Tag: hiv-aids-patients

  • 2018 میں 22ہزار افراد ایڈز کا شکار ہوئے  ، رپورٹ میں انکشاف

    2018 میں 22ہزار افراد ایڈز کا شکار ہوئے ، رپورٹ میں انکشاف

    لاہور : پاکستان میں ایڈز میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 1لاکھ 60ہزار ہو گئی جبکہ 2018 میں 22ہزار افراد ایڈز کا شکار ہوئے اور 6 ہزار 400 افراد ایڈز کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ایڈز کنٹرول پروگرام کی طرف سے پاکستان میں ایڈز کے مرض سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں انکشاف کیا گیاہے کہ سال 2018میں 22 ہزار افراد اس مہلک بیماری کا شکار ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایڈز کے مرض میں مبتلا 14سال تک کی عمر کے بچوں کی تعداد 1400 ہوچکی ہے اور5 ہزار 900 خواتین اس مہلک بیماری کا شکار ہوئیں ۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ مردوں میں بھی ایڈز کاتیزی سے پھیلاﺅدیکھنے میں آیاہے اور سال 2018میں 15 ہزار مرد ایڈز میں مبتلا ہوئے ۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال 6ہزار400 افراد ایڈز کی وجہ سے ہلاک ہوئے جن میں 800بچے ، 1800خواتین اور 3800مرد شامل ہیں ۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایڈز میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد 1لاکھ 60ہزار ہو گئی ہے، ایڈز کے مریضوں میں سے انجکشن کے ذریعے نشہ کرنے والے 21فیصد افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے رواں سال مئی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں ایک لاکھ 63 ہزار افراد کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔

  • ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے،وزارت صحت

    ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے،وزارت صحت

    اسلام آباد : وزارت صحت کا کہنا ہے ملک بھر میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار757 ہے اور 35ایڈز کے ٹرٹمنٹ سنٹرز کام کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے ملک میں ایڈر کے مریضوں کی تعداد کے اعدادوشمار قومی اسمبلی میں پیش کر دیئے، جس کے مطابق اس وقت کل 23757 افراد ایچ آئی وی کے مریض ہیں ۔

    وقفہ سوالات کے دور ان وزارت صحت نے بتایا کہ ایڈز میں 18220مرد4170خواتین ، مخنث 379 افراد مبتلا ہیں ۔وزارت صحت کے مطابق ایڈز میں 564بچے ، 424بچیاں مبتلا ہیں ۔وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں 35ایڈز کے ٹرٹمنٹ سنٹرز کام کررہے ہیں۔

    گذشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف ہوا تھا ، بچوں کی عمریں 4 ماہ سے 8 سال تک کے درمیان تھیں۔

    مزید پڑھیں : لاڑکانہ کے 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف

    لاڑکانہ کے علاقے رتو ڈیرو سے گزشتہ ایک ماہ میں 16 بچوں کے سیمپل تشخیص کے لیے بھیجے گئے، بچے مسلسل بخار کی حالت میں تھے اور ان کا بخار نہیں اتر رہا تھا جس کے بعد ان بچوں کے خون کے نمونے لیے گئے تھے۔

    خیال رہے ماہرین طب کے مطابق پاکستان میں ہر سال 20 ہزار سے زائد افراد کو ایچ آئی وی ایڈز ہو رہا ہے۔ 60 فیصد سے زائد ایڈز کے مریض پنجاب میں ہیں۔

    یو این ایڈز کے کنٹری ڈائریکٹر ایڈمرلین بورومیو کا کہنا تھا پاکستان نے ایڈز کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں، پاکستان میں صرف 16 فیصد ایڈز کے مریض چیک اپ کرواتے ہیں ، ایڈز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی، امید ہے کہ پاکستان 2030 تک ایڈز پر قابو پا لے گا۔