلان کیا ہے کہ وہ بنگلادیش میں ہونے والی پرتشدد بدامنی کی وجہ سے ہندوستان-بنگلادیش سرحد پر ہائی الرٹ برقرار رکھیں گے۔

    بنگلادیش کے لیے ہندوستانی ریل خدمات بشمول کولکتہ-ڈھاکا میتری ایکسپریس کو بھی اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے تمام زمینی اہلکاروں کو سرحد کے ساتھ تعینات کرنے اور مزید ہدایات کے آنے تک الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

    سڑکوں پر کھڑی رکاوٹوں اور اضافی اہلکاروں کی تعیناتی سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار میں خلل پڑنے کا امکان ہے، مشترکہ سرحد سے کاروباری سامان کی نقل و حرکت متاثر ہوگی اور شپنگ میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    دوسری طرف آج بنگلادیش میں صبح کرفیو اٹھائے جانے کا امکان ہے، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی آج کھولے جائیں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ آج بھارت سے لندن روانہ ہوں گی، سابق بنگلادیشی وزیر اعظم نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

    ان کے بیٹے سجیب واجد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ والدہ بہت مایوس ہیں وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی، ملک سے فرار حسینہ واجد بھارت پہنچیں تو نئی دہلی کے قریب غازی آباد کے ایئر بیس پر بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے ان سے ملاقات کی، جب کہ بھارتی فضائیہ لینڈنگ تک حسینہ واجد کے طیارے کی نگرانی کرتی رہی۔

    خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر بہن کے ہمراہ بھارت فرار ہو گئی تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد آج بھارت سے لندن کے لیے روانہ ہوں گی تاہم شیخ حسینہ واجد کو برطانوی حکومت نے سیاسی پناہ کی یقین دہانی نہیں کرائی، وہ لندن پہنچ کر طویل سیاسی پناہ کے لیے درخواست کریں گی، شیخ حسینہ اپنی بہن کے ساتھ نئی دہلی میں سیف ہاؤس میں موجود ہیں۔

  • حسینہ واجد حکومت کی برطرفی پر سابق سفیر ملیحہ لودھی اور عبدالباسط کا اہم تبصرہ

    حسینہ واجد حکومت کی برطرفی پر سابق سفیر ملیحہ لودھی اور عبدالباسط کا اہم تبصرہ

    اسلام آباد: حسینہ واجد حکومت کی برطرفی پر سابق سفیر ملیحہ لودھی اور عبدالباسط کے اہم تبصرے سامنے آئے ہیں۔

    سابق سفیر ملیحہ لودھی بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی برطرفی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ کے استعفے سے ثابت ہو گیا کہ عوام کی طاقت جب سڑک پر آ جاتی ہے تو اس کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا شیخ حسینہ کی حکومت نے لوگوں کے خلاف ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن انھیں روک نہیں پائے، یہ ایک عوامی طاقت کا مظاہرہ تھا جس نے حکومت کو برطرف کروا دیا۔

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ خطے پر اس کے اثرات کے حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے، ہمیں یہ نہیں معلوم کہ وہاں فوجی حکومت ہوگی یا قبل از وقت انتخابات ہوں گے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ عبوری حکومت کی شکل کیا ہوگی، اور یہ کہ مطالبات کا حل کس طرح نکالا جائے گا۔

    حسینہ واجد بنگلہ دیش سے فرار ہو کر کہاں جا رہی ہیں؟ بھارتی میڈیا کے متضاد دعوے

    پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط کہتے ہیں کہ بنگلادیش کےعوام دیکھ رہے تھے کہ ملک بھارت کا سیٹلائٹ بن گیا تھا، آج بھارت اور مودی دونوں کے لیے پریشان کن دن ہے، تجزیہ کار ہما بقائی نے کہا اگر فوج شیخ حسینہ کو سیف ایگزٹ نہ دیتی تو صورت حال بدتر ہو جاتی، ماہر عالمی امور سید محمد علی نے کہا کہ بنگلادیش کے نوجوان بھارت کا اثر و رسوخ نہیں چاہتے۔

    بنگلادیش میں طلبہ کا احتجاج رنگ لے آیا

    300 مظاہرین کا خون فاشسٹ حسینہ واجد کا اقتدار لے ڈوبا، وہ آج استعفا دے کر ملک سے فرار ہوگئیں، اور قوم سے آخری خطاب کا بھی موقع نہیں مل سکا۔ فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، آرمی چیف وقار الزماں نے جلد مخلوط عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

    حسینہ واجد کے استعفے اور ملک سے فرار کی خبر سامنے آتے ہی ہزاروں افراد نے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا، اور شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے توڑ دیے، پورا ملک سڑکوں پر نکل آیا ہے اور جشن منا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حسینہ واجد فن لینڈ جائیں گی۔

    بھارت نواز پالیسیوں نے حسینہ واجد کا 14 سال کے اقتدار کا سورج آج آخرکار غروب کروا دیا، بنگلادیشی آرمی چیف وقارالزماں نے قوم سے خطاب میں کہا کہ قوم کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، طلبہ مظاہرین کو مذاکرات کی دعوت بھی دی گئی، انھوں نے کہا پریشان نہ ہوں، فوج عوام پر گولی نہیں چلائے گی، تمام لوگ پُرامن طور پر گھروں کو واپس جائیں، حالات پُرامن ہوتے ہی کرفیو اٹھا لیا جائے گا۔

  • حسینہ واجد استعفا دو: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی

    حسینہ واجد استعفا دو: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی

    ڈھاکا: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف ملک گیر مظاہروں نے دوبارہ شدت اختیار کرلی ہے، طلبہ نے واضح کر دیا ہے کہ اب مذاکرات نہیں ہوں گے، حسینہ واجد کو استعفا دینا ہوگا۔

    گزشتہ روز احتجاج کے دوران مزید 2 افراد جان سے گئے، اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، حکمراں جماعت کی طلبہ تنظیم کے حملوں اور پولیس کے تشدد سے اب تک 200 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    حکومت نے واٹس ایپ، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی ہے، اے ایف پی کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرنے والے طلبہ کے گروہ نے وزیر اعظم حسینہ واجد سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وزیر اعظم اور ان کی حکومت مستعفی نہیں ہو جاتی۔

    ڈھاکا میں ہزاروں کے اجتماع سے خطاب میں طالب علم رہنما ناہید اسلام نے کہا کہ حسینہ واجد کو ہر صورت مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا، اس بات کی اجتماع نے بھرپور طریقے سے تائید کی۔

    20 سال کے نجم یاسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ حسینہ واجد کو ہر صورت حکومت سے دست بردار ہونا پڑے گا، ہم کسی آمرانہ حکومت کو نہیں مانتے، طلبہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس دینا بند کر دیں۔