Tag: heavy rain

  • مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے تباہی کا سلسلہ جاری، ماں بیٹا سمیت 6 جاں بحق

    مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے تباہی کا سلسلہ جاری، ماں بیٹا سمیت 6 جاں بحق

    راولپنڈی/ اسلام آباد/ مردان/ ہری پور : ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چھتیں گرنے سے ماں بیٹا سمیت 6جاں بحق اور 50 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مردان میں جلالہ عیسیٰ خوڑ کے قریب گھر کی چھت گرگئی، جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چھت گرنے سے باپ بیٹا زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بارش

    ڈی آئی خان:

    ڈی آئی خان کے علاقے پہاڑ پور کے گاؤں میں بارش سے گھر کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ماں بیٹاجاں بحق ہوگئے، گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے30سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ وانڈا ڈھاوا اور یارک میں گھروں کی چھتیں گرنے اطلاعات ہیں، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کردی گئیں۔

    ہری پور :

    ہری پور کے علاقے موہڑہ کلانواں میں موسلا دھار بارش سے درخت اکھڑ کر جی ٹی روڈ پر گرگئے، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    باغ آزاد کشمیر:

    باغ آزاد کشمیر کے شہر اور گرد و نواح میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مظفر آباد کے علاقے وادی نیلم اور وادی جہلم میں بھی موسلادھار بارش کے باعث ڈنہ نالے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔

    باغ، آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 مکانات گرگئے، ایکسین شاہرات باغ ڈویژن کا کہنا ہے کہ مکانات کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اپر سری آویڑہ میں مسجد کو نقصان پہنچا۔ جھیڑ غنی آباد سے ملوٹ کو ملانے والے سڑک بند ہوگئی جس سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل ہے۔

    راولپنڈی،اسلام آباد :

    راولپنڈی اسلام آباد اور نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے شہر جل تھل ہوگئے، دونوں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر34ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ راولپنڈی کے علاقے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 9 جبکہ گوال منڈی میں 5 فٹ تک بلند ہے۔

    علاوہ ازیں سید پور48، گولڑہ43، بوکڑہ17، پی ایم ڈی میں 32ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شمس آباد19، کچہری14، پیرودہائی7، گوالمنڈی8، نیوکٹاریاں میں16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

     

  • مسجد الحرام میں بارش کے دوران روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مسجد الحرام میں بارش کے دوران روح پرور مناظر کی ویڈیو

    سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور طائف میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی، مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ زائرین کی دعائیں مانگتے ہوئے ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے وقت طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    رپورٹس کے مطابق بارش کے دوران طواف اور دعائیں کرتے عمرہ زائرین کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے اس موقع پر مسجد الحرام میں صفائی پر مامور اہلکاروں کے ذریعے زائرین حرم کو بارش سے پیدا ہونے والی پھسلن سے بچانے کے لیے صفائی کے بہترین انتظامات کیے۔

    واضح رہے کہ بارش کے دوران حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔

    جمعرات کی شام کو مکہ میں مسجد الحرام اور اس کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جس سے ہر جانب جل تھل ہوگیا۔

    کمسن بچی کے غلاف کعبہ کو عقیدت اور محبت سے چومنے کی روح پرور ویڈیو

    موسمیات کے قومی مرکز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جمعرات کو طائف میں بھی شدید بارش ہوئی ہے۔ جس سے وہاں کا موسم سہانا ہوگیا۔

    موسمیات کے قومی مرکز نے بارش کے دوران عوام سے احتیاط برتنے، پانی کے جمع ہونے والے مقامات اور سیلابی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

  • بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    بھارت کے مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، اب تک ریاست میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو سو سے زیادہ افراد بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش سے سب سے زیادہ متاثر ممبئی ہوا ہے، جہاں موسلا دھار بارش ہورہی ہے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، گاڑیاں پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے سبب ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے، موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے سبھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اگست صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 19 اگست صبح ساڑھے پانچ بجے تک وکرولی میں 194.5 ملی میٹر، سانتا کروز میں 185 ملی میٹر، جوہو میں 173.5 ملی میٹر اور بائیکولا میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق باندرہ میں 157 ملی میٹر جبکہ کولابہ اور مہالکشمی میں بالترتیب 79.8 اور 71.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بارش کے بعد اندھیری سب وے میں پانی بھر جانے پر اسے بند کرنا پڑا جبکہ چیمبور کے بی ایم سی کے ماتحت اسپتال تک مریضوں کو پہنچانے میں اہل خانہ کو سخت مشکلات پیش آئیں۔ کئی لوگوں کو اپنے بیمار رشتہ داروں کو کندھوں پر لاد کر اسپتال پہنچانا پڑا۔

    موسلا دھار بارش کے باعث نہ صرف سڑکیں جام ہوگئیں بلکہ فضائی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ ممبئی ایئرپورٹ پر آمد و رفت میں تاخیر ہوئی اور کئی پروازیں وقت پر روانہ نہ ہو سکیں۔

    انڈیگو اور دیگر ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی فلائٹ کی اپ ڈیٹ چیک کریں اور ٹریفک کے سبب وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی کوشش کریں۔

    رپورٹس کے مطابق ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی صورتحال خطرناک ہے، ناندیڑ میں 200 سے زائد لوگ بارش کے پانی میں پھنس گئے، اسی طرح تھانے کے کلیان علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے چار گھروں کو نقصان پہنچا۔

    کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت تھانے اور پال گھر میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ممبئی میں 21 اگست تک مزید بارش کا امکان اظہار کیا گیا ہے۔

  • مسافر طیارہ دوران لینڈنگ اچانک ایک جانب جھک گیا، چیخ و پکار مچ گئی

    مسافر طیارہ دوران لینڈنگ اچانک ایک جانب جھک گیا، چیخ و پکار مچ گئی

    انڈونیشیا کے سوکارنوہٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ شدید موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران لینڈنگ کے دوران حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق باتک ایئر لائن بوئنگ 737 مسافر طیارہ ایئرپورٹ پر پر لینڈنگ کے دوران اچانک آنے والی تیز ہواؤں کی لپیٹ میں آگیا۔

    ہوا کے تیز جھونکوں نے مسافر طیارے کو ایک جانب جھکا دیا، جس سے دائیں بازو اور انجن رن وے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گئے۔

    اس وقت موسم بہت خراب تھا، تیز بارش اور آندھی چل رہی تھی۔ ایسی صورتحال میں لینڈنگ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ بارش کی وجہ سے نظر کم ہو جاتی ہے اور پائلٹ کیلیے جہاز کو سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک جانب جھکاؤ کا شکار ہوا، تاہم پائلٹ کی مہارت اور بروقت ردعمل کے باعث طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا گیا۔ اس موقع پر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔

    ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعے کے بعد طیارے کی مکمل چیکنگ اور معائنہ کیا گیا تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    باتک ایئر کے ترجمان نے واقعے سے متعلق کہا کہ تمام تر حفاظتی اقدامات و ہدایات پر عمل کیا گیا تھا، اور پائلٹوں نے بھی انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال پر قابو پایا۔

    واضح رہے کہ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت اتار لیا گیا۔ واقعے کے بعد مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزلوں کی جانب روانہ کیا گیا۔

  • محکمہ موسمیات نے شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کردی

    محکمہ موسمیات نے شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کردی

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور اس کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا انتباہ جاری کردیا،شہریوں سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کا کہا ہے کہ اسلام آباد اور مضافات میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد کے شہری ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    دوسری جانب راولپنڈی اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی، بارش کے ساتھ ہی بیشترعلاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق روات، مندرہ، جاتلی، کلرسیداں اور کہوٹہ کے علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارش سے پیدا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہیوی مشینری اور عملہ مختلف علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: غیر یقینی موسم کے باعث ریڈ الرٹ جاری

    سعودی عرب: غیر یقینی موسم کے باعث ریڈ الرٹ جاری

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجنوں کے متعدد شہروں کے لیے غیر یقینی موسم کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمے کی جانب سے دیگر ریجنوں کے شہروں کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے کہا ہے کہ ’طائف، الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ اور میسان میں موسم غیر یقینی رہے گا۔ موسلادھار بارش، گرج چمک اور تیز ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔

    مدینہ منورہ ریجن کے الحناکیہ اور المہد شہروں میں بھی یہی کیفیت رہنے کا امکان ہے۔

    محکمے کے مطابق ریاض شہر کے علاوہ الخرج، الدلم، المزاحمیہ، شقرا اور الدوادمی کے علاوہ دیگر شہروں میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جبکہ تیز ہوا کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی۔

    محکمے نے عسیر، جازان، الجوف، قصیم، مشرقی ریجن، حائل اور نجران کے لیے انتباہ جاری کیا ہے جہاں درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہوا کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں آنے والے گرد و غبار کے طوفان کے باعث محکمہ تعلیم ریجن کے تمام سکولوں میں تدریسی عمل متاثر ہو گیا تھا، طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے تدریسی عمل آن لائن انجام دیا گیا تھا۔

    سعودی عرب: ریاض سے 2 افراد سنگین جرم میں گرفتار

    محکمہ شہری دفاع نے تمام رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلا ضرورت گاڑی پر سفر کرنے سے منع کیا تھا۔

  • سعودی عرب میں 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے بیشترعلاقوں میں جمعہ 28 مارچ تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔

    شہری دفاع کے مطابق موسمی تبدیلی کے حوالے سے تازہ ترین معلومات کیلیے سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نظر رکھی جائے۔

    بیان کے مطابق مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، اسی طرح کی صورتحال باحہ، عسیر اور جازان ریجن میں بھی متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ نجران ریجن میں درمیانے درجے جبکہ مدینہ ریجن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مملکت کے بعض علاقوں میں عید الفطر تک بارش کا امکان ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت کے وسطی اور مشرقی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔

    بارش کا امکان، مسجد نبویؐ آنے والوں کیلئے اہم ہدایت جاری

    موسمیات کے قومی مرکز کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مملکت کے بیشتر علاقے اتوار تک بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں کی زد میں رہیں گے، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

  • راولپنڈی، اسلام آباد اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش، الرٹ جاری

    راولپنڈی، اسلام آباد اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش، الرٹ جاری

    راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھاربارشوں کا سلسلہ جاری ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث وارننگ جاری کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نالہ لئی گوالمنڈی کے مقام پرپانی کی سطح 19فٹ تک بلند ہوگئی، نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22.7فٹ تک بلند ہوچکی ہے۔

    ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے نشیبی علاقوں اور نالہ لئی کے اطراف کے علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں واساکاعملہ اور ہیوی مشینری نکاسی آب کیلئے موجودہے۔

    پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا دورانیہ اور اہمیت
    پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا دورانیہ عام طور پر جولائی سے ستمبر تک ہوتا ہے۔ یہ بارشیں ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شدت اور مدت کے ساتھ برستی ہیں۔ مون سون کی آمد سے ملک کے کئی علاقوں میں خشک سالی کے بعد زندگی میں ایک نئی بہار آ جاتی ہے۔ یہ بارشیں نہ صرف زرعی پیداوار کے لیے بلکہ پانی کے ذخائر کو بھرپور کرنے اور موسم کو خوشگوار بنانے کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔

    کراچی میں مون سون کا اگلا اسپیل کب داخل ہوگا؟

    تاہم، بعض اوقات یہ بارشیں اتنی شدید ہو جاتی ہیں کہ سیلاب کی صورت اختیار کر لیتی ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی پھیل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، غیر متوقع اور بے وقت بارشیں بھی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

  • کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان

    کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان

    محکمہ موسمیات نے آج کراچی کہیں آندھی  تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے ساتھ ہی مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور آج درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے، جنوب مغربی سمت سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

  • موسلا دھار بارش نے گجرات کی 50 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا

    موسلا دھار بارش نے گجرات کی 50 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا

    گجرات: پنجاب کے شہر گجرات میں آج ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی 50 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون ہواؤں کے نئے سسٹم کے زیر اثر ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔

    گجرات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے، تو پورا شہر دریا کا منظر پیش کرنے لگا، گزشتہ پچاس برسوں میں گجرات میں اتنی تیز بارش نہیں ہوئی، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، اور ہر گلی محلے میں 4 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے۔

    گلبرگ کالونی، رحمان شہید روڈ، شاہ دولہ دربار اور سرکلر روڈ پر پانی ہی پانی ہے، ادھر بھمبر آزاد کشمیر میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    مون سون ہواؤں کے باعث آج سے 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش متوقع ہے، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی کل سے بادل برسنے کا امکان ہے۔