Tag: health ministry

  • منکی پاکس وائرس: ملک کے تمام اسپتالوں کو ضروری اقدامات کی ہدایت

    منکی پاکس وائرس: ملک کے تمام اسپتالوں کو ضروری اقدامات کی ہدایت

    اسلام آباد: وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں منکی پاکس وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان میں بھی اس کی مؤثر نگرانی کی جارہی ہے، تمام اسپتالوں کو منکی پاکس کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس پر پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کی ہدایت پر منکی پاکس کی صورتحال پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ منکی پاکس وائرس کی مؤثر نگرانی کی جارہی ہے، پاکستان میں تاحال منکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منکی پاکس سے بچاؤ کے تمام اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، صوبائی اور وفاقی سطح پر لیبز منکی پاکس وائرس کی تصدیق کے لیے مکمل تیار ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت صحت مسلسل منکی پاکس سے متعلقہ تمام امور کا جائزہ لے رہی ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے تمام اسپتالوں کو منکی پاکس کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اب تک دنیا کے 75 ممالک میں 16 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

  • عالمی ادارے ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل تجویز کر رہے ہیں: وزارت صحت

    عالمی ادارے ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل تجویز کر رہے ہیں: وزارت صحت

    اسلام آباد: وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ڈاکٹرز اور عالمی ادارے ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل تجویز کر رہے ہیں، ایکٹیمرا کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے پھیپھڑوں کے مریض کو لگایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایکٹیمرا انجکشن کی قلت ہے، عالمی اداروں نے ایکٹیمرا کا متبادل تجویز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے ڈاکٹرز بھی ایکٹیمرا انجکشن کا متبادل تجویز کر رہے ہیں، ایکٹیمرا کرونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے پھیپھڑوں کے مریض کو لگایا جاتا ہے۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ انجکشن کا فارمولا ٹو سیلوزو میب ہے، باریکی ٹینیب اور ٹوفاسی ٹینیب ایکٹیمرا انجکشن کے متبادل ہیں، دنیا بھر میں ایکٹیمرا انجکشن بلیک میں فروخت ہو رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں فارما کمپنیز بیرون ملک سے ایکٹیمرا انجکشن درآمد کرتی ہیں، ڈریپ نے ایکٹیمرا 200 ایم جی کی قیمت 39 ہزار 689 روپے مقرر کی ہے، ڈریپ نے ایکٹیمرا 400 ایم جی کی قیمت 79 ہزار 378 مقرر کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسمگل شدہ ایکٹیمرا انجکشن ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

  • سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی کچھ بدلتی اقسام 12 سے 18 سال کے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہو چکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسینز محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

    اس سے پہلے سعودی عرب میں صحت حکام نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو بڑھایا تھا۔

    سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 6 ہزار 572 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک میں کیے جانے والے ان ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

    سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 55 ہزار 15 افراد کو کرونا ویکیسن کی خوراک دی جا چکی ہے جن میں 13 لاکھ 52 ہزار 555 افراد بزرگ ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔

  • اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ، وزارت صحت کا عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ، وزارت صحت کا عدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: وزارت صحت نے وفاق میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی شرح غیر تسلی بخش قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے وفاق میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن پراظہارعدم اطمینان کرتے ہوئے اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسپتال اور لیبز کو مراسلہ جاری کردیا یے۔

    وزارت صحت کی جانب سے مراسلے میں کہا ہے کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی شرح غیر تسلی بخش ہے، اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سست روی کا شکار ہے، نصف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن نہیں ہوسکی۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ احکامات کے باوجود اسلام آباد میں ویکسی نیشن شرح میں بہتری نہیں آئی، پہلے فیزمیں وفاق کے8 ہزارفرنٹ لائن ورکرز کی رجسٹریشن ہوئی، جس میں سے صرف 3200فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن ہوسکی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن کاؤنٹر7دن فعال رہتےہیں، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن وقت کی ضرورت ہے، سرکاری، نجی اسپتال، لیب عملے کی ترجیحاً ویکسی نیشن کرائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں کوروناویکسی نیشن کےدوسرے فیز کاآغازہوگا، اسلام آباد میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کےلیےحوصلہ افزائی کی جائے۔

  • کورونامریضوں کیلئے استعمال ہونیوالے انجکشن کی قلت، منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کاآغاز

    کورونامریضوں کیلئے استعمال ہونیوالے انجکشن کی قلت، منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کاآغاز

    اسلام آباد: کورونامریضوں کیلئےاستعمال ہونیوالےانجکشن کی قلت اور زائدنرخ وصولی پر منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کاآغازکردیا جبکہ مارکیٹ میں ریمڈیسویرانجکشن کی دستیابی کویقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت صحت نے کورونامریضوں کیلئےاستعمال ہونیوالےانجکشن کی قلت اور زائدنرخ وصولی پرنوٹس لیتے ہوئے منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کاآغازکردیاہے۔

    معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے کہاکہ زائد قیمت پر دوا فروخت کرنےوالوں کےخلاف کارروائی ہوگی، ایکٹیمرا انجکشن کی زائدقیمت وصولی پر080003727 پرشکایت درج کرائی جاسکتی ہے، ڈریپ منافع خوروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے گا۔

    ڈاکٹرظفرمرزا کا کہناتھا کہ حکومت کورونامریضوں کےعلاج کیلئےموثراقدامات یقینی بنارہی ہے ، مارکیٹ میں ریمڈیسویرانجکشن کی دستیابی کویقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جبکہ 2امپورٹرز اور 12لوکل مینوفیکچررز کی منظوری دے دی ہے۔

    ڈاکٹرظفرمرزاکی ہدایت پرڈرگ پرائسنگ کمیٹی کااجلاس ہوا، اجلاس میں قانون کےمطابق ریمڈیسویر کی کم سےکم قیمت کاتعین کیا گیا،ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاقیمت سےمتعلق حتمی منظوری وفاقی حکومتی دےگی، اب تک ریمڈیسویرکی محدود مقدار امپورٹ کی جارہی تھی۔

  • کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت کی صرف ضرورت کے وقت دستانے استعمال کرنے کی ہدایت

    کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت کی صرف ضرورت کے وقت دستانے استعمال کرنے کی ہدایت

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دستانے کرونا وائرس سے نہیں بچاتے بلکہ آلودگی کا ذریعہ بن جاتے ہیں، لہٰذا انتہائی ضرورت کے وقت ہی دستانے استعمال کیے جائیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کی بابت آگہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، وزارت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دستانے انتہائی ضرورت کے تحت ہی استعمال کریں، عموماً اس سے گریز کیا جائے۔

    وزارت صحت نے توجہ دلائی ہے کہ دستانے کرونا وائرس سے نہیں بچاتے، یاد رکھیں کہ دستانے آلودگی کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔

    وزارت صحت نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ اپنے ہاتھ بار بار دھوتے رہیں، ماہرین صحت کا یہی کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گرم پانی اور صابن سے مسلسل ہاتھ دھوتے رہیں۔

    ترجمان کے مطابق ہر مرتبہ کم از کم 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں اور ہاتھ دھونے کے لیے گرم پانی کا استعمال کریں، اگر پانی ٹھنڈا ہو تو ایسی صورت میں صابن سے ہاتھ 20 سیکنڈ تک ضرور دھوئیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک 11 سو 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

  • ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے،وزارت صحت

    ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے،وزارت صحت

    اسلام آباد : وزارت صحت کا کہنا ہے ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے اور 35ایڈز کے ٹرٹمنٹ سنٹرز کام کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے ملک میں ایڈر کے مریضوں کی تعداد کے اعدادوشمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیئے، جس کے مطابق اس وقت کل 23757 افراد ایچ آئی وی کے مریض ہیں ۔

    وقفہ سوالات کے دور ان وزارت صحت نے بتایا کہ ایڈز میں 18220مرد4170خواتین ، مخنث 379 افراد مبتلا ہیں ۔وزارت صحت کے مطابق ایڈز میں 564بچے ، 424بچیاں مبتلا ہیں ۔وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں 35ایڈز کے ٹرٹمنٹ سنٹرز کام کررہے ہیں۔

    گذشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف ہوا تھا ، بچوں کی عمریں 4 ماہ سے 8 سال تک کے درمیان تھیں۔

    مزید پڑھیں : لاڑکانہ کے 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف

    لاڑکانہ کے علاقے رتو ڈیرو سے گزشتہ ایک ماہ میں 16 بچوں کے سیمپل تشخیص کے لیے بھیجے گئے، بچے مسلسل بخار کی حالت میں تھے اور ان کا بخار نہیں اتر رہا تھا جس کے بعد ان بچوں کے خون کے نمونے لیے گئے تھے۔

    خیال رہے ماہرین طب کے مطابق پاکستان میں ہر سال 20 ہزار سے زائد افراد کو ایچ آئی وی ایڈز ہو رہا ہے۔ 60 فیصد سے زائد ایڈز کے مریض پنجاب میں ہیں۔

    یو این ایڈز کے کنٹری ڈائریکٹر ایڈمرلین بورومیو کا کہنا تھا پاکستان نے ایڈز کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں صرف 16 فیصد ایڈز کے مریض چیک اپ کرواتے ہیں ، ایڈز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی، امید ہے کہ پاکستان 2030 تک ایڈز پر قابو پا لے گا۔