Tag: heavy weapons

  • بھارت کے ایل او سی پر  بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف

    بھارت کے ایل او سی پر بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف

    راولپنڈی : بھارت کے لائن آف کنٹرول پر بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف ہوا جبکہ شہری آبادی پر 122اور 155ایم ایم کے بھاری گولے داغے گئے، بھارتی اشتعال انگیزی میں پاک فوج کے لانس نائیک سمیت 5 شہری شہید ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جورا، شاہ کوٹ،نوسیری سیکٹر میں حالیہ سیز فائر خلاف ورزیوں میں بھاری ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے بتایا گیا بھارت  نے شہری آبادی پر 122اور155 ایم ایم کے بھاری گولے داغے۔

    اس سے قبل غیرملکی سفارتکاروں اور میڈیا نمائندہ گان نے ایل او سی جورا سیکٹر کا دورہ کیا تھا، سفارتکاروں نے مقامی بازار میں دکانداروں اور شہریوں سے بات چیت کی اور خود بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ گھر دیکھے جبکہ مقامی آبادی نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متعلق آگاہ کیا اور بعض سفارتکاروں نے متاثرہ دکانداروں سے اشیا بھی خریدیں۔

    غیرملکی سفارتکاروں اور میڈیا کو بھارتی آرٹلری کے گولے دکھائے گئے، بھارتی فوج کے پھینکے گئے گولے آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر گرے تھے۔

    مزید پڑھیں : غیرملکی سفارتکاروں اورمیڈیا کا ایل اوسی جورا سیکٹر کا دورہ

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیرملکی سفارتکاروں اور میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا پاکستان دنیا سے کچھ نہیں چھپارہا، پاکستان کے پاس چھپانے کو کچھ نہیں، کیا بھارت بھی سفارتکاروں کوایسی اجازت دے گا ؟ غیرملکی سفارتکاروں اورمیڈیا کو کسی بھی جگہ جانے کی مکمل آزادی ہے اور کھلی پیشکش ہے کہ خود صورتحال کا جائزہ لیں۔

    گذشتہ روز ترجمان پاک فوج نے کل سفارتکاروں،میڈیا کو ایل اوسی لیجانےکی دعوت دی تھی اور کہا تھا دنیا کو دکھائیں گے زمینی حقائق کیا ہیں، بھارتی آرمی چیف کا آزادکشمیر میں تین کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ افسوسناک ہے، بھارتی آرمی چیف بہت اہم عہدے پر ہیں، آزادکشمیر میں کوئی کیمپ ہی نہیں تو کارروائی کیسی؟

    واضح رہے بھارت نے ایل او سی پر جورا، شاہ کوٹ،نوسیری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جبکہ پاک فوج کے لانس نائیک سمیت 5 شہری شہید ہوگئے تھے۔

  • دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے ہیوی آرٹلری پاک افغان بارڈر پہنچا دی گئی

    دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے ہیوی آرٹلری پاک افغان بارڈر پہنچا دی گئی

    چمن : پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی لہر کے بعد پاک فوج نے سرحد پار سے دہشت گردی روکنے کے لئے سخت انتظامات کرلئے ہیں، جس کے بعد اضافی ہیوی آرٹلری پاک افغان بارڈر پر آگے بھجوادی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرحد پار سے دہشت گردی روکنے کے لئے پاک فوج نے بڑا اقدام اٹھایا، ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل وحرکت مکمل روکنے کیلئے اضافی ہیوی آرٹلری پاک افغان بارڈر پر آگے بھجوادی گئی ہے جبکہ بارڈر پر قائم چیک پوسٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    پاکستان میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے بعد پاک افغان کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان سرزمین کے استعمال ہونے کی واضح ثبوت ملنے کے بعد پاکستان کو سخت اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔

    دوسری جانب چمن میں بھی باب دوستی مسلسل چوتھے روز بند ہونے سے نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سلسلہ بھی روک دیا گیا ہے، سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں اور پیدل جانے والے افراد کو بھی سرحدپار کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔


    مزید پڑھیں : پاکستان نے حالیہ دہشت گردی کے تمام ثبوت افغان حکام کو فراہم کردیئے


    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تمام ثبوت افغان حکام کو فراہم کردیئے تھے، جس میں دہشت گردوں کے روابط کی ٹیلی فون کالز اور ڈیٹا بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور سیہون میں دہشت گردوں نے افغان سرحدی علاقوں سے کارروائیاں کیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل درگاہ لعل شہباز قلندر میں خود کش دھماکے کے بعد حکومت نے پاک افغان بارڈر کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان  کیا تھا۔

  • ملیر سے بھاری تعداد میں‌ اسلحہ برآمد، دو ملزمان گرفتار

    ملیر سے بھاری تعداد میں‌ اسلحہ برآمد، دو ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کو دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں سے بچالیا گیا، حساس ادارے اور پولیس نے ملیر میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں7.62 ایم ایم گولیوں کے ڈبے اور اسی کے آٹو میٹک ویپن، کلاشنکوف، آر پی جی سیون،ہیوی مشین گن اور لائٹ مشین گن بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلحہ ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک تخریب کار نے چھپایا ہوا تھا، ملزمان انتہائی تربیت یافتہ دہشت گرد ہیں جن کا مقصد شاپنگ سینٹرز ،دیگر پرہجوم مقامات اور حساس تنصیبات پر حملہ کرنا تھا۔پولیس اور حساس ادارے کی جانب سے مزید ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جس کے بعد مزید اسلحہ پکڑے جانے اورگرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزموں کو ایک سیاسی شخصیت کی پشت پناہی حاصل ہے، تفتیش کے بعد ایک اہم سیاسی شخصیت کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔