Tag: helmet on motor cycle

  • کراچی : موٹرسائیکل سواروں کیلئے آج سے ہیلمٹ پہننا لازمی، خواتین تیار ہوجائیں

    کراچی : موٹرسائیکل سواروں کیلئے آج سے ہیلمٹ پہننا لازمی، خواتین تیار ہوجائیں

    کراچی: ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کے لیے آج سے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا جبکہ یہ پابندی خواتین پر بھی عائد ہوگی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والوں کے علاوہ اب ساتھ سفر کرنے والوں کو بھی ہیلمٹ پہننا ہوگا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

    ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں  کیلئے ہیلمٹ لازمی پہننا ہوگا اور موٹر سائیکل چلانے والے شخص کے ساتھ  پیچھے بیٹھنے والے خواہ وہ مرد ہو یا عورت دنوں کو لازمی ہیلمٹ پہننا ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف9 جون سے 150روپے سے 300 روپے تک کے چالان کے ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اس پابندی کا اطلاق پہلے یکم جون سے ہونا تھا تاہم اس میں 8 روز کی توسیع کردی گئی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 60 فیصد اموات موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کی ہوتی ہے، اموات کی بنیادی وجہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہوتا ہے، اس لئے ہیلمٹ کا استعمال بہت ضروری ہے۔

    اس پابندی پر شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی پابندی کی اطلاعات کے ساتھی ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے کراچی میں موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ پہننے کی لازمی پابندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم، موٹرسائیکل سوارشہریوں کے تحفظ کیلئے ہیلمٹ پہننے کی لازمی پابندی کے قانون کی حمایت کرتی ہے۔

  • کراچی پولیس نے موٹرسائیکلوں میں ٹریکر لگانے کی سفارش بھی کر دی

    کراچی پولیس نے موٹرسائیکلوں میں ٹریکر لگانے کی سفارش بھی کر دی

    کراچی: پولیس آج کل موٹر سائیکلوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے ، موٹر سائیکل پر بیٹھنے والے ہر فرد کیلئے ہیلمٹ کی پابندی کے بعد اب موٹرسائیکلوں میں ٹریکر لگانے کی سفارش بھی کر دی ہے۔

    موٹرسائیکلوں کی چوری اور جرائم کی روک تھام کی ذمہ داری پولیس حکام موٹرسائیکل رکھنے والوں کے سر پر ڈالنے کیلئے تیار ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنز کو خط بھیجا گیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ نئی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگوانے کے احکامات جاری کیے جائیں جب کہ رجسٹریشن کے وقت موٹر سائیکل میں ٹریکر لگانا لازمی قرار دیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں موٹر سائیکل چلانےوالے اور اس کے پیچھے بیٹھنے والوں کو چاہے وہ بچہ ہو خاتون ہو یا بزرگ جون کی آٹھ تاریخ سے ہیلمٹ لازمی پہننا ہوگا۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کراچی امیرشیخ کا کہنا ہے کہ شہرمیں ساٹھ فیصد حادثات موٹرسائیکل سواروں کے ہوتے ہیں اس لئے ہیلمٹ لازم کیا ہے۔

    کراچی کے شہریوں کی رائےاس کے برعکس ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پابندی سےصرف اہلکاروں کی چاندی ہوگی اور ہیلمٹ بیچنے والے مال کمائیں گے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں لوگ اگر ہیلمٹ میں ہوں گے تو جرم کم ہونے کے بجائے اس کے بڑھ جانے کا امکان زیادہ ہے۔