Tag: Hearing

  • کراچی کے لیے بجلی مزید مہنگی، فیصلہ کل ہوگا

    کراچی کے لیے بجلی مزید مہنگی، فیصلہ کل ہوگا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کے ادارے کے الیکٹرک نے بجلی 1.62 روپے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جس پر سماعت کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواستوں پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کل سماعت کرے گا۔

    کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں 1 روپے 62 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے، کراچی کے علاوہ باقی ملک کے لیے بجلی 86 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    نیپرا میں درخواستیں فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئیں، نیپرا سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔

  • بجلی کی پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا؟ نیپرا

    بجلی کی پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا؟ نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، اگر یہ قیمت صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کردہ ملک میں بجلی کے بنیادی یکساں ٹیرف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سماعت کی صدارت کی۔

    وفاقی حکومت نے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 7 روپے 91 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے، سماعت کے بعد نیپرا اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی۔

    سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن محفوظ بھٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیپرا 4 جون کو بجلی 7.91 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے چکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ صارفین پر ایک ساتھ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اضافے کے باوجود حکومت بجلی ٹیرف پر 220 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، قیمت میں اضافے سے تقریباً 50 فیصد صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، حکومت چاہتی ہے کہ تمام ملک میں یکساں بجلی ٹیرف لاگو کیا جائے۔

    چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ عالمی منڈی میں فیول پرائسز بڑھ رہی ہیں، 3 سال پہلے درآمدی کوئلہ 50 ڈالر فی ٹن تھا آج 400 ڈالر ہے، فیول لاگت میں 8 گنا اضافہ ہو چکا ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر بھی ڈبل ہو چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، اگر یہ قیمت صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا۔ صورتحال ہمارے اندازے سے بہت آگے بڑھ چکی ہے۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ نیپرا کا عالمی قیمتیں اور ڈالر کنٹرول کرنے میں کوئی اختیار نہیں، ہمارا اندازہ تھا کہ ڈالر 200 روپے سے اوپر نہیں جائے گا، اب ڈالر 222 روپے سے بھی اوپر جا چکا ہے۔

    بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی دائر کردہ درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے لیے بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز ہے، حکومت بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھائے گی۔

    رواں ماہ جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے، اگست میں بجلی کی قیمت میں مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا جبکہ اکتوبر میں بجلی 91 پیسے فی یونٹ مزید بڑھائی جائے گی۔

  • کراچی: 12 سالہ بچے کے اغوا و قتل اور لاش جلانے والے ملزمان کو سزائے موت

    کراچی: 12 سالہ بچے کے اغوا و قتل اور لاش جلانے والے ملزمان کو سزائے موت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 12 سالہ بچے کو اغوا کرنے، قتل کرنے اور لاش جلانے والے ملزمان کو 2، 2 بار سزائے موت سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں 12 سالہ بچے کے اغوا اور قتل کیس کی سماعت ہوئی، ملزمان پر جرم ثابت ہوگیا جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے 3 ملزمان کو اغوا برائے تاوان اور قتل کے جرم میں 2، 2 بار سزائے موت کا حکم دیا، شواہد چھپانے کے جرم میں تینوں ملزمان کو 7 سال قید بامشقت اور 1، 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

    عدالت نے ملزمان کو 2 لاکھ روپے فی کس مقتول کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان میں شمشیر، سلمان اور عبدالستار شامل ہیں۔

    استغاثہ کے مطابق ملزمان نے جنوری 2021 میں سعید آباد سے 12 سالہ بچے شاہد کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا، ملزمان نے بچے کو قتل کر کے لاش کو جلا کر اسکیم 33 میں دفنا دیا۔

    استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم شمشیر بچے کا پڑوسی اور بچے کے والد کا دوست تھا، ملزمان نے بچے کی رہائی کے لیے 1 کروڑ روپے تاوان مانگا تھا، ملزمان اور بچے کے والد کے درمیان 70 لاکھ روپے تاوان طے پایا تھا۔

  • سماعت سے محروم افراد کے لیے خوشخبری

    سماعت سے محروم افراد کے لیے خوشخبری

    عالمی ماہرین نے سماعت سے محروم افراد کے لیے اسمارٹ آلہ سماعت تیار کرلیا ہے جو جلد فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مسلسل 4 سال کے بعد ماہرین نے ایک ایسا اسمارٹ آلہ سماعت (ہیئرنگ ایڈ) بنایا ہے جو بدلتے ماحول کے ساتھ خود کو تبدیل کرتا ہے۔

    سڑک کے ٹریفک کے شور میں اور گھر کے پرسکون ماحول میں ہیئرنگ ایڈ کی افادیت یکساں نہیں رہتی بلکہ بار بار اس کی سیٹنگ تبدیل کرنا پڑتی ہے۔

    جرمنی میں سائنسدانوں کا ایک گروہ 80 لاکھ یورو کی فنڈنگ سے اس اہم ایجاد پر کام کررہا ہے جس میں اب کامیابی یقینی ہے، یہ ہیئرنگ ایڈ مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) استعمال کرتے ہوئے اطراف کی ماحول کے لحاظ سے اپنی صلاحیت میں اضافہ یا کمی کرے گا۔

    اس ضمن میں تحقیقی پروجیکٹ 2026 تک جاری رہے گا۔

    اس پورے منصوبے کا نام، ہیئرنگ اکوسٹکس، پرسیپچوئل، پرنسپلز، الگورتھمز اینڈ ایپلی کیشنز ( ایچ اے پی پی اے اے) کا نام دیا گیا ہے۔ ایک جانب تو یہ آلہ ازخود اپنی سیٹنگ بدلے گا تو دوسری جانب مختلف افراد کی مختلف ضروریات کے تحت بھی یہ اپنے آپ کو تبدیل کرسکے گا۔

    سماعت سے جزوی طور پر محروم افراد کی بیماری یکساں نہیں ہوتی اور ہر شخص میں سننے کی صلاحیت بھی الگ الگ ہوسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسمارٹ آلہ سماعت مریض کے لحاظ سے بھی خود کو ڈھال سکے گا۔

    جرمن ماہرین نے ثبوت کے ساتھ کہا ہے کہ دنیا بھر میں بزرگوں کی بڑی آبادی ثقل سماعت کی شکار ہے اور بازار میں عام دستیاب آلات سماعت ان کے لیے ناکافی ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب کئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سماعت میں کمی بزرگوں کو کئی خطرات میں ڈال سکتی ہے، اگر وہ سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑی کی آواز نہ سکیں تو حادثہ یقینی ہوسکتا ہے۔

    ایک اور تحقیق کے مطابق جو بزرگ سماعت کی کمی کے شکار ہوتے ہیں چلنے کے دوران وہ اپنا توازن بھی کھو بیٹھتے ہیں، اس طرح وہ بار بار گرتے ہیں اور ہڈیوں کو نقصان ہوتا ہے۔

    ماہرین نے اب پہلا اسمارٹ ہیئرنگ ایڈ بنایا ہے جسے ایمرسوو ہیئرنگ ایڈ کا نام دیا گیا ہے۔ اپنی چھوٹی جسامت کے باوجود یہ آلہ خود اندازہ لگاتا ہے کہ اسے کس طرف کی آواز سنانی ہے اور کس ماحول میں اسپیکر کو کتنا بلند رکھنا ہے۔

    اب اس آلے کو مختلف انسانوں پر آزمایا جارہا ہے۔

  • منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنااللہ کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنااللہ کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست

    لاہور: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اپنے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کردی، عدالت نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو نوٹسز جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، رانا ثنا اللہ نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ عدالت رانا ثنااللہ کی جگہ نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو نوٹسز جاری کردیے۔

    دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے کہا کہ تیاری کے لیے وقت دیں، سماعت ملتوی کردیں۔

    سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان اور دیگر کی جانب سے بریت کی درخواستیں دی گئی ہیں، ملزمان سے منشیات برآمد ہونے پر جرم بنتا ہے، قانون کے مطابق سہولت کار بھی ملزم کے زمرے میں آتا ہے۔

    سرکاری وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ ملزمان نے ہاتھا پائی کی اور اسلحے کے زور پر چھڑانے کی کوشش کی۔

    رانا ثنااللہ کے وکلا کی جانب سے فرد جرم عائد نہ ہونے کی درخواست جمع کروادی گئی، وکیل کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس کے مطابق فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔

    پراسیکیوٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نے فرد جرم عائد نہ کیے جانے کی درخواست پر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ اور دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم بنتی ہے، چالان میں ایسے ثبوت ہیں جس سے ان پر فرد جرم بنتی ہے۔

    سرکاری وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ پراسیکیوشن نے 2 چالان جمع کروائے ہیں، کیس میں پولیس رپورٹ اور 15 گواہ بہت اہم ہیں، فارنزک لیبارٹری رپورٹ منشیات کیس میں اہمیت رکھتی ہے، ملزمان کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔

    سرکاری وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں ملزمان کا مجرمانہ کردار واضح کیا گیا ہے، اس موقع پر بریت کی درخواست نہیں بنتی، ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔

    عدالت نے کیس کی سماعت 21 مٸی تک ملتوی کرتے ہوٸے وکلا کو دلاٸل کے لیے طلب کر لیا۔

  • ہائیکورٹ کا غیر معمولی اقدام، مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھا جاسکے گا

    ہائیکورٹ کا غیر معمولی اقدام، مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھا جاسکے گا

    اسلام آباد: پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے مقدمات کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہائیکورٹ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نےچیف جسٹس کی عدالت میں سسٹم نصب کر دیا۔

    ٹرائل کے طور پر آج سے عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا جائے گا، ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی براہ راست عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے فیصلہ درست ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کورٹ بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقلید کرے اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کو براہ راست دکھایا جائے، ان کی ضمانت کی تاریخ آنے والی ہے اس پر ہی اس فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیئے۔

  • شوٹنگ پر خاتون کو ہلاک کرنے والے اداکار اپنے بچاؤ میں معاہدہ سامنے لے آئے

    شوٹنگ پر خاتون کو ہلاک کرنے والے اداکار اپنے بچاؤ میں معاہدہ سامنے لے آئے

    ہالی ووڈ اداکار ایلک بولڈون کے ہاتھوں گزشتہ برس فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون کے ہلاک ہونے کے بعد، اداکار ایک قانونی معاہدہ سامنے لے آئے ہیں جس کے تحت ان پر مقدمات درج نہیں کیے جاسکتے۔

    ایلک بولڈون نے گزشتہ برس 21 اکتوبر کو شوٹنگ کے دوران اچانک فائرنگ کردی تھی، جس کے باعث فلم کی ڈائریکٹر فوٹوگرافی 42 سالہ ہیلینا ہچنس موقع پر ہلاک جبکہ ہدایت کار 48 سالہ جول سوزا زخمی ہوگئے تھے۔

    ایلک بولڈون کے خلاف 11 نومبر 2021 کو فلم کے ہیڈ آف لائٹنگ نے ریاست نیویارک میں پہلا سول مقدمہ دائر کیا تھا، اس کے بعد ان کے خلاف دیگر افراد نے بھی مقدمات دائر کیے تھے اور ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر اور بیٹے نے بھی اداکار کے خلاف گزشتہ ماہ فروری میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

    اپنے خلاف متعدد مقدمات دائر ہونے کے بعد ایلک بولڈون نے امریکی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی ہے،جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ معاہدے کے تحت ان پر مقدمات دائر نہیں کیے جا سکتے۔

    انہوں نے اپنی درخواست میں دلیل دی ہے کہ وہ رسٹ کے واحد پروڈیوسر نہیں تھے،ان کے ہمراہ دیگر لوگ بھی فلم کے پروڈیوسر تھے، اس لیے ہرجانے کے دعوے صرف ان تک محدود نہیں رہ سکتے۔

    ایلک بولڈون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ حادثاتی تھا اور انہیں تنہا مقدمات میں نامزد نہیں کیا جا سکتا۔

    ایلک بولڈون پر قتل ہونے والی خاتون کے شوہر اور کمسن بیٹے نے بھی ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے اور مجموعی طور پر ان کے خلاف سات ہرجانے کے دعوے دائر کیے جا چکے ہیں۔

    ایلک بولڈون اس دعوے کو مسترد کر چکے ہیں کہ انہوں نے جان بوجھ کر فائرنگ کر کے ہدایت کارہ کو قتل کیا، ان کے مطابق انہیں معلوم نہیں تھا کہ ہتھیار میں اصلی گولیاں موجود ہیں۔

  • پی پی رہنما فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست پر سماعت

    پی پی رہنما فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست پر سماعت

    فریال تالپور کی نا اہلی کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، درخواستگزار نے فریال پر تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما فریال تالپور کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، دو رکنی بینچ نے سماعت کی اس موقع پر درخواست گزار ارسلان تاج اور رابعہ اظفر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

    سماعت کے موقع پر فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے جب کہ فاروق ایچ نائیک کے جونیئر وکیل نے ایک بار پھر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

    درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فریال تالپور اپنی نااہلی سے بھاگ رہی ہیں اور وہ اس کے لیے تاخیری حربے استعمال کررہی ہیں۔

    درخواست گزار ارسلان تاج کا مزید کہنا تھا کہ فریال تالپور کیخلاف نااہلی کی درخواست 2سال سے زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن جلد اس پر فیصلہ کرے۔

    الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ اگر اگلی سماعت پر فریال تالپور کی طرف سے کوئی نہ آیا تو بھی سماعت جاری رکھیں گے اور کیس کی مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی۔

  • بجلی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کا امکان

    بجلی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کا امکان

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے پیش کردہ اعداد و شمار درست ہوئے تو بجلی 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اور درست ثابت نہ ہوئے تو 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نومبر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت مکمل کرلی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے اضافے کی درخواست کی ہے۔

    نیپرا نے 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافے پر مشروط سماعت مکمل کی۔

    دوران سماعت نیپرا کا کہنا تھا کہ سی پی پی اے کے اعداد و شمار کا جائزہ لیں گے، اعداد و شمار درست ہونے پر 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور ہوگا۔

    نیپرا کے مطابق اعداد و شمار درست ثابت نہ ہوئے تو 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    لندن: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہہوئی، پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے ملائشیا میں ضبط طیارے کی کمپنی پیری گرین ایسوسی ایشن چارلی کمپنی کو 7 ملین ڈالر ادا کرچکی ہے۔

    دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلا نے اتفاق کیا کہ پوری رقم کی ادائیگی، پی آئی اے کے خلاف کسی حکم کے اجرا کے بغیر ہو۔

    دعویدار کے وکیل نے کہا کہ پی آئی اے نے رقم آج ادا کی ہے، پی آئی اے کی طرف سے جولائی سے 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا نہ کرنے پر عدالت آنا پڑا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ لیزنگ کمپنی نے گزشتہ برس 9 ملین ڈالر کے حصول کے لیے بھی ہائیکورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس میں پی آئی اے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وبا کے بعد انڈسٹری کی زبوں حالی پر اوور ہیڈ چارجز کم کیے جائیں۔

    اس تنازعہ کے دوران ہی کوالالمپور میں ایک نیا کیس دائر کر کے لیزنگ کپنی نے پی آئی اے کا طیارہ ضبط کروا دیا تھا۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    خیال رہے کہ 15 جنوری کو پی آئی اے کا 777 بوئنگ طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے پر روکا گیا۔