لبنانی تنظیم حزب اللہ نے خفیہ ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ کی تصاویر حاصل کرلیں، جس کے باعث اسرائیلی فوج الرٹ ہوگئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد اسرائیلی فوج چوکس ہوگئی ہے۔
اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم نے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی ڈرون سے لی گئی تصویر کے سلسلے میں اتوار کے روز اطلاع دی کہ حزب اللہ نے تل ابیب کے شمال میں واقع قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کی فوٹیج حاصل کرنے کے لیے خفیہ ڈرونز کا استعمال کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے عہدیداروں کی جانب سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ تصاویر لبنانی تنظیم حزب اللہ نے جاسوسی ڈرونز سے حاصل کی ہیں۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ حزب اللہ نے گھر کی تصاویر لینے کے لیے ایک چھوٹا ڈرون لانچ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بصری تصدیق کی کمی کے باوجود، فوج اور فضائیہ کے حکام نے لبنان سے ایک چھوٹی بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑی (یو اے وی) کے لانچ ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں جاری ہیں، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دورہ مشرق وسطیٰ میں تل ابیب پہنچ گئے۔
امریکا سمیت متعدد ایئرلائنز نے تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ بلنکن اسرائیل کے بعد مصر کا دورہ بھی کریں گے، ان کے دورہ مشرق وسطیٰ کا مقصد جنگ بندی معاہدے کے لیے سفارتی دباؤ بڑھانا ہے۔