Tag: Health

  • اراکین قومی اسمبلی کا بعد  ازمرگ  اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    اراکین قومی اسمبلی کا بعد ازمرگ اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انسانی اعضا ترمیمی بل 2016کی متفقہ رائے سے منظور. بل رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے پیش کیا ، خاتون رکن ایم کیو ایم (پاکستان ) سمیت سیکرٹری صحت اور وزرات صحت کے حکام بھی اعضاعطیات کرنے کا اعلان کردیا.

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس خالد مگسی کی زیرصدارت ہوا، جس میں‌انسانی اعضا ترمیمی بل 2016کی متفقہ رائے سے منظور ہوگیا.انسانی اعضا پیوند کاری 2016 کے حوالے سے ترمیمی بل رکن قومی اسمبلی متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کشور زہرہ کی جانب سے پیش کیا گیا.

    انسانی اعضا ترمیمی بل 2016 کے مندرجات میں‌درج ہے، وہ افراد جو کسی بھی حادثے کے پیش نظر اپنی زندگی گنوا دیتے ہیں‌، ان کے اعضا کو ٹرانسپلانٹ کے ذریعے محفوظ کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ کسی زندہ انسان کی ضرورت پرکارآمد ثابت ہوسکیں.

    خاتون رکن قومی اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ بل میں‌ کہا گیا کہ پاکستان دنیا میں انسانی اعضا کی سستی ترین منڈی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اسپتال میں انسانی اعضا سستے ترین داموں خرید کرمتعقلہ اداروں میں مہنگے داموں میں فروخت کیے جاتے ہیں.

    انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں ایک گردے کی قیمت ایک لاکھ تیس ہزارروپے ہے، جبکہ غربت کی بدولت سیکٹروں افراد اپنے اعٍضا فروخت کرچکے ہیں‌، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ میرے مرنے کے بعد میرے جسمانی اعضا کو ضرورت مند افراد میں‌عطیہ کر دیئے جائیں .

     قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اراکین نے کشور زہرہ کے موقف کی تائید کی اور اپنے اعضا کوعطیات کرنے کا اعلان بھی کیا جبکہ سیکرٹری صحت اور وزرات صحت کے حکام کا بھی اعضاعطیات کرنے کا اعلان کیا.

  • خوشگوارزندگی موٹاپے سے نجات دلاتی ہے، محققین

    خوشگوارزندگی موٹاپے سے نجات دلاتی ہے، محققین

    اب موٹاپے سے پریشان افراد آسانی سے اپنے وزن میں کمی لا سکتے ہیں، وزرش، کم خوراک، پوری نیند  اور خوش گوار زندگی آپ کو موٹاپے سے نجات دلاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپا صحت کا قاتل اور شخصیت کا دشمن ہوتا ہے، اچھا خاصا انسان موٹاپے کی وجہ سے چلتا پھرتا لطیفہ معلوم ہوتاہے، موٹاپے کے شکار خواتین و حضرات کسی بھی محفل کو لطف اندوز نہیں کرتے بلکہ محفل ان سے لطف اندوز ہوتی ہے اس لیے موٹے لوگوں کا حلقہ احباب بہت مختصر ہوتا ہے.

    اکثر اوقات موٹے افراد اپنے بے ہنگم وجود کی بنا پر گھر سے باہر نکلنے سے کتراتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ باہر نکلنے پر انہیں‌ مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے لہذا وہ راہ فراراختیار کرتے ہیں مگر اب موٹے افراد اپنی اس شرمندگی سے بآسانی نجات پا سکتے ہیں۔

    برطانیہ کی طبی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاناغہ ورزش ، کم خوراک، پوری نیند اور خوش گوار زندگی موٹاپے سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق زیادہ تر وہ لوگ موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں‌ جو کسی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں. محققین کا کہنا ہے کہ اکثر ذہنی پریشانی میں مبتلا افراد اپنی پریشانی کو زیادہ غذا کے استعمال سے ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں‌.ان کی یہ عادت انہیں‌ مزید موٹاپے کا شکار کرتی ہے۔

    محققین کے مطابق وہ افراد جو ذہنی خلفشار کا شکار ہوتے ہیں ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ روزانہ علی الصباح چہل قدمی اور متوازن غذا کا استعمال کریں۔

    تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سخت ورزش موٹاپے میں کمی لانے کی کوشش میں زیادہ مددگار ثابت نہیں ہوتی،  تحقیق کو ثابت کرنے کے لیے محقیقین نے موٹاپے کے شکار 38 مرد اور خواتین کو دو گروپ میں تقسیم کیا۔

    ایک گروپ کو ہفتے میں 5 بار ورزش اور خوراک کی مقدار میں بھی کمی لانے کی ہدایت کی جبکہ دوسرے گروپ کو سخت ورزش کے ساتھ متوازن غذا کے استعمال کا کہا گیا۔ اس کے ساتھ دونوں‌ گروپس کے افراد کو زندگی کے ہر لمحے کو انجوائے کرنے، دوستوں کی محفلوں میں جانے اور ہلکا میوزک سننے کی بھی ہدایت کی۔

    محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان افراد سے کہا کہ وہ پریشانی کا سبب بننے والے عوامل سے مکمل دوری اختیار کریں۔

    محققینکے مطابق جب تین ہفتوں کے بعد ان افراد کاجائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ دونوں گروپ کے جسمانی وزن میں یکساں کمی آئی ہے اس کے ساتھ انسولین کی حساسیت اور میٹابولزم میں‌ بہتر ی بھی دونوں گروپس کے افراد میں‌ برابرہے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ اس تحیقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ بلا ناغہ ورزش، کم خوراک ، پوری نیند اور خوش گوار زندگی جسمانی وزن میں کمی لانے کا سبب بنتی ہے تاہم اس کے لیے غذائی مقدار میں کمی لانا بھی بہت ضروری ہے۔

  • دبئی میں شرجیل میمن کی اچانک طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    دبئی میں شرجیل میمن کی اچانک طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    دبئی: سابق وزیر بلدیا سندھ شرجیل انعام میمن طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیربلدیات سندھ اور پی پی کے رہنماء شرجیل انعام میمن طبیعت ناساز ہونے کے باعث دبئی کے اسپتال میں داخل ہوگئےجہاں ڈاکٹرز نے اُن کے مختلف ٹیسٹ کروائے ہیں۔


    پڑھیں: ’’ پی پی رہنما شرجیل میمن کا رواں ماہ وطن واپسی کا اعلان ‘‘


    شرجیل میمن کی طبیعت ناسازی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اُن کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کیا۔


    مزید پڑھیں: ’’ پی پی رہنما شرجیل میمن کا رواں ماہ وطن واپسی کا اعلان ‘‘


    خیال رہے شرجیل انعام میمن گزشتہ کئی ماہ سے بیرون ملک مقیم ہیں انہوں نے وطن واپسی کا بھی اعلان کررکھا ہے جبکہ وہ کرپشن کے مقدمے میں نیب کو بھی مطلوب بھی ہیں۔ شرجیل میمن نے گزشتہ دنوں وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئےعدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

    دوسری جانب پی پی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین کو دل میں تکلیف کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ

    سعودی عرب: ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ 2015 میں ایڈز کے 1191 نئے کیس سامنے آئے جن میں 436 سعودی اور 755 غیر سعودی شہری تھے۔

    عرب میڈیا کے مطابق وزارتِ صحت نے ایڈز کی بیماری اور اس سے متاثرہ افراد کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 1984 کے آغاز سے 2015 کے اختتام پر ملک میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 22952 سامنے آئی۔

    وزارتِ صحت نے متاثرہ افراد کی تعداد کے حوالے سے کہا ہے کہ ایڈز کے مرض میں 6770 سعودی جبکہ 16182 غیر ملکی ہیں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ایڈز کے مرض سے آگاہی ، حفاظی تدابیر اور علاج بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔


    پڑھیں: ’’ ایڈز کا علاج قابل رسائی لیکن مریضوں میں خطرناک اضافہ ‘‘


    وزیر صحت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ایڈز کے حوالے سے اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جس میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں ہیں جبکہ ایڈز  سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے خصوصی طبی مراکز بھی قائم کیے گیے ہیں۔

    سعودی حکومت کی جانب سے ایڈز سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے 11 جدید اسپتال قائم کیے گیے ہیں جو ریاض، جدہ، مکہ، طائف، عسیر، جازان، دمام اور مدینہ منورہ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی واقع ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ ایڈز کی جانچ کیلئے آلہ تیار ‘‘

    وزارتِ صحت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس ایڈز سے متاثرہ افراد کے ریکارڈ کی نسبت امسال سعودی شہریوں کی تعداد میں کمی آئی جبکہ غیر ملکیوں کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
  • پنجاب میں موٹرسائیکل ایمبولینس چلے گی

    پنجاب میں موٹرسائیکل ایمبولینس چلے گی

    لاہور: حکومتِ پنجاب ریسکیو 1122 کی پہنچ گنجان آباد علاقوں میں یقینی بنانے کے لیے پانچ شہروں میں موٹر سائیکل ایمبولینسیں چلائے گی، یہ تجربہ دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالا، فیصل آباد، لاہور ، ملتان اور راولپنڈی میں پچاس پچاس موٹر سائیکل ایمبولینسز دی جائیں گی۔ وزیرِ اعلی پنجاب نے ریسکیو1122 کی سمری منظور کر لی۔

    اس منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ جن تنگ گلیوں اور علاقوں تک ایمبولینسز نہیں پہنچ سکتیں وہاں موٹر سائیکل ایمبولینسیں کام آئیں گی اور مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بیک اپ پر موجود ایمبولینس تک پہنچائیں گی۔

    دو تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار ہر موٹر سائیکل ایمبولینس پر ابتدائی طبی امداد کے لئے موجود رہیں گے۔ موٹر سائیکل ایمبولینسوں کے اس منصوبے کا آئیڈیا برطانیہ، ترکی اور جاپان میں کامیابی سے چلتی موٹر سائیکل ایمبولینسوں کے ماڈلز سے لیا گیا ہے۔

    >

  • گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    کراچی: نومنتخب علیل گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) سے روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومنتخب گورنر سندھ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سعید الزماں صدیقی کو انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں منتقل کردیا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر گورنر سندھ کے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    پڑھیں:  ’’ گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل ‘‘

    خیال رہے دو روز قبل نومنتخب گورنر سندھ کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں کلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ترجمان گورنر ہاؤس نے جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناسازی اور اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

    نومنتخب گورنر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں داخل کروانے کامشورہ دیتے ہوئے مختلف ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔

  • جھوٹ بولنے سےانسان بے حس ہوجاتا ہے، تحقیق

    جھوٹ بولنے سےانسان بے حس ہوجاتا ہے، تحقیق

    لندن: لندن میں ہونے والی ایک تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ جھوٹ بولنے والا شخص بے حس ہوجاتا ہے اور آخر میں وہ دوسروں کے جذبات اور احساسات کی کوئی پروا نہیں کرتا۔

    لندن کی ایک یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق دماغی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ جھوٹ بولنے سے دماغ بے حس ہوجاتا ہے جس کا نتیجہ آخر میں یہ ہوتا ہے کہ ایسے لوگوں کو دوسروں کے جذبات اور احساسات کی کوئی پروا نہیں رہتی اور وہ بڑی آسانی سے ہر معاملے میں لوگوں کو دھوکا دینے لگتے ہیں۔

    جھوٹ بولنے شخص کو عام طور پر برا سمجھا جاتا ہے مہذب معاشروں میں ایسے شخص کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی جو سچ کے بجائے جھوٹ بولنے کا سہارا لیتے ہیں اور اپنی بات منوانے کے لیے غلط بیانی کرتے ہیں۔

    لندن میں ہونے والی تازہ تحقیق میں 80 افراد شامل تھے جن سے مختلف حالات کی مناسبت سے جھوٹ اور سچ بولنے کا کہا گیا، اس دوران ماہرین نے دماغ کے ایک مخصوص حصے ایمگڈالا میں ہونے والی سرگرمیوں پر خاص نظر رکھی، یہ ہمارے دماغ کا وہ حصہ ہے جو دوسروں کے جذبات کو سمجھنے اور جذباتی ردعمل میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    تحقیق کے دوران انکشاف ہوا کہ جن لوگوں نے ذاتی فائدے کی خاطر جھوٹ بولا اُن میں ایمگڈالا کی سرگرمی بتدریج کمزور ہوتی چلی گئی حتیٰ کہ بار بار یہی عمل دہرانے سے وہ شخص بڑے بڑے جھوٹ بہت آسانی سے بولنے لگا۔

    اس تحقیق کے بعد ماہرین نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا عمل جہاں دماغ کو کمزور کرتا ہے وہیں اس کی عادت کو اس قدر مضبوط کردیتا ہے کہ انسان دھوکا دہی اور بدیانتی جیسے منفی رجحانات تک پہنچ کر انہیں پروان چڑھانے لگتا ہے۔

  • کیا آپ نے کبھی اپنے پھیپڑوں کی صفائی کی؟

    کیا آپ سگریٹ پیتے ہیں؟ کیا آپ گزشتہ کئی سال سے سگریٹ پی رہے ہیں ؟ کیا آپ کسی بڑے اور آلودہ شہر کے رہائشی ہیں؟ اگر ہاں تو اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے نظامِ تنفس کے لیے کچھ کریں بصورت دیگر کئی بیماریاں آپ کو لاحق ہوسکتی ہیں اور ممکن ہیں کہ کچھ تو آپ کے بدن میں جگہ بنا چکے ہوں۔

    نظامِ تنفس یا سانس لینے کا نظام پورے جسم میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہیں اگر آپ ایک مضبوط اور صحت مند نظامِ تنفس کے مالک نہیں ہیں تو آپ کو بہت سے جسمانی صحت کے مسائل درپیش ہوسکتے ہیں جن میں سر فہرست سانس کی بیماریاں شامل ہیں جن میں استھما‘ پھیپڑوں کی سوجن اور مختلف اقسام کی کھانسی عام ہیں۔

    soup-2

    کیونکہ ہمیں ا ٓپ کی صحت کا خیال ہے لہذا ہم لائیں ہیں آپ کے لیے ایک ایسا نسخہ جو کہ آپ کے نظامِ تنفس کو بہتر بنائے گا ‘ دھویں سے آلودہ پھیپڑوں کی صفائی کرے گا اور کینسر جیسے موذی سمیت آپ کو متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھے گا۔ اور نسخہ بنانے میں اتنا آسان ہے کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔


    اجزاء


    ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا
    چار سو گرام کٹا ہوا لہسن
    دو چائے کی چمچی ہلدی
    ایک لیٹر پانی
    چار سو گرام چینی

    soup-1


    طریقہ کار


    ایک برتن میں پانی لے کر اس میں چینی ملائیں اور ابلنے کے لیے رکھ دیں‘ جب پانی ابلنے لگے تو اس میں لہسن ‘ ادرک اور ہلدی شامل کریں اور پھر تیز آنچ پر پکائیں اور ٹھنڈا ہونے پر فریج میں محفوظ کرلیں۔

    soup


    استعمال کیسے کیا جائے؟


    بہترین نتائج کے لیے دو کھانے کے چمچے صبح نہا ر منہ اور دو چمچے رات سوتے وقت استعمال کرنے سے آپ کا سانس لینے کا نظام متعدد بیماریوں سے بچا رہے گا۔

  • پنجاب حکومت نےپولیو سمیت  بچوں کی جان بچانے والی ویکسین پر ٹیکس عائد کردیا

    پنجاب حکومت نےپولیو سمیت بچوں کی جان بچانے والی ویکسین پر ٹیکس عائد کردیا

    لاہور: پنجاب حکومت نے بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے والی ویکسینیشن پر ٹیکس عائد کردیا ہے‘ جس سے بچوں کی صحت کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر سوالات پیدا ہوگئے ہیں، وفاقی محکمہ صحت نے بھی تحفظات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی افسر شاہی نے صوبے کے خزانے میں اضافے کے لیے پولیو سمیت بچوں کو نو بیماریوں سے بچانے والی ویکسین پر ٹیکس عائد کیا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق ویکسین پر ٹیکس اعشاریہ نو فیصد عائد کیا گیاہے جسے وفاقی محکمہ صحت کی جانب سے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہےتاہم پنجاب ریوی نیواتھارٹی نے یہ ٹیکس واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔

    پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے وفاقی محکمہ صحت کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد وفاقی محکمہ نے چیف سیکرٹری پنجاب سے رابطہ
    کیا اور مہلک بیماریوں کیخلاف چلائی جانیوالی مہمات کو پہنچنے والے نقصانا ت سے آگاہ کیاہے۔

    واضح رہے کہ پولیو کی ویکسین عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 70 لاکھ بچوں کے لیے مفت فراہم کی جاتی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹیکس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کی مد میں عائد کیا گیا ہے۔

    یہاں یہ بھی یاد رکھنا ضرور ی ہے کہ پاکستان کے چند علاقوں میں بچوں کو پولیو ویکسین کےپلانے کے خلاف ہچکچکاہٹ پائی جاتی ہے اور پولیو ورکرز کو نشانہ بنانے کے کثیر تعداد میں واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں پولیوورکرز اپنی جان سے بھی ہاتھ دھوچکے ہیں۔

    ادھر پنجاب میں ہی راولپنڈی کے علاقے صفدرآباد اور لاہور کے علاقے سبزہ زار کے اگست کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔

    اس وقت دنیا میں پاکستان اور افغانستان محض دو ممالک ایسے رہ گئے ہیں جہاں پولیو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں ‘ 2014 سے قبل نائجیریا بھی اسی فہرست میں شامل تھا تاہم بروقت اقدامات کے ذریعے اس پر قابو پالیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اب سے چند دن قبل وفاقی وزیرِ منصوبہ احسن اقبال نےیہ بھی اعتراف کیا تھا کہ پاکستان میں بچوں کی بیماریوں کے سبب اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے ایسے میں پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدام صوبے کے عوام کے بنیادی حقوق کو مجروح کرنے کےبرابر ہے۔

  • ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    ایڈز کے مریضوں میں تشویش ناک اضافہ، رجسٹرڈ مریض 16 ہزار ہوگئے

    اسلام آباد: وزارتِ صحت نے پاکستان میں ایڈز  کے وائرس سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار جاری کردئیے جس میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار بتائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ قومی صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16 ہزار جب کے غیر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 90 ہزار سے زائد تک جاپہنچی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’پنجاب میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 300 سے زائد، سندھ میں 5 ہزار 54، بلوچستان میں 441 ، خیبرپختونخوا میں 1591، اسلام آباد میں 186 اور آزاد جموں و کشمیر میں 177 افراد ایڈز کے خطرناک مرض میں مبتلاء ہیں‘‘۔

    وزارتِ صحت کی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ملک میں سب سے کم ایڈز کے مریض گلگت بلتستان میں ہیں جن کی تعداد 8 ہے جبکہ قبائلی علاقوں میں 458 افراد ایڈز کے وائرس کا شکار ہیں‘‘۔

    حکام وزاتِ صحت نے کہا ہے کہ ’’پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی رجسٹرڈ تعداد میں سے 7 ہزار سے زائد قابل علاج ہیں جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں ایڈیز 20 سے زائد سینٹرز موجود ہیں تاہم رواں سال مزید 10 سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘‘۔