Tag: health department

  • خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

    پشاور(11 اگست 2025): صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اٹھائیس ارب کی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 سے 2021 کے دوران بعض نجی اسپتالوں کو غیر ضروری طور پر سہولت کارڈ کے پینل میں شامل کیا گیا، بعض اسپتالوں کو پینل پر نا ہونے کے باوجود ادائیگیاں کی گئیں۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق دس اضلاع کے پینل میں شامل 48 اسپتالوں میں سے 17 اسپتال محکمہ میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باوجود ادائیگیاں کی گئیں صرف سوات کے دو اسپتالوں کو ایک ایک ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔

    محکمہ صحت مرکزی اطلاعاتی نظام متعارف نہ کراسکا اور صحت کارڈ سے فائدہ اٹھانے والے مریضوں کی تفصیل موجود ہی نہیں ہے۔

     اس سے قبل گزشتہ دنوں نیب خیبرپختونخوا نے صوبے میں دریاؤں سے سونا نکالنے کے ٹھیکوں میں اربوں روپے کے مبینہ خوردبرد کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔

    نیب ذرائع نے کہا کہ دریاؤں سے سونا نکالنے کے لیے ٹھیکوں میں اربوں روپے کی غبن ہوئی ہے، دریائے سندھ میں نظام پور، صوابی، کوہستان اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں سے سونا نکالا جاتا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق نظام پور میں سونا نکالنے کا ٹھیکہ 6 ارب کی بجائے چار ارب پر دیا گیا ہے، من پسند افراد کو کم قیمت پر ٹھیکہ دیکر سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے، نیب نے متاثرہ ٹھیکہ دار کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    اسلام آباد: وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کے لیے قواعد بالائے طاق رکھ دیے گئے، سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص کو تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے 20 گریڈ کی سیٹ پر گریڈ 22 کا افسر تعینات کر دیا، اسپیشل سیکریٹری وزارت صحت افتخار شلوانی کو سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ مقرر کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کوآرڈینیٹر کامن مینجمنٹ یونٹ کا عہدہ گریڈ 20 کا ہے، سربراہ سی ایم یو بشیر کھیتران کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا تھا، افتخار شلوانی کی سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ تعیناتی خلاف قواعد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ سی ایم یو کے لیے امیدوار کی پبلک ہیتھ میں گریجویشن لازم ہے، گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے ہے، افتخار شلوانی کو جلد مزید اداروں کا چارج بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ افتخار شلوانی کو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایمونائزیشن کا چارج ملے گا، ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کو بھی گزشتہ روز تبدیل کیا گیا تھا۔

    افتخار شلوانی کو بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا چارج دیا جائے گا، ڈی جی ایف ڈی آئی، بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی گریڈ 20 کے عہدے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کامن مینجمنٹ یونٹ کو سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ ہوتی ہے، قومی انسداد ٹی بی، ایڈز اور ملیریا پروگرام کامن مینجمنٹ یونٹ کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کمشنر کراچی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ رہ چکے ہیں، افتخار شلوانی کا تعلق حیدر آباد سے ہے اور انہیں پیپلز پارٹی کے قریب سمجھا جاتا ہے۔

  • بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : بیرون ممالک سے کراچی پہنچے والے درجنوں مسافروں میں کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، مشتبہ مسافروں کے ٹیسٹ کئے گئے تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک بذریعہ جہاز کراچی ایئر پورٹ آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مذکورہ مسافر مختلف پروازوں کے ذریعے جدہ، یواےای اور قطر سے کراچی پہنچے، بخار، زکام، کھانسی کے باعث مشتبہ مسافروں کے ٹیسٹ کئے گئے۔

    اس سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے مسافروں کے کورونا ٹیسٹس کے اعدادوشمار جاری کردئیے ہیں، جس کے مطابق کراچی پہنچنے والے469مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق مورخہ 5جنوری سے31جنوری تک 78ہزار317ٹیسٹ کئے گئے، 77ہزار848مسافروں کےٹیسٹ منفی آئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ2ہزار141پروازوں کے ذریعے 3لاکھ930مسافر کراچی ایئرپورٹ پہنچے تھے جن مسافروں میں علامات پائی گئیں ان کی طبی چانچ پڑتال کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ13جنوری سے دو فروری تک گھروں میں قرنطینہ کرنے والے مسافروں کی تعداد167ہے۔

  • کراچی : کورونا مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ

    کراچی : کورونا مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حدتک اضافہ

    کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں کورونا کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں ریکارڈ کی گئی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 41.06 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

    اس حوالے سے محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 41.06فیصد ہوگئی جبکہ حیدرآباد میں مثبت کورونا شرح17.27فیصد ہوچکی ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح15.37فیصد سامنے آئی ہے اور راولپنڈی میں اب تک کورونا شرح 12.75فیصد ہوچکی ہے۔

    حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا کی شرح 14.25ہوچکی ہے جبکہ مظفرآباد میں کورونا کی شرح25فیصد ہوچکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے بچےبھی زیادہ متاثر ہورہے ہیں، ڈیوٹی پر مامور ہیلتھ ورکرز بھی بڑی تعداد میں وبا میں مبتلا ہورہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں کورونا کیسزکی شرح17.27فیصد رہی، گلگت میں یومیہ شرح6.67، دیامر، سکردومیں صفر ریکارڈ جبکہ 24گھنٹے میں مظفرآباد میں شرح25،میرپور9.69فیصد رہی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد میں کورونا کی شرح15.37فیصد
    راولپنڈی میں شرح12.75فیصد، لاہورمیں14.25فیصد اور بہاولپور میں شرح1.52،جہلم1.59،ملتان2.91فیصدریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ سرگودھا میں کورونا کی یومیہ شرح3.17، فیصل آباد3.15فیصد، کوئٹہ میں شرح5.20فیصد پشاور میں 11.20،مردان1.31فیصد، نوشہرہ میں 1.85، اور ایبٹ آباد میں کوروناکی یومیہ شرح 1.62فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 6 ہزار 808 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.55 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

  • شاہ زیب قتل کیس، ملزم شاہ رخ  کی نجی اسپتال منتقلی سے محکمہ صحت لاعلم

    شاہ زیب قتل کیس، ملزم شاہ رخ کی نجی اسپتال منتقلی سے محکمہ صحت لاعلم

     شاہ زیب قتل کیس کے  مرکزی ملزم شاہ رخ کو کراچی سینٹرل جیل سے بنگلے میں بنے ایک نجی اسپتال میں منتقل کرنے سے قبل محکمہ صحت سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

    شاہ رخ کی نجی اسپتال منتقلی کے حوالے سے محکمہ صحت لاعلم ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے محکمہ صحت کو جیل یا محکمہ داخلہ کی جانب سے کوئی خط نہیں ملا اور ملزم کو میڈیکل بورڈ کی سفارش کے بغیر ہی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق قیدی کی زندگی اگر خطرے میں ہو تو اسے اسپتال منتقل کیا جاتا ہے اور نجی اسپتال منتقلی کے لیے محکمہ داخلہ محکمہ صحت سے رجوع کرکے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست کرتا ہے۔

    تاہم شاہ رخ جتوئی کے معاملے میں ایسا کچھ نہیں کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو گزری کے جس نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے وہ نیب اور اینٹی کرپشن کے قیدیوں کے لیے سہولت گاہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جس بنگلے میں قائم اسپتال میں شاہ رخ جتوئی کو منتقل کیا گیا ہے اس کی بنیاد ملزم کے والد نے رکھی تھی جب کہ ملزم کو وہاں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب شاہ رخ جتوئی کی نجی اسپتال منتقلی سے متعلق خبر پر جیل میں ہلچل مچ گئی ہے، سینٹرل جیل حکام اس معاملے پر جواب دینے کو تیار نہیں ہیں اور آئی جی جیل خانہ جات اور جیل سپرنٹنڈنٹ نے اپنے رابطہ نمبرز بند کردیے ہیں۔

  • محکمہ صحت سندھ کا ڈینگی سے متعلق ڈیٹا مشکوک ہوگیا

    محکمہ صحت سندھ کا ڈینگی سے متعلق ڈیٹا مشکوک ہوگیا

    کراچی: صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں 970 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے تاہم کراچی کے صرف ایک اسپتال میں 800 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد محکمہ صحت کا ڈیٹا مشکوک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کا ڈینگی سے متعلق ڈیٹا مشکوک ہوگیا، محکمہ صحت نے سندھ بھر میں اب تک 970 ڈینگی کیسز کی تصدیق کی جبکہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے صرف ایک نجی اسپتال میں اب تک 886 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    نجی اسپتال میں جنوری سے اکتوبر تک 800 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    اس وقت سندھ سمیت ملک بھر میں ڈینگی کیسز میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے ریکارڈ کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    رواں سیزن اسلام آباد میں 26 سو 3 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 15 سو 89 کیسز رورل ایریا اور 1 ہزار 14 کیسز اربن علاقوں میں رپورٹ ہوئے۔ رواں سیزن میں ڈینگی سے 10 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

  • محکمہ صحت میں الٹرساؤنڈ مشینوں کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف

    محکمہ صحت میں الٹرساؤنڈ مشینوں کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف

    بہاولپور:محکمہ صحت میں الٹرساؤنڈ مشینوں کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا، سپلائر نے چینی الٹراساؤنڈ مشین امریکی ساخت کا لیبل لگاکر محکمہ صحت کو بیچ دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت میں الٹرساؤنڈ مشینوں کی خریداری میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف سامنے آیا ، امریکی ساختہ کہہ کرچینی الٹراساؤنڈ مشین محکمہ صحت کوبیچ دی گئی۔

    محکمہ صحت کےافسران نے بھی ٹیکنیکل انسپکشن نہ کراکر بھاری مال کمایا ، چینی مشین کی مارکیٹ میں قیمت 3لاکھ جبکہ امریکی مشین کی قیمت7لاکھ 65ہزار ہے۔

    محکمہ صحت نےرورل ہیلتھ سینٹرکیلئےیورپی اور امریکی مشینوں کی سپلائی کاٹینڈرجاری کیا ، لاہورکے سپلائرنے 18امریکی ساختہ مشینوں کی سپلائی کاٹینڈرحاصل کیا، سپلائر نےچینی الٹراساؤنڈمشین امریکی ساخت کالیبل لگاکرمحکمہ صحت کوبیچ دی۔

    سی او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کیلئےڈپٹی کمشنر نے کمیٹی بنادی ہے۔

  • ترقیاتی فنڈز: وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے جاری

    ترقیاتی فنڈز: وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے جاری

    اسلام آباد: رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں، وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 14 ارب 6 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں، پی ایس ڈی پی کی مد میں 321 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    دستاویزات کے مطابق وزارتوں کے منصوبوں کے لیے 208 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد جاری کیے گئے، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 44 ارب 7 کروڑ روپے، کابینہ ڈویژن کے لیے 40 ارب 22 کروڑ روپے اور وزارت خزانہ کے لیے 33 ارب 4 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 55 ارب 20 کروڑ روپے، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 14 ارب 6 کروڑ روپے سے زائد اور این ٹی ڈی سی اور پیپکو کے لیے 31 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔

    دستاویزات کے مطابق وزارت ریلویز کے لیے 11 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد، وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد اور وزارت قومی تحفظ خوراک کے لیے 6 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 25 ارب 25 کروڑ سے زائد، تخفیف غربت ڈویژن کے لیے 6 ارب 75 کروڑ روپے اور ایرا کے لیے 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے۔

  • ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی: محکمہ صحت کا دعویٰ

    ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی: محکمہ صحت کا دعویٰ

    اسلام آباد: محکمہ صحت نے ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی اور پنجاب اور سندھ کے علاوہ بقیہ تمام اضلاع کو ڈینگی سے پاک قرار دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں 93 فیصد کمی آئی ہے۔ بلوچستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع ڈینگی وائرس سے مکمل پاک ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب ڈینگی وائرس سے 97 فیصد پاک ہوگیا ہے۔ سندھ سے ڈینگی وائرس کا تاحال خاتمہ نہ ہو سکا۔

    ذرائع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ موجودہ 98 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ کے 96 فیصد ڈینگی کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹےمیں ملک میں مزید 94 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں سندھ سے 84، پنجاب سے 8 جبکہ ملک کے دیگر شہروں سے 2 ڈینگی کیس سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 52 ہزار 776 ہوگئی۔ رواں برس سب سے زیادہ 15 ہزار 783 کیس سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13 ہزار 285 کیس، پنجاب سے 10 ہزار 77، بلوچستان سے 3 ہزار 387، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار 82 اور قبائلی اضلاع سے 794 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    آزاد کشمیر سے رواں برس 16 سو 90 ڈینگی کیس سامنے آئے۔ ملک کے دیگر حصوں سے 678 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔ گلگت بلتستان سے رواں برس ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    رواں برس ملک میں ڈینگی سے 92 اموات ہوچکی ہیں۔

  • سعودی پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی، غیرملکی اتائی گرفتار

    سعودی پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی، غیرملکی اتائی گرفتار

    ریاض : محکمہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم الزاہر کالونی میں رہائش پذیر تھا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ معظمہ میں سعودی پولیس نے غیر قانونی طور پر ادویہ فروخت کرنے والے ایک غیرملکی اتائی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ معظمہ کے محکمہ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں نے ایک شخص کے غیر مجاز طریقے سے لوگوں میں ادویہ فروخت کرنے کی اطلاع دی تھی۔ اس پر حکام نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کارروائی میں اس شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    یہ اتائی غیر ملکی ہے اور سعودی عرب میں بہ سلسلہ روزگار مقیم تھا۔محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ ملزم الزاہر کالونی میں رہائش پذیر تھا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہا تھا۔

    محکمے کے ترجمان حمد العتیبی نے بتایا کہ ملزم نے اپنے اقامتی مکان میں بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر ادویہ بھی ذخیرہ کر رکھی تھیں، ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے اس اتائی کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔