دبئی: پاکستان سپرلیگ سیزن فور کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست ہے، دو روز آرام کے بعد اگلہ مرحلہ شارجہ میں شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو دبئی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا جس کے بعد دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا۔
افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں کراچی کنگز نے پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر لیگ میں فاتحانہ آغاز کیا۔
تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دی، چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی، پانچویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز جبکہ چھٹے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی زیر کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست
پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے 7 میچز کھیلے گئے جس میں چھکے چوکوں کی برسات ہوئی جبکہ کراچی کنگز نے لیگ میں سب سے بڑی شراکت داری کا اعزاز اپنے نام کیا۔
پہلے مرحلے میں کراچی کنگز کے اوپنرز لائم لیونگ اسٹون اور بابر اعظم نے پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی 157 رنز کی شراکت داری قائم کی جبکہ شین واٹس اور عمر اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ ایمرجنگ کیٹگری میں منتخب ہونے والے باؤلرز نے عمدہ کھیل کا مظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ پی ایس ایل سے باہر، قیادت اے بی ڈویلئر کریں گے
کراچی کنگز کے کم عمر باؤلر عُمر خان اور لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ راحت علی باؤلرز کی فہرست میں سرفہرست رہے۔
لاہور قلندرز نے اپنی روایتی کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کا ایک بار پھر ریکارڈ بنایا۔
پوائنٹس ٹیبل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ دوسرے پر پشاور زلمی جس کے 2 پوائنٹس، ملتان سلطانز نے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کیے اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ کراچی کنگز 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے تین تین میچز کھیلے جبکہ بقیہ تمام ٹیموں نے 2 ، 2 میچز کھیلے۔