Tag: heist

  • ویڈیو: 50 لاکھ کی ڈکیتی، بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ڈاکو نکلا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ٹیپو سلطان میں بینک سے 50 لاکھ روپے لے کر نکلنے والے شہری سے لوٹ مار کے واقعے میں بینک کا سیکیورٹی سپروائزر ہی ملوث نکلا۔

    ٹیپو سلطان پولیس کے مطابق 16 نومبر کو نجی بینک سے ایک کمپنی مالک نے پچاس لاکھ روپے کی رقم نکلوائی تھی، جیسے ہی وہ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں کمپنی دفتر کے گیراج میں پہنچے، 3 لٹیرے اندر داخل ہو کر ان سے رقم کا تھیلا چھین کر لے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم خاور خان نجی بینک میں سیکیورٹی سپروائزر ہے، جس کی مخبری پر تین ملزمان نے رقم لوٹی تھی، گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اطلاع دینے پر لٹیروں نے اسے اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ٹیپو سلطان پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم کا سراغ لگایا، ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ سیکیورٹی سپروائزر خاور نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع ملزمان کو پہنچائی تھی، جس پر ملزم شاکر عرف شاہد نے 2 دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بینک سے شہری کا تعاقب کیا۔

    ایس ایچ او کے مطابق ملزم کا سراغ جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شواہد پر لگایا گیا۔

    ملزم خاور خان نے انکشاف کیا کہ واردات میں ملوث مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق ملزم خاور پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جہاں شاکر سے اس کی ملاقات ہوئی تھی۔

    خاور خان نے بتایا کہ واردات سے ایک دن قبل شاکر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی آیا تھا، اور بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی۔

    ملزم نے بتایا کہ اس کی نشان دہی پر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی گئی تاہم فون پر اسے صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا گیا، جب اپنے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کر دیا۔

  • سوئیڈن کا چوری ہونے والا شاہی تاج برآمد، ملزم کو قید کی سزا

    سوئیڈن کا چوری ہونے والا شاہی تاج برآمد، ملزم کو قید کی سزا

    اسٹاک ہوم : سوئیڈن کے تاریخی گرجا گھر سے سترہویں صدی کے بادشاہ کے شاہی تاج اور شاہی گلوب چُرانے والے ملزمان گرفتار ہوگئے جبکہ عدالت نے ایک ملزم کو قید کی سزا سنا دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئیڈش پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چوروں کی شناخت کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ چوری کیا گیا تاج اور شاہی گلوب بھی کوڑے دان سے برآمد کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شاہی گلوب اور تاج تاریخی گرجا گھر اسٹرنگش کیتھڈرل سے کنگ کارل چہارم اور ان کی ملکہ کرسٹینا کے ہیں جس کی تاریخ 1611 کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالت نے جمعے کے روز شاہی تاج اور گلوب چوری کیس کی سماعت کرتے ہوئے 22 سالہ جوان کو شاہی زیورات چوری کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ساڑھے 4 برس قید کی سزا سنا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 22 سالہ چور نے دوران ٹرائل شاہی زیورات چوری کرنے کا اعتراف کیا جن کی مالیات کم از کم 70 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بادشاہ کا تاج کچرے دان سے ٹوٹی ہوئی حالت میں برآمد ہوا جس میں جڑے ہوئے کچھ ہیرے بھی تاج سے علیحدہ ہوچکے تھے۔

    مزید پڑھیں : سوئیڈن کے تاریخی گرجا گھر سے شاہی تاج چور لے اڑے

    یاد رہے کہ تاج اور گلوب سونے کے ہیں جن میں قیمتی ہیرے جواہرات جڑے ہیں، شاہی نوادرات کو گزشتہ برس 31 جولائی کو تاریخی گرجا گھر اسٹرنگش کیتھڈرل سے چوری کیا گیا تھا۔

    ایک عینی شاہد کے مطابق چور سائیکل پر شاہی نوادرات لے کر فرار ہوئے بعدازاں انہوں نے موٹر سائیکل کا استعمال کیا اور آخر میں وہ ملارین جیل سے موٹر بوٹ میں فرار ہوتے دیکھے گئے تھے۔

    سوئیڈش پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ نوادرات قومی خزانے کا درجہ رکھتے ہیں لہٰذا ان کو فروخت کرنا آسان نہیں تھا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق کئی افراد نے چوروں کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا ہے جبکہ اس سلسلے میں عینی شاہدین سے مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔