Tag: heavy rain

  • وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

    وزیر اعظم کا بارشوں سے نقصانات پر افسوس، اہم ہدایات جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بارشوں سے نقصانات پر افسوس کیا ہے، اور متاثرین سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھار اور طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا مجھے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر دکھ ہے، انھوں نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ کراچی اور سندھ میں عوام، صوبائی حکومت اور اداروں کی معاونت کی جائے، اور کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

    تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    شہباز شریف کا کہنا تھا عوام کے تحفظ اور مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عوام کے تحفظ اور نقصانات سے بچاؤ کی بھرپور کوشش کی جائے۔

    انھوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز سے اشتراک عمل کی بھی ہدایت کی ہے، اور کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے، اور خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

    بلوچستان میں طوفانی بارشیں، 62 افراد جاں بحق

    وزیر اعظم نے متاثرہ عوام کے لیے عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، انھوں نے ہنگامی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے طبی ٹیموں کو متحرک کرنے پر زور دیا، اور کہا پانی کی نکاسی کے لیے مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر جلد پہنچایا جائے۔

    ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کی ابھی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات ہوئی، کراچی میں طوفانی بارش سے نقصانات پر انھیں بہت دکھ ہے، انھوں نے لکھا میں پر اعتماد ہوں حکومت سندھ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں معمولات زندگی بحال کر دے گی، نیز وزیر اعلیٰ سندھ کو ہر ممکن تعاون کی پیش کش بھی کی ہے۔

  • تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    کراچی: رات سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارش نے بیش تر کراچی کو ڈبو دیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر سونے چلی گئی ہے اور شہری راہ تکتے رہ گئے، ضلع جنوبی میں سیلاب کے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، بعض علاقوں کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے، شہر کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر غائب ہو گئی ہے، 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق جب کہ دو افراد ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    شہر میں سیوریج کا نظام بیٹھ گیا ہے، شاہراہوں پر آلائشیں تیر رہی ہیں، سندھ حکومت کے نکاسئ آب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انڈر پاسز پانی سے بھر چکے ہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، جگہ جگہ گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

    سپر ہائی وے اور کورنگی کاز وے زیر آب آ چکا، ایم نائن کے ایک ٹریک پر دو طرفہ ٹریفک چل رہی ہے، سندھ اسمبلی کے اطراف ندی کا منظر ہے جب صدر کی سڑکیں گھٹنوں گھٹنوں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔

    نظر یار محمدگوٹھ، عباس ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے نقل مکانی کر لی ہے، قائد آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث مکینوں کی نقل مکانی کرنی پڑی۔

    کراچی میں دنبہ گوٹھ کے مقام پر 2 افراد ریلے میں بہہ گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے، گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، شناخت آصف اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، کورنگی بلال کالونی میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے چل بسا۔

    ایم نائن موٹر وے کراچی سے حیدر آباد جانے والا راستہ ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے باعث بند ہو گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ اور عملہ سیکریٹری فنانس سید شجاعت حسین سمیت دیگر افسران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موسلا دھار بارش کے باعث سب میرین انڈر پاس بند کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میں پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو بوٹ بسن کی طرف سے بولیورڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

    کے پی ٹی اندر پاس، تین تلوار، دو تلوار کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے، انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو پل کے اوپر سے چلایا جا رہا ہے۔

    قائد آباد کے مقام پر ملیر ندی میں سکھن نالے کی جانب سے سیلابی ریلے کے پیش نظر یار محمد گوٹھ، عباس ٹاؤن و ملحقہ آبادیوں کے مکین اپنے گھروں سے نقل مکانی کر کے ملیر بند پر چڑھ گئے ہیں، مکینوں میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔

    سول سوسائٹی اور ریسکیو اداروں نے نقل مکانی کرنے والوں کو گورنمنٹ اسکول میں شفٹ کر دیا، دیگر افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، رینجر ڈی ایم سی اور دیگر ریسکیو ادراے عوام کو محفوظ مقام پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی انتظامات اور امدادی ساز و سامان کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

  • برازیل میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 57 ہلاکتیں

    برازیل میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 57 ہلاکتیں

    ریو ڈی جنیرو: برازیل میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھپن سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے شہری محکمہ دفاع نے بتایا کہ شمال مشرقی صوبہ پرنامبوکو کا دارالحکومت ریکیفی شہر بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں پینتیس سے زائد افراد ہلاک جبکہ پچیس کے قریب زخمی ہوئے۔

    لینڈ سلائینڈنگ کے نتیجے میں کم وبیش چار ہزار افراد بے گھر ہوئے جنہیں محفوظ مقامات پر کیا جاچکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: برازیل میں طوفانی بارشیں : 100افراد زندہ درگور

    میڈیا رپورٹ کے مطابق رسیفی میں مٹی کے تودے گرنے سے 20 افراد ہلاک ہوئے جب کہ قریبی قصبے کماراجیبی میں بھی مٹی کے تودے نے چھ زندگیوں کا خاتمہ کیا۔

    پرنامبوکو واٹر اینڈ کلائمٹ ایجنسی کے مطابق اب تک رسیفی میں 150 ملی میٹر اور کماراجیبی میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش پچھلے پانچ مہینے میں ہونے والا چوتھا واقعہ ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، اس سے قبل دسمبر کے آخر اور جنوری کے اوائل میں ریاست باہیا میں شدید بارشوں سے درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں بےگھر ہوئے تھے۔

    رواں سال فروری میں ریو ڈی جینیرو میں طوفانی بارش نے 230 افراد کی زندگیوں کا چراغ گل کردیا تھا۔

  • کراچی میں آج پھر  گرج چمک کے ساتھ تیز بارش  کی پیش گوئی

    کراچی میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شام گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کردی تاہم جمعہ کی صبح مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سے نکل جانے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی ، حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل صبح تک وقفے وقفے سے بوندا باندی اورمعتدل بارش ہوسکتی ہے تاہم رات تیز بارش متوقع ہے جبکہ کل مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سے نکل جانے کا امکان ہے۔

    شہرِ قائد میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا پی ڈی ایم سمیت دیگرادارے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنےکےلیےوسائل بروئے کارلائیں۔

    مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے پی ڈی ایم اے سندھ کو ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے فعال رکھنےکی ہدایت کی اور کہا بلوچستان سےآنےوالابارشوں کاسلسلہ مزیدچند دن جاری رہے گا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور،فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔

    اسلام آباد اورروالپنڈی میں بھی محکمہ موسمیات نے مینہ برسنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ پشاور، چترال، ، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، کوئٹہ، ژوب، زیارت ،گوادر میں بارش اور برفباری کاامکان ہے۔

  • اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں  گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ، موسم سرد ہوگیا

    اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ، موسم سرد ہوگیا

    راولپنڈی : اسلام آباد اورراولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا، جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے دوران واسا  نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اورراولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک شمس آ باد کے مقام پر سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ چکلالہ 67، پی ایم ڈی 65، بوکڑہ 29 اور سیدپور کے مقام پر 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    جڑواں شہروں میں موسلا دھاربارش کے دوران واسا نے الرٹ جاری کردیا ، جس کے بعد واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں پہنچ گیا۔

    منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود کا کہنا ہے کہ موسلادھاربارش سےپیدا ہونے والی صورتحال پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں، نشیبی علاقوں میں واسا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہے، نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اب تک کٹاریاں کے مقام پر 9فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پانی کی سطح 8فٹ تک ہے۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، ائیر پورٹ روڈ، کمیٹی چوک نڈر پاس، لیا قت باغ، جاوید کالونی، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن , جامع مسجد روڈ اور مری روڈ پر ٹیمیں موجود ہیں۔

    دوسری جانب بارش کے باعث بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز ٹرپنگ اور فالٹ کی باعث بند ہے ، ترجمان آئیسکو نے بتایا ہے آپریشن ٹیمیں الرٹ ہیں ،موسم بہترہوتے ہی بحالی کاکام شروع کردیا گیا ہے۔

    آئیسکوچیف نے لائن اسٹاف کوکام کےدوران احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  • موسلادھار بارشوں نے بھارت میں تباہی مچادی، کئی اموات

    موسلادھار بارشوں نے بھارت میں تباہی مچادی، کئی اموات

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں جاری موسلادھار بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اتر پردیش میں جاری بارش سے کئی مکان زمیں دوز ہوگئے جب کہ درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے کئی علاقوں میں بجلی نظام متاثر ہوا، بارش سے ہونے والے حادثات میں کم سے کم پانچ افراد مارے گئے جب کہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    جونپور سے موصول رپورٹ کے مطابق کئی کچے مکان زمین دوز ہوگئے جس کے ملبے تلے دبنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار لوگوں کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت میں شدید بارشوں سے ہولناک تباہی

    بارش کی وجہ سے سڑک، ریل اور ہوائی آمد و رفت متاثر ہوئی، اموسی ائیر پورٹ پر کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ ریلوے ٹریک زیرآب آنے سے لکھنؤ، جھانسی کے درمیان ٹرین سروس معطل ہوئی ہے،

    لکھنؤ، کانپور، پریاگ راج، ایودھیا، بارہ بنکی اور کشی نگر سمیت ریاست کے کئی اضلاع بارش سے شدید متاثر ہوئے، شدید بارشوں کے باعث اسکولوں میں تعطیلات دے دی گئیں ہیں۔

    ایودھیا میں اب تک 2 سینٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی جبکہ رائے بریلی کے فرصت گنج میں 186.3 ملی میٹر، لکھنؤ میں 157.2 ملی میٹر، سلطان پور میں 138.4 ملی میٹر، بانس گاؤں گوکھپور میں 142 ملی میٹر، سنت کبیر نگر کے گھنگھٹا میں 128 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے، موسلادھار بارشوں کے باعث لگاتار دریائے گنگا، جمنا،گھاگھرا، سریو اور گومتی ندی کی آبی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔

  • کراچی والے تیاری کرلیں ! نیا مون سون طوفانی سسٹم  آ رہا ہے

    کراچی والے تیاری کرلیں ! نیا مون سون طوفانی سسٹم آ رہا ہے

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں جمعے اور ہفتے کو موسلادھاربارش کا امکان ہے ، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں مون سون پھر ہلچل مچانے آ رہا ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد میں جمعہ، ہفتے کو موسلادھاربارش کی پیش گوئی کردی ہے اور کہا تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام یا رات خلیج بنگال سےہوا کا کم دباؤسندھ میں داخل ہونےکاامکان ہے ، سندھ، جنوبی پنجاب،مشرقی بلوچستان میں مون سون ہوائیں داخل ہوں گی۔

    دوسری جانب آج کے ملک کے بعض حصوں میں بارش کی توقع ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات دیرمردان میں بارش ک امکان ہے ، پنجاب کے شہروں لاہور شیخو پورہ میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان،کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    خیال رہے کراچی میں رواں ماہ بارش کے تین اسپیل آئیں گے ، جس سے شہر میں چھ اگست سے 24 اگست تک مون سون بارشوں کا امکان ہے، بارش برسانے والا پہلا سسٹم چھ اگست کو شہر میں داخل ہوگا ، جس کے باعث سات سے نو اگست تک بارش متوقع ہے جبکہ دوسرا اسپیل پندرہ تاریخ سے آئے گا اور چوبیس اگست سے بارش کے تیسرے اسپیل کا امکان ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے آج سے شہر کے تین بڑے نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں! کل  تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان

    کراچی والے تیار ہوجائیں! کل تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ظاہر کردیا ہے تاہم بارش کا یہ اسپیل زیادہ طویل نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں دوبارہ لو پریشر ایریا سامنے آیا ہے، تھرپارکر،ٹھٹھہ اوربدین میں گزشتہ رات تیزبارش ہوئی ، ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں آج رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگا اور کل تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش کا اسپیل زیادہ طویل نہیں ہوگا، یہ سلسلہ ایک سےڈیڑھ دن تک رہنے کاامکان ہے جبکہ تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، میرپورخاص اور حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ 3 دن تک جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی درجہ حرارت38سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کےمختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے اور بارش کے باعث مختلف علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔

    محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ، کشمیراور گلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

  • مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    ریاض: سعودی محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے محکمہ شہری دفاع نے متعدد ضلعوں میں بارش کے بعد سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج پیر سے بدھ تک متعدد کمشنریوں میں بارش کی توقع ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، طائف، الکامل، اضم، میسان، اللیث، القنفذہ، المویہ اور الخرمہ کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پر خطر مقامات سے دور رہیں۔

    محکمہ شہری دفاع کے مطابق موسمی نقشوں کا مطالعہ کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے تاہم اس کے باعث سیلابی ریلوں کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

    شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ بارش کے وقت وادیوں، ڈھلانوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہیں، سیلابی ریلوں سے بچنے کے لیے سلامتی کے ضوابط اور موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔