Tag: Hit

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں‌ خوف و ہراس

    کراچی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں‌ خوف و ہراس

    کراچی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ملیر، قائد آباد، لانڈھی، شیرپاؤ کالونی، اسپتال چورنگی، بن قاسم، شاہ لطیف ٹاؤن اور بھینس کالونی میں محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق  زلزلے کا مرکز ملیر سے 10 کلومیٹر دور مشرق میں تھا جس کی شدت 3.1  اورگہرائی 80 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    https://urdu.arynews.tv/earthquake-schools-closed-karachi/

    واضح رہے کہ کراچی شہر میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں اور اب تک تقریباً 26 بار شہر میں زلزلہ آیا ہے۔

    اس سے قبل منگل کی  صبح 11 بج کر51 منٹ پر بھی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 2، گہرائی 10کلو میٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ملیر کے مشرق میں 23 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

    دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے شدید نوعیت کے تھے، زلزلے کے باعث کسی قسم کی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • روس کے اعلان نے دشمنوں کے ہوش اڑا دیے

    روس کے اعلان نے دشمنوں کے ہوش اڑا دیے

    یوکرین میں جنگ لڑتی روسی فوج نے متنبہ کیا ہے کہ یوکرین میں جو بھی ہم پر حملہ کرے گا اسے ہم نشانہ بنائیں گے۔

    کریملن کے ترجمان دمتر پیسکوف نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے روسی فوج پر ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی تمام کوششیں روکیں گے اور سخت جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے یوکرائنی حکام کے یوکرین کے باشندوں کو قانونی طور پر ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیار سے لیس کوئی بھی شخص اگر ہماری فوج پر حملہ کرے گا تو ہماری فوج یقیناْ اسے نشانہ بنائے گی۔

    ترجمان نے یاد دلایا کہ شروع ہی سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہر ایک سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا اور یہ مطالبہ صرف اس بات کی ضمانت دے گا کہ کوئی بھی کسی پر گولی نہیں چلائے گا۔

    پیسکوف نے مزید کہا کہ قوم پرست بٹالینز، باندرا بٹالینز کی یہ مسلح مزاحمت ہمیں جوابی فائرنگ پر مجبور کررہی ہے۔

    دوسری جانب دی انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کے محصور شہر ماریوپل میں خوراک اور پانی کی سپلائی خطرناک حد تک کم ہورہی ہے جس سے بچے بیحد متاثر ہورہے ہیں۔

    یوکرینی حکام نے بھی کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں سڑکوں سے 1207 لاشیں اٹھائی گئی ہیں اور ساحلی شہر پر متواتر حملے ہورہے ہیں۔

    واضح رہے کہ روس یوکرین سے جاری تنازع میں اس سے قبل مغربی ممالک کو بھی کھلی دھمکی دے چکا ہے۔

     مزید پڑھیں: روس نے مغرب کو کھلی دھمکی دے دی

    روس کی وزارت خارجہ کے شعبہ اقتصادی تعاون نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس نے پابندیاں لگائیں تو مغربی ممالک کو سخت مشکل اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    روس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ مغربی ممالک پر پابندیاں لگانے سے متعلق بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، یہ پابندیاں مغرب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیں گی۔

  • بینکاک دھماکوں سے لرز اٹھا، چار افراد زخمی

    بینکاک دھماکوں سے لرز اٹھا، چار افراد زخمی

    بینکاک :تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں تین مختلف مقامات پر متعددگھریلو ساختہ بموں کے پھٹنے سے 4افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہےہیں،ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز سرکاری دفتر اور وسطی بینکاک کے دیگر 2 مقامات پر سنی گئی۔

    واضح رہے کہ بینکاک خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر ایوسی ایشن آف جنوب مغرب ممالک (آسیان) اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جہاں آسیان کے وزرائے خارجہ اور عالمی قوتیں بشمول امریکا، چین اور روس کے ہم منصب شرکت کر رہے ہیں۔

    سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ بظاہر گھریلو ساختہ بم سوان لوانگ ضلع میں پھٹا جس کے نتیجے میں 2 خاکروب زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تھائی پولیس کا کہنا تھا کہ اجلاس کے مقام کے قریب انہیں 2 جعلی بم ملے تھے۔

    دھماکوں سے اجلاس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات پر سوال اٹھنے لگے تاہم فی الوقت یہ بات واضح نہیں کہ ان دھماکوں کا ہدف اجلاس تھا یا نہیں۔

    خیال رہے کہ چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی اور امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

  • امریکی پابندیوں کے باعث‌ ایرانی تیل کے ذخائر میں اضافہ

    امریکی پابندیوں کے باعث‌ ایرانی تیل کے ذخائر میں اضافہ

    واشنگٹن/تہران : ایرانی تیل کی درآمدات پر پابندی کے باعث عالمی منڈی میں 4 لاکھ بیرل تیل یومیہ کم ہونے لگا جبکہ ایران میں کروڑوں بیرل تیل جمع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی طرف سے ایرانی تیل کی درآمدات پرپابندی کے بعد ایران میں تیل کے ذخائر کی بڑی مقدار جمع ہوگئی ہے مگر اس کی خریداری کے لیے کوئی گاہک میسر نہیں۔

    امریکا سے فارسی میں نشریات پیش کرنے والے ریڈیو کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی کے مہینے میں 10 سے 11 کروڑ بیرل تیل جمع ہوا مگراس کا کوئی خریدار نہیں ملا ہے،یہ اعداد وشمار دنیا بھرمیں تیل بردار جہازوں کے بارے میں معلومات جمع کرنے والی کمپنی کپلر کی طرف جاری کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی جہازوں پر56 ملین بیرل تیل خلیج عرب میں ذخیرہ ہوچکا ہے،ایران میں جمع ہونے والے تیل کے ذخیرے کے بارے میں ملنے والی معلومات کے مطابق ایرانی تیل کو نہ صرف اندرون ملک ذخیرہ کیا جا رہا ہے بلکہ بیرون ملک بھی ایرانی تیل جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین میں ڈالیان اور جینجو تیل تنصیبات میں بھی ایرانی تیل جمع کیا گیا ہے۔اس طرح مجموعی طورپر ایرانی تیل کی ذخیرہ شدہ مقدار 111 ملین بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیل کا یہ ذخیرہ اس وقت سےجمع ہوا ہے جب امریکا نے مئی کے اوائل میں ایرانی تیل کی درآمدات پر پابندیاں عائد کردی تھیں، عالمی منڈی میں 4 لاکھ بیرل تیل یومیہ کم ہو رہا ہے۔

  • روس یوکرائن کشیدگی: امریکا اور اتحادیوں‌ نے متعدد روسی شہریوں و کمپنیوں پر پابندی لگادی

    روس یوکرائن کشیدگی: امریکا اور اتحادیوں‌ نے متعدد روسی شہریوں و کمپنیوں پر پابندی لگادی

    ماسکو : یوکرائن کے خلاف روسی جارحیت پر رد عمل دیتے ہوئے امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں نے روسی شہریوں اور کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرائن کے خلاف روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت خلاف امریکا اور اتحادیوں نے روس کے ایک درجن سے زائد افراد اور اداروں پر پابندی لگائی ہے۔

    امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی ان افراد اور اداروں پر لگائی گئی ہے جنہوں نے یوکرائنی جنگی جہاز پر حملے میں کردار ادا کیا تھا۔

    امریکی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ روسی حکام یوکرائن کے علیحدگی پسند افراد کی حمایت و معاونت کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا، یورپی ممالک اور کینیڈا کی جانب سے روسی محکمہ دفاع کے 4 افسران سمیت اعلیٰ عہدوں پر فائز 6 افسران پر قدغن لگائی گئی ہے جبکہ کریما میں تعمیراتی کام کرنے والی کمپنیوں اور روسی توانائی کی کمپنیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن میں جاری کشیدگی میں مذکورہ اقدامات کے باعث مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ روسی حکام یوکرائنی بحریہ کے گرفتار افراد کو واپس یوکرائن کے حوالے کریں۔

    مزید پڑھیں : روس یوکرائن کشیدگی کے بادل جی 20 اجلاس پر بھی منڈلانے لگے

    یوکرائن نے روس سے ملحقہ سرحدی علاقے میں مارشل لاء لگادیا

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان 2014 سے جاری کشیدگی کے باعث اب تک دس ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان تنازع اس وقت پیدا ہوا روس نے کیراج پورٹ پر 3 یوکرائینی بحری جنگی کشتیوں پر فائرنگ کرکے 6 اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا اور تاحال یوکرائن کے بحری جہاز اور عملہ روس کے قبضے میں ہے۔

  • کراچی میں  ایک اور بچہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کاشکار بن گیا

    کراچی میں ایک اور بچہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کاشکار بن گیا

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور بچہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا شکار بن گیا، جس کے بعد دس سالہ ارمان کو زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے ساتھ اندھی گولی سے بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، کراچی کے علاقے گلشن بہار میں دس سال کا ارمان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن گیا۔

    بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    اس سے قبل بلدیہ ٹاؤن کے اسکول میں پہلی جماعت کی اقصیٰ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا شکار بنی تھی ، جس کے بعد اہل خانہ نے متاثرہ بچی کو اسپتال منتقل کیا تھا، مگر اُس کی طبیعت سنبھالے میں ہی نہیں آرہی تھی جس کے بعد اُسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں اقصیٰ دو روز وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد جاں بحق ہوگئی تھی۔

    مزید پڑھیں : کراچی: اندھی گولی نے کم سن بچی کی جان لے لی

    پولیس حکام نے اقصیٰ کے قاتل کی جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ پہلی جماعت کی طالبہ 7 سالہ اقصیٰ کو چھوٹے ہتھیار کی گولی لگی تھی، گولی دل کے قریب لگنے کے باعث موت واقع ہوئی ہے

    واضح رہے گزشتہ ماہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔

    میڈیا کی جانب سے اس بچی کی ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے کے بعد نجی اسپتال اورایمبولینس سروس کی غفلت اور لا پرواہی کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔

    جس کے بعد دس سالہ بچی امل کی ہلاکت پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، آئی جی سندھ ، سیکریٹری ہیلتھ اور ایڈمنسٹریٹر نیشنل میڈیکل سینٹر کو نوٹس جاری کیا تھا۔

  • روس پر امریکی پابندیاں، روبل کی قیمت میں ریکارڈ کمی

    روس پر امریکی پابندیاں، روبل کی قیمت میں ریکارڈ کمی

    ماسکو : امریکا کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد روسی اسٹاک مارکیٹ میں روسی کرنسی روبل کی قیمت 3.4 فیصد کمی کے بعد تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یویلیا اسکریپال پر کیمیکل یا بائیولوجیکل ہتھیار کا استعمال کرنے پر امریکا کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس کے باعث روسی کرنسی روبل نومبر 2016 کے بعد تاریخ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے روس پر پابندی لگانے کے اعلان کے کچھ گھنٹوں بعد ہی روس کے اسٹاک مارکیٹ میں روبل کی قیمت میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق منگل کے روز روس کی اسٹاک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 63.4 روبل تھی جو گذشتہ روز امریکی پابندی کے کچھ گھٹنے بعد 3.4 فیصد اضافے کے ساتھ 66.7 فیصد ہوگئی۔

    یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئرٹ نے گذشتہ روز بیان میں روس پر نئی پابندیاں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ روس نے اپنے ہی شہریوں کے خلاف اعصاب شکن کیمیکل یا بائیولوجیکل ہتھیار کا استعمال کیا، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ روس پر نئی پابندیوں کا اطلاق بائیس اگست سے ہوگا، اطلاق کے بعد روس حساس الیکٹرانک آلات اور دیگر ٹیکنالوجی کو درآمد نہیں کرسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے روس کے خلاف امریکا کے اقدامات کا خیر مقدم کیا گیا۔

    دوسری جانب روسی سفارت خانے نے امریکہ کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے ’ظالمانہ‘ قرار دیا ہے اور کہا تھا کہ اس حملے میں روس کو ملوث کرنے کے الزامات محض ’مبالغہ آرائی‘ پر مبنی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس مارچ کے اوائل میں برطانیہ کے علاقے سالسبری میں سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اوران کی بیٹی یویلیا اسکریپال کو اعصاب شکن کیمیکل حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد برطانیہ نے حملے کی ذمہ داری روس پرعائد کی تھی۔

    نوویچوک نامی زہریلے کیمیکل کے واقعے کے بعد روس اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی میں بے تحاشا اضافہ ہوا تھا، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا تھا، جبکہ امریکا سمیت کئی یورپی ممالک نے بھی روس کے بیشتر سفارتکاروں کو ملک سے بے دخل کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 347 ہوگئی

    انڈونیشیا میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 347 ہوگئی

    جکارتہ : انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں آج صبح پھر شدید نوعیت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلوں کے نتیجے میں اب تک 347 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 347 ہوگئی ہے جبکہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آج صبح پھر انڈونیشا کے سیاحتی جزیرے لومبوک کے شمال مغربی حصّے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران یہ تیسرا بڑا زلزلہ ہے، لومبوک میں آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں ہزاروں گھر منہدم جبکہ کئی ہزار افراد گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔

    انڈونیشین میڈیا کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے لومبوک سے متصل سیاحت کے لیے معروف جزیرے بالی میں بھی محسوس کیے گئے جہاں لوگ خوبصورت ساحل سمندر اور ہائیکنگ کے لیے دنیا بھر سے آتے ہیں۔

    یاد ہے کہ روان ماہ 6 اگست کو بھی انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں کم ازکم 91 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر7 اعشیاریہ صفرریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹرزیرزمین تھی۔

    انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں ایک ہفتے قبل ہی 6 اعشاریہ 4 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 17 افراد جاں بحق اور سیکڑوں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔


    انڈونیشیا میں6.5اعشاریہ کا زلزلہ،ہلاکتوں کی تعداد100 ہوگئی


    یاد رہے کہ دسمبر2016 میں انڈونیشیا کے صوبے آچے میں آنے والے 5۔6 شدت کے زلزلے میں 100 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اوردنیا بھر کے تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔

  • اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری، حاملہ خاتون اور بیٹی شہید

    اسرائیلی فضائیہ کی غزہ پر بمباری، حاملہ خاتون اور بیٹی شہید

    غزہ : مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائیہ کی رات گئے شدید بمباری کے نتیجے میں حاملہ خاتون اور 1 سالہ بیٹی سمیت تین فلسطینی شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں تین فلسطینیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کیے گئے فضائی حملے بدھ کے روز اسرائیل کے جنوبی حصّے پر داغے گئے میزائلوں کا رد عمل ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان نے اسرائیل کے فضائی حملوں میں ایک حاملہ حاتون اور اس کی 1 سالہ بیٹی کی ٖغزہ کے ٹاؤن جعفراوی میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل اسرائیلی فورسز کے ٹینک حملوں میں حماس کے دو جنگجو بھی شہید ہوئے تھے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی کے مسلح گروہوں کی جانب سے غزہ کی پٹی کے قریب اسرائیل کے جنوبی علاقے سڈیروٹ اور دیگر علاقوں میں داغے گئے درجنوں میزائلوں سے متعدد اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز فلسطین کے مسلح گروپ کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائل صیہونی فورسز کے ٹینک حملوں کا جواب تھا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں آزادی کی مسلح جد و جہد کرنے والے گروپ حماس کی القسام برگیڈ پر گذشتہ روز صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری کی گئی تھی جس کے نتیجے میں حماس کے دو مجاہدین شہید ہوئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حماس کے ترجمان نے اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے حماس کے دو جنگجوؤں احمد مرجان اور عبدالحفیظ کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

  • اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حماس کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے

    اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حماس کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے

    غزہ : اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے گذشتہ شب فلسطین کی آزادی پسند جماعت حماس کے متعدد ٹھکانوں پر 25 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں، اسرائیلی حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی سب میں غزہ کی پٹی پر مختلف مقامات پر 25 فضائی حملے کیے گئے ہیں تاہم ان حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

    اسرائیلی دفاعی فورسز کا کہنا ہے کہ گذشتہ سب کی گئی فضائی کارروائی فلسطینی حدود سے اسرائیل کی جانب سے داغے گئے 45 میزائلوں اور راکٹوں کے جواب میں کی گئی تھی۔

    اسرائیلی دفاعی فورسز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لڑاکا طیاروں نے غزہ کی پٹی پر حماس کے 25 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    دوسری جانب فلسطین کی آزادی پسند تنظیم حماس کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ صیہونی ریاست کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوبی شہر رفع میں حماس کی عسکری فورس القسام بریگیڈز کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اسرائیل میزائل تربیتی مرکز کے قریب خالی زمین پر گرے تھے۔

    فلسطین کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دیگر حملوں میں اسرائیل فضائیہ نے غزہ کی پٹی کے شمالی حصّے میں واقع حماس کی آماجگاہوں پر میزائل داغے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے داغے گئے میزائلوں میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا ہے۔

    فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد فلسطینی حدود سے مسلح جدوجہد کرنے والی تنظیموں نے اسرائیل پر متعدد راکٹ اور مارٹر گولے داغے ہیں، لیکن فلسطین کے کسی بھی مسلح گروپ نے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    یاد رہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے 30 مارچ کو اسرائیلی مظالم اور زمین کی واپسی کے سلسلے میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلیوں کی فائرنگ اور شیلکنگ کے نتیجے میں 150 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ہزاروں شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر حد سے زیادہ اسلحے کا استعمال کیا ہے۔

    اسرائیلی حکومت نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے الزام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دفاعی فورسز نے اپنے دفاع میں ان افراد پر گولیاں چلائی ہیں جنہوں نے اسرائیلی حدود میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    خیال رہے کہ وحشت اور درندگی کی حدیں پار کرنے والی اسرائیلی فوج نے غزہ میں معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، حال ہی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید جبکہ سو سے زائد شدید زخمی ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ 14 جون کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا آج اجلاس ہوا جس میں غزہ میں فلسطینیوں کے قتل کے خلاف مذمتی قراد داد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔