Tag: helicopter

  • لاپتا ہیلی کاپٹر، افغان حکومت سے مدد کی باضابطہ درخواست

    لاپتا ہیلی کاپٹر، افغان حکومت سے مدد کی باضابطہ درخواست

    اسلام آباد: پاکستان نے افغان حکومت کو اپنے ہیلی کاپٹر کی بازیابی کے لیے باضابطہ درخواست دے دی،وزیراعظم کہتے ہیں عملےکی واپسی کے لیے تمام تر وسائل استعمال کررہے ہیں جبکہ آرمی چیف نے بھی افغان صدر اور امریکی مشن کے سربراہ کو فون کرکے ہیلی کاپٹر و عملے کی بازیابی کے لیے مدد کی درخواست کی ہے جس پر افغان صدر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان حکومت کو ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 اور عملے کی بازیابی کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دے دی جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے حکام کو تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت افغانستان میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے،عملےکی واپسی کے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، مغوی عملے کے اہل خانہ کی تکلیف کا احساس ہے۔

    دوسری جانب  پاکستانی دفتر خارجہ نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے افغان حکومت سے رابطہ کرلیا۔ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق افغان حکومت سے ہیلی کاپٹر اور عملے کی تلاش کے لیے مدد مانگی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ معاملے کو متحرک انداز میں دیکھ رہا ہے،افغان صوبے لوگر میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے کریش لینڈنگ کی تھی۔

    اسی ضمن میں  وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے یرغمال شدہ افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انھیں حوصلہ دیا۔شہباز شریف نے مغویوں کےگھرانوں کو یقین دلایا کہ حکومت اپنے تمام تر وسائل استعمال کررہی ہے، تمام مغوی جلد رہا کرالیے جائیں گے۔

    قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کی رات آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی اور وہاں تعینات امریکی مشن کے سربراہ جنرل نکولسن کو فون کرکے ان سے مدد کی درخواست کی تھی۔

    واضح رہے جمعرات کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر افغانستان سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب ہنگامی لینڈنگ کرگیا جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر نذر آتش کرکے عملے کو اغوا کرلیا جن کا تاحال کچھ نہیں پتا چل سکا۔

    پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون

    کابل : افغان طالبان کا پاکستانی ہیلی کاپٹرکے حوالے سے لاعلمی کا اظہار

    ہیلی کاپٹر کی بازیابی کیلئے آرمی چیف کا امریکی حکام کو فون

  • عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں، عابد شیرعلی

    عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے عمران خان کے پاگل پن کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں ، وہ ان کے لئے کوئی بندوبست کریں گے، پی سی بی میں میرٹ پر تعیناتی ہونی چاہئے، وقار یونس رپورٹ لیک کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے ۔

    فیصل آباد میں فیسکو ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے والے عمران خان کسی عدالت میں جائیں ۔ ہم کسی بھی غیرقانونی کام پر ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ پی تی آئی والے خود سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جن کا لیڈر دہشت گردوں کے دفتر کھولنے کی بات کرتا تھا،عابد شیرعلی کا کہنا تھا کرکٹ سمیت کوئی بھی خفیہ دستاویزات لیک نہیں ہونی چاہئیں ، اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوتی ہے ۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا ماہ رمضان کے دوران عوام کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ریلیف دیا جائے گا جبکہ انڈسٹری کے لئے عام دنوں میں زیرو لوڈشیڈنگ اور ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ ہو گی ۔

  • عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدرآباد پہنچنے کیلئے 8 لاکھ روپے اڑا دیئے

    عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدرآباد پہنچنے کیلئے 8 لاکھ روپے اڑا دیئے

    کراچی : وزیر مملکت عابد شیرعلی نے کراچی سے حیدر آباد کاسفر آٹھ لاکھ روپے میں طے کیا۔ تفصیلات کے مطابق غریب عوام کے امیر حکمرانوں کی شاہ خرچیاں عروج پر آگئیں۔

    عابد شیرعلی نے ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے کےشوق میں آٹھ لاکھ اڑادیئے کراچی سے حیدرآباد ہیلی کاپٹرکا کرایہ8لاکھ روپے ادا کیا گیا.

    وزیر مملکت مختصر دورے پر حیسکو حکام سے میٹنگ کے لئے حیدرآباد پہنچے۔ میٹنگ کے دوران عابد شیرعلی نے عمران خان کو علاج کے لئے اپنی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

    مختصر دورے کے بعد کراچی روانگی کیلئے عابد شیرعلی نے کرائے کا ہیلی کاپٹراستعمال کیا۔ نجی کمپنی نے ہیلی کاپٹرکا کرایہ آٹھ لاکھ روپے چارج کیا۔

    یاد رہے کہ کراچی سے حیدرآباد کاجو سفر کار میں مشکل سے پانچ سے چھ ہزار اور بس میں آٹھ سو یا ہزار میں ہوتا اس پر بیٹھنے کے شوق میں آٹھ لاکھ روپے اڑادیئے گئے۔

  • پاکستان روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ

    پاکستان روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ

    راولپنڈی : پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر کا جدید ترین ڈیزائن ہے جو جدید آلات سے لیس ہے۔

    عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور روسی حکام کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخظ راولپنڈی میں ہوئے۔

    اس موقع پر عسکری حکام بھی موجود تھے، معاہدے کے تحت پاکستان روس سے 4 ایم آئی 35ہیلی کاپٹر خریدے گا۔  مذکورہ ہیلی کاپٹرز قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں استعمال کیے جائیں گے۔

    پاکستان اور روس کے درمیان ان ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے ایک سال سے بات جاری تھی۔ روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کی جانب واضح اشارہ ہے۔

  • عمران خان اور ریحام خان ہیلی کاپٹر حادثے سے بال بال بچ گئے

    عمران خان اور ریحام خان ہیلی کاپٹر حادثے سے بال بال بچ گئے

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر حادثے سے بال بال بچ گیا، کریش لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے ہمراہ نمل یونیورسٹی میں دعوت افطار میں شرکت کیلئےاسلام آباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور آرہے تھے کہ موسم کی خرابی کے باعث اچانک ان کے ہیلی کاپٹرکا توازن ہوا کے دباؤ کی وجہ سے بگڑ گیا۔

    پہلے تو پائلٹ نے اس کا رخ موڑنے کی کوشش کی لیکن بالاخر وہ ہیلی کاپٹر خیریت کے ساتھ لاہور لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس موقع پر عمران خان ان کی اہلیہ ریحام اور جہانگیر ترین نے حادثے سے بچ جانے پر خدا کا شکر ادا کیا۔

    علاوہ ازیں عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے میری جان بچائی ،انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ میری حفاظت کرے گا تاکہ میں نیا پاکستان بنا سکوں۔

  • پاکستان روس سے چار ایم آئی 35 ایم خریدے گا

    پاکستان روس سے چار ایم آئی 35 ایم خریدے گا

    ماسکو: پاکستان نے روس سے چارایم آئی 35 ایم خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، یہ رپورٹ روس کی خبررساں ایجنسی تاس نے نشرکی ہے۔

    روسی فوجی ذرائع کے مطابق مذاکرات کے بعد بالاخرپاکستان نے روسی ساختی جدید ہیلی کاپٹر ایم آئی 35 ایم خریدنے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں روس کی جانب سے ایک معاہدہ ڈرافٹ کرکے پاکستان کے حوالے کیا گیا ہے جس کا ماہرین باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

    روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس پہلے ہی کئی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر موجود ہیں جوکہ اسے امریکہ کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے سدِ باب کے لئے دئیے گئے ہیں۔

    پاکستان اور روس نے گزشتہ سال دوطرفہ دفاعی تعاون کامعاہدہ کیا تھا۔ ایک اور معاہدہ جس کا نام ’’تکینیکی تعاون کا معاہدہ‘‘ ہے ایشیا ئی ممالک کو فوجی ساز و سامان کی فروخت کے لئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ان دنوں روس کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے روسی ہھتیاروں کی نمائش میں شرکت کی اوردفاعی ساز و سامان کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔

  • شیری مزاری کو آنٹی کہنے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

    شیری مزاری کو آنٹی کہنے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نےکہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتی ہیں۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو پچیس کا فیصلہ فرمائشی ہے۔ تیس اپریل کے بجائے چار مئی کو کیوں سنایا گیا۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تحریک انصاف والے ہم پر موروثی سیاست کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ریحام خان خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں یہ موروثی سیاست نہیں تو اور کیا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ”آنٹی “شیریں مزاری ہمیں آئین و قانون کا سبق سکھاتی ہیں یہ سننا ہی تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سیخ پا ہوگئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آﺅٹ کر گئے۔

    پی ٹی آئی ارکان نے واک آؤٹ کیا تو پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے بھی ساتھ دیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے طلال چوہدری کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا۔

    صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے عمران خان کی اہلیہ نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر تصویرصوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کی نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ طلال چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔