Tag: heavy traffic

  • دن میں ہیوی ٹریفک برقرار، قذافی برج کے اوپر لوڈ ٹرالر الٹ گیا

    دن میں ہیوی ٹریفک برقرار، قذافی برج کے اوپر لوڈ ٹرالر الٹ گیا

    کراچی: دن کے اوقات میں بھی ہیوی ٹریفک کا سڑکوں پر راج برقرار ہے، یونس چورنگی سے منزل پمپ قذافی برج کے اوپر کنٹینر لوڈ ٹرالر الٹ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی میں یونس چورنگی سے منزل پمپ جاتے ہوئے ایک ٹرالر الٹ گیا ہے، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم حادثے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق کنٹینر کو ہٹانے کے لیے کرین اور دیگر سامان طلب کر لیا گیا ہے، حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے۔

    ہیوی گاڑیوں کو یونس چورنگی سے مہران ہائی وے بھیجا جا رہا ہے، جب کہ چھوٹی گاڑیوں کو سڑک کے ایک حصے سے گزارا جا رہا ہے۔

    ایک اور ٹینکر حادثہ، کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر گھس گیا

    یاد رہے کہ رات 10 سے صبح 6 بجے تک ہیوی ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہے، یہ واقعہ صبح 8 بجے کے بعد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 100 سے زیادہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔

    بدمست ٹینکروں کو قابو کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے لیکن حادثات نہیں رک سکے ہیں۔

  • ہیوی ٹریفک کے اوقات کار کی پابندی سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ

    ہیوی ٹریفک کے اوقات کار کی پابندی سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار کی پابندی سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے رات 11 سے صبح 6 بجے تک داخلے کے عدالتی حکم کو سختی سے نافذ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ محکمہ سالڈ ویسٹ کو ایک ڈیڑھ ماہ میں آپریشن رات کو منتقل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے، سالڈ ویسٹ کی گاڑیاں بھی اب رات کو نقل و حمل کریں گی، تاہم ان کے لیے ڈیڑھ ماہ کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے آپریشن کو ایڈجسٹ کر سکیں۔

    سعدیہ جاوید نے بتایا کہ اجناس کی ترسیل کرنے والے ہیوی ٹریفک کو دن میں آپریشن کی اجازت ہوگی، انھوں نے کہا کہ جن گاڑیوں کی فٹنس سندھ حکومت سے ہوگی انھیں ٹیگ کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق سندھ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی سڑک بند کرے گا، یا اشتعال پھیلائے گا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں ڈمپرز اور دیگر بڑی گاڑیوں سے شہریوں کی پے در پے افسوس ناک اموات کے بعد شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے، ہیوی ٹریفک کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے عدالتی حکم بھی آیا ہے۔

  • کراچی : ہیوی گاڑیوں نے 100موٹرسائیکل سوار کچل دیے

    کراچی : ہیوی گاڑیوں نے 100موٹرسائیکل سوار کچل دیے

    کراچی کی مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، خصوصاً بڑی گاڑیوں کی تیز رفتاری یا موٹر سائیکل سواروں کی بے احتیاطی بھی اس کا پیش خیمہ ہے۔

    اس حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران شہر قائد کی سڑکوں پر سو موٹر سائیکل سواروں کے علاوہ دیگر افراد حادثات کے باعث لقمہ اجل بن گئے۔

    جاں بحق ہونے والے یہ افراد وہ ہیں جو صرف ہیوی گاڑیوں ٹرک ٹرالر بسوں اور دیگر بڑی گاڑیوں کے نیچے آکر موت کے منہ میں چلے گئے، چھوٹی گاڑیوں سے ہونے والے حادثات اس کے علاوہ ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کی مختلف شاہراہوں پر چلنے والی ہیوی گاڑیوں ڈمپرز، ٹریلرز، واٹرٹینکرز کی غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے باعث 5ماہ میں100موٹرسائیکل سوار کچلے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق5ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر122افراد جاں بحق ہوئے جون تا ستمبر بچوں سمیت79 موٹرسائیکل سوار کچلے گئے جبکہ اکتوبر2020میں ہیوی گاڑیوں نے21موٹرسائیکل سوار کچل دیا، کراچی میں روڈ سیفٹی ایکشن پلان پر عملدرآمد سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

  • کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا عدالتی فیصلہ معطل

    کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا عدالتی فیصلہ معطل

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے حکم کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک کے مسئلے پر عدالت عظمیٰ نے فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

    چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بنچ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو 17 اگست سنہ 2008 کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    مزید پڑھیں: اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک انسانی جانوں کے لیے خطرہ

    دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم سے کاروباری نظام جام ہوگیا۔ نقل و حرکت پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کراچی پورٹ ٹرسٹ، سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹر تنظیموں نے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔

    سپریم کورٹ نے معاملے کے حوالے سے فریقین کو نوٹس بھی جاری کردیے۔ بعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 31 مارچ کو کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے تھے کہ ہیوی ٹریفک کے ذریعے دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ کل سے بند

    کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ کل سے بند

    کراچی : شہر قائد کی اہم شاہراہوں پر کل سے بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت پرپابندی مہم شروع کی جائے گی، مذکورہ پابندی تین ماہ کیلئے لگائی گئی ہے، صبح چھ بجے سے رات گیا رہ بجے تک ہیوی ٹریفک سڑکوں پر نظر نہیں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک کی حالیہ صورتحال سے متعلق کمشنرکراچی آصف اعجازشیخ کی زیر صدارت دو اجلاس منعقد کیے گئے، اجلاس میں ہیوی ٹریفک پرپابندی مہم کےانتظامات کاجائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی شہرمیں ہیوی ٹریفک پر پابندی کل سے شروع ہوگی، صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بڑی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں آئیں گی، ہیوی ٹریفک پرپابندی 3 ماہ کیلئے لگائی گئی ہے۔

    کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک پر پابندی کے فیصلے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور ٹریفک حادثات میں بھی کمی آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ ہیوی ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کا بھی تعین کرلیا گیا ہے، کمشنرآصف اعجازشیخ کا مزید کہنا تھا کہ خستہ حال بسوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے 20 مارچ سے خستہ حال بسوں کےخلاف مہم شروع کی جائے گی۔

    آصف اعجازشیخ نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی مدد سے خستہ حال بسوں کے خلاف کارروائی شروع کرینگے جن گاڑیوں کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں وہ فوری طور پر حاصل کریں اور بسوں کے مالکان ایک ماہ میں اپنی گاڑیوں کی مرمت کرالیں۔

    کمشنرکراچی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پرٹریفک اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔