Tag: High Commission

  • بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا، پاکستانی شہریوں کو گزشتہ 7 روز سے ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو ویزا کے عدم اجرا پر کیا۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین نے جنوری میں ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی۔ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے پر بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔ محمد اقبال حسین ویزا توسیع کے انتظار میں ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی، بنگلہ دیشی پریس قونصلر بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ناظم الامور کی بھی معاملے پر طلبی کی گئی تھی۔

    بنگلہ دیشی حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمارے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ وزارت خارجہ ویزا معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔

  • لندن: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد

    لندن: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد

    لندن : یوم آزادی کی مناسبت سے برطانیہ میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان پشاور چیپٹر نے پاکستانی ہائی کمیشن کی معاونت سے پھولوں کی پر وقار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

    میڈیا کا کہنا تھا کہ پھولوں کی پر وقار نمائش کا افتتاح پاکستانی ہائی کمشنر نے کیا اس موقع پر برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستانیوں نے ملک کو جمہوری تقاضوں پر تعمیر کرنے کی کوشش کی جو قابلِ تحسین ہے۔

    صاحبزادہ احمد خان کا کہنا تھا کہ ’سفارت خانوں میں ایسی تقریبات کے انعقاد کے ذریعے سفارت کاری کا فروح خاص اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مزید بہتر تعلقات فروغ پائیں گے۔

    پھولوں کی نمائش کے اختتام پر فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان کی رہنما فریدا طارق نشتر نے پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی آمد کا اور پھولوں کی عالی شان نمائش کے انعقاد کے لیے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

  • ایون فیلڈ ریفرنس: غیرملکی گواہان کے بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ

    ایون فیلڈ ریفرنس: غیرملکی گواہان کے بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ

    لندن: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے آج دو غیر ملکی گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیے ۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے غیر ملکی گواہان ( رابرٹ ریڈلی اور اختر راجہ) کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے لینے کی اجازت دی تھی۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی گواہوں کے بیانات کے لیے لندن پہنچے اور آج صبح برطانوی وقت کے مطابق آٹھ بجے پاکستان ہائی کمیشن میں آئے‘ جہاں پر ویڈیو لنک کے ذریعے فورانزک ماہر رابرٹ ریڈلے اور وکیل راجہ اختر کے بیانات اسلام آباد کی احتساب عدالت میں لیے گئے۔ شریف خاندان کی طرف سے بیرسٹر امجد ملک بھی ہائی کمیشن کے اندر موجود تھے۔

    خیال رہے کہ نیب کی جانب سے بیرون ملک 2گواہان کے ویڈیولنک کے ذریعے بیانات ریکارڈکرانےکی درخواست دی گئی تھی‘ جسے عدالت نے منظور کیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرعباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ گواہ بیان ریکارڈ کرانے اورشواہد پیش کرنے کے لیے تیارہیں لیکن امن و امان کی صورتحال کے باعث پاکستان آنے سے انکاری ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن میں بیان ریکار ڈ کرانے کی اجازت دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • اڑی حملے پر بھارت راہِ فرار اختیار کررہا ہے، عبدالباسط

    اڑی حملے پر بھارت راہِ فرار اختیار کررہا ہے، عبدالباسط

    نئی دہلی: بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے کہا ہے کہ انڈیا نے اڑی حملے کے دوران ہی پاکستان پر الزامات لگائے تاہم ثبوت فراہم کرنے کے وقت راہِ فرار اختیار کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے اڑی حملے کے شواہد دینے سے متعلق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کیا گیا تھا، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کو اڑی حملے سے متعلق شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں ہائی کمشنر عبدالباسط نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اڑی حملے سے متعلق شواہد دینے کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان کسی بھی طرح کی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے، اڑی سیکٹر پر حملے کے دوران ہی بھارت نے الزام عائد کردیا تھا‘‘۔

    پڑھیں:  اڑی حملے میں‌ پاکستان ملوث نہیں،کشمیری آزادی مانگ رہے ہیں، عبدالباسط

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’روزِ اول سے پاکستان بھارت پر واضح کرچکا ہے کہ اگر حملے سے متعلق شواہد ہیں تو فراہم کیے جائیں مگر انڈیا کی جانب سے ثبوت فراہم کیے جانے کے بجائے راہ فرار اختیار کیا گیا‘‘۔

    مزید پڑھیں:  اوڑی حملہ : پاکستان نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں واقع بھارتی فوج کے اڑی سیکٹر میں واقع ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں 17 بھارتی فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے بعد پڑوسی ملک کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ حملہ آوروں کو ہلاک کر کے اُن کا اسلحہ قبضے میں لیا گیا ہے۔

    بھارتی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’اسلحہ پر موجود فنگر پرنٹس اور ڈی این اے رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق پاکستان سے ہے اور انہیں حملے کے دوران وہیں سے احکامات دیے جارہے تھے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    بھارتی الزام کے جواب میں پاکستان نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے جب ثبوت طلب کیے تو بھارتی میڈیا میں یہ باتیں گردش میں آئیں کہ حملہ آوروں کا کسی قسم کا کوئی اسلحے قبضے میں نہیں لیا گیا ہے۔