Tag: Hidden camera

  • ہاسٹل میں طالبات کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈنگ کا انکشاف

    ہاسٹل میں طالبات کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈنگ کا انکشاف

    بھارت کے ایک گرلز ہاسٹل میں خفیہ کیمرے سے طالبات کی نازیبا ویڈیوز بنانے کے الزام میں ایک شخص کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریاست اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں ملزم ایک سال سے ہاسٹل میں خواتین کی نہاتے ہوئے نازیبا ویڈیوز خفیہ طور پر ریکارڈنگ کرنے میں مصروف تھا، جو ہاسٹل میں اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ہمانشو رائے کے نام سے ہوئی ہے، اتوار کے روز دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے چھت پر نصب موبائل کیمرہ دیکھ کر شور مچایا، جس کے بعد دیگر لڑکیاں جمع ہوگئیں اور ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم متاثرہ لڑکیوں کو دھمکاتا بھی تھا کہ اگر شکایت کی تو وہ ویڈیوز کو وائرل کردوں گا، دوران تفتیش ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے تقریباً 40 فحش ویڈیوز برآمد کرلی گئیں۔

    ہاسٹل میں انجینئرنگ کی طالبہ سے زیادتی

    ملزم کو طالبات نے رنگے ہاتھوں دھر لیا، جس کے پاس سے متعدد نازیبا ویڈیوز ملی ہیں، ملزم کے خلاف کیس رجسٹرڈ کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • ہوٹل کے کمرے میں رہائش کے دوران خفیہ کیمرے کا پتا کیسے چلائیں؟

    ہوٹل کے کمرے میں رہائش کے دوران خفیہ کیمرے کا پتا کیسے چلائیں؟

    ٹیکنالوجی جتنی ایڈوانس ہوتی جا رہی ہے، بیمار ذہنوں والے افراد اس کے بھی غلط استعمال کی راہیں نکال رہے ہیں، ایسا ہی ایک غلط استعمال جدید خفیہ کیمروں کا ہو رہا ہے، جس کا نشانہ خاندان اور خواتین بنتی ہیں۔

    خفیہ کیمروں کو خواتین پر ہونے والے مختلف قسم کے حملوں کے سلسلے کا ایک اور ہتھیار بنا لیا گیا ہے، جس سے ان کی پرائیویسی اور حفاظت کو شدید نقصان پہنچایا جاتا ہے۔

    یہ خفیہ کیمرے ہوٹل کے کمروں، شاپنگ مالز اور دیگر عوامی مقامات پر اس مقصد سے لگا دیے جاتے ہیں تاکہ ان کے ذریعے خواتین کی پرائیویسی میں مداخلت کی جا سکے۔

    پڑوسی ملک بھارت میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق خفیہ کیمروں کے ذریعے لوگوں کی ویڈیوز بنائے جانے کے واقعات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 23 فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔ اس طرح کے خطرات سے بچنے کے لیے آپ کو اپنے ارد گرد کے ماحول کا مشاہدہ کرنا اور ان کیمروں کا پتا لگانے کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔

    ہوٹل کے کمرے میں خفیہ کیمرے کا پتا کیسے لگائیں؟

    معائنہ: ہوٹل کے کمرے میں داخل ہوتے ہی کمرے کا معائنہ کریں، ہر کونے کو بغور چیک کریں، غیر معمولی اشیا، جیسے کہ گھڑیاں، دھوئیں کا پتہ لگانے والے آلات، یا یو ایس بی چارجرز پر خفیہ کیمرے نصب ہو سکتے ہیں۔

    موبائل فون کیمرا: کمرے میں اندھیرا کر کے اپنے موبائل فون کا کیمرہ آن کریں، اور پورے کمرے کو اسکین کر لیں۔ اگر کیمرا کسی انفراریڈ لائٹ کو پکڑتا ہے تو اس بات کا امکان ہے کہ وہاں خفیہ کیمرہ موجود ہو سکتا ہے۔

    ٹارچ: کمرے میں مکمل اندھیرا کر کے ٹارچ کی روشنی میں اردگرد کا جائزہ لیں، اگر آپ کو نیلی یا جامنی رنگ کی روشنی نظر آئے تو یہ ممکنہ طور پر ایک خفیہ کیمرہ ہو سکتا ہے۔

    آئینہ: آئینے پر اپنی انگلی رکھ کر دیکھیں، اگر انگلی اور عکس کے درمیان کوئی جگہ نہ ہو، تو یہ ایک دو طرفہ آئینہ ہو سکتا ہے، جس کے پیچھے کیمرا چھپا ہو سکتا ہے۔

    ایپلیکیشنز: گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور پر دستیاب خفیہ کیمرا ڈیٹیکٹر ایپس کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے، جو خفیہ کیمروں سے خارج ہونے والی روشنی کو پکڑنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

    وائی فائی اسکیننگ: بہت سے خفیہ کیمرے وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعے مواد منتقل کرتے ہیں، نیٹ ورک اسکینر ایپس کا استعمال کر کے مشکوک نیٹ ورک کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔

    خفیہ کیمروں کی نشان دہی ہونے کے بعد فوری طور پر ہوٹل انتظامیہ یا پولیس کو مطلع کریں تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔

  • مصطفی نواز کھوکھر کا پولنگ بوتھ میں ایک اور خفیہ کیمرہ برآمد کرنے کا دعویٰ

    مصطفی نواز کھوکھر کا پولنگ بوتھ میں ایک اور خفیہ کیمرہ برآمد کرنے کا دعویٰ

    اسلام آباد : مصطفی نواز کھوکھر نے پولنگ بوتھ میں ایک اور خفیہ کیمرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسکریو کیمرے کی تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل نیا پنڈورا باکس کھل گیا، پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے پولنگ بوتھ میں ایک اور خفیہ کیمرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کردیا۔

    مصطفی نواز کھوکھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیمرے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ بوتھ میں لگے اسکریو میں کیمرہ نصب ہے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ(ن)کے مصدق ملک نے لیمپ میں خفیہ کیمرہ لگنے کادعویٰ کردیا ہے ، مصدق ملک کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں لیمپ میں لگا کیمرہ دکھایا گیا ہے۔
    .

    اس سے قبل پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے ٹوئٹر پر پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمرہ لگانے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ میں نے اور مصدق ملک نے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمرہ لگا دیکھا ہے۔

  • بیوٹی پارلرکے واش روم سے خفیہ کیمرے برآمد، خواتین کو بلیک میل کرنیوالا مالک گرفتار

    بیوٹی پارلرکے واش روم سے خفیہ کیمرے برآمد، خواتین کو بلیک میل کرنیوالا مالک گرفتار

    سکھر: مشن روڈ پر سونیا بیوٹی پارلر کے واش روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف ہوا ہے، خفیہ کیمروں سے خواتین کی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے مشن روڈ پر قائم ایک بیوٹی پارلر کا مالک خفیہ کیمرے سے خواتین کی نازیبا ویڈیو بنا کر انہیں کافی عرصے سے بلیک میل کررہا تھا، سونیا بیوٹی پارلر کے مالک کامران نے بیوٹی پارلر کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے ہوئے تھے۔

    متاثرہ خواتین نے اے آر وائی نیوز کے توسط سے بلیک میل کرنیوالے سونیا بیوٹی پارلر کے مالک کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ اے آر وائی نیوز کی خبر پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بیوٹی پارلر پر چھاپہ مارا۔

    پولیس اہلکاروں نے بیوٹی پارلر کے واش روم میں خفیہ کیمرے برآمد کرکے بیوٹی پارلرکے مالک کامران کو گرفتار کرلیا، پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے بیوٹی پارلر اور کاسمیٹکس کی دکانیں سیل کردیں۔

    پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران پولیس نے واش روم سے خفیہ کیمروں سمیت شراب کی بوتلیں ودیگرممنوعہ اشیاء بھی برآمد کی ہیں۔

  • اسلام آباد : خفیہ کیمروں سے خواتین کی ویڈیوز بنانے والا ہوٹل کا ملازم گرفتار

    اسلام آباد : خفیہ کیمروں سے خواتین کی ویڈیوز بنانے والا ہوٹل کا ملازم گرفتار

    اسلام آباد : وہاڑی کے رہائشی ہوٹل میں خفیہ کیمروں سے ریکارڈنگ کرنے والا بلیک میلر اسلام آباد میں رقم وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا، ایف آئی اے نے عدالت سے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خفیہ کیمروں سے خواتین کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈنگ کے بعد بلیک میلنگ کرنے والا ملزم ایف آئی اے نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل پر چھاپہ مارا اور اس دوران ہوٹل کے ملازم کو خفیہ کیمروں سے خواتین کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت محمد امجد کے نام سے ہوئی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم اسلام آباد بھی متاثرہ خاتون سے رقم وصول کرنے گیا اور دھرلیا گیا، ملزم سے خواتین کی تصویریں اور دیگر آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    کارروائی ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پرکی گئی ہے جسے ملزم بلیک میل کررہا تھا، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گندے دھندے میں پورا گروہ ملوث ہے۔


    مزید پڑھیں: فیصل آباد، لیڈیز ٹرائی روم میں خفیہ کیمرہ، منیجر کا اعتراف جرم


    ایف آئی اے نے عدلات سے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے بھی کراچی ڈیفنس میں گیسٹ ہاؤسز میں خفیہ کیمروں کا انکشاف کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔