اسلام آباد : وزیرخزانہ اسدعمر نے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا وقت آگیا ہے بھارت کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دے، پلواما میں نہتے کشمیریوں کا قتل بھارتی فورسز کے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیرخزانہ اسدعمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کشمیریوں کےقتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا پلوامامیں نہتے کشمیریوں کی شہادت مقبوضہ کشمیر میں جبر وظلم کی یاددہانی ہے، وقت آگیا ہے بھارت کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دے۔
Pulwama killings of innocent kashmiri’s is a reminder of the brutal repression of kashmir by the occupying indian forces. Its time India allows the people of kashmir their inalienable right of self determination
— Asad Umar (@Asad_Umar) December 17, 2018
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
حریت قیادت کی کال پروادی میں سوگ اور ہڑتال ہے، تعلیمی ادارے، کاروباری مراکزبند ہیں اورٹرانسپورٹ معطل ہے جبکہ انٹرنیٹ اورموبائل سروس بھی بند کردی گئی ہے، کٹھ پتلی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں غیرعلانیہ کرفیولگا دیا۔
مزید پڑھیں : پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کی شہادت کی مذمت
حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے، دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کریں،دنیا کی ترجیحات میں کشمیر نہیں ہے لیکن دنیا اتنی بے حس اور لاتعلق نہیں ہوسکتی۔