Tag: hoarders

  • سعودی عرب : ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ریکارڈ چھاپہ مار کارروائیاں

    سعودی عرب : ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ریکارڈ چھاپہ مار کارروائیاں

    ریاض : سعودی حکومت مملکت میں مہنگائی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے اس سلسے میں حکام نے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کیں اور تاجروں پر زائد قیمتوں کے وصول کرنے پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر تجارت نے کہا ہے کہ صارفین کا تحفظ ریاست کی انتہائی اولین ترجیح ہے، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر تجارت اور قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے جمعرات کو پریس کانفرنس کی۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے اقتصادی مسائل سے تاجروں کو ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تاجروں کو قیمتیں بڑھانے سے روکا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ وزارت تجارت نے مملکت بھر میں اشیاء کی زائد قیمتوں کی شکایت پر تین لاکھ 70 ہزار چھاپے مار کر37 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض تاجروں نے کھانے پینے کی اشیاء ذخیرہ کر رکھی تھیں جس پر پانچ سو ٹن غذائی اشیا ضبط کرلی گئیں۔

    وزیر تجارت نے بتایا کہ مذکورہ تاجروں کی جانب سے25 ملین ماسک، سیناٹائزر اور 280 ٹن چاول مہنگا بیچنے کے لیے گوداموں میں چھپا دیا گیا تھا، وزارت نے یہ سارا سامان تحویل میں لے کر مارکیٹوں میں سپلائی کروا دیا ہے۔

    انہو ں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے غذائی اشیاء ذخیرہ کرنے پر خلاف ورزی کا جرمانہ 10 لاکھ درہم تک کردیا ہے تاکہ ذخیرہ اندوزوں کو سبق سکھایا جا سکے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اکتوبر میں کیے جانے والے کریک ڈاؤن کی رپورٹ چیف سیکریٹری پنجاب کو پیش کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 49 ہول سیلرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    اس دوران 10 گودام سیل بھی کیے گئے۔ حکام نے ذخیرہ شدہ 18 ہزار بوری چینی، 302 بوری چاول 11 سو 60 بوریا گندم کی بھی برآمد کیں۔

    علاوہ ازیں ذخیرہ کیے گئے 26 سو 27 آٹے کے تھیلے اور 35 ہزار کلو گھی بھی ضبط کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتطامیہ نے بہاولنگر، راجن پور، فیصل آباد، چنیوٹ اور منڈی بہاؤ الدین میں کارروائیاں کیں۔

  • کرونا وائرس : ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، ڈاکٹر طاہر القادری

    کرونا وائرس : ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، ڈاکٹر طاہر القادری

    لاہور : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پوری انسانیت مشکل میں ہے، ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، مخیر حضرات دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نجات کیلئے دعا کی ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمگیر وبا کی اصل وجہ اللہ پاک کی ناراضی ہے، ایسے میں احتیاط بھی کی جائے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی صدق دل سے معافی بھی مانگی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک پہلو طبی دوسرا باطنی اور روحانی ہے، اس وقت پوری انسانیت بڑی مشکل اور آزمائش میں ہے، ان حالات میں ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں،اشیائے خوردونوش کا ذخیرہ نہ کرنے والوں کو اللہ اجر دے گا۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت حضرات اپنے مال سے دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں، نوجوان فرصت کے لمحات میں ترجمے کے ساتھ قرآن کریم پڑھیں، نماز،استغفار اور گناہوں سے توبہ اللہ کو پسند ہے۔