Tag: Himmat Card

  • خصوصی افراد کیلیے پنجاب ہمت کارڈ کی ادائیگی کا شیڈول

    خصوصی افراد کیلیے پنجاب ہمت کارڈ کی ادائیگی کا شیڈول

    لاہور: حکومتِ پنجاب نے باضابطہ طور پر ہمت کارڈ کا اجرا کر دیا جس کا مقصد معذور افراد کو مالی مدد فراہم کرنا ہے۔

    محکمہ سماجی بہبود نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں ایک تقریب کے دوران بینک آف پنجاب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

    خصوصی افراد کیلیے اے ٹی ایم کارڈ

    بینک آف پنجاب دو مرحلوں میں 65 ہزار خصوصی افراد کو اے ٹی ایم کارڈ جاری کرے گا۔ پہلے مرحلے میں 40 ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں 25 ہزار افراد کو کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

    ہمت کارڈ سہ ماہی وظیفہ کی رقم

    ہمت کارڈ کے ذریعے صوبے بھر میں ہر خصوصی فرد کو سہ ماہی میں ساڑھے 10 ہزار روپے ملیں گے۔ اس سے قبل سہ ماہی میں انہیں 7500 روپے دیے جاتے تھے۔

    ادائیگی کی تاریخ

    ہمت کارڈ کے ذریعے ادائیگیاں 15 ستمبر 2024 سے شروع ہوں گی۔

    تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مستحق خصوصی افراد اور معاشرے کے غریب طبقے کی دیکھ بھال کرے۔

  • مریم نواز کی ہدایت پر ’ہمت کارڈ‘ اور ’نگہبان کارڈ‘ کس کو جاری ہوں گے؟

    مریم نواز کی ہدایت پر ’ہمت کارڈ‘ اور ’نگہبان کارڈ‘ کس کو جاری ہوں گے؟

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں آج جمعرات کو اسپیشل افراد کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خصوصی اجلاس میں مریم نواز کو سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں اسپیشل افراد کے لیے ’ہمت کارڈ‘ اور بیت المال کے تحت ’نگہبان کارڈ‘ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حکام کو اسپیشل افراد کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی، معذوری کے ساتھ کام کرنے کے اہل افراد کے لیے قرضہ اسکیم جاری کی جائے گی، جس کے تحت اسپیشل افراد کو مالی خودمختاری کے لیے ایک سے 2 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا، معذور افراد کو وہیل چیئر اور دیگر مددگار آلات مہیا کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں ہر ڈویژن میں خواتین پر تشدد کے سد باب کے لیے وی اے ڈبلیو سی سینٹر بنانے کی منظوری دی گئی، لاہور، ملتان، فیصل آباد کے اسکلز ڈیولپمنٹ سینٹر کو فعال اور دیگر اضلاع میں قائم کرنے کا جائزہ لیا گیا، اسپیشل افراد کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کے آڈٹ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    مریم نواز نے سرکاری عمارتوں میں ریمپ اور اسپیشل پرسن باتھ روم کی پابندی پر عمل درآمد کے حوالے سے رپورٹ طلب کی، اجلاس میں ہر نئی سرکاری بلڈنگ میں اسپیشل افراد کے لیے باتھ روم اور ریمپ لازمی قرار دیا گیا۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ٹاسک فورس بنانے کی سفارشات پر غور کیا گیا، ہر ڈویژن میں منشیات بحالی سینٹرز کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی اصولی منظوری دی گئی۔