Tag: hired killer

  • لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : خطرناک اجرتی قاتل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    لاہور : آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن اور مسلح ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے اس دوران انتہائی خطرناک شوٹر اور اجرتی قاتل اعظم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے خواجہ رمضان کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کا عملہ اجرتی قاتل ملزم اعظم کو ساتھیوں کی گرفتاری اور آلہ قتل کی برآمدگی کیلئے کاہنہ لے کر جارہا تھا۔

    ڈی ایس پی او سی یو ماڈل ٹاؤن کے مطابق نامعلوم ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے اجرتی قاتل اعظم شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین اور خطرناک وارداتوں میں ملوث تھا
    ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محموظ رہے۔

    ہلاک ہونے والے اجرتی قاتل کے ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 6 نومبر کو لاہور میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ ڈیفنس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا میں اجرتی قاتل محمد ریاض اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم ریکوری کے لیے لے جاتے ہوئے چھڑانے کی کوشش کے دوران گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔

  • ماں نے بیٹے اور بہو کو ٹھکانے لگانے کے لیے ’کرائے کا قاتل‘ رکھ لیا

    ماں نے بیٹے اور بہو کو ٹھکانے لگانے کے لیے ’کرائے کا قاتل‘ رکھ لیا

    ٹیکساس: امریکا میں ایک خاتون نے بیٹے اور بہو کو ’ٹھکانے‘ لگانے کے لیے ’کرائے کا قاتل‘ رکھ لیا، تاہم اس نے خاتون کا سارا منصوبہ چوپٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک خاتون کو جمعہ کو عدالت میں 2013 میں اپنے بیٹے اور بہو کو قتل کرنے کے لیے ایک کارنیوال ملازم کی خدمات حاصل کرنے کا قصور وار پایا گیا۔

    استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ روتھ این کامر نامی خاتون چاہتی تھیں کہ ان کے بیٹے اور اس کی بیوی کو اس لیے قتل کر دیا جائے تاکہ وہ ان کے بوائے فرینڈ جیری کولنز کے قتل کا راز افشا نہ کر دیں، جسے خاتون نے ایک سال قبل مار دیا تھا۔

    بیکسار کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر لارین اسکاٹ نے عدالت کو بتایا کہ خاتون نے کارنیوال کے ملازم چارلز گروب سے رابطہ کیا اور اسے پستول اور نقد رقم کی پیش کش کی، اور کہا کہ وہ ان کے بیٹے اور بہو کو قتل کر دے۔

    لیکن چارلز گروب سیدھا پولیس کے پاس پہنچ گیا، اور اس طرح روتھ این کامر کا منصوبہ فاش ہو گیا۔

    لارین اسکاٹ نے کہا کہ اس کیس میں روتھ نامی خاتون نے بیٹے اور بہو کے قتل کی درخواست کی اور اسلحہ دینے کا وعدہ کیا، اصل قتل نہیں ہوا، تاہم جرم کی تیاری کی جا رہی تھی، اور چارلز گروب نے ٹھیک کام کیا کہ پولیس کے پاس چلے گئے۔

    خاتون کی وکیل مونیکا گوریرو نے اپنی اختتامی بحث میں کہا کہ جیوری اس کیس کا تجزیہ کرے، میں چاہتی ہوں کہ جیوری واپس آ کر کہے کہ ’اے روتھ، صرف اس لیے کہ کوئی اور آپ کو پسند نہیں کرتا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اس کے قصور وار ہیں۔‘

    تاہم جیوری وکیل کی بات سے متاثر نہیں ہو سکی، اور اس نے خاتون پر فرد جرم عائد کر دیا، رپورٹس کے مطابق سزا سنانے کے لیے 8 فروری 2023 کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔