Tag: Herat

  • افغانستان کی مسجد میں خودکش دھماکا، مذہبی رہنما سمیت 18 جاں بحق

    افغانستان کی مسجد میں خودکش دھماکا، مذہبی رہنما سمیت 18 جاں بحق

    کابل: افغان صوبے ہیرات میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں معروف مذہبی رہنما سمیت 18 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے ہیرات کی مسجد کے دروازے پر زوردار دھماکا ہوا، جس میں طالبان کے حامی اور نامور مذہبی اسکالر مولوی مجیب انصاری سمیت اٹھارہ نمازی جاں بحق ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ ہیرات کے شہر گزرگاہ کی مسجد کے دروازے پر اس وقت کیا گیا جب مجیب الرحمان انصاری اپنے محافظوں کے ہمراہ وہاں پہنچے تھے۔

    دھماکے کے بعد مسجد میں قیامت صغریٰ کا منظر پیدا ہوگیا، ہر طرف افراتفری مچ گئی، زخمی آہ وبکا کرنے لگے اور لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی فوج کے انخلا کو ایک سال مکمل، افغانستان میں جشن کا سماں

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوری بعد طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    ہیرات میں مقامی حکام نے مولوی مجیب الرحمان انصاری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکہ نماز جمعہ کے دوران مسجد کے اندر خودکش حملے کی وجہ سے ہوا۔

    طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ممتاز عالم دین مولوی مجیب الرحمان انصاری کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔

  • پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے افغانستان کا اہم قدم

    پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے افغانستان کا اہم قدم

    ہرات: افغانستان نے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھا لیا ہے، اور مغربی صوبے ہرات میں پانی کی فراہمی کے ایک بڑے منصوبے پر کام شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں پانی کی فراہمی کے ایک منصوبے کا آغاز ہو گیا، مقامی میڈیا ادارے سلام وطن دار نے پیر کے روز بتایا کہ پانی کے منصوبے کا آغاز اتوار کو ہوا، جس پر 9 کروڑ 10 لاکھ افغانی (10 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالرز) لاگت آئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے 2 ہزار 500 گھروں کو پانی فراہم کیا جائے گا، بلدیہ ہرات رواں سال مزید عوامی منصوبے بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ ہرات صوبے میں پشدان ڈیم کی تعمیر اگست میں پچھلی حکومت کے خاتمے کے بعد سے رک گئی ہے، جس سے اس منصوبے کا مستقبل ہوا میں معلق ہو گیا ہے۔

    پشدان ڈیم، افغانستان کے سب سے بڑے بنیادی انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں میں سے ایک، ہرات شہر کے مشرق میں 25 کلومیٹر دور کرخ ضلع میں واقع ہے۔

    اس ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کو 2021 کے آخر تک مکمل کیا جانا تھا، تاہم، اس منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے، اور ڈیم صرف 85 فی صد ہی مکمل ہوا ہے۔

    ڈیم حکام کے مطابق، آبی ذخائر کی دیوار، پانی کی نہروں اور پاور ٹربائنز لگانے کے لیے جگہوں پر کام مکمل ہو چکا ہے اور ڈیم پانی لینے کے لیے تیار ہے۔

  • کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کابل: دنیا بھر کو خوف میں جکڑ لینے والا کرونا وائرس ایران کے بعد افغانستان بھی پہنچ گیا، افغان صوبے ہرات میں کرونا وائرس کے 3 مریضوں کی تصدیق کردی گئی۔

    افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار احمد امیر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کردی ہے کہ افغان صوبے ہرات میں 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ایرانی شہر قم سے، جہاں کرونا سے اب تک 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 36 افراد افغانستان واپس آئے ہیں، گو کہ ان میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئی تاہم انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کیس سامنے آنے کے بعد ہرات میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایرانی شہر قم میں کرونا وائرس سے صرف 3 روز میں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے، ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قم میں کام کرنے والے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

    14 ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کو متاثر کر سکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی 45 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

    سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق، ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں۔

    ایران سے واپس پاکستان آنے والے زائرین کی سرحد پر سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

  • افغانستان: طالبان کا حملہ، 11 پولیس اہلکار جاں بحق، 2 زخمی

    افغانستان: طالبان کا حملہ، 11 پولیس اہلکار جاں بحق، 2 زخمی

    کابل: افغان صوبے ہرات میں طالبان عسکریت پسندوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں گیارہ پولیس اہلکار جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ ہرات کے ضلعے شنڈنڈ میں قائم سکیورٹی چیک پوسٹ پر گھات لگائے شدت پسندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا جس سے 11 اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے بعد ازاں عسکریت پسندوں نے پولیس کے زیر استعمال گاڑیاں اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، تاہم پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے طالبان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان دو گھنٹے تک جھڑپیں جاری رہیں۔

    افغانستان: طالبان کا حملہ، گورنر سمیت درجنوں جاں بحق، علاقے پر قبضہ

    واقعے سے متعلق ضلعی گورنر شکر اللہ شاکر کا کہنا تھا کہ طالبان نے بزدلانہ کارروائی کی اور جس مقام پر سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا وہ ضلعی مرکز سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر قائم تھی، تاہم واقعے کے بعد صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ طالبان کے زیر اثر افغانستان کے مختلف علاقوں میں ان دونوں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مقامی پولیس اور افغان فورسز کی پیشہ ورانہ خدمات پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔

    پکتیا اور غزنی میں خود کش دھماکے،افغانستان پولیس چیف سمیت 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں طالبان کی جانب سے افغان صوبے غزنی پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ضلعی گورنر سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوئے بعد ازاں طالبان نے علاقے پر قبضہ بھی کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جامع مسجد ہرات کی رنگوں بھری تعمیر نو

    جامع مسجد ہرات کی رنگوں بھری تعمیر نو

    کابل: ایک طویل عرصے تک جنگ کا شکار رہنے والے ملک افغانستان کا بیشتر ثقافتی سرمایہ جنگ کی نظر ہوچکا ہے۔ انہی میں سے ایک سب سے بڑے افغان شہر ہرات کی جامع مسجد بھی ہے جس کی آسماں جیسی نیلگوں خوبصورتی دھول مٹی سے اٹ چکی تھی۔

    یہ جامع مسجد ہرات کے ایک چھوٹے سے پارک میں واقع ہے۔ طویل عرصے تک جاری رہنے والی جنگ میں اس مسجد کو بھی خاصا نقصان پہنچا۔ گو کہ اس کی جاہ و حشمت میں تو کوئی کمی نہ آئی البتہ خوبصورت ٹائلوں سے مزین چند دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور بے رنگ ہوگئیں۔

    رواں برس کے آغاز میں چند کاریگروں کو مسجد کے تباہ حال حصے کی دوبارہ مرمت اور بحالی کا کام سونپا گیا۔

    ان کاریگروں کا کام بلاشبہ دنیا کا خوبصورت اور رنگین ترین کام ہے۔ افغان نقاشی کا شاہکار اس مسجد میں اصل کام اس کی زیبائش اور رونگ و روغن بحال کرنا ہے تاکہ یہ مذہبی حیثیت کے ساتھ ساتھ اپنی سیاحتی اہمیت بھی واپس حاصل کر سکے۔

    مسجد کے لیے نیلگوں ٹائلز بنانے والے کاریگر اس کام کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔

    وہ یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنی عارضی ورکشاپ کا دورہ بھی کرواتے ہیں جہاں مسجد کے لیے خوبصورت ٹائلز کی تیاری کا کام جاری ہے۔

    ہرات کا موتی کہلانے والی یہ مسجد دنیا بھر کی خوبصورت ترین مساجد میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔

    مضمون و تصاویر بشکریہ: بی بی سی ٹریول


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔