Tag: heart attack

  • وہ عادت جو دل کے دورے کے وقت مرنے سے بچا سکتی ہے

    وہ عادت جو دل کے دورے کے وقت مرنے سے بچا سکتی ہے

    امراض قلب میں مبتلا رہنا خطرے کی ایک گھنٹی ہے جو ہر وقت بجتی رہتی ہے، کسی بھی وقت دل کا دورہ پڑسکتا ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے، تاہم ایک باقاعدہ عادت دل کا دورہ پڑنے پر زندگی بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ہارٹ اٹیک اس وقت ہوتا ہے جب دل کی جانب جانے والے دوران خون بلاک ہوجائے، جس کے بعد مسلز کے ٹشوز آکسیجن سے محروم ہوجاتے ہیں جس سے دل کو نقصان پہنچتا ہے۔

    ماہرین طب کے مطابق ایسا ہارٹ اٹیک جو موت کا باعث بنے، اس میں دل کو اتنا نقصان پہنچ جاتا ہے کہ دل کی دھڑکن غیر مستحکم ہو جاتی ہے اور بتدریج ہمیشہ کے لیے تھم جاتی ہے۔

    دل کی یہ غیر مستحکم دھڑکن آکسیجن کی کمی کا نتیجہ ہوتی ہے جو کہ دل کے نچلے سے حصے شروع ہوتی ہے اور جب ایسا ہوتا ہے تو دل میں بہت زیادہ ہلچل پیدا ہوتی ہے، تاہم متحرک طرز زندگی کسی ہارٹ اٹیک سے فوری موت کا خطرہ کم کرسکتی ہے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا کہ ہارٹ اٹیک سے اچانک موت ان افراد میں زیادہ عام ہوتی ہے جو جسمانی طور پر سست ہوتے ہیں یا ورزش نہیں کرتے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امراض قلب کے باعث ہوتی ہیں، تاہم متحرک طرز زندگی سے امراض قلب کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

    مذکورہ تحقیق میں متحرک طرز زندگی کا موازنہ سست طرز زندگی سے کیا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اچانک ہارٹ اٹیک سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے یورپ میں ہونے والی 10 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔

    محققین نے دریافت کیا کہ جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنا ہارٹ اٹیک سے فوری اور 28 دن کے اندر موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ معتدل اور سخت جسمانی سرگرمیوں کو عادت بناتے ہیں ان میں ہارٹ اٹیک سے فوری موت کا خطرہ سست طرز زندگی والے افراد کے مقابلے میں بالترتیب 33 اور 45 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

    محققین نے بتایا کہ ورزش یا جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے ہارٹ اٹیک سے موت کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

  • سابق بھارتی کپتان کپل دیو کو دل کا دورہ، اسپتال منتقل

    سابق بھارتی کپتان کپل دیو کو دل کا دورہ، اسپتال منتقل

    نئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کو دل کا دورہ پڑگیا جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا، جہاں ان کی ان کی انجیو پلاسٹی کی جائے گی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماضی میں بھارت کے مایہ ناز بلے باز اور انڈین ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کو ہارٹ اٹیک ہونے پر تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے ان کے علاج کیلئے انجیو پلاسٹی تجویز کی ہے جو جلد ہی کردی جائے گی۔

    واضح رہے کہ 61 سالہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1978ءمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور بھارت کی طرف سے 131ٹیسٹ اور225 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جبکہ1983ءمیں بھارت ان کی کپتانی میں ورلڈکپ کا فاتح بنا۔

    کپل دیو نے سال1994میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ وہ1999 سے 2000 تک بھارتی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

     

  • کورونا وائرس دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے

    کورونا وائرس دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے

    فرانس : کورونا وائرس سے متعلق فرانس میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اس سے صرف پھیپھڑے ہی متاثر نہیں ہو رہے ہیں بلکہ اس سے نسوں میں خون بھی جمنے لگتا ہے جس سے دل کے دورے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    پوری دنیا اس وقت کورونا کی وبا کا سامنا کر رہی ہے، مختلف ممالک کے سائنسداں دن رات ویکسین بنانے میں مصروف ہیں۔ اس بیماری کے حوالے سے لگاتار مطالعے اور تحقیق بھی ہو رہی ہیں جن سے نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔

    تازہ ترین تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے صرف پھیپھڑے ہی متاثر نہیں ہو رہے ہیں بلکہ اس کی وجہ سے جسم کے کئی حصوں کی نسوں میں خون بھی جمنے لگتا ہے۔

    کوویڈ 19 انفیکشنز کی وجہ سے نسوں خون جمنا شروع ہوسکتا ہے، جس سے انسان کے جسم کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کی ایک مثال پھیپھڑوں میں خون جمنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے ہیپی ہائیپوکسیا کی شکل میں نظر آتی ہے، جس میں جسم کا آکسیجن خطرناک حد تک کم ہونے کے باوجود بھی مریض کو بظاہر کسی قسم کی تکلیف نہيں ہوتی۔

    رپورٹس کے مطابق خون جمنے سے گردے، خون کی شریانیں، آنتیں، جگر، اور دماغ سمیت جسم کے کئی اعضاء متاثر ہوسکتے ہیں۔ ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 38 فیصد شدید بیمار افراد خون جمنے سے وابستہ مسائل کا شکار ہوتے ہيں۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک اسپتال میں کورونا کے تقریباً 100 مریض تھے جن میں سے 23 کافی سنگین حالت میں تھے، ان 23مریضوں کے پھیپھڑوں کی دھمنیوں میں خون کے تھکّے جم گئے تھے۔

    مطالعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا مریض کے پلیٹلیٹس بھی کم ہونے لگتی ہیں۔ پلیٹلیٹس کاؤنٹ کا کم ہونا بھی کورونا وائرس کی علامت ہے۔ پھیپھڑوں سے انفیکشن آگے بڑھنے پر یہ جسم کے دیگر حصوں پر حملہ کرتا ہے اور جسم کے دیگر حصوں کی نسوں میں خون جمنے لگتا ہے۔

    واضح رہے کہ اب تک پوری دنیا میں اس وائرس نے اب تک 1.14 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا ہے اور 5.33 لاکھ سے زائد لوگ موت کا شکار بن چکے ہیں۔

  • آپ کا دل کتنا صحت مند ہے، 30 سیکنڈز میں پتا لگائیں

    آپ کا دل کتنا صحت مند ہے، 30 سیکنڈز میں پتا لگائیں

    ایک آسان ٹیسٹ سے یہ اشارہ ملنے میں مدد مل سکتی ہے کہ آپ کے دل اور خون کی گردش کتنی صحت مند ہے۔

    دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) ایک ایسا عارضہ ہے جس میں اگر مریض کو فوری طبی امداد فراہم نہ کی جائے تو اُس کی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    ماہرین کافی عرصے سے ہارٹ اٹیک ہونے کی وجوہات تلاش کرنے کے لیے مطالعہ کررہے ہیں اور اُن کی کوشش ہے کہ سنگین عارضے میں مبتلا ہونے سے قبل انسان کو آگاہی مل سکے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ 30 سیکنڈ میں یہ پتا چل سکتا ہے کہ آپ کا دل کتنا صحت مند ہے۔

    ماہرین کے مطابق سب سے پہلے آپ ایک پیالہ لیں اور اس میں برف کی کیوبز کے ساتھ پانی شامل کریں، پانی اتنا بھریں کہ آپ کے دونوں ہاتھ پانی میں ڈوب جائیں اور پھر 30 سیکنڈ تک ہاتھ پانی میں ہی رہنے دیں۔

    مزید پڑھیں: ہارٹ اٹیک سے قبل ظاہر ہونے والی 8 بڑی علامات

    وقت گزرنے یا وقت کے لالچ میں نہ پڑٰیں کیونکہ اس سے آپ کو یہ اندازہ ہوگا کہ جب آپ کو سردی لگے گی تو اس دوران آپ کا جسم کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔

    طبی ماہر برائیڈ سائیڈ کے مطابق تیس سیکنڈز کا وقت گزرنے کے بعد اپنے ہاتھ باہر نکالیں گے تو دو ممکنہ نتائج سامنے آئیں گے۔

    پہلا نتیجہ یہ ہوگا کہ آپ کے ہاتھ کی انگلیوں کا رنگ سرخ ہوجائے گا اور دوسری صورت میں آپ کے ہاتھ کا رنگ نیلا ہوجائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق اگر آپ کی انگلیوں کا رنگ سرخ ہے تو یہ اچھی علامت ہے اور آپ کے دل اور خون کی گردش دونوں صحت مند ہیں۔

    علاوہ ازیں اگر آپ کی انگلیوں کی رنگت نیلی پڑتی ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کو خون کی گردش کی دشواریوں کا سامنا ہے، یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ کے خون کے خلیوں میں آکسیجن کی سطح کم ہو۔

  • شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیراہتمام 80 یمنی بچوں کے دل کا آپریشن

    شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیراہتمام 80 یمنی بچوں کے دل کا آپریشن

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے دکھی انسانیت کی مدد کے لیے قائم کردہ ریلیف مرکز کے زیراہتمام یمن کے امراض قلب کے شکار 80 بچوں کے دلوں کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے زیراہتمام یمن کے المکلا کے علاقے میں امراض قلب کے شکار چار بچوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جب کہ 11 بچوں کے دل کے اندرونی حصوں کی سرجری کی گئی۔

    یمنی بچوں کے دل کے آپریشنز کے حوالے سے شاہ سلمان مرکزکی طرف سے رضاکارنہ مہم شروع کی گئی تھی۔ یہ اس مہم کا دوسرا مرحلہ ہے۔گذشتہ سوموار سے شروع ہونے والی مہم کے دوران 80 یمنی بچوں کے دل کا آپریشن کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: گیارہ ہزار یمنی شہریوں کے لیے شاہ سلمان مرکز کی طرف سے کھجوروں کا تحفہ

    واضح رہے کہ شاہ سلمان ریلیف مرکز کی طرف سے المھرۃ کے شہریوں میں کھجوروں کے 900 کارٹن تقسیم کیے گئے جن سے 10 ہزار 800 افراد مستفید ہوں گے۔

    یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں سعودی عرب کی قیادت میں سرگرم عرب فوجی اتحاد کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں شہریوں پر جہازوں کے ذریعے ادویات اور خوراک کا سامان گرایا گیا تھا۔

  • معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو دل کی تکلیف، اسپتال منتقل

    معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو دل کی تکلیف، اسپتال منتقل

    لاہور: معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کو ناسازیٔ طبع کی بنا پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ انہیں عارضہ قلب کی شکایت درپیش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل کو دل میں تکلیف کے سبب طبی امدارد کے لیے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی نگہداشت میں مصروف ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق جمیل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم ممکنہ طور پر ڈاکٹرز ان کی انجیوگرافی کریں گے او ر اس کے بعد آگے مزید طبی علاج کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ خیال رہے کہ انجیو گرافی کے ذریعے دل اور اس کی مرکزی شریانوں میں خرابی کی نوعیت کی جانچ کی جاتی ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ مولانا طارق جمیل تبلیغ سے متعلق اپنی مصروفیات کے سلسلے میں گزشتہ کچھ دنوں سے کینیڈا میں تھے اور گزشتہ رات ہی وطن واپس پہنچے تھے۔

    طارق جمیل اپنے اندازِ بیان کے باعث مشہور ہیں۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ 6 براعظموں کا سفر کیا ہے۔ انٹرنیٹ کے اس دور میں آن لائن ان کے بیانات سننے والوں اور ان سے عقیدت رکھنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

    طارق جمیل کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے ہے اور ان کی پیدائش ضلع خانیوال کے مياں چنوں علاقے میں ہوئی۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد لاہور کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کے لیے داخلہ لیا تھا۔

    دورانِ تعلیم وہ تبلیغی جماعت سے متعارف ہوئے اور پھر اُس سے متاثر ہوکر مذہبی تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ عربیہ رائے ونڈ میں داخلہ لیا تھا اور وہیں سے اپنی دینی خدمات کا سلسلہ شروع کیا اور اسے جاری وساری رکھا۔

  • کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے

    کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے

    کیا کتا آپ کا پسندیدہ جانور ہے، اور آپ کے گھر میں ایک پالتو کتا بھی موجود ہے جو آپ کو بالکل اپنے گھر کا ایک حصہ لگتا ہے؟ تو پھر خوش ہوجائیں کیونکہ کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے۔

    سوئیڈن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کتا پالنے والے افراد میں امراض قلب میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے نتیجتاً ان کی جلد موت کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کتا پالنے والے افراد جسمانی طور پر متحرک ہوتے ہیں کیونکہ وہ باقاعدگی کے ساتھ کتے کو ٹہلانے کے لیے لے کر جاتے ہیں، جسمانی طور پر فعال رہنا امراض قلب میں کمی کرتا ہے۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ تنہا رہنے والے وہ افراد جن کے پاس کتا موجود تھا، ان میں امراض قلب کے خطرے میں 11 فیصد جبکہ قبل از وقت موت کے خطرے میں 33 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    ماہرین کے مطابق اکیلے رہنے والے افراد میں امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ کتا اپنے مالک کی قوت مدافعت پر بھی مثبت طور پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس میں اضافہ کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: برے آدمی کی پہچان کے لیے اپنے کتے کی مدد لیجیئے

  • شنگھائی: پاکستانی شہری ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق

    شنگھائی: پاکستانی شہری ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق

    بیجنگ : شنگھائی کے بین الااقوامی ہوائی اڈے پر دل کا دورہ پڑنے کا پاکستانی شہری دوران علاج اسپتال میں انتقال کرگیا.

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر شنگھائی کے بین الااقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان سے چین جانے والے شہری کو اچانک دل کا دورہ پڑگیا، جسے طبی خدمات انجام دینے والے عملے سے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا تھا.

    چین کے ٹانگ رین اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا جانے والا پاکستانی دوران علاج دم توڑ گیا ہے.

    شنگھائی کے ٹانگ رین اسپتال ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص‌ کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا.

    شنگھائی میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے حکام پاکستانی شہری کو ہارٹ اٹیک آنے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے تھے، جہاں انہوں نے شہری کے انتقال کی تصدیق کردی۔

    چین کے ہوائی اڈے پر دل کا دورہ پڑنے والے مریض کی شناخت احمد مقصود کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور کا رہائشی ہے.

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ احمد مقصود اکیلے چین آئے تھے، جنہیں دورہ پڑنے کے باعث نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا تھا.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان کی بیگم کلثوم نواز کے لیے صحت یابی کی دعا

    عمران خان کی بیگم کلثوم نواز کے لیے صحت یابی کی دعا

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑنے پر لندن کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم کو صحت عطا کرے۔


    مریم نواز نے بیگم کلثوم نواز کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کردی


    دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھابھی کو تشویشناک حالت کی وجہ سے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، پورا خاندان ان کی صحت یابی کے لیے دعا کررہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں میں میرا ساتھ دیں، دعا کی طاقت لازوال ہے۔


    کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا


    خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز کی جاچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ان کی متعدد بار طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے، تاہم آج دل کا دورہ پڑنے پر ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ریس کے دوران سائیکلسٹ زندگی کی بازی ہار گیا

    ریس کے دوران سائیکلسٹ زندگی کی بازی ہار گیا

    پیرس: فرانس میں روبے سائیکل ریس کے دوران بیلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ میشائل گولاٹس دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے، ریس میں ان کی اولین شرکت آخری ثابت ہوئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 23 سالہ گولاٹس فنش لائن سے 150 کلو میٹر کے فاصلے پر اچانک بے ہوش گئے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    23 سالہ میشائل گولاٹس 4 برس قبل 20 برس کی عمر میں پروفیشنل سائیکلسٹ بنے تھے، بیلجیم کے ویرنداس ولیم ٹیم کی نمائندگی کرنے والے گولاٹس فرانس کی مشہور پیرس روبے سائیکل ریس میں پہلی مرتبہ شرکت کررہے تھے۔

    ویرنداس ولیم ٹیم نے گولاٹس کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ناقابل یقین صدمہ ہے، اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں گولاٹس کے عزیز و اقارب اس غم میں خود کو سنبھال سکیں۔

    سائیکلنگ کے بین الاقوامی ادارے یو سی آئی کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ گولاٹس کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل کوزیکا کریٹیریم انٹرنیشنل ریس میں شامل 22 سالہ بیلجیم کے سائیکلسٹ مینگہیر کو بھی دل کا دورہ پڑا تھا جس کے دو دن بعد وہ چل بسے تھے، جبکہ 2011 میں بیلجیم کے ہی سائیکلسٹ لینڈ جیرو ڈی اطالیہ ریس کے دوسرے مرحلے میں حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں