Tag: heat stroke

  • ہیٹ اسٹروک کی وجوہات، علامات اور بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر

    ہیٹ اسٹروک کی وجوہات، علامات اور بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر

    کراچی : کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدید لہر سے خبردار کردیا، جو لوگ گھر سے باہر زیادہ وقت گزارتے ہیں اُن کو ہیٹ اسٹروک کا بھی زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

    موسمِ گرما کے سخت دن نا صرف ماحول کو غیر آرام دہ بناتے ہیں بلکہ آپ کے جسم کا درجہ حرارت بھی بڑھا دیتے ہیں، جو مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔


    ہیٹ اسٹروک کی وجوہات


    گرم ا ور خشک موسم

    شدید گرمی میں پانی پیئے بغیر مخنت مشقت یا ورزش کرنا

    جسم میں پانی کی کمی

    ذیابیطس کا بڑھ جانا

    دھوپ میں براہ راست زیادہ دیر رہنا


    ہیٹ اسٹروک کی علامات


    سرخ اور گرم جلد

    جسم کا درجہ حرارت 104 ڈگری فارن ہائیٹ ہوجانا

    غشی طاری ہونا

    دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا

    جسم سے پسینے کا اخراج روک جانا

    پٹھوں کا درد

    سر میں شدید درد

    متلی ہونا


    کسی کو ہیٹ اسٹروک ہو جائے توکیا کیا جائے


    ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں مریض کو لٹا دیں اوراس کے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں۔ مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈا پانی چھڑکیں، مریض کو پنکھے کے قریب کردیں، یا کسی چیز سے پنکھا جَھلیں۔ مریض کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کریں۔


    ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی اہم تدابیر


    گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک کے امکانات ہوتے ہیں چنانچہ اس سے بچنے کےلئے تدابیر بھی اپنانی چاہیے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

    پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال

    گرم موسم میں پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے روزانہ کم از کم تین لیٹر پانی تو لازمی پینا چاہیے، خاص طور پر پانی کے ذریعے اپنے جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنا چاہیے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کھیرے کا جوس، ناریل کا پانی، لیموں کا جوس کا استعمال کرنا چاہیے، گرم اشیاء، چائے، کافی کا استمال کم کیجئے ۔

    ڈھیلے کپڑے پہنیں

    ڈھیلے اور ہلکے رنگوں کے ملبوسات کاٹن جیسے ہوا دار کپڑے پہنیں، تاکہ پسینہ سوکھ جائے، اگر آپ مچھروں کے کاٹنے کے وقت باہر ہوں، تو پوری پینٹیں اور بند جوتے پہنیں۔

    اگر آپ شام کے وقت پارک میں جائیں، تو جرابیں ٹخنوں سے اوپر چڑھائیں، اور شرٹ پینٹ کے اندر اڑس لیں۔

    گرم اشیاء اور الکوحلک مشروبات سے پرہیز کریں

    گرم اشیاء، چائے، کافی کا استمال کم کیجئے، جب الکوحل اور کیفین والے مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے، کولڈرنکس کے بجائے پانی، لسی، اور دیسی مشروبات کا استعمال کریں۔

    ایسی چیزیں جو آپ کو دھوپ سے محفوظ رکھیں

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلاوجہ گھروں سے نہ نکلیں، زیادہ دیر تک دھوپ میں نہ رہیں، باہر نکلیں تو سر ڈھانپ کر رکھیں، اگر نکلنا بھی ہے تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر نکلیں اور اپنے ساتھ پانی کی ایک بوتل ضرور رکھیں اور ہر 20 سے 30 منٹ کے بعد پانی پیئے جبکہ ایک اسپرے بھی رکھنا چاہیے، جس میں عرقِ گلاب، یا پیپرمنٹ ایسنس پانی کے ساتھ ملایا جائے، جس سے چہرے کو ٹھنڈا رکھا جا سکتا ہے۔

    سن بلاک کا استعمال کریں

    اس میں کوئی شک نہیں کہ دھوپ وٹامن ڈی کا بہت اچھا ذریعہ ہے، لیکن الٹراوائیلٹ شعاعوں کا نقصان شدید اور طویل مدتی ہوسکتا ہے، جب بھی آپ باہر ہوں، تو اپنے جسم کے کھلے حصوں پر سن اسکرین لگائیں۔ اسے اپنے پورے جسم پر گھر سے باہر نکلنے سے کم از کم تیس منٹ پہلے لگائیں۔

    اینٹی ڈپریشن ادویات استعمال نہ کریں

    طبی ماہرین نے شدید گرمی میں اینٹی ڈپریشن ادویات استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ اس سے فالج کا خطرہ ہے۔

    باہر کا کھانا مت کھائیں

    طبی ماہرین کے مطابق کیفین اور تیل سے بھرپور چیزیں، اور تلے ہوئے یا پیک شدہ کھانے کم کر دینی چاہیئں۔ تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، خاص طور پر کچا سلاد اور ایسے پھل کھانے چاہیئں جن میں پانی زیادہ ہو جیسے کھیرا، تربوز، آم، کینو، خربوزہ، گاجر، وغیرہ۔

    اس موسم میں خاص طور پر گھر میں پکے ہوئے تازہ اور صاف ستھرے کھانے کھانے چاہیئں۔ گھر میں کھانے کو درست درجہ حرارت پر رکھنا چاہیے، اور جتنا ہوسکے، باہر کا کھانا کم سے کم کریں۔ تھوڑی سی بھی لاپرواہی مختلف اقسام کے انفیکشن ہوسکتے ہیں لہٰذا کھانے اور پینے میں احتیاط کرنی چاہیے۔

    گرم پانی میں نہانے سے پرہیز کریں

    نیگلیریا فولیری کو گرم پانی بہت پسند ہوتا ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ سوئمنگ پول میں کلورین اچھی طرح شامل ہو، یا پھر کم گہرے اور گرم پانی والی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اجتناب کریں۔

    اس لاعلاج اور ہلاکت خیز مرض سے صرف بچا ہی جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ناک کے کلپ خریدیں، اور اپنا سر پانی سے اوپر رکھیں تاکہ پانی کو ناک میں جانے سے بچایا جا سکے۔

    اگر ہم یہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو گرمی سے ناصرف بچا جا سسکتا ہے بلکہ صحت کو بھی متوازن رکھا جا سکتا ہے۔

  • ہیٹ اسٹروک : کراچی میں گرمی نے دو افراد کی جان لے لی

    ہیٹ اسٹروک : کراچی میں گرمی نے دو افراد کی جان لے لی

    کراچی : گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکنے والے کراچی کے رہائشی خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج سوا نیزے پر آگیا، منھگوپیر کے علاقے کا رہائشی 45 سالہ شرافت جوکھیو اور رنچھوڑ لائن کی ایک خاتون ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت شرافت جوکھیو کے نام سے ہوئی ہے جو رزاق آباد کا رہائشی ہے،جبکہ رنچھوڑ لائن میں سڑک پار کرتے ہوئے ایک نامعلوم  خاتون اچانک گر کر بے ہوش ہوگئیں۔

    خاتون کو فوری طور پراسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئیں ، دونوں افراد کی ہلاکت ہیت اسٹروک سے ہوئی ہے۔

    گرمی سے بچنے کیلئے شہری گھریلو ٹوٹکے استعمال کریں

    عوام گرمی سے بچنے کیلئے آپ گھریلو ٹوٹکے بھی استعما ل کرسکتے ہیں، شدید گرمی کی صورت حال میں لوگ بلا ضرورت اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور ٹھنڈے مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

    دیسی مشروبات کا استعمال بڑھادیں ۔ مرغن غذاؤں سے پرہیز کریں ۔ کھانے میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں ۔گرمیوں میں کھانا پکانے میں گرم مصالحے استعمال نہ کریں ۔

    ہلدی،دھنیا، سفید زیرہ، ٹماٹر، لیموں، دہی، املی، آلو بخارہ کھانے میں استعمال کریں۔ لیموں پانی کا استعمال بھی گرمی کا اچھا توڑ ہے ۔

    دہی اورکچی لسی کا استعمال روزمرہ کا معمول بنا لیں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنے۔

  • گرمی کی شدت پیر سے کم ہو جائے گی، محکمہ موسمیات

    گرمی کی شدت پیر سے کم ہو جائے گی، محکمہ موسمیات

    کراچی : شہر قائد میں آج گرمی کی شدت بدستور برقرار رہی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق کل پیر سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوگی اور منگل کو موسم معمول پر آجائے گا.

    کراچی کے جناح اسپتال میں ہیٹ اسٹروک کے صرف ایک مریض کو داخل کیا گیا، جسے ابتدائی طبی امداد دینے کے چند گھنٹوں بعد گھر بھیج دیا گیا۔

    صوبائی وزیر صحت جام مہتاب اور صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا اور ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے حفاظتی اقدامات سے آگاہی حاصل کی  ۔

    صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے سوبھراج اسپتال میں قائم کئے گئے ہیٹ اسٹروک سینٹر کا معائنہ کیا ،صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ رمضان میں آنیوالی گرمی کی شدت زیادہ تھی اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی بہت زیادہ تھا تاہم حالیہ گرمی کی شدت گذشتہ ہیٹ اسٹروک کے مقابلے میں کم تھی اور عوام نے بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا ۔

    جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی ایم ایس عباسی اسپتال سمیت چار ڈاکٹروں کو معطل کرنے کی ہدایت کردی، ڈاکٹرز ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی سینٹر پر ڈیوٹی کے باوجود موجود نہیں تھے۔

    معطل کئے جانیوالوں میں ہیلپ لائن کے انچارج ڈاکٹر سہیل اورکے ڈی اے پولی کلینک کے ڈاکٹر سلیم میمن اور سی ایم او ساوتھ ڈاکٹر رستم لغاری بھی شامل ہیں۔

  • کراچی میں کل شدید گرمی کا امکان، ریڈ الرٹ جاری

    کراچی میں کل شدید گرمی کا امکان، ریڈ الرٹ جاری

    کراچی: شہر ِقائد میں ایک بار پھرگرمی کی شدید لہرآنے کا امکان ہے، متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محمکہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں آئندہ روز درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، فاٹا کے بالائی علاقے اورکشمیرمیں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

    میٹ آفس کے جاری کردی اعدادوشمار کے مطابق آج ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات میں سب سےزیادہ درجہ حرارت تربت میں45 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سبی، رحیم یار خان، لسبیلا42، نورپورتھل،کوٹ ادو اور بہاولپور میں 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر کے مہینے کراچی میں اکثر شدید گرم رہتے ہیں اور گرمی کی متوقع شدید لہر کے پیشِ نظرتمام متعلقہ اداروں کو ریڈالرٹ جاری کردیا ہے۔

    اس موقع پر ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدید لہر میں بچے اور بزرگ بلا ضرورت گھر سے باہرنکلنے سے اجتناب کریں اور اگر مجبوراً نکلنا ہو تو سراورچہرہ ڈھانپ کرنکلیں۔

  • کراچی کے بعد پشارو میں بھی ہیٹ اسٹروک، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    کراچی کے بعد پشارو میں بھی ہیٹ اسٹروک، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    پشاور: کراچی میں بارہ سو سے زائد افراد کو لقمہ اجل بنانے کے بعد پشارو میں بھی ہیٹ اسٹروک کے مریض سامنے آگئے، پی ڈی ایم اے نے گرمی کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ شہری ہیٹ اسٹروک سے بچنے کےلیے باہر جانے سے گریز کریں۔

    پشارو میں دو دن سے گرمی کے چڑھتے ہوئے پارے سے شہری بلبلا اٹھے، دن میں گرم ہوا اور رات میں حبس بڑھنے کی وجہ سے روزہ دار بے حال ہے، وزیرِ صحت خیبر پختونخواہ شیرام ترکئی کا کہنا ہے کہ پشاور میں شدید گرمی کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    اسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے شہری بلاضرورت باہر نہ نکلیں، چھتری کا استعمال کریں اور سر کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ دیں، جسم کا درجہ حرارت نارمل رکھنے کے لئے بار بار نہائیں۔

  • وزیرِاعظم نوازشریف مختصر دورے پر کراچی پہنچ گئے

    وزیرِاعظم نوازشریف مختصر دورے پر کراچی پہنچ گئے

    کراچی : وزیرِاعظم نوازشریف مختصر دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں وہ گرمی سےاموات اور لوڈشیڈنگ سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیرِاعظم کو وزیرِاعلی ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کے دوران حکومت سندھ کو وفاق سے تحفظات پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں گورنرسندھ عشرت العباد، وزیرِاعلی قائم علی شاہ، کے الیکٹرک کے حکام سمیت دیگر افسران شرکت کریں گے۔

    وزیرِاعظم کو ہیٹ اسٹروک اور بجلی بحران پر بھی تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی، ذرائع کے مطابق گورنر سندھ اور وزیرِاعلی وزیرِاعظم سےعلیحدہ علیحدہ ون آن ون ملاقات بھی کریں گے۔

    وزیراعظم ایک روزہ دورہ کراچی میں این جی اوز کے نمائندوں اور شہر میں مخیر حضرات کے ذریعےعوامی سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔

  • بلاول کا دس روزبعد سول اسپتال کا دورہ

    بلاول کا دس روزبعد سول اسپتال کا دورہ

    کراچی: ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی عیادت کے لئے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے دس روز بعد سول اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دس روز میں کراچی میں شدید گرمی سے ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے اور اس موقع پر حکومتی کارکردگی نہ ہونے کے برابر دکھائی دی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے پروٹوکول کے ہمراہ مریضوں کی عیادت کرنے سول اسپتال پہنچے، بلاول کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، شیری رحمان اورصوبائی وزیرصحت جام مہتاب ڈہربھی تھے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے سول اسپتال کےمختلف وارڈز کا دورہ کیا اورہیٹ اسٹروک مریضوں کی عیادت کی اوران کا حال واحوال معلوم کیا۔

    مریضوں کو بہترطبی امدادکی ہدایت کرکے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اسپتال سے روانہ ہوگئے۔

  • کراچی میں جان لیوا گرمی شہریوں کے ساتھ 8 جانوروں کو نگل گئی

    کراچی میں جان لیوا گرمی شہریوں کے ساتھ 8 جانوروں کو نگل گئی

    کراچی :  شہر قائد میں گزشتہ دنوں ہونے والی جان لیوا گرمی کے باعث جہاں 1100 شہری  جان کی بازی ہار گئے وہیں کراچی کے چڑیا گھر میں 8 جانور بھی موسم کی شددت برداشت نہ کرسکے ۔

    چڑیا گھر کی انتظامیہ میں حالات کے پیش نظر ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی کہ زیادہ تر وقت دیں لیکن اس سے بھی کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا ۔

    zoo1

    جان لیوا گرمی کے باعث ہلاک ہونے والے جانوروں میں ایک ہرن ، دو ہرے بندر ، مور ، براون بندر اور ایک بھڑیا شامل ہیں ۔

    zoo2

    ذرائع کے مطابق جانوروں کی دیکھ بھال سہی طریقے سے نہیں کی گئی جس کے باعث ہلاکتیں پیش آئیں ہیں مزید یہ بتایا کہ انتظامیہ کی تربیت نہ کے باعث بھی ہلاکتیں ہوتی ہیں ۔

  • گرمی میں زیادہ تراموات نمکیات کی کمی سے ہوئیں، آغا خان اسپتال

    گرمی میں زیادہ تراموات نمکیات کی کمی سے ہوئیں، آغا خان اسپتال

    کراچی : آغا خان یونیورسٹی اسپتال نے گرمی کی شدت سے متاثرہ 353 مریضوں کو گزشتہ پانچ دنوں میں ٹریٹ کیا جس میں سے 31 انتقال کرگئے، ان سب مریضوں میں ایک چیز یکساں تھی کہ ان کے جسم میں نمکیات کی کمی تھی۔

    ڈاکٹرمنورخورشید کا کہنا ہے کہ زیادہ ترمتاثرین تو اپنی کمزوری اوآرایس یا کسی بھی اسپورٹ ڈرنک کے ذریعے دور کرسکتے تھے لیکن وہ جنہوں دیگربیماریاں بھی ہیں پہلے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    انکا کہنا تھا کہ جب کبھی انسانی جسم کا درجہ حرارت 40 سے اوپرچلاجاتا ہے اوراس کے کچھ آثارہیں جن میں جسم کا درجہ حرارت بلند ہونا شروع ہوجاتا ہے، خشک اور سرخ کھال، بے ترتیب نبض ، سردرد اور چکر آںا شامل ہیں اور اگر کسی کو یہ علامتیں محسوس ہوں تو وہ فوری اسپتال سےرجوع کرے۔

    حالانکہ شہر کے دیگر اسپتالوں میں پیٹ اسٹروک کے مریضوں کی تعداد میں واضع کمی ہوچکی ہے لیکن آغا خان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 43 مریض لائے گئے ہیں۔

  • کراچی میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 967 تک جا پہنچی

    کراچی میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 967 تک جا پہنچی

    کراچی : شہر قائد میں جان لیوا گرمی کے باعث شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، گرمی اور لوڈشیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 967ہوگئی، سردخانے میتوں سے بھر گئے، لاشوں سے تعفن اٹھنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جان لیوا گرمی مزید کئی جانیں لے گئی۔ گرمی اور لوڈشیڈنگ سےپانچ روز میں ہلاکتوں کی تعداد967 سے زائد ہوگئی ہے،سردخانے مرحومین کی میتوں سے بھر گئے، لاشوں سے تعفن اٹھنے لگا۔

    حکمرانوں کی بےحسی ،کے الیکٹرک کی نااہلی اور اہلیان کراچی پر آگ برساتے سورج نےمزیدکئی زندگیوں کے چراغ گُل کردیئے۔

    شہرقائدمیں قیامت خیزگرمی کی شدت نےمرنے والوں کیلئےسفر آخرت بھی مشکل بنادیا۔ میتیں اٹھانے کیلئےایمبولینسیں دستیاب نہیں تو غسل میت کیلئے پانی نایا ب ہوگیا۔

    قبر کا حصول بھی مرنے والوں کے لواحقین کیلئے آسان نہیں رہا۔ شہرکےہرسرد خانے میں لاشیں ہیں کہ اشیاء کے ڈھیر کی طرح ایک دوسرے پر پڑیں ہیں اور جن میتوں کو سرد خانوں میں جگہ نہ ملی اُن سے تعفن اُٹھنے لگا ہے۔

    غم سے نڈھال لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں سردخانے میں رکھنےکےلیے دربدرپھرتے رہے۔