Tag: held

  • سات یورپی ممالک کی ایران کو قانونی تجارت کی راہ ہموارکرنے میں مدد کی یقین دہانی

    سات یورپی ممالک کی ایران کو قانونی تجارت کی راہ ہموارکرنے میں مدد کی یقین دہانی

    تہران/ویانا : ایران نے یورپی ممالک کی وضاحت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات ناکافی ،یورپی کوششیں ناکام ہوئیں تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سات یورپی ملکوں آسٹریا، بلجیئم، فن لینڈ، ہالینڈ، سلوونیا، سپین اور سویڈن نے اس امر کو واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایران کے ساتھ طےہونے والے جوہری معاہدے کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ایران پر بھی معاہدے کی شرائط پر عمل کرنا لازمی ہے۔

    یورپی ممالک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں معاہدے کی اقتصادی شقوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا مکمل ادراک ہے تاہم ایران کے لئے قانونی تجارت کی راہ ہموار کرانے میں مدد دیں گے۔

    دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی نے کہا ہے کہ ویانا میں سفارت کاروں کا ہونے والا اجلاس 2015 کے جوہری معاہدے کو ناکامی سے بچانے کی کوششوں کے ضمن میں بہتری کی جانب قدم ہے، تاہم ان کوششوں کا نتیجہ ابھی ناکافی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2015ءکے جوہری معاہدے کی پاسداری کے طلب گار ممالک جرمنی، چین، فرانس، برطانیہ اور روس نے آسٹریا کے صدر مقام ویانا میں دوسرے یورپی ملکوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تاکہ جوہری معاہدے کو ناکامی سے بچانے کی تدابیر پر غور کیا جا سکے۔

    اس موقع پر ایران نے دھمکی دی کہ اگر اس کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی نہ کی گئی تو وہ معاہدے میں یورنیم افزودگی روکنے سے متعلق کئے جانے والے وعدوں پر عمل درآمد روک دے گاتاہم سات یورپی ملکوں آسٹریا، بلجیئم، فن لینڈ، ہالینڈ، سلوونیا، سپین اور سویڈن نے اس امر کو واضح کر دیا کہ وہ ایران کے ساتھ طے والے جوہری معاہدے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔

    ان ملکوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ایران پر بھی معاہدے کی شرائط پر عمل کرنا لازمی ہے،ویانا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے والے یورپی ممالک نے اپنے بیان میں اس امر کا اظہار کیا کہ انہیں معاہدے کی اقتصادی شقوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بعدازاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یورپی ممالک فرانس، برطانیہ، جرمنی اور یورپی یونین کے بیرونی ایکشن سیکشن کے ساتھ مل کر ایران کے لئے قانونی تجارت کی راہ ہموار کرانے میں مدد دیں گے۔

    اس کے جواب میں ایران نے کہا کہ اگر یورپی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ سخت اقدام اٹھانے پر مجبور پر ہو گاجبکہ عباس عراقجی نے مزید کہا کہ یورپی، روسی اور چینی عہدیداروں کے ساتھ ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا نتیجہ ایرانی امنگوں کے مطابق نہیں ہے ۔

    بعدازاں ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں کہا کہ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے یورپی ملک اگر ہمیں امریکی پابندیوں سے بچانے میں ناکام رہے تو ایران فیصلہ کن اقدام اٹھائے گا۔

  • دبئی: گھر میں بھنگ اگانے کے جرم میں بھارتی شہری گرفتار

    دبئی: گھر میں بھنگ اگانے کے جرم میں بھارتی شہری گرفتار

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی پولیس نے بھارتی شہری کو گھر میں بھنگ کے اُگانے اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں منشیات (بھنگ، چرس) اُگانے کے جرم میں بھارتی شہری کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دبئی پولیس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ملازمت کی غرض سے دبئی آنے والی بھارتی شہری نے گھر میں بھنگ کے پودے لگائے ہوئے ہیں۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم خود بھی نشے کا عادی ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات سیل کے اہلکاروں نے پولیس کے ہمراہ 32 سالہ بھارتی شہری کے گھر چھاپہ مار کر ممنوعہ پودے اور منشیات برآمد کی اور مذکورہ شہری کو گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پبلک پراسیکیوٹر نے ملزم پر منشیات کے 51 پودے لگانے اور منشیات کا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزم سے برآمد ہونے والی منشیات میں کچھ بیج کی صورت میں تھے جسے اُگانا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ 32 سالہ بھارتی شہری نے عدالت کے سامنے خود پر لگائے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نشہ کرتا ہوں تاہم نشے کی خاطر گھر میں بھنگ کے پودے نہیں لگائے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دبئی پولیس کی جانب سے ملزم کے ٹیسٹ کروائے گئے تھے جس کی رپورٹ مثبت ہیں، عدالت نے رپورٹ دیکھنے اور پبلک پراسیکیوٹر کا مؤقف سننے کے 30 ستمبر کو ملزم کو سزا سنانے کا اعلان کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • دبئی : ایئرپورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دبئی : ایئرپورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دبئی : ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مصری شخص کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ہوائی اڈے سے مسافروں کا سامان چوری کرنے کے الزام میں تین ایشیائی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر تعینات ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان چورانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مصر سے تعلق رکھنے والے شخص نے دبئی پولیس کو شکایت درج کروائی تھی کہ اس کے سامان سے مہنگا ترین موبائل آئی فون چور ہوگیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق مصری شخص کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنا سامان دیکھا تو حیران رہ گیا کہ بیگ کھلا ہوا تھا، میں نے کھلا بیگ دیکھ کر فوراً اپنے سامان کی تلاشی لی تو پتہ چلا کہ میرا آئی فون چوری ہوچکا ہے۔

    دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ مصری شخص نے آئی کلاؤڈ سافٹ فیئر کی مدد سے اپنے موبائل کو ٹریک کیا تو معلوم ہوا کہ موبائل دبئی میں ہے، جس کے بعد متاثرہ شخص نے پولییس کو اطلاع دی اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا۔

    دبئی پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ تین ملزمان ہیں جو دبئی کے عالمی ہوائی اڈے سے سامان چوری کرنے میں ملوث ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے اور ان کی عمریں19 برس سے 27 برس ہیں، جو ایئرپورٹ پر ملازمت کرتے ہیں اور جہاز کی صفائی کرنے کا کام کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان نے پولیس تفیش کے دوران ایئرپورٹ پر مسافروں کے بیگوں سے سامان چوری کرنے کا اعتراف کیا، جس کے بعد پولیس نے مذکورہ ملزمان کو عدالت کے حکم پر جیل منتقل کردیا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج، انتظامیہ کی شاہ خرچیاں، 5 اسٹار ہوٹل میں کانفرنس منعقد

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج، انتظامیہ کی شاہ خرچیاں، 5 اسٹار ہوٹل میں کانفرنس منعقد

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی شاہ خرچیاں سامنے آئیں، اسٹاک ایکسچینج میں سہولیات ہوتے ہوئے بھی 5 اسٹار ہوٹل میں 2 روزہ میٹنگ اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ نے امیج بلڈنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے نام پر کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں نہ صرف دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا بلکہ کراچی کے رہائشی بیشتر جنرل منیجرز اور دیگر عہدیداروں کے لیے 5 اسٹار ہوٹل میں رات ٹھہرنے کے لیے کمرے بھی بک کرائے گئے۔

    خیال رہے کہ نو ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنے مالی حسابات میں ساڑھے سترہ کروڑ روپے کا نقصان ظاہر کیا ہے، پی ایس ایکس کی یہ کانفرنس جمعہ کے روز عین ٹریڈنگ کے دوران منعقد کی گئی جو ہفتے کو بھی جاری رہی جبکہ اسٹاک ایکسچینج کی پوری انتظامیہ اس کانفرنس میں مصروف تھی۔

    اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر فوری طور پر خط لکھ کر اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ سے جواب مانگا ہے، اور خط میں کہا گیا ہے کہ عین ٹریڈنگ کے دوران پوری انتظامیہ کے میٹنگ میں مصروف ہونے سے انتظامیہ نے شیئر مارکیٹ کے اربوں روپے کی ٹریڈنگ اور نظام کو خطرے میں ڈالا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں لاکھوں روپے کے اخراجات کی بورڈ سے منظوری بھی نہیں لی گئی، پی ایس ایکس بورڈ کی حتمی تشکیل کے لیے ریگولیٹر کی منظوری کا انتظار ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نجکاری کے بعد پبلک لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔