Tag: heatwave alert

  • بھارت: اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ

    بھارت: اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ

    بھارت میں اتر پردیش سمیت 6 ریاستوں میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے اتر پردیش سمیت ملک کی کئی ریاستوں کے لیے شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گرمی میں مزیں 2 سے 3 ڈگری تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    آئی ایم ڈی کے مطابق آئندہ پانچ دنوں کے دوران شمال مغربی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 ڈگری سے 3 ڈگری سیلسیس تک بڑھے رہنے کا امکان موجود ہے۔

    بھارت کے وسطی ہند میں بھی منگل سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے آثار ہیں۔ مشرقی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4 ڈگری سے 6 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں میں گرم ہوائیں چلنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں 22 سے 24 اپریل، راجستھان، ہریانہ میں 23 اور 24 اپریل، ودربھ میں 21 سے 23 اپریل تک لُو چلنے کے امکانات موجود ہیں، پڈوچیری، تمل ناڈو، کرئیکل میں 22 اپریل تک موسم شدید گرم رہے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے قومی ادارہ صحت نے ہیٹ اور سن اسٹروک سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

    پاکستان بھر میں اس وقت شدید گرمی کی لہر جاری ہے کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ قیامت خیز گرمی کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

    شدید گرمی کے حوالے سے قومی ادارہ صحت نے ہیٹ اور سن اسٹروک سے متعلق ایڈوائزی جاری کر دی ہے اور اس کا اجرا وفاق اور صوبوں کو کر دیا گیا ہے۔

    ایڈوائزی میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، اور ملک میں ہیٹ ویو سے نقصانات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ اس صورتحال میں لوگوں کا ہیٹ اسٹروک سے تحفظ کے لیے دھوپ اور ڈی ہائیڈریشن سے بچاؤ ضروری ہے۔

    لاہور کے چڑیا گھر میں گرمی سے جانور مرنے لگے

    مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور حکومتوں کی جانب سے پیشگی حفاظتی انتظامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

  • برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

    برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

    لندن: برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا، ملک کے بیشتر حصوں میں گرم موسم کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ میں سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں رواں ہفتے شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس کے دوران انگلینڈ اور ویلز کے بڑے حصوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    پیر کو محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ جنوبی اور وسطیٰ انگلینڈ اور ویلز میں رواں ہفتے کے بیشتر حصے میں موسم شدید گرم رہے گا جبکہ منگل کو جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جانے کا امکان ہے۔

    تاہم انگلینڈ کا موسم اسپین اور پرتگال کے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو سے پھر بھی کئی ڈگری کم ہوگا جہاں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جاتا رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ ربیکا شیرون نے بتایا کہ برطانیہ میں سخت گرمی کی لہر اگلے ہفتے کے اوائل تک جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ اتوار اور پیر تک جنوب مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے مکمل یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دوسری جگہوں پر، انگلینڈ اور ویلز میں درجہ حرارت کافی حد تک 32 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو سکتا ہے، اور مزید شمال میں اوسطاً سے زیادہ 20 سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔

    25 جولائی 2019 کو مشرقی انگلینڈ کے کیمبرج بوٹینک گارڈن میں برطانیہ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، شیرون کا کہنا ہے کہ ماہرین موسمیات اس ریکارڈ کے ٹوٹنے کو خارج از امکان نہیں سمجھتے تاہم فی الوقت یہ صرف ایک امکان ہی ہے۔

    شدید گرمی کی وارننگ کو امبر یا گہرے زرد رنگ کے طور پر درجہ بندی میں رکھا گیا ہے جو حد درجہ 3 میں سے دوسرے نمبر پر ہے، اس شدت کی گرمی روزمرہ کی زندگی اور لوگوں کی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

    میٹ آفس نیشنل کلائمٹ انفارمیشن سینٹر کے سربراہ مارک میکارتھی نے بتایا کہ یورپ بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید حدت میں اضافہ برطانیہ میں گرم موسم کے نئے ریکارڈ کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔

  • کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری ، درجہ حرارت40ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے

    کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری ، درجہ حرارت40ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 5 اپریل تک کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی پڑے گی ، درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ آج سے5اپریل تک کراچی سمیت سندھ بھرمیں شدیدگرمی ہوگی ، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور شمال مغرب کی گرم اورخشک ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویوکی وجہ سے ہفتہ تک درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافہ متوقع ہے ، مارچ میں اوسطاًدرجہ حرارت32.5ڈگری ریکارڈ کیاجاتاہے تاہم رواں سال درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔

    ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیراختیار کریں اور دوپہر12سےشام4بجےتک دھوپ میں نہ نکلیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک میں بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے اور آج سے ہفتے کے دن تک سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی جبکہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں آج موسم عمومی طور پر خشک اور گرم رہے گا ، حیدر آباد، ملتان سبی اور دیگر شہروں میں موسم سخت گرم جبکہ لاہور اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ میں بھی موسم گرم رہے گا، گرمی کی لہر ایک ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے خدشات منگل سے ہفتے تک رہیں گے۔

  • کراچی میں عید کے پہلے اوردوسرے روز  ہیٹ ویو کا امکان

    کراچی میں عید کے پہلے اوردوسرے روز ہیٹ ویو کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے عید کے پہلے اور دوسرے روز موسم شدید گرم رہے گا، پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ 15 جون کے بعد سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ہے ، جس میں عید کے پہلے اور دوسرے روز شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے ، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جبکہ عید کے تیسرے سے موسم بہتر ہونا شروع جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 15 جون کے بعد سے موسم میں تبدیلی آئے گی ساٹ محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی اوراگست کا مہینہ مون سون ہو گا۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے جبکہ 21 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب سندھ پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی کی لہر جاری ہے، جیکب آباد ، سکھر دادو ، لاڑکانہ میں قیامت خیز گرمی سے شہری نڈھال ہیں ، ۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھرمیں انچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    راولپنڈی اسلام آبادسمیت بالائی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت کچھ کم ہو گئی۔۔ محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی والے تیار ہوجائیں، ایک بارپھر ہیٹ ویو الرٹ جاری

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں 25 سے 27 مئی تک شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرقائدمیں گرمی ایک بارپھرزوردکھانےکوتیارہے ، محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بارپھرہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا اور کہا 25 سے27مئی تک موسم شدیدگرم رہےگا، درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈتک جانےکاامکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی لہرکی شدت اس ہفتےاوراتوارکوسب سےزیادہ ہوگی اور ہفتے اور اتوار کو درجہ حرارت 40سے اوپر جاسکتا ہے، اس دوران سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس زیادہ محسوس کئےجانے کاامکان ہے۔

    کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے جبکہ 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ،قلات،لاہور ،فیصل آباد،راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ باش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی سمیت ملک کےدیگرحصوں میں موسم آج گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل مزید برسیں گےمالاکنڈ، ہزارہ،کوہاٹ،پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل رنگ جمائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں پورا ہفتے موسم کیسا رہے گا ؟ 

    گذشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کراچی میں پوراہفتہ موسم گرم اورمرطوب رہےگا اور درجہ حرارت چھتیس سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ عبدلرشید نے کہا تھا کہ مئی کا پورا مہینہ اسی طرح گرم رہے گا، فلحال رمضان میں ہیٹ ویو کا کوئی بھی امکان نہیں جبکہ 15 جون سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔

  • کراچی والے ہوشیار! ہیٹ ویو آنے کو ہے

    کراچی والے ہوشیار! ہیٹ ویو آنے کو ہے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر سورج قہر برسانے کو ہے، محکمہ موسمیات نے جلد شہر میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم تا 3 مئی کراچی میں ہیٹ ویو ہونے کا امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہوگا۔

    ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں معطل رہیں گی، ہیٹ ویو سینٹر کے مطابق اس دوران شمالی اور شمال مغربی گرم و خشک ہوائیں چل سکتی ہے۔

    اس سے قبل 28 سے 30 اپریل تک پارہ 37 سے 39 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، دھوپ میں گھر یا دفاتر سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر بحالت مجبوری نکلنا بھی پڑے تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں۔

    ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو چاہیئے کہ دن 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک گھروں میں ہی رہیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے استعمال کریں۔

    یاد رہے کہ شہر قائد مارچ کے اواخر سے ہی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، اب ہیٹ ویو کی متوقع آمد اور رمضان المبارک کا ایک ساتھ آغاز روزہ داروں کو پریشانی میں مبتلا کرسکتا ہے۔

  • رمضان المبارک کا دوسرا ہیٹ ویو، کراچی میں آج سورج پھر آگ برسائے گا، سمندری ہوائیں بھی بند

    رمضان المبارک کا دوسرا ہیٹ ویو، کراچی میں آج سورج پھر آگ برسائے گا، سمندری ہوائیں بھی بند

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا، سمندری ہوائیں بھی نہیں چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما اور رمضان المبارک میں کراچی میں آج سے شدید گرمی کی نئی لہرشروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے ، درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ گرمی کی لہر آئندہ تین روز جاری رہے گی۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب صفر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے ہیٹ ویو آنے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے صوبائی اور شہری حکومتوں کے زیر انتظام اسپتالوں میں پہلے ہی ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی نافذ ہے۔

    ہیٹ ویو کی پیش نظر کمشنر کراچی کی زیر نگرانی ضلعی حکومتوں، رینجرز اور پولیس نے ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کررکھے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر منگل سے بارشوں کی پیش گوئیاں کی جارہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بدھ کو45 اور جمعرات کو 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، متعلقہ ادارےپانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں، فی الوقت کراچی میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری گذشتہ دنوں پڑنے والی گرمی کی طرح احتیاط کریں اور شدید ہیٹ ویو اور ہوا میں نمی کم ہونے پر بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر دھوپ میں نکلتے وقت سر گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

    روزہ دار افطار وسحر میں دودھ دہی لسی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، تلی ہوئی اشیاء اور فریج میں رکھے باسی کھانے اور کھلی فضاء میں فروخت ہونے والے کٹے فروٹ استعمال نہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لئے دن میں دو بار نہانا بہتر رہے گا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ،سکھر،لاہور ،ملتان ،فیصل آباد،پشاور سمیت ملک بیشترعلاقوں میں موسم گرم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ تربت میں موسم شدید گرم اور پارہ اڑتالیس ڈگری سے تجاوز کرنے کاامکان ہے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات گرج چمک کیساتھ بارش بھی متوقع ہے۔

    گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں