Tag: head coach

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    کراچی : پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کیلیے ضروری ہے کہ اعلیٰ معیار کے پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی یکسوئی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلیے پریکٹس میچز کے ساتھ ان کی مالی مشکلات بھی دور کرنا ہوں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے لڑکوں کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کیلیے اسکول کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے کر بچوں کو کھلانا ہوگا اس کے علاوہ کلب لیول ہاکی کا آغاز کرنا ہوگا۔ ان ٹیموں کے صوبائی اور عالمی سطح پر مقابلے منعقد کرنا ہوں گے۔

    ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلیے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انعامات دیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور ٹیم کیلیے نئے کھلاڑی میسر آسکیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک اور بڑے ایونٹ میں شرکت کی دعوت

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے دعوت دی ہے۔

    ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا اور پرو ہاکی لیگ کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا۔

    تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم مالی مسائل کے باعث لیگ سے دستبردار ہوگئی، جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کو مدعو کر لیا۔ پرو لیگ سے پاکستان کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا سنہری موقع مل گیا ہے۔

  • سری لنکن ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دلی خواہش پوری ہوگئی

    سری لنکن ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کی دلی خواہش پوری ہوگئی

    کراچی: سابق سری لنکن ٹیسٹ کرکٹر ہشان تلکارتنے کی عظیم پاکستانی کرکٹر جاوید میانداد سے ملنے کی خواہش پوری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کپتان ہشان تلکارتنے نے لیجنڈری کھلاڑی جاوید میانداد سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

    ان کی یہ خواہش پی سی بی حکام نے پوری کردی اور ہشان تلکارتنے کی پاکستانی لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد سے کراچی میں ملاقات کا اہتمام کیا، یہ ملاقات کراچی میں جاوید میانداد کے گھر پر ہوئی، دونوں سابق کھلاڑیوں نے پرانی یادیں تازہ کیں اور ماضی کے قصے بھی سنائے۔

    ملاقات میں سری لنکن ویمنز ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور ٹرینر بھی موجود تھے جبکہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور جاوید میاں داد کے بھانجے فیصل اقبال بھی تاریخی ملاقات میں موجود تھے۔

    دورہ پاکستان کے آغاز پر پریس کانفرنس کے دوران ہشان تلکارتنے کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد اُن کے فیورٹ کھلاڑی ہیں۔

    خیال رہے کہ انیس سو چھیانوے میں ارجنا راناٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے پہلا کرکٹ ورلڈکپ جیتا تھا، ہشان تلکارتنے بھی رانا ٹنگا الیون کی قیادت میں آنے والی اس ٹیم کا حصہ تھے۔

  • بابراعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق

    بابراعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ بابراعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے، اسپنرز کے حوالے سے میری سوچ کافی مثبت ہے۔

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جب کرکٹ شروع کی تو پاکستان کے لیے کھیلنا میرا خواب تھا، ریٹائر ہونے کے بعد بھی پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، جس کیلئے آسٹریلیا اورحکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں، پوری قوم اس دورے کی منتظر ہے۔

    ثقلین مشتاق نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو دیکھتے ہوئے اپنی ٹیم بنائیں گے، ہوم سیریز کا فائدہ ہوتا ہے لیکن آسٹریلیا اس وقت ٹاپ ٹیم ہے، سیریز کے حوالے سے پلاننگ کررہے ہیں۔،

    ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ کپتان بابراعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے، انہوں نے ماضی میں بھی بہت اچھی پرفارمنس دی ہے،بابراعظم ہر فارمیٹ اور بولنگ کو اچھا کھیلتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی اچھے اسپنر نہیں تو آنے والے وقت میں ہوں گے، اسپنرز کو لے کر میری سوچ کافی مثبت ہے، سیریز کے حوالے سے پلاننگ کر رہے ہیں، ہم یہ دیکھیں گے کس طرح کی وکٹ ہمیں سپورٹ کرے گی۔

    ثقلین مشتاق یوسف کی صلاحیتوں پر سب کو بھروسہ ہے، یوسف ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی کام کررہا ہے، ہمیں اپنی تیاری مکمل کرنی ہوگی۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ زائد العمر کھلاڑیوں کے حق میں بول پڑے

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ زائد العمر کھلاڑیوں کے حق میں بول پڑے

    ہرارے: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی زائد العمر کھلاڑیوں کے حق میں بول پڑے ، کہتے ہیں کہ بڑی عمر کے کھلاڑی کو ضرور کھیلنے کا موقع دینا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق ہرارے سے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نےاچھا کھیل پیش کیا، عمران بٹ اور عابد علی نے بطور اوپنر پرفارمنس دکھائی، ہمارے لئے جنوبی افریقی کنڈیشنز میں پرفارم کرتے ہوئےجیتنا بڑی کامیابی ہے۔

    زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ نوجوان ٹیم میں خاص طور پر بولرز کا کردار اچھا رہا، حسن علی اور نعمان علی نے بہترین پرفارمنس دکھائی ہے، ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ میں وائٹ بال کی اہم سیریز ہے۔

    مصباح الحق نے کہا کہ گزرتے وقت کیساتھ پاکستان ٹیم فتوحات کےسفر پر چل رہی ہے،ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے نتائج بھی مثبت رہے، نیوزی لینڈ میں جو فیلڈنگ کےمسائل تھے ان خامیوں کو دور کیا ہے اب ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتےہوئے پلاننگ پرکام جلد شروع کریں گے۔

    بابراعظم کی کپتانی کی تعریف کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی قیادت میں کافی بہتری آرہی ہے، صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے میں بابر ثابت قدم رہے ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زائد العمر کے باوجود کھلاڑی فٹ ہے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتاہے، بڑی عمر کے کھلاڑی کو ضرور کھیلنے کا موقع دینا چاہیے، جب میں خود پرفارمنس دے رہا تھا تو یونس خان جیسے کھلاڑی ٹیم میں تھے، کچھ کمبی نیشن ایسےہوتے ہیں کہ پرفارمنس کےباوجود جگہ نہیں ملتی ، پرفارمنس کے باوجود فواد عالم کےلئے جگہ خالی نہیں تھی۔

  • کوچنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں، کسی سے سے کوئی اختلاف نہیں، مصباح الحق

    کوچنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں، کسی سے سے کوئی اختلاف نہیں، مصباح الحق

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ کوئی دباؤ نہیں تھا ٹیم پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے موقع پر بھی بی سی بی سے کوئی اختلاف نہیں تھا۔

    سابق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اکثر بیرون ملک ہونے کے باعث دوہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جن کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اسی لیے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنا پڑا، کسی سے کوئی اختلاف نہیں۔

    پریس کانفرنس میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کی ٹیمیں میں منتخب کروں گا اور بحیثیت چیف سلیکٹر کی ذمہ داری 30 نومبر تک ادا کرتا رہوں گا۔ نئے چیف سلیکٹر کا انتخاب بورڈ کا استحقاق ہے، نیا چیف سلیکٹر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے ذمہ داریاں سنبھالے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں اب کوچنگ پر بھرپور توجہ دینا چاہتا ہوں اور اس حوالے سے بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے، آج کل کی کوچنگ کے لئے فٹنس کی ضرورت ہے اور مجھ میں ابھی انرجی ہے.

    انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے طور پر ہار اور جیت کا ذمہ دار ہوں گا، میری نظریں اگلے دو برس کی کمٹمنٹ پر ہیں، ہمارا سب سے بڑا ہدف تینوں فارمیٹس میں پاکستان کو نمبر ون ٹیم بنانا ہے۔

    اس حوالے سے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کا ایک سال بعد چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کی وجہ پی سی بی کا نیا قانون ہے جس کے تحت ایک ساتھ دو عہدے نہیں رکھے جاسکتے۔

    بحیثیت چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے لیکن بد قسمتی سے اس کے نتائج اچھے نہیں رہے، مصباح الحق نے پہلی سیریز میں عمراکمل اور احمد شہزاد کو سری لنکا کے خلاف کھیلنے کا موقع دیا۔

    آسٹریلیا جیسے مشکل دورے پر بھی نوجوانوں کو آزمایا، ٹی ٹوئنٹی میں خوشدل شاہ، موسیٰ خان، احسان علی، حارث رؤف اورحیدر علی کو ڈیبیو کرایا۔

    ٹیسٹ میں عثمان شنواری، موسیٰ اور نسیم شاہ آزمائے، ان کی کوچنگ میں قومی ٹیم نے 8 ٹیسٹ سیریز کھیلیں، جن میں دو جیتے تین ہارے اور تین ہی ڈرا ہوئے جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم پہلے سے چوتھے نمبر پر آگئی، بارہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، تین جیتے، چھ ہارے اور تین بے نتیجہ رہے۔

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش، ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا اعلان آج ہوگا

    مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش، ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا اعلان آج ہوگا

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی پانچ رکنی کمیٹی نے متفقہ طور پر مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش کردی، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی پانچ رکنی کمیٹی مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کرنے کی سفارش اور وقاریونس کو بولنگ کوچ بنانے کی حمایت کی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا باقاعدہ اعلان آج بدھ کے روز کیا جائے گا۔

    پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے لیے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ اعلان کے بعد ہیڈ کوچ پریس کانفرنس کریں گے اور اپنے پلانز سے متعلق میڈیا کو آگاہی فراہم کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر بھی بنایا جاسکتا ہے، ہیڈ کوچ کیلئے ڈین جونز، یوہان بوتھا اور محسن خان نے بھی انٹرویو دیا تھا۔

  • کیا مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا؟

    کیا مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا؟

    لاہور: پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا اعلان اس ہفتے کیا جائے گا، مصباح الحق کلیدی عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپے جانے کا قوی امکان ہے.

    پی سی بی کے پانچ رکنی پینل نے اس ضمن میں گزشتہ ہفتے کوچز کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے تھے۔ خیال رہے کہ ہیڈ کوچ کا منصب مکی آرتھر کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد سے خالی ہے.

    مزید پڑھیں: وقار یونس سے بہتر کوئی بولنگ کوچ نہیں ہوسکتا، جنید خان

    جن امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے تھے ان میں مصباح الحق کے علاوہ ڈین جونز، یوہان بوتھا، محسن خان اور وقار یونس سمیت 5 افراد شامل تھے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کرکٹ بورڈ پاکستانی کوچ کے حق میں ہے، اس ضمن میں‌ مصباح الحق مضبوط ترین امیدوار ہیں، جنھیں چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپا جاسکتا ہے.

    ادھر بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس کا انتخاب لگ بھگ حتمی ہے، محمد اکرم اپنی درخوات واپس لے چکے ہیں، جب کہ کورٹنی واش کو ذمے داری سوپنے میں ادارہ دل چسپی نہیں رکھتا.

  • ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    سنچورین: جنوبی افریقہ کے خلاف ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلے بازوں کی خراب پرفارمینس پر مکی آرتھر غصےسے پھٹ پڑے، تمام کھلاڑیوں کو کھری کھری سنا دی۔

    انھوں نے غیر ذمے دارانہ شاٹس کھیلنے پر کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس موقع پر کھلاڑیوں نے غلط شاٹس کھیلنے کا اعتراف کرلیا، البتہ ہیڈ کوچ کا غصہ ختم نہیں ہوا۔


    مزید پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


    موصولہ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    البتہ پی سی بی نے جھگڑے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے تو ڈانٹ ڈپٹ ہوتی ہے۔

    مکی آرتھر کو وارننگ مل گئی

    ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد بھی مکی آرتھر خبروں کی زینت بنے رہے۔ ہیڈ کوچ کو پی سی بی کی جانب سے وارننگ مل گئی۔

    تیسرے روز جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلگر کو ناٹ آؤٹ قرار دینے پر مکی آرتھر نے ٹی وی امپائر جوئل ولسن کے کمرے میں جا کر فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    ٹی وی امپائر کی شکایت پر میچ ریفری ڈیوڈ بون نے انھیں وارننگ دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ سے محروم کردیا، مکی آرتھر نے غلطی کا اعتراف کیا ہے۔

  • شاہد آفریدی میں اب بھی بچوں والا جذبہ ہے: مکی آرتھر

    شاہد آفریدی میں اب بھی بچوں والا جذبہ ہے: مکی آرتھر

    کراچی: کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی باصلاحیت کھلاڑی ہیں جن کا جوش و جذبہ ڈریسنگ روم میں اب بھی بچوں والا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی جیسے تجربہ کار کھلاڑی کا کراچی کنگز میں ہونا خوش آئند ہے، پی ایس ایل میں ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں جس سے آنے والے میچوں میں فائدہ ہوگا۔

    اس بار پی ایس ایل کا ٹائٹل کراچی کنگز اپنے نام کرے گی: کوچ مکی آرتھر

    انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں شاندار کیچ پکڑنے پر وہ بہت خوش تھے جس کے بعد ڈریسنگ روم میں آکر شاہد آفریدی نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کوچ، میں اچھی فیلڈنگ کر رہا ہوں، قومی ٹیم کے لیے دوبارہ کھیل سکتا ہوں‘‘

    ہیڈ کوچ نے کہا کہ کراچی کنگز میں بہترین بلے باز اور باولرز موجود ہیں جو مکمل فٹ اور اگلے میچ کے لیے تیار ہیں۔ اب تک ہم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت لیگ کے تینوں میچز جیت گئے۔

    عماد وسیم کو کراچی کنگز کی قیادت ملنا اچھی بات ہے، مکی آرتھر

    قومی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کی بات کی جائے تو ہماری باولنگ لائن مضبوط ہے لیکن بیٹنگ لائن میں توجہ دینےکی ضرورت ہے۔

    خیال رہے پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہیں جس کے تحت کھیلے گئے تینوں میچز میں جیت کے بعد کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں ٹاپ پر آگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔