Tag: helicopter

  • بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر گجرات کے پور بندر میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نیتجے میں تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے علاقے پوربندر میں انڈین کوسٹ گارڈ کے ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر نے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سمیت تین افراد سوار تھے، حادثہ رات بارہ بجے تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔

    بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ

    بھارتی کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

    پور بندر کے ایس پی کا کہنا ہے انہیں شدید طور پر جھلسی ہوئی حالت میں پوربندر کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں تینوں افراد کی موت واقع ہوگئی۔

    واضح رہے کہ 2021 میں ایسے ہی ایک حادثے میں بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت سمیت تیرہ فوجی افسران ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ میں گزشتہ 30 سالوں میں 535 جہاز فضائی حادثوں کا شکار ہوئے، گزشتہ 5 سال کے دوران 46 فضائی حادثات میں ہلاک بھارتی پائلٹس کی تعداد 42 ہے، مودی سرکار کے اقدامات نے واضح کر دیا بھارتی حکومت مالی فائدے کیلئے اداروں کو تباہ کرسکتی ہے۔

  • ویڈیو: ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جائے جانے والے ہیلی کاپٹر کا فضا سے گرنے کا خوفناک منظر

    ویڈیو: ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جائے جانے والے ہیلی کاپٹر کا فضا سے گرنے کا خوفناک منظر

    اتراکھنڈ: بھارت میں فضا سے ایک ہیلی کاپٹر گرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    میڈیا رپورٹس اور ویڈیوز کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے رودرپریاگ میں ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک خراب ہیلی کاپٹر لے جایا جا رہا تھا، فضا میں اچانک یہ الگ ہو کر نیچے گر گیا۔

    ویڈیو میں ہیلی کاپٹر کے گرنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے جو ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی پیدا کرتا ہے، یہ واقعہ بھارت کے مشہور مذہبی مقام کیدارناتھ میں پیش آیا۔

    بتایا گیا ہے کہ کیدارناتھ دھام میں کرسٹل کمپنی کا ہیلی کاپٹر خراب ہو گیا تھا، جس کے بعد اسے لے جانے کے لیے ایم آئی-17 طلب کیا گیا۔ اس نے جیسے ہی ٹیک آف کیا، تھوڑی ہی دوری پر پہنچنے کے بعد اس سے منسلک خراب ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر آسمان سے زمین پر آ رہا۔

    بھارت نے بد اخلاقی کی حد کر دی، جے شنکر کا پاکستان کے ساتھ بات چیت کے دور کے خاتمے کا اعلان

    حادثے کے وقت زمین پر آس پاس کوئی موجود نہ تھا اس لیے غنیمت رہی، حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر اڑان کے بعد توازن کھو بیٹھا تھا، جو کہ کیدارناتھ سے گوچر ہیلی پیڈ تک لے جایا جا رہا تھا۔

  • یوٹیوبر کو خطرناک ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا

    یوٹیوبر کو خطرناک ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا

    کیلیفورنیا : امریکی پولیس نے ایک مقامی یوٹیوبر کو خطرناک کرتب کی ویڈیو بنانے کے الزام میں حراست میں لے لیا، ملزم کو دس سال قید کی سزا دیئے جانے کا امکان ہے۔

    کیلیفورنیا پولیس نے معروف امریکی یوٹیوبر 24 سالہ ایلکس چوئی کو خطرناک کرتب دکھانے پر گرفتار کرلیا، ملزم نے اپنی ویڈیو میں تیز رفتار اسپورٹس کار لمبرگینی پر ہیلی کاپٹر سے آگ کے شعلے برساتے دکھایا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سان برنارڈینو کاؤنٹی میں بنائی جانے والی ویڈیو میں خوفناک مناظر فلمبند کرنے پر 24سالہ ایلکس چوئی کو جرم ثابت ہونے پر 10سال تک جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔

    یوٹیوب پر ’لمبرگینی کو آتش بازی سے تباہ کرتے ہوئے‘ ( (Destroying a Lamborghini with Fireworksکے عنوان سے اپلوڈ کی گئی اس ویڈیو میں 2 خواتین کو ہیلی کاپٹر میں سان برنارڈینو کاؤنٹی میں ایک کار پر شعلے برساتے ہوئے دکھایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق 11منٹ طویل ویڈیو کو اب یوٹیوبر ایلکس چوئی کے آفیشل یوٹیوب چینل سے ہٹا دیا گیا ہے، ملزم ایلکس چوئی پر ہیلی کاپٹر میں دھماکہ خیز یا آگ لگانے والا آلہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اِس کرتب میں ملوث ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا ہے۔

  • ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، متعدد سربراہان مملکت کا اظہار تشویش

    صوبہ مشرقی آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کی خبر پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کی جانب سے اظہار تشویش، سلامتی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر شدید تشویش لاحق ہے، انہوں نے صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ دیگر تمام افراد کی سلامتی کی دعا کی۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی سلامتی کے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    سربراہ یورپی کونسل شارل میشل نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبر کے بعد حالات کا نزدیک سے جائزہ لیا جارہا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارو نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ افراد سلامتی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

    ترکی کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ حادثے کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔

    فلسطینی مقاومتی تنظیم تحریک جہاد کے اعلیٰ رہنما علی ابوشاہین نے اس موقع پر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما عزت الرشق نے بھی صدر رئیسی اور ان کی ٹیم کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

  • ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ہیلی کاپٹر سے لٹک کر خطرناک اسٹنٹ، ویڈیو وائرل

    ایک عام شخص کے لیے پل اپس کرنا یعنی راڈ سے لٹک کر ورزش کرنا مشکل کام ہوسکتا ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دکھائی دیتے شخص کے لیے یہ کام بچوں کا کھیل معلوم ہوتا ہے۔

    آرمینیا سے تعلق رکھنے والے ایک فٹنس ٹرینر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پل اپس کرتا دکھائی دے رہا ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کام وہ ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر پر کر رہا ہے۔

    رومان شردیان نامی یہ شخص ایک ہیلی کاپٹر سے لٹکا ہوا ہے اور اس پر ورزش کر رہا ہے۔

    اس کا یہ اسٹنٹ یوں ہی نہیں ہے، اس اسٹنٹ کے ذریعے دراصل اس ٹرینر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا ہے جو ایک منٹ میں 23 پل اپس کرنے کا ہے۔

    رومان اس سے قبل بھی کئی ورلڈ ریکارڈز بنا چکا ہے جو فٹنس سے متعلق ہی ہیں۔

     

  • مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    مکینک نے اپنی گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدل دیا

    بھارت میں شادیوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا رواج عام ہے، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا شخص بھی اپنی یا اپنے گھر کی شادی پر بھاری رقم خرچ کردیتا ہے۔

    شادی کے موقع پر دلہن یا دلہا کی آمد کے لیے بھی نئے نئے آئیڈیاز اختیار کیے جارہے ہیں، ایک بہت عام آئیڈیا ہیلی کاپٹر پر دلہن یا دلہے کی آمد یا رخصتی بھی ہے لیکن عوام کی بڑی تعداد اس کی استطاعت نہیں رکھتی۔

    اس رجحان کو دیکھتے ہوئے ایک مکینک نے انوکھا آئیڈیا پیش کیا ہے۔

    ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے گڈو شرما نے اپنی نینو کار کو ہیلی کاپٹر کی شکل دے دی۔ اس کے لیے اس نے 2 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے۔

    اس مکینک نے گاڑی کو ہیلی کاپٹر میں بدلنے کے لیے سینسرز کا استعمال کیا۔

    اب گڈو کا یہ ہیلی کاپٹر شہر میں نہایت مقبول ہورہا ہے، اب تک 19 افراد اسے اپنی آنے والی شادیوں کے لیے بک کروا چکے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کا کرایہ 15 ہزار روپے ہے۔

    گڈو کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتیوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے جانے کے لیے کسی کی مدد ضرورت نہیں، ان کے پاس آئیڈیاز کی کوئی کمی نہیں۔

  • ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ڈاکار ریلی: ریس میں شریک ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

    ماسکو / ریاض: سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، دو روز قبل ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والی ڈاکار ریلی 2021 کے دوران روسی ٹرک ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق روسی کاماز ماسٹر ٹیم کا ٹرک جسے ڈرائیور انتون شیبلوف چلا رہے تھے، ڈاکار ریلی میراتھن کے منتظمین کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ روسی میڈیا کے مطابق میراتھن کے بارہویں مرحلے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی گئی۔

    روسی ٹیم کے پریس اتاچی ایرک خیرالن نے میڈیا کو بتایا کہ ریس کے دوران جب ٹرک تیز رفتاری سے اسپرنگ بورڈ پر اچھلا تو اس نے ہیلی کاپٹر کے ایک سرے کو انتہائی قریب سے چھو لیا، ہیلی کاپٹر انتہائی نچلی پرواز کر رہا تھا۔

    خوش قسمتی سے ٹرک کے انتہائی معمولی ٹکرانے سے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حاضر دماغی سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے سے بال بال بچ گیا، اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے انٹیک کو معمولی نقصان پہنچا۔

    دو روز قبل ڈاکار ریلی میں ایک فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی موٹر سائیکل سوار بیار شربان ساتویں راؤنڈ کے دوران حادثے سے دو چار ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ موٹر سائیکل سوار کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے جدہ سے فرانس لے جایا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    سعودی وزارت کھیل اور ڈاکار ریلی کی انتظامیہ نے موٹر سائیکلسٹ کے اہل خانہ سے تقزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

  • پاکستانی بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا

    پاکستانی بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 2 بھائیوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا، ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک اڑ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے دونوں بھائیوں قاضی سجاد احمد اور قاضی طفیل احمد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے ہیلی کاپٹر کے بارے میں بتایا۔

    قاضی سجاد احمد نے بتایا کہ وہ 1978 سے الٹرا لائٹ ایئر کرافٹ کی مینو فیکچرنگ کر رہے تھے، اب اس کو بدل کر انہوں نے الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کیا ہے۔

    قاضی سجاد کا کہنا تھا کہ انہیں یہ ہیلی کاپٹر بنانے کا خیال جیمز بانڈ کی ایک فلم دیکھ کر آیا۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنہ 2005 میں وزیر اعظم پاکستان سے اس ہیلی کاپٹر کی تیاری میں مالی مدد کی درخواست کی تھی، جس کے بعد انہیں وزارت دفاع سے اس کا جواب آیا۔

    قاضی سجاد کے مطابق ان کا ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتا ہے جبکہ اس پر 15 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ مختلف مقاصد جیسے اسپرے وغیرہ کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کا ہیلی کاپٹر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے میں حکومت کا ساتھ دے سکتا ہے، کسی چھوٹے سے علاقے میں ٹیسٹ اسپرے کروایا جاسکتا ہے۔

    دونوں بھائی حکومتی تعاون کے بعد اسے کمرشل بنیادوں پر بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، ان کے مطابق تجارتی بنیاد پر بنانے کے بعد الٹر لائٹ ہیلی کاپٹر پر 50 لاکھ روپے لاگت آسکتی ہے۔

  • کورونا ایمرجنسی : عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا

    کورونا ایمرجنسی : عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا ہے، محکمہ صحت ہیلی کاپٹر مریضوں کی منتقلی کیلئے استعمال کرسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھرمیں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی حالت کا نفاذ ہے، اس ضمن میں پنجاب حکومت متعدد اقدامات اٹھارہی ہے،اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسن اقدام کرتے ہوئے اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کردیا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کیا، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی صحت سے زیادہ کچھ اہم نہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے محکمہ صحت طبی سرگرمیوں میں آسانی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر  پنجاب کے عوام کی امانت ہے اور ان ہی کی سہولت کیلئے استعمال ہوگا،کورونا سے بچاؤ اور  پیشگی حفاظتی اقدامات میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

    عثمان بزدار نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کورونا سے متعلق مخصوص اسپتال قائم کر چکی ہے، محکمہ صحت کو پہلے بھی ہر طرح کے وسائل دیے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔

  • اوبر نے نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی

    اوبر نے نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی

    واشنگٹن :دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے اپنے پلاٹینیم اور ڈائمنڈ صارفین کیلئے شروع سہولت کا کرایہ 200 سے 225 ڈالرز تک رکھاہے۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے شاہراؤں پر چلنے والی گاڑی کے بعد اب اپنے صارفین کےلیے امریکی ریاست نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس متعارف کرا دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی اوبر کمپنی نے ایک بار پھر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صارفین کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کیا ہے، ہیلی کاپٹر ابھی صرف نیویارک میں اپنی سروس فراہم کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیویارک سے شروع ہونے والی اس ہیلی کاپٹر سروس کی پہلی رائیڈ مین ہٹن سے اڑی اور کوئنز میں واقع جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ پراتری، اسے بھی عام ایپلیکشن کے ذریعے آسانی سے بک کیا جائے گا تاہم جیسے عام گاڑی سواری اٹھانے کے لیے دروازے یا گلی تک نہیں آئے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اوبر نے اپنے پلاٹینیم اور ڈائمنڈ صارفین کیلئے شروع کی گئی اس سہولت کا کرایہ 200 سے 225 ڈالرز تک رکھا ہے، ہوائی اڈے تک رائیڈ تقریباً 8 منٹ کی ہوگی۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے صارفین کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کی جائے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ سفر کریں اور جلد از جلد اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اوبر کی نئی ایئر سروس سے صارفین کو ٹریفک میں پھنسنے سے بھی نجات ملے گی۔