Tag: Hindu Community

  • سندھ حکومت کا  4 نومبرکو چھٹی کا اعلان

    سندھ حکومت کا 4 نومبرکو چھٹی کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے دیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندو کمیونٹی کے لیے 4 نومبرکو چھٹی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے دیوالی کے تہوار پر ہندو ملازمین کے لیے 4نومبر بروز جمعرات کو چھٹی کا باقاعدہ اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

    جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے سرکاری، نیم سرکاری کارپوریشنز اور لوکل کونسل کے ماتحت اداروں کے ہندو اقلیتی ملازمین کوجمعرات کی چھٹی دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتاہے۔ اس مذہبی رسم کی تیاریاں نو دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اس حوالے سے اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک کے حساب سے منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔

    دیا جلانا اور رنگولی دو ایسے جز ہیں جن کے بغیر دیوالی کو نامکمل تصور کیا جاتا ہے، اس روز بچے آتش بازی کرتے ہیں جبکہ مندروں میں ’لکشمی‘ کی پوچا کا خاص اہتمام کیا جاتا اور مندر آنے والوں کو پرساد تقسیم ہوتا ہے۔

  • پاکستان میں  کورونا صورتحال میں بہتری، ہندو برادری کو سالانہ تہوار منانے کی اجازت مل گئی

    پاکستان میں کورونا صورتحال میں بہتری، ہندو برادری کو سالانہ تہوار منانے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ہندوبرادری کوسالانہ تہوار منانے کی اجازت دے دی، پاکستان ہندوکونسل نےاین سی اوسی سے تہوار منانے کی اجازت مانگی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا ، جس میں کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد ہندو برادری کو سالانہ تہوار منانے کی اجازت دے دی ، تہوارکا اجازت نامہ اسپیشل کیس کے طورجاری کیا گیا۔

    ہندوکیلنڈرکےمطابق سالانہ تہوار21جون تا24جون منایاجائےگا، ہندوبرادری سالانہ داداپربریہام تہوارویڑی جپ تھرپارکرمیں مناتی ہے۔

    خیال رہے پاکستان ہندوکونسل نےاین سی اوسی سےتہوارمنانےکی اجازت مانگی تھی۔

    یاد رہے 28 مارچ کو وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی مبارک باد دی اور اسے رنگوں کا تہوار قرار دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

  • ہندو برادری  نے "دیوالی”بھرپور جوش جذبے  سے منائی، کشمیر کی آزادی کےلیے دعائیں

    ہندو برادری نے "دیوالی”بھرپور جوش جذبے سے منائی، کشمیر کی آزادی کےلیے دعائیں

    عمرکوٹ / تھرپارکر : پاکستان سمیت دنیا بھرمیں بسنے والی ہندو برادری نے "دیوالی”کاتہوار بھرپور جوش جذبے اور خوشیوں کےساتھ منایا، اس موقع پرخصوصی پوجا پاٹ کی گئی اور کشمیرکی آزادی کے حوالےسےخصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہندو برادری نے اپنا مذہبی تہوار دیوالی مذہبی آزادی کے ساتھ جوش اور جذبے سے منایا، بچوں، بڑوں سمیت خواتین سب نے مل کر مندروں میں پوجا پاٹ کی اور ساتھ میں کشمیر کی آزادی کیلئے دعائیں اور مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔

    وطن عزیز پاکستان میں آباد ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو مذہبی آزادی کا حق حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیوں کی طرح آج بھی ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار دیوالی پر جوش انداز میں مذہبی آزادی کے ساتھ منا رہی ہے۔

    دیوالی تہوار پر سب خریداری کرتے ہیں نئے کپڑے، نئے چپل اور گھڑیاں خریدی جاتی ہیں، مارکیٹ میں جگہ جگہ پٹاخوں کے اسٹال سجائے جاتے ہیں، گھروں میں دیئے جلائے جاتے ہیں اور مزے مزے کے پکوان تیار ہوتے ہیں جس پر عزیز و اقارب کو مدعو کیا جاتا ہے، اس تہوار پر گھروں اور مندروں میں آرتی بھی اتاری جاتی ہے. نوجوان نسل سج سنور کے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوشی کا اظہار بھی کرتی ہے۔

    ہندو دھرم کے مطابق دیوالی کا سب سے بڑا مفہوم یہ ہے کہ ماں باپ کی فرمانبرداری اور عزت نفس کی حفاظت کے لیے لڑنا پڑے تولڑا جائے، جیسے رانی سیتا کو راجہ راون نے اغوا کرکے قید کیا تو رام نے جنگ کرکے سیتا کو راجہ راون سےآزاد کرایا۔

    یہ کہانی ایودھیا کے شہزادے رام اور ان کی شریک حیات رانی سیتا کی 14 سال کی جلا وطنی کے بعد ایودھیا لوٹنے کی ہے جب سارا شہر ان کے استقبال کے لیے امڈ پڑا تھا اور ایودھیا کے چپے چپے سے روشنی کی کرنیں پھوٹ رہی تھیں، اسی یاد کی خوشی میں پٹاخے چھوڑکر خوشی کا اظہارکیا جاتا ہے۔

    آج بھی لوگ رام کی اس واپسی کا جشن دل کھول کر مناتے ہیں، ہندو دھرم کے مطابق ایک دیوتا وشنو نے بھگوان کرشن کا روپ دھارکر دیوالی کے دن دنیا کو ظالم راجہ سے نجات دلائی تھی ۔

    دیوالی کی سب سے اہم بات لکشمی دیوی اور بھگوان وشنو کا ملاپ ہے لکشمی، پیار محبت، دولت و ثروت، خوش نصیبی اور خوشحالی کی دیوی ہے اور اسی لیے لوگ اس دن ان کی پوجا کرتے ہیں تاکہ دیوی سال بھر ان پر مہربان رہے۔

  • ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے

    ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے

    اسلام آباد : ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے، اس سلسلے میں مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، شرکا نے اپنے اپنے اندازمیں دیوالی کے تہوار پرخوشی کے پیغامات دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ہندو برادری کے مذہبی تہواردیوالی کو سرکاری سطح پر منانے کے لئے اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں دیوالی کی خوشیوں سے بھرپور تقریب سجائی گئی۔

    تقریب میں آرتی کی رسم کے انداز کو پیش کیا گیا، رام کرشن اور رادھا کے رشتے کو بھی تقریب میں پیش کیا گیا جسے تقریب کےشرکاء نے خوب سراہا۔

    دیوالی کے موقع پر شرکاء نے تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے اپنے انداز میں دیوالی کی تہوار پرخوشی کے پیغامات دیئے۔ دیوالی کی تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات اور ہندوبراردی سےتعلق رکھنے والےافراد کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔

    دیوالی ایک ہندو مذہبی تہوار ہے ہر سال نومبر کے مہینے میں منایا جاتا ہے، اسے روشنیوں کا تہوار یا خوش قسمتی کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، اس لیے لوگ اس روز دیے جلاتے ہیں۔

    دیوالی کرشن بھگوان کے چودہ سال بن باس کاٹنے کے بعد واپسی کی خوشی میں منائی جاتی ہے۔ اس دن ہندو برادری لکشمی پوجا کرتی ہے اور دعائیں مانگتی ہے۔ کاروباری افراد دیوالی کے دن سے نئے کاروبار کی شروعات کو ترجیح دیتے ہیں۔

    پانچ روز تک جاری رہنے والا یہ تہوار ہندو ازم، جین ازم، سکھ ازم میں یکساں اہمیت کا حامل ہے، ہندو روایات کے مطابق اس دن کو دولت کی دیوی لکشمی سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔

    اس تہوار میں ہندو افراد گھروں کی سجاوٹ کرتے ہیں مٹھائیاں اور کھانے بناتے ہیں۔ ہندو برادری پوجا پاٹ کے بعد پٹاخے اور پھلجزڑیاں جلا کر دیوالی کی خوشیاں مناتے ہیں۔

    ہندو برادری مذہبی تہوار جوش و خروش سے منانے میں مصروف ہیں۔ مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ خصوصی پوجا اور دیئے جلانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ : ہندو برادری کا ہولی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان

    سانحہ کرائسٹ چرچ : ہندو برادری کا ہولی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان

    کراچی : ہندو برادری نے کرائسٹ چرچ واقعے کے بعد ہولی سادگی سے منانے کا اعلان کردیا ہے، صدر ہندو پنچایت کا کہنا ہے کہ ہولی کی تقریبات سادگی سےمنائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ پر ہندو برادری نے افسوس کا اظہار اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہولی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

    صدرہندوپنچایت کا کہنا ہے کہ ہولی کی تقریبات سادگی سےمنائی جائیں گی اور سندھ اسمبلی میں ہرسال ہونے والی ہولی کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔

    خیال رہے سانحہ کرائسٹ چرچ پر پوری قوم سوگ میں ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں آج تمام سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنِگوں ہیں۔

    مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یاد میں ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنِگوں

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ واقعے پراحتجاج ریکارڈ کرایا ہے، اس واقعے میں مجموعی طور پر50 افراد شہید ہوئے جن میں سے 9 پاکستانی ہیں، جبکہ ایک آئی سی یو میں ہے۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے دوران حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم راشد کے لیے قومی ایوارڈ کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سفید فام دہشت گرد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 49 نمازیوں کو شہید کردیا تھا۔

    جس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

  • پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد

    کراچی : پاکستان ہندو کونسل کے تحت کراچی میں اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، حاضرین نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی۔

    اے آر وائی نیوز کی نمائندہ عمبرین الطاف کے مطابق پاکستان ریلوے کے وسیع گراؤنڈ میں پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے ہندو برادری کے79 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا دلہن اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دولہا دلہن کی خوشی دیدنی تھی۔

    اس موقع پر ہندو برادری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بہت خوش ہیں ہمیں یہاں ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہےاور ہمیں ہر طرح کا تحفظ حاصل ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمیں شروع سے آج تک سپورٹ کررہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے کا کہنا تھا کہ کئی سال سے جاری اجتماعی شادیوں کے سلسلے کا مقصد غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔

    ڈاکٹر رمیش کمار رات گئے تک جاری رہنے والی تقریب میں جہاں دولہا دلہن زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر خوشی سے نہال دیکھائی دیئے وہیں ان دولہا دلہن کے غریب والدین نے بھی پاکستان ہندو کونسل کے اس اقدام کو خوب سراہا، اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

  • لاڑکانہ کی متنازع زمینیں عدالت کے  قبضے میں رہیں گی، چیف جسٹس ثاقب نثار

    لاڑکانہ کی متنازع زمینیں عدالت کے قبضے میں رہیں گی، چیف جسٹس ثاقب نثار

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کی متنازع زمینیں کاشت شروع ہونے تک عدالت کے قبضے میں رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سندھ میں ہندو کمیونٹی کی جائیدادوں پر قبضہ کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوئی۔

    دوران سماعت اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے کہا کہ لاڑکانہ کی متنازع زمینیں عدالت اپنے قبضے میں لے لے گی، جوڈیشل افسران اور انتظامیہ کو کہیں گے کہ ان جائیدادوں کا تحفظ کریں۔

    اس موقع پر معشوق علی جتوئی نے کہا کہ لاڑکانہ کی جس زمین کی بات کی جارہی ہے وہ ہمیں فروخت کی گئی ہے، درخواست گزار نے ہمیں چیکس دیئے تھے جو بعد میں بوگس ہوگئے، جس کے بعد ہم نے مقدمات درج کرائے پھر پنچائت نے فیصلے کئے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ یہ زمینیں آپ کی رہیں گی نہ اُن کی، مجھے پتہ ہے اس میں ساری بدمعاشی ہے، ہم اس پر قبضہ کرلیتے ہیں، کاشت شروع ہونے تک یہ زمین ہمارے قبضے میں رہے گی، معشوق علی جتوئی نے کہا کہ آپ جو فیصلہ کریں ہمیں قبول ہے۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت نے کمیٹی بنائی تھی اس نے رپورٹ دی ہے، جن کو رپورٹ پراعتراض ہے وہ دیوانی مقدمہ دائر کرسکتے ہیں، ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ایک ہی عدالت میں سب مقدمات بھیج دیئے جائیں، جنہوں نے مبینہ طور پر قبضے کئے عدالت نے ان کا موقف طلب کیا تھا۔

    عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور سیشن جج لاڑکانہ کو حکم جاری کیا کہ قابضین کو نوٹس جاری کریں، تحصیل دار 44ایکڑ متنازع زمین اپنے قبضے میں لیں، زمین سے حاصل کرایہ کنٹرولر کے پاس جمع ہوگا، کیس کا فیصلہ عدالت کرے گی ضروری ایکشن3دن میں لیا جائے۔

  • ہندو برادری کی جائیدادوں پر قبضے : سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

    ہندو برادری کی جائیدادوں پر قبضے : سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سندھ میں ہندو برادری کی زمینوں پرقبضہ کرنے والے افراد کو نوٹسز جاری کردیئے، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ مبینہ قابضین کی فہرست ہمارے پاس آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں صوبہ سندھ میں ہندو برادری کی زمینوں پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے آغاز پر ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ لاڑکانہ سے زمینوں پر قبضے کی46شکایات تھیں، سب کا جواب آگیا ہے۔

    اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ قبضہ کرنے والوں کو نوٹس بھیج کر بلانا پڑے گا، انہوں نے رمیش کمار سے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ خورشید شاہ نے بھی قبضہ کر رکھا ہے جبکہ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئی قبضہ نہیں کیا جس پر رمیش کمار نے کہا کہ کمشنر لاڑکانہ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

    چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ہندو برادری کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو نوٹس کررہے ہیں، مبینہ قابضین کی فہرست ہمارے پاس آ گئی ہے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے ہندو برادری کی زمینوں پرقبضہ کرنے والےافراد کو نوٹسز جاری کردیئے

    بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ میں ہندوبرادری کی جائیدادوں پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے ہندو برادری کی جائیدادوں پرقبضے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے تھے کہ بنیادی طور پر ہم نے ڈاکٹر بھگوان داس کی بیگم کی شکایت پرنوٹس لیا تھا، اے جی سندھ نے بتایا تھا کہ ڈاکٹربھگوان داس کے کئی مقدمات ہائی کورٹ میں چل رہے ہیں۔

  • ہندو برادری متحدہ کو یاد رکھے، فاروق ستار کا دیوالی پر پیغام

    ہندو برادری متحدہ کو یاد رکھے، فاروق ستار کا دیوالی پر پیغام

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینرڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے ہندو برادری کے مذہبی تہوار”دیوالی“ کے پرمسرت موقع پیغام تہنیت دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    متحدہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تہنیتی پیغام میں سربراہ ڈاکٹرمحمدفاروق ستار نےدنیا بھراور پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں کو بالخصوص دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کا بنیادی فلسفہ جیواورجینے دواورسب کااحترام ہے۔

    انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کے لئے عملی جدوجہدکررہی ہے اوران کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے دکھ درد اور خوشیوں میں برابرکی شریک رہتی ہے۔

    پڑھیں: سندھ حکومت کی دیوالی پر ہندوبرادری کی مالی معاونت

     ڈاکٹرمحمدفاروق ستارنے ہندوبرادری سے اپیل کی کہ وہ دیوالی کے پرمسرت موقع پراپنی عبادات میں ایم کیوایم کو یاد رکھیں اورایم کیوایم کی کامیابی اورسازشوں کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

     یاد رہے دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کے تحت آج رات مذہبی تہوار دیوالی کا تہوار منایا جائے گا، اس مناسبت سے ہندو مت کو ماننے والے افراد اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں ۔اس تہورا کی تیاریاں 9 دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    واضح رہے بلاول بھٹو زدرای نے سانحہ کارساز کی یاد میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کو 30 اکتوبر کے روز کراچی میں تاریخ کی سب سے بڑی دیوالی منانے کی ہدایت کی تھی بعد ازاں سانحہ کوئٹہ کے بعد چیئرمین کی ہدایت پر تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔