Tag: Hawkes Bay beach

  • کراچی ہاکس بے پر 12 افراد ڈوب کر جاں‌ بحق

    کراچی ہاکس بے پر 12 افراد ڈوب کر جاں‌ بحق

    کراچی: شہر قائد کے ساحل ہاکس بے پر پکنک منانے والے 12 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، تمام لاشیں نکال لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر متعدد افراد پکنک منانے آئے، کچھ افراد گہرے سمندر میں نہانے نکلے تو ڈوبنے لگے جن کی تعداد چار تھی بعدازاں انہیں بچانے کے لیے دیگر افراد گئے تو وہ بھی ڈوب گئے۔

    ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ لاشیں نکال لی گئی ہیں ڈوبنے والے افراد کی تعداد 12 ہے، ڈوبنے والے تمام افراد میں سے کسی کو بھی تیرنا نہیں آتا تھا۔

    سعد ایدھی نے بتایا کہ ابھی معلوم کیا جارہا ہے کہ ان افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے یا الگ الگ ہیں، بقیہ دو افراد کی تلاش کے لیے ہمارے تین سے چار غوطہ خور کام کررہے ہیں۔

    چار بار پولیس نے ان افراد کو گہرے سمندر میں جانے سے منع کیا

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کامل عارف نے بتایا کہ یہ تمام افراد ایک ہی خاندان کے ہیں، اس گھرانے کا تعلق ناظم آباد سے ہے، چار بار پولیس اہلکاروں نے ان افراد کو تیز لہروں میں جانے سے منع کیا تھا لیکن ان افراد نے پولیس کی ہدایات کو نظر انداز کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اندھیرا بڑھتا جارہا ہے جس کے بعد غوطہ خوروں کا امدادی عمل روکنا پڑے گا۔

    لوگوں کو خود بھی تھوڑا سوچنا چاہیے، ڈپٹی میئر

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چیک پوسٹیں بھی بنی ہوئی ہیں اور آگاہی بھی دی جاتی ہے لوگوں کو خود بھی تھوڑا سوچنا چاہیے، ہمارے ہاں کا سمندر اس قابل نہیں کہ اس میں نہایا جائے، ہلاکتوں کے بعد خاندانوں کو جو تکالیف ہوتی ہیں وہ ناقابل برداشت ہوتی ہیں۔

    انہوں ںے عوام سے درخواست کی کہ وہ گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں، سمندر میں ضرور نہائیں زیادہ آگے تک نہ جائیں، ہم نے ساحل پر تعینات پولیس کی نفری میں اضافہ کرنے کی درخواست کررکھی ہے۔

    متاثرہ فیملی ناظم آباد کی رہائشی ہے، ایس پی

    ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ متاثرہ فیملی ناظم آباد کی رہائشی ہے۔

    عوام کو سمندر میں جانے سے روک دیا جائے، وزیر داخلہ سندھ

    وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے حادثے میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فوری طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کرے، پولیس سمندر پر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے، عوام کو سمندر میں  جانے سے روکنے کے لیے تھانہ جات کی سطح پر اقدامات کیے جائیں، ایڈیشنل آئی جی واقعے پر پولیس اقدامات کی رپورٹ فوری ارسال کریں۔

    جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی

    تازہ اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں سے چند کی شناخت ہوگئی ہے جن میں آمنہ طاہر،ایمان ناصر،پروین اسلم،صغریٰ بی بی، اقرا، سعود، طہٰ، عاطف، حمزہ شامل ہیں، بقیہ کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

     

  • ہاکس بے کراچی میں ڈوبنے والے 4کی لاشیں نکال لی گئیں

    ہاکس بے کراچی میں ڈوبنے والے 4کی لاشیں نکال لی گئیں

    کراچی : بپھرتا سمندر نہانے والے 4 افراد کو نگل گیا، ہاکس بے کے ساحل پر نہانے کے دوران ڈوبنے والے 5 افراد میں سے 4 کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ایک شخص کو بچالیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر گزشتہ روز نہاتے ہوئے 5 افراد ڈوب گئے تھے، جس کے بعد ایدھی کے غوطہ خوروں نے ڈوبنے والے 2 افراد کی لاشیں گذشتہ روز نکا ل لی تھی۔

    ایدھی حکام کے مطابق لاشوں شنا خت 40سالہ ذکر یہ اور 16سالہ دعا کے نام سے ہوئی، جاں بحق ہونے والے دونوں باپ بیٹی ہیں۔

    رات گئے اندھیرے کے باعث ریسکیو کا کام روک دیا گیا تھا صبح ہوتے ہی ریسکیو عملے نے تلاش کے کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور مزید 2 لاشیں نکالیں۔


    مزید پڑھیں : کراچی کے ساحلی مقامات پر نہاتے ہوئے 7 افراد ڈوب گئے


    ایدھی حکام کے مطابق لاشوں کی شناخت 20سالہ اسامہ اور 40سالہ امین کے نام سے ہو ئی ہے، دونوں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ رسیکیو کارروائی کے دوران سترہ سالہ حمزہ کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

    خیال رہے کہ ڈوبنے والے پانچوں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھاجو ہاکس بے پکنک منانے آئے تھے۔

    واضح رہے رواں سال مئی میں بھی سمندر میں ڈوب کر جاں بحق افراد کی تعداد تیرہ سے زائد ہوگئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔