Tag: heavy rain

  • یو اے ای میں بارش کے ساتھ اولے برس گئے

    یو اے ای میں بارش کے ساتھ اولے برس گئے

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ اولے برسے ہیں، محکمہ موسمیات نے ہفتے کے اختتام تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی اینڈ سسمولوجی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے علاقوں ختم الشکلہ، میزید اور ام غفا میں تیز بارشیں ہوئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا، مشرقی، شمالی اور جنوب مغری علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے۔

    امید ہے کہ متحدہ عرب امارات کے باشندوں کو صبح ہلکی اور متعدل ہواؤں کا سامنا ہوگا جب کہ بحیرہ عرب اور عمان کے نزدیک سمندر متعدل رہے گا۔

    محکمہ موسمیات یو اے ای کی ٹوئٹر پر شیئر کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے علاقے مزید میں اولے بھی پڑے ہیں جب کہ انتہائی تیز ہوائیں بھی چلی ہیں۔

  • پنجاب: مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    پنجاب: مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    راولپنڈی: ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کراچی میں موسم ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،پشاور،شانگلہ: اسلام آباد، لاہور ، پختونخوا، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا جسکے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے مختلف اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

    راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد جہاں شہریوں کے چہرے کھل اٹھے وہیں انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور نااہلیوں کے باعث باران رحمت، باران زحمت بنی تو انکے چہروں پر پریشانی نظر آئی۔

    موسلادھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے، سڑکیں تالاب بن گئیں،نالے ابل پڑے ہیں، بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آنے کے بعد راولپنڈی کی سڑکیں، گلیاں اور میدان تالاب بن گئے، نکاسی آب کے بدتر نظام کے باعث گٹر بھی ابل پڑے،ٕ موسلادھاربارش کے باعث محلہ امام باڑہ، جامع مسجد روڈ تالاب بن گئے۔

    تین فٹ پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، بعض علاقوں میں کچےمکانات کونقصان پہنچا جبکہ بجلی بھی معطل ہوگئی۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، امرپورہ، گلاس فیکٹری، کری روڈ، ٹنچ بھاٹہ، آدڑہ محلہ کے نالے بھی ابل پڑے، گلیوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ مری روڈ کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہوگیا۔

    پشاور میں دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد مضافاتی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • بھارت ریاست تامل ناڈو میں کئی ہفتوں سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی

    بھارت ریاست تامل ناڈو میں کئی ہفتوں سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی

    تامل ناڈو : بھارت ریاست تامل ناڈو میں کئی ہفتوں سے جاری بارشوں نے تباہی مچادی ۔

    بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بارشوں کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہفتوں سے جاری شدید بارشوں کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ چنئی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سڑکیں تالاب جبکہ بارشوں کے سبب چنئی ایئرپورٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    حکام نے اسکول اور کالجز کو بند رکھنے کی ہدایت کر دی۔ شہر میں ریسکیو آپریشن کے لیے فوج کو طلب کو کر لیا گیا۔ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک سو اسی سے تجاوز کر گئی۔

  • چترال: سیلاب نے قیامت ڈھادی، ریلوں میں بہہ کر30افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ

    چترال: سیلاب نے قیامت ڈھادی، ریلوں میں بہہ کر30افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ

    چترال:  سیلاب نے قیامت ڈھادی، رات بھرموسلا دھار بارش سے بپھرے ندی نالے آپے سے باہر ہوگئے، ریلوں میں بہہ کر تیس افراد جاں بحق جبکہ متعددلاپتہ ہوگئے۔

    چترال میں سیلاب نے ہر سو تباہی مچارکھی ہے، سیکڑوں مکانات ملیا میٹ، عوام بے یارو مددگار بیٹھے ہیں، درجنوں رابطہ پل بہہ گئے،  پہلے سے بپھرے نالے گزشتہ رات بارش کے بعد آپے سے باہر ہوگئے، متعدد افراد سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے ، تیس افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔

      سیلابی موجیں تین سو تین مکانات کو ساتھ بہالے گئیں، چار سڑکیں مکمل طور پر تباہ جبکہ چالیس رابطہ پل بھی سیلاب کی نذر ہوئے، وادی کا زمینی رابطہ بحال نہ ہوسکا۔

    ضلع میں گیارہ اریگیشن چینلز اور ساٹھ سے زائد واٹر سپلائی کی اسکیمیں مکمل تباہ ہو چکی ہیں جبکہ بارہ سوایکڑ پر کھڑی فصلوں کو سیلاب بہالے گیا۔

  • موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند

    موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند

    لاہور: موسلادھاربارشوں کے باعث مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن بیشتر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا، خیبرپختونخوا میں بھی شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    محکمہ ایریگیشن کے مطابق دریائے کابل میں ادیزئی،ورسک، کلپانی اوربغدادہ کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ پانچ ہزارچارسواکہترکیوسک ہے۔

    دریائے سوات میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، پشاورمیں سردیاب اور شاہ عالم کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں سکھربیراج کے مقام پرپانی کی صورتحال معمول پر ہے، پانی نچلے درجے کے سیلاب کی صورت میں گڈو کے مقام پر پہنچے گا۔

    محکمہ ایریگیشن کے مطابق گوجرانوالہ میں دریا اپنے معمول پر بہہ رہا ہے، محکمہ ایریگیشن نے دریائے سندھ اورچناب میں سیلاب کے خطرے کے باعث فلڈوارننگ جاری کردی ہے۔

  • گجرانوالہ: طوفانی بارشوں سے 7افرادجاں بحق، متعدد زخمی

    گجرانوالہ: طوفانی بارشوں سے 7افرادجاں بحق، متعدد زخمی

    گوجرانوالہ : طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، گھروں کی چھتیں گرنے اور مختلف واقعات میں سات افراد جاں بحق جبکہ تیر ہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونیوالوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    گجرانوالہ میں خواتین اور بچوں سمیت سات افراد طوفانی بارشوں کی نذر ہوگئے، گکھڑمنڈی کےعلاقہ نت کلاں میں محنت کش ندیم کےمکان کی چھت گرگئی، جس سے ندیم ،اسکی بیوی صفیہ اور تین بیٹیاں عائشہ کنول اور سیرت جاں بحق ہو گئیں۔

    گکھڑ منڈی میں ہی چھت گرنے کے ایک دوسرے واقعے میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے، فرید ٹاؤن میں بھی چھت گرنے سے کم سن بچہ حسن زخمی ہوگیا۔

    پیپلز کالونی کےعلاقہ جھنگی میں دیوارگرنے سے آٹھ بچے زخمی ہو گئے، جن میں بارہ سالہ عمران کی حالت تشویشناک ہے، ظفر ٹاؤن میں بھی چھت گرنے سے ایک کم سن بچہ جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ کامونکی کےعلاقہ اسلام پورہ میں ایک مکان پر درخت گرنے سےایک بچہ جان بحق اورایک زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ہے ۔

  • لاہور: موسلادھاربارش، پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار گرگئی

    لاہور: موسلادھاربارش، پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار گرگئی

    پنجاب: لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں موسلادھاربارش سے پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار گرگئی ۔

    بارش کا پانی پنجاب اسمبلی کے احاطے کی دیوار کو گزشتہ رات ڈھیر کرگیا اور کھمبا بھی گرا گیا،لاہور میں شہریوں کا کہنا ہےکہ پنجاب اسمبلی میں بیٹھے عوامی نمائندوں کو ایوان کی عمارت کی ہی فکر نہیں تو شہرکی کیا پرواہ کریں گے۔

    لاہور سمیت پنجاب میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے لاہور کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔

    لاہور سمیت جنوبی اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے موسم کو پھر سے سرد بنادیا ہے، ننکانہ صاحب، سرگودھا، میاں چنوں، کوٹ مومن ، پیر محل اوربھکر میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کی زد میں ہیں۔

    شدید موسلادھاربارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، اوکاڑہ، گجرانوالہ اور عارف والا میں موسلا دھار بارش کیساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث لاہورائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔

    جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر بھی بارش سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور،راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔

  • کراچی : مکان کی چھت گرگئی، 2ہلاک 3زخمی

    کراچی : مکان کی چھت گرگئی، 2ہلاک 3زخمی

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق جبکہ ماں باپ سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی اکیاون بی میں تیز بارش سے گھر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر بہن بھا ئی ہلاک اور ماںٕ باپ سمت تین افراد زخمی ہوگئے، جنھیں فوری طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، جن میں 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    علی الصبح کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارش سے موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا، نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • لاہور: بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، 2افراد جاں بحق

    لاہور: بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، 2افراد جاں بحق

    لاہور : شہر میں موسلا دھار بارش نے قیامت ڈھا دی، شاہدرہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ملبے تلے دب کر  دو افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

    لاہور شہر اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شاہدرہ کے علاقے میں مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر تین افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو آپریشن کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، زخموں کی تاب نہ لاکر دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔

    بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، مغل پورہ، دھرم پورہ، ملتان روڈ ، نسبت روڈ اور دیگر علاقے پانی میں ڈوب گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے شہر کا بیشتر علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

    محکمہ موسمیات نے حالیہ بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

  • آزادکشمیر: شدید بارشوں سے تیس افراد جاں بحق، چالیس زخمی

    آزادکشمیر: شدید بارشوں سے تیس افراد جاں بحق، چالیس زخمی

    آزاد کشمیر: ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، جس میں تیس افراد افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    جنت نظیر وادی آزاد کشمیر بھی طوفانی بارشوں کی لپیٹ میں آگئی ہے، آزاد کشمیر میں بارش کے باعث حادثات میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہیں، تیز بارشوں سےدریائے جہلم اور دریائے پونچھ میں طغیانی کے بعد اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے، سیلابی ریلے سے پچیس مکانات تباہ ہوگئے۔

    دریاؤں میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر آزاد کشمیر کے تمام ریسکیو اداروں میں ہائی الرٹ جاری ہے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم اور لیپا کا زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے، سیلابی ریلے سےپچیس مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔