Tag: heavy rains

  • بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت میں خلیج بنگال کے اوپر بنے ہوئے کم دباؤ کے علاقے کے باعث ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارشیں شروع ہوگئیں، جس کے باعث تلنگانہ کے کئی اضلاع کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید موسلا دھار بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی تعلیمی افسران نے کریم نگر، جگتیال، یادادری بھواناگیری، کاماریڈی اور میدک اضلاع میں تمام اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو کاماریڈی اور نرمل اضلاع میں ریسکیو کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔

    بارشوں کے باعث حیدرآباد-ناگپور قومی شاہراہ (NH 44) تین مقامات پر دھنس گئی ہے، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، میدک میں 47 سڑکوں، 23 پلوں اور 15 پلوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک مسدود ہے۔ 16 تالابوں میں شگاف پڑ گیا ہے جس کی وجہ سے دیہات کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت میں بارش کی وجہ سے کئی ریلوے ٹریک بہہ گئے ہیں جس سے ریل ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل کا سامنا ہے۔

    ساؤتھ سینٹرل ریلوے نے کئی ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے اور کچھ کا رخ موڑ دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز، کریم نگر-کاچی گوڑا، کاچی گوڑا-نظام آباد، کاچی گوڑا-میدک، میدک-کاچی گوڑا، بودھن-کاچی گوڑا اور عادل آباد-تروپتی سمیت روٹس پر ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ نظام آباد-کاچی گوڑا روٹ پر خدمات آج بھی معطل رہیں گی۔

    گوگل میپ پر اندھا اعتماد، فیملی دریا میں بہہ گئی، 4 افراد ہلاک

    حکام کے مطابق ٹرینوں کی منسوخی کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔

  • اسلام آباد راولپنڈی میں آندھی اور بارش کی خطرناک پیش گوئی

    اسلام آباد راولپنڈی میں آندھی اور بارش کی خطرناک پیش گوئی

    اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے، محکمہ موسمیات نے آندھی اور بارش کاسلسلہ صبح تک جاری رہنےکی پیشگوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ راولپنڈی، اٹک، پوٹوھار سے مری، گلیات اور آزاد کشمیر تک پھیلنے کی توقع ہے۔

    اس موقع پر عوام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بارش اور گرد آلود ہواؤں کے موجودہ اسپیل میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا خیال رکھیں۔

    گرج چمک کے ساتھ بارش

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

    مزید پڑھیں : طوفانی ہواؤں ساتھ بارش اور ژالہ باری، دن میں رات کا منظر

    گزشتہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بادل برس پڑے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ساتھ ہی کالی گھٹاؤں سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔

    موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے گرمی کا روز ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا تاہم طوفانی ہواؤں نے قائد اعظم یونیورسٹی میں کینٹین کی چھت گرا دی اور درخت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔

    طوفانی پواؤں نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا جبکہ متعددفیڈرزٹرپ کرگئے، سائن بورڈز اور درخت گرنے سے بجلی کی تاروں ،کھمبوں کو نقصان پہنچا۔

  • بھارت و نیپال میں طوفانی بارشیں، 100 سے زائد ہلاک

    بھارت و نیپال میں طوفانی بارشیں، 100 سے زائد ہلاک

    بھارت اور نیپال کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، بدھ سے اب تک مختلف حادثات میں 100 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں بدھ سے اب تک بارش کے سبب مختلف حادثات میں 64 جان کی بازی ہار گئے۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش میں بارشوں اور آندھی سے 22 افراد ہلاک ہوئے جبکہ نیپال میں شدید بارشوں اور بجلی گرنے سے کم از کم 8 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں ہفتے تک مزید غیر موسمی بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی محکمہ موسمیات نے پہلے ہی بدھ کے روز ملک کے لیے ایک بڑے خطرے کی وارننگ جاری کر رکھی تھی، جس میں مغربی حصوں میں ہیٹ ویو کی صورتِ حال اور مشرقی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں و بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

    گزشتہ روز بھی بھارت میں محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا تھا، دہلی میں پارہ 41 ڈگری کو چھو گیا تھا۔

    ریاست گجرات میں درجہ حرارت 45.6 ڈگری سے تجاوز کر گیا جبکہ راجھستان میں درجہ حرارت 46 ڈگری کو چھو گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا ہے کہ مہارشٹرا اور مدھیہ پردیش میں بھی پارہ 43 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہیٹ ویو سے متاثرہ ریاستوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری زائد رہا۔

    نیویارک : ہسپانوی سیاح خاندان کا ہیلی کاپٹر دریائے ہڈسن میں گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک

    محکمہ موسمیات نے مدھیہ پردیش اور گجرات میں آج سے بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، ہریانہ اور راجھستان میں 14 اپریل سے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • برازیل میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، متعدد ہلاک

    برازیل میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، متعدد ہلاک

    شمال مشرقی برازیل میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سول ڈیفنس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کہا گیا ہے کہ ملک کے شمال مشرق میں ریاست پرنامبوکو کے شہر ریسیف میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

    بیان کے مطابق امدادی کام جاری ہونے والے ریسیف میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ریسیف کے میئر جواؤ کیمپوس کے مطابق شہر کے کئی حصوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں، 90 خاندانوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر محفوظ مقامات کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ہم فروری کی شدید ترین بارشوں سے نبرد آزما ہیں اور ممکنہ تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔

    نیشنل میٹرولوجیکل انسٹی ٹیوٹ (انمیٹ) اور پرنامبوکو واٹر اینڈ کلائمیٹ ایجنسی (اے پی اے سی) نے عوام کو محتاط رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بارشیں کچھ دیر تک جاری رہیں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی جنوب مشرقی برازیل میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 10 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مکانات زمین بوس ہوگئے۔

    خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 9 ہلاکتیں ایپاٹنگا شہر میں ہوئی ہیں جہاں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    پیرو میں لینڈ سلائیڈنگ، چٹان گاڑی پر آگری، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جبکہ بے گھر ہونے والوں کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • نیپال میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 170 افراد ہلاک

    نیپال میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 170 افراد ہلاک

    کھٹمنڈو : نیپال میں دو دن کی طوفانی بارشوں اور سیلاب نے زبردست تباہی مچادی، اب تک 170 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہیں، تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔

    اس حوالے سے نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں دو دن کی شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں 170 افراد ہلاک ہوگئے، تین ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا لیکن درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

     Kathmandu

    رپورٹ کے مطابق اس دوران لینڈ سلائیڈنگ سے سینکڑوں گھر بھی تباہ ہوگئے جبکہ سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد کیلیے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔

     Lalitpur

    کھٹمنڈو میں ہونے والے شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے دارالحکومت کا نظام درہم برہم کردیا، مشرقی اور وسطی نیپال کا بڑا حصہ سیلاب کے باعث زیرآب آگیا ہے، طوفانی بارشوں سے ایئرپورٹس کا نظام درہم برہم ہے ہوگیا۔

    flood

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی شاہراہیں بند ہوگئیں اور کھٹمنڈو کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہو گیا اور شاہراہوں سے ملبے کے ڈھیر کو صاف کرنے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ 3 ہزار سے زائد لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔

     heavy rainfall

    نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے اطراف کے علاقے ڈوب گئے، متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی جان بچانے کے لیے ایک چھت سے دوسری چھت پر چھلانگ لگانی پڑی، ہزاروں گھر سیلاب میں ڈوب گئے، مکین چھتوں پر محصور ہیں۔

     landslide

    پاکستان کا نیپالی عوام سے اظہار ہمدردی

    دوسری جانب پاکستان نے نیپال میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

     Dhading

    ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ نیپال میں سیلاب سے جانی نقصان اور تباہی پر دکھ ہے، ہماری دعائیں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

  • سندھ :  سکھر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ

    سندھ : سکھر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ

    سکھر : سندھ کے شہر سکھر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد کمشنر نے پانی کی نکاسی سے متعلق ہدایات جاری کردیں

    تفصیلات کے مطابق سکھراور اس کے مضافاتی علاقوں میں شام 5 بجے سے مسلسل ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کیلئے آپریشن جاری ہے۔

    اس حوالے سے کمشنر سکھر ڈویژن فیاض عباسی نے کہا ہے کہ سکھر میں اب تک مجموعی طور پر 180 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    کمشنر فیاض عباسی کے مطابق سکھر اور اُس کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ اسپیل میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ کمشنر سکھر نے مزید کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ بارش سکھر میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

    دوسری طرف انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کےلیے آپریشن جاری ہے۔کمشنر سکھر نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے بارش رکتے ہی پانی کی فوری نکاسی کریں۔

    کمشنر سکھر کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ پمپنگ اسٹیشن24گھنٹے کام کریں، کہیں بھی پانی کھڑا نا ہو، ان کا کہنا تھا کہ آخری اسپیل میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے اپریل کے آخری ہفتے کے دوران مملکت کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    خبر رساں ادارے عاجل کے مطابق مملکت کے مغرب میں خاص طور پر مکہ مکرمہ ریجن میں 50 سے 60 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں الباحہ، مکہ مکرمہ، تبوک، عسیر، جازان اور ریاض کے کچھ حصوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔

    محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت میں بارشوں کی پیش گوئی کے باعث الرٹ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    دوسری جانب چین کے جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جبکہ چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    سعودی عرب، عازمین حج کیلئے اہم خبر

    رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تیز ہواؤں سے متعدد گھروں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔

  • موسلادھار بارش، حب کینال میں شگاف پڑ گیا

    موسلادھار بارش، حب کینال میں شگاف پڑ گیا

    کراچی: گزشتہ رات کی موسلادھار بارش اور حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث حب کینال میں شگاف پڑ گیا۔

    ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق حب کینال میں شگاف پڑ گیا ہے، جس کے باعث شہر کو عارضی طور پر حب کینال سے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ہنگامی بنیادوں پر کینال کی مرمت مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، مرمتی کام اگلے 72 گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ کیماڑی میں حب کینال سے پانی کی فراہمی معطل ہوگی، اور متعلقہ علاقوں میں کے تھری کی متبادل لائن سے پانی کی فراہمی کی جائے گی، شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال احتیاط سے کریں۔

    کراچی میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب

    واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ پانی کا ذخیرہ کر لیں تاکہ انھیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی

    لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی

    لاس ویگاس: امریکا کے شہر لاس ویگاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے شہر لاس ویگاس میں جمعہ کو شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی، کئی رہائشی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔

    سیلابی ریلوں کے باعث سڑکوں پر جگہ جگہ گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، حکام نے لوگوں کو سیلاب والے علاقوں میں گاڑیاں نہ لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    سیلاب کے باعث 4 ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    لاس ویگاس میں جمعے کو ہونے والی بارش پورے ستمبر کی ماہانہ اوسط سے تقریباً تین گنا زیادہ رہی، اور گزشتہ 11 برسوں میں یہ ستمبر کے مہینے کا سب سے زیادہ پانی برسانے والا دن تھا۔

    موسم کی خرابی کے باعث تقریباً 700 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور 100 سے زیادہ منسوخ کر دی گئیں۔ نیشنل ویدر سروس نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔

  • موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

    موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے اگلے6گھنٹے کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، ملحقہ کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،چند مقامات پر بارش ہوگی
    خیبرپختونخوا، پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا، تاہم خطۂ پوٹھوہار اسلام آباد،بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،

    محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔