Tag: heart attack

  • موسم سرما میں دل کے دورے سے اموات میں اضافہ کیوں؟

    موسم سرما میں دل کے دورے سے اموات میں اضافہ کیوں؟

    سخت سردی میں جہاں دیگر بیماریاں جنم لیتی ہیں وہیں دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہے اس کے علاوہ دماغ کی نس پھٹنے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے۔

    ان ایام میں نہ صرف عمر رسیدہ بلکہ جوان اور صحت مند افراد بھی دل کے دورہ پڑنے اور اسٹروک کے بعد اسپتال لائے جاتے ہیں اور ان میں سے کئی مریض اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار دیتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر افضل نے بتایا کہ سخت سردی کے نتیجے میں خون کی شریانیں سکڑ جاتی ہیں جو دل کے دورے کا سبب بنتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کورونری شریانوں میں خون کے جمنے کی نشوونما دل کے دورے کا سبب بنتی ہے۔ سردیوں میں ہمارے جسم میں فائبرنوجن کی سطح بڑھ جاتی ہے۔ پلیٹ لیٹس کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے اور نتیجے کے طور پر خون کے جمنے سے کلاٹ بن سکتے ہیں۔

    سردی میں دل کو کیسے صحت مند رکھیں ؟

    انہوں نے کہا کہ بلڈ پریشر کو چیک کرتے رہیں، 140/90 ایم ایم ایچ جی یا اس سے زیادہ کی ریڈنگ بہت زیادہ ہے، جب بلڈ پریشر معمول کی حد میں ہوتا ہے تو دل، شریانیں اور گردے کم اوورلوڈ ہوتے ہیں۔

    بلڈاور شوگر لیول کو برقرار رکھیں

    ہائی بلڈ شوگر کی وجہ سے دل، گردے، آنکھیں اور اعصاب وقت کے ساتھ متاثر ہو سکتے ہیں اگر کسی کی عمر 45 سال یا اس سے زیادہ ہو تو دل کی صحت کے چیک اپ کے لیے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں۔ ذیابیطس اور دل کی بیماری والے شخص کو اپنے خون میں شکر کی سطح کی نگرانی کے لیے گلوکوومیٹر استعمال کرنا چاہیے۔ مٹھائی اعتدال میں کھانی چاہیے نہ کہ زیادہ مقدار میں۔

    زیادہ نمک سے پرہیز کریں

    یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ایسے میں نمک کی مقدار کو محدود کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب میں سال بھر نمک والی غذائیں کھانے کا رجحان ہوتا ہے، اگر ہم اپنے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں نمک کی مقدار کو محدود کرنا چاہیے۔

  • وائرل ویڈیو: کھیل کے دوران خاتون کو اچانک موت نے آ لیا

    وائرل ویڈیو: کھیل کے دوران خاتون کو اچانک موت نے آ لیا

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک خاتون کو ڈانڈیا کھیلنے کے دوران اچانک موت نے آ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے ایک گاؤں کالوالا میں ایک خاتون اچانک اس وقت موت کا شکار ہو گئیں جب وہ اپنی ساتھی خواتین کے ساتھ ڈانڈیا کھیل رہی تھیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو تہوار مکر سنکرانتی کے موقع پر گاؤں کالوالا میں رنگولی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا، کچھ خواتین ایک دائرے میں ڈانڈیا لوک رقص کر رہی تھیں، کہ اچانک ان میں سے ایک خاتون گر گئیں، اور کچھ دیر بعد پتا چلا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ میں چلی گئی ہیں۔

    جب خاتون کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹر نے معائنہ کرنے کے بعد انھیں مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • مصر : آپریشن کے دوران چھوٹی سی غلطی، سابق وزیر جاں بحق

    مصر : آپریشن کے دوران چھوٹی سی غلطی، سابق وزیر جاں بحق

    قاہرہ : جان بچانے کی کوشش میں ڈاکٹروں کی چھوٹی غلطی جان لیوا بن گئی، سرجری کے دوران سابق وزیر انتقال کرگئے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مصر کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر احمد عماد الدین راضی عارضہ قلب کے باعث سرجری کے دوران ڈاکٹروں کی غلطی کے باعث خالق حقیقی سے جاملے۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کو ایک ذریعے نے بتایا کہ 68 سالہ سابق وزیر کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طورپر مشرقی قاہرہ میں واقع نصر شہر کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

    مصر وزیر صحت

    ڈاکٹروں نے فوری طور پر وزیر صحت کی سرجری کا فیصلہ کیا تاہم سرجری کے دوران طبی غلطی سے ان کی جان ہی چلی گئی۔

    ڈاکٹر احمد عماد الدین کا شمار مصر کے مشہور آرتھوپیڈک سرجنوں میں کیا جاتا ہے۔ اپنے کیریئر کے دوران ڈاکٹر راضی متعدد کلیدی عہدوں پر فائز رہے جن میں عین الشمس یونیورسٹی کے فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈپٹی ڈین کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔

  • شاہ تراب الحق کے بیٹے شاہ سراج الحق کو دل کا دورہ کیسے پڑا؟ فوٹیجز سامنے آ گئیں

    شاہ تراب الحق کے بیٹے شاہ سراج الحق کو دل کا دورہ کیسے پڑا؟ فوٹیجز سامنے آ گئیں

    کراچی: ممتاز عالم دین مرحوم علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کے بڑے صاحب زادے چئیرمین پاکستان سنی موومنٹ شاہ سراج الحق قادری 16 مئی منگل کی رات دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد اب ان کے چھوٹے بھائی شاہ فریدالحق کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ مرحوم شاہ سراج کو ایکسائز پولیس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا۔

    شاہ فریدالحق کے مطابق بہادرآباد کے مختلف مقامات پر ایکسائز پولیس کے اہلکار 5 موٹر سائیکلوں اور ایک موبائل میں چھاپے مار رہے تھے، اسی دوران وہ ہمارے گھر کے باہر پہنچے اور زبردستی علاقے کے لڑکوں کو موبائل میں ڈالنے لگے۔

    شاہ سراج الحق نے اوپر سے ماجرہ دیکھا تو نیچے آئے، پولیس اہلکار شاہ سراج الحق قادری کے بیٹے کے پیچھے بھی بھاگے، شاہ سراج الحق نے اہلکاروں کو اپنا تعارف کروایا تو وہ تلخ کلامی کرتے ہوئے واپس موبائل میں بیٹھے اور ریورس کرنے لگے جس میں کئی لڑکوں کو اٹھا کر ڈال دیا گیا تھا۔

    جب علاقہ مکین ان کے پیچھے گئے تو گلی کے کونے پر موبائل میں موجود اہلکاروں نے شدید فائرنگ کر دی، جس کی آواز سن کر شاہ سراج الحق کرسی پر بیٹھے بیٹھے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

    اس حوالے سے شاہ فریدالحق قادری کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے اور ان کی جانب سے فراہم کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں شاہ سراج کو ایک کرسی پر بٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے اور ایکسائز پولیس کے واپس جانے کے کچھ ہی لمحے بعد شاہ سراج الحق قادری کو کرسی پر ہی گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس کے بعد علاقہ مکین بھاگتے ہوئے آئے اور تین سے چار لڑکوں نے شاہ سراج الحق قادری کو اٹھایا اور اسپتال لے کر دوڑے، مرحوم کے بھائی شاہ فریدالحق قادری کا کہنا ہے کہ ایکسائز موبائل میں آنے والے کچھ افراد اور موبائل کی شناخت کر لی گئی ہے جن کے خلاف قانونی مشیروں سے مشاورات کے بعد مقدمہ درج کروائیں گے۔

  • بھانجی کی شادی میں شریک ماموں رقص کرتے ہوئے گر کر ہلاک

    بھانجی کی شادی میں شریک ماموں رقص کرتے ہوئے گر کر ہلاک

    بھارت میں ایک درمیانی عمر کا شخص بھانجی کی شادی میں شرکت کے دوران رقص کرتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آیا، مذکورہ شخص کی شناخت دلیپ کے نام سے ہوئی ہے۔

    واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنی بھانجی کی شادی میں شریک ہے، اور دلہا اور دلہن کے ساتھ اسٹیج پر رقص کر رہا ہے۔

    پس منظر میں نہایت بلند آواز میں گانے چل رہے ہیں۔

    ڈانس کرتے ہوئے اچانک وہ شخص رکتا ہے اور بے چینی محسوس کرتے ہوئے نیچے بیٹھتا ہے، اس کے بعد اچانک وہ نیچے گرتا ہے اور بے حس و حرکت ہوجاتا ہے۔

    اہلخانہ کے مطابق اسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے ہارٹ اٹیک سے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے رقص یا سخت ورزش کے دوران دل کی حرکت رک جانے اور موت واقع ہوجانے کے واقعات خاصے بڑھ گئے ہیں اور طبی ماہرین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • ہارٹ اٹیک سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ

    ہارٹ اٹیک سے محفوظ رہنے کا آسان طریقہ

    جسمانی سرگرمی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے اور یہ کئی امراض سے محفوظ رکھ سکتی ہے، حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں صرف 11 منٹ کی چہل قدمی کو ہارٹ اٹیک سے محفوظ رہنے کا ذریعہ قرار دیا گیا۔

    حال ہی میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ امراض قلب سے بچنے کے لیے پیدل چلنا بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ روزانہ 11 منٹ پیدل چلنے سے صحت مند زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ روزانہ 11 منٹ یا ہفتے میں 75 منٹ تیز چلتے ہیں تو آپ دل کی بیماریوں، ہارٹ اٹیک، فالج اور کئی اقسام کے کینسر کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ ہفتے میں 75 منٹ کی چہل قدمی یا واکنگ دل کی بیماریوں کے خطرے کو 17 فیصد اور کینسر کے خطرے کو 7 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔

    کیمبرج میڈیکل ریسرچ کونسل کے ایپیڈیمولوجی ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر سورین بریج کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے 150 منٹ کی ورزش یا واکنگ ضروری ہے، اور جن لوگوں کو یہ موقع نہیں ملتا وہ ہر ہفتے کم از کم 75 منٹ کی چہل قدمی یا ورزش کو یقینی بنائیں۔

    تحقیق میں ایک بار پھر خبردار کیا گیا کہ اگر جسمانی سرگرمی نہ ہو تو کئی امراض کا خطرہ ہوتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ہر ہفتہ 150 منٹ ورزش کرنے پر 6 میں سے ایک شخص میں ہارٹ اٹیک سے ہونے والی موت کو روکا جا سکتا ہے۔

    ڈانس، ٹینس، دوڑ، والی بال جیسے کھیل بھی اس فہرست میں شامل ہیں جو ہارٹ اٹیک سے اموات کی شرح کو کم کرتے ہیں۔

  • لگتا ہے عمران خان جیل جاتے ہی اٹیک سے مرجائیں گے، راناثناءاللہ

    لگتا ہے عمران خان جیل جاتے ہی اٹیک سے مرجائیں گے، راناثناءاللہ

    لاہور : وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے عمران خان جیسے ہی جیل جائیں گے اٹیک سے مرجائیں گے، انہوں نے کہا کہ پیشی کے موقع پر ان کے ساتھ سو سے زیادہ لوگ مسلح تھے۔

    لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راناثناء اللہ نے عمران خان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ عمران خان ایک بزدل انسان ہیں انہیں گرفتاری کا انہیں خوف ہے، لگتا ہے عمران خان جیسے ہی جیل جائیں گے اٹیک سے مرجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کے ساتھ جو لوگ تھے ان میں سو سے زیادہ لوگ مسلح تھے، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج صبح300،400لوگوں کےجتھے کے ساتھ عدالت پہنچے۔

    جب پولیس نے انہیں کہا کہ انہیں اور گاڑی میں موجود دیگر لوگوں کو اندر جانے کی اجازت ہے تو عمران خان نے کہا نہیں میرے ساتھ موجود سارے لوگ عدالت جائیں گے اور پھر لوگوں کی بڑی تعداد نےعدالت میں گھسنے کی کوشش کی تو پولیس نےبھی سختی کی۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عدالت میں پیش ہونے سے ایک دن پہلے عمران خان کو ضمانتیں دی گئیں، سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود عمران خان جتھے کی شکل میں عدالت آئے، عدالتی حکم کی تعمیل کیلئے جانے والوں کے سرپھاڑے جارہے ہیں، جیل جانے کے ڈرسے عمران خان نے ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، عمران خان جیل سے بچنے کیلئے لوگوں کو مروانے پر تلےہوئے ہیں۔

     

  • ویڈیو: سیکیورٹی گارڈ کو کھانا کھاتے ہوئے اچانک ہارٹ اٹیک نے آ لیا

    ویڈیو: سیکیورٹی گارڈ کو کھانا کھاتے ہوئے اچانک ہارٹ اٹیک نے آ لیا

    بھوپال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک چوکیدار کو اچانک زبردست ہارٹ اٹیک نے آ لیا، اس دل دہلا دینے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے ٹول پلازہ پر ایک سیکیورٹی گارڈ کو اس وقت ہارٹ اٹیک آیا جب وہ کھانا کھا رہا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ بیٹھا کھانا کھا رہا ہے، اور اس دوران اچانک اسے دل کا زبردست دورہ پڑ گیا، اور اگلے ہی لمحے وہ نیچے لڑھک کر گر گیا۔

    خیال رہے کہ ماہرین صحت خبردار کرتے رہتے ہیں کہ اپنی کھانے پینے اور چلنے پھرنے کی عادتیں اگر صحت مند نہ بنائی جائیں تو دل کے امراض اور ہارٹ اٹیک کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

  • ہارٹ اٹیک کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں؟

    ہارٹ اٹیک کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں؟

    دل کے امراض دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجہ ہیں اور موجودہ غیر صحت مند طرز زندگی کے باعث کم عمری میں بھی دل کے امراض لاحق ہوسکتے ہیں۔

    ہارٹ اٹیک کے خطرے سے بچنے کے لیے صحت مند خوراک اور وزن کا کم ہونا ضروری ہے اور اگر یہ دونوں چیزیں نہ ہوں تو ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    لونیٹ باترا نامی سائنسی جریدے نے ان 6 چیزوں کی نشاندہی کی ہے جن کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے۔

    سگریٹ نوشی

    ہم سب جانتے ہیں کہ سگریٹ نوشی دل کی صحت کے لیے مفید نہیں ہے، سگریٹ میں موجود کیمیکل خون کو گاڑھا کر کے شریانوں میں جما دیتا ہے، ماہرینِ صحت کے مطابق اس وجہ سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے اور فوری طور پر موت واقع ہو سکتی ہے۔

    ہائی بلڈ پریشر

    بلڈ پریشر کی سطح کو متوازن رکھنے سے دل کی صحت بہتر رہتی ہے، ہائی بلڈ پریشر شریانوں کی لچک کو متاثر کرتا ہے اور انہیں نقصان پہنچتا ہے۔ اس وجہ سے دل کی جانب خون کی روانی اور آکسیجن کم ہو جاتی ہے اور دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

    ہائی کولیسٹرول

    کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہائی کولیسٹرول سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے؟ یہ اس لیے ہوتا ہے کیونکہ اضافی کولیسٹرول شریانوں میں جم جاتا ہے اور دل اور دیگر اعضا کی طرف خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

    شوگر

    ہائی بلڈ شوگر خون کی نالیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچاتی ہے اور یہ دل کو خون اور غذائی اجزا کی سپلائی کو کم کر دیتی ہے یا روک دیتی ہے۔

    موٹاپا

    موٹاپے سے خون کی نالیوں میں چربی پیدا ہوتی ہے اور دل کی جانب خون لے جانے والی شریانیں بند ہوجائیں تو اس سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

    ورزش نہ کرنا

    دل کی صحت کے لیے ورزش بہت مفید ثابت ہوتی ہے، ماہرین کے مطابق دل کے 35 فیصد امراض ورزش نہ کرنے کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔

  • ویڈیو: میڈیکل اسٹور سے دوا لینے والا شخص اچانک مر گیا

    ہریانہ: بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک علاقے فرید آباد میں ایک میڈیکل اسٹور پر کھڑا شخص اچانک گر کر مر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں ایک شخص میڈیکل اسٹور پر کھڑا دوا خرید رہا ہے لیکن زندگی نے اس کے ساتھ وفا نہ کی، اور وہ گر کر مر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق نوجوان فرید آباد کے ایک میڈیکل اسٹور سے دوا خرید رہا تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑ گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، بالخصوص نوجوانوں میں دل کا دورہ پڑنے سے موت کی خبریں بہت عام ہو گئی ہیں۔

    نوجوان کو دل کا دورہ پڑنے کا منظر میڈیکل اسٹور میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا، وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوا لے کر جب نوجوان نے پیسے ادا کیے تو اسی دوران ہی اس کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔

    ویڈیو: بھارتی شخص ورزش کے دروان دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

    ویڈیو کے مطابق گرنے سے قبل نوجوان اچانک بے چین نظر آنے لگا اور سر پکڑ کر کاؤنٹر پر جھک گیا، پھر اچانک نیچے کی طرف لڑھک گیا۔

    میڈیکل اسٹور کے آپریٹر نے اس کا ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، اس نے جلدی سے باہر نکل کر نوجوان کو اٹھانے کی ناکام کوشش بھی کی، تاہم بعد میں ڈاکٹروں نے نوجوان کی موت کی تصدیق کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ 4 جنوری کو پیش آیا۔

    رپورٹس کے مطابق سنجے نامی شخص، جس کی عمر 23 سال تھی، اتر پردیش کے ایٹا کا رہنے والا تھا، اس نے میڈیکل اسٹور سے ORS مانگا تھا۔