Tag: Hoarding

  • ویڈیو رپورٹ: ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 45 مؤثر آپریشنز

    ویڈیو رپورٹ: ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 45 مؤثر آپریشنز

    اسلام آباد: ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف حکومتی کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں گزشتہ ہفتے ملک بھر میں 45 مؤثر آپریشنز میں 293.07 میٹرک ٹن کھاد، 0.36 میٹرک ٹن آٹا اور 27.76 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔

    نگراں حکومت، عسکری قیادت اور متعلقہ حکومتی ادارے ملک میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ستمبر 2023 سے حکومتی احکامات کے پیش نظر ملک بھر سے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا، 7 تا 14 جنوری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 45 مؤثر آپریشنز میں 293.07 میٹرک ٹن کھاد، 0.36 میٹرک ٹن آٹا اور 27.76 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔

    یکم ستمبر سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ کے خلاف 240 کامیاب آپریشنز عمل میں لائے گئے، جس کے تحت 17890.22 میڑک ٹن کھاد، 2402.28 میٹرک ٹن آٹا اور 7363.63 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی ہے۔

  • ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن : روپیہ مستحکم

    ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن : روپیہ مستحکم

    اسلام آباد : امریکی ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں عدم استحکام پر قابو پانے کے لیے حکومتی ہدایات پر ایف آئی اے نے ڈالر ذخیرہ اندوزی اور اس کی اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

    کرنسی ایکسچینج کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں سمیت ہنڈی حوالہ اور ڈالر ذخیرہ کرکے مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بھی گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں مؤثر حکومتی کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں روپیہ مضبوط اور امریکی ڈالر گراوٹ کا شکار رہا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 10 پیسے سستا ہوا۔

    اس کے علاوہ انٹربینک میں ڈالر 302 روپے 95 پیسے سے کم ہوکر 296 روپے 85 پیسے پر ٹریڈ ہوا، ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں بھی روپیہ مضبوط ہوا اور ڈالر 7 روپے سستا ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر304 روپے سے کم ہوکر 297 روپے میں فروخت ہوا، ڈالر کی قدر میں مسلسل گراوٹ نے دیگر کرنسیوں پر بھی اثر ڈالا ہے، گزشتہ ہفتے میں یورو 1 روپے کمی کے بعد 325 سے 324 روپے میں فروخت ہوا۔

    گزشتہ ہفتے پاؤنڈ2 روپے کمی سے 381 سے 379 روپے میں فروخت ہوا، ایک ہفتے میں سعودی ریال 1 روپے 10 پیسے کمی سے 79.70 روپے میں فروخت ہوا، امارتی درہم 2 روپے 30پیسے کمی ہوئی، امارتی درہم 85 روپے 30 پیسے سے کم ہوکر 83 روپے میں فروخت ہوا۔

  • پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم اقدام

    لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ذخیرہ اندوزی پر گوداموں کے قواعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں کے نئے قواعد پر غور کیا گیا۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نئے قواعد میں اشیا کے ذخیرے کی مقدار کا لازمی تعین کیا جائے، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔

    صوبائی کابینہ کمیٹی نے نئے قواعد میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مائننگ بورڈ کی تشکیل کی منظور بھی دے دی گئی۔

    علاوہ ازیں محکمہ ماحولیات کے کنسلٹنٹس کی رجسٹریشن کے قواعد میں ترمیم اور پنجاب کرسچن میرج رولز 2021 کی توثیق کی بھی منظوری دے دی گئی۔

  • مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن شروع

    مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن شروع

    لاہور : ٹائیگر فورس نے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا، ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں چھاپے مار کر بڑی مقدار میں اسٹاک تحویل میں لے لیا جبکہ ملوث افراد پر بھاری جرمانے بھی کئے۔

    تفصیلات کے مطابق مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ٹائیگر فورس کا ایکشن شروع ہوگیا، ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں چھاپے مارے، چھاپوں کے دوران سیالکوٹ میں آٹا، چینی اور چاول کی ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی، انتظامیہ نے بڑی مقدار میں اسٹاک تحویل میں لے کر اسٹورسیل کر دیے۔

    ٹائیگر فورس کی اطلاع پرلاہور کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں، ضلعی انتظامیہ نے ہنجروال میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر چینی کے 50 کلو کے800 سے زائد تھیلے برآمد کرلیے اور ملوث افراد پربھاری جرمانے جبکہ 4 ذخیرہ اندوزوں کےخلاف ایف آئی آردرج کرلی گئی۔

    ٹائیگر فورس نے شہروں کےمختلف اسٹورز اوردکانوں پر فرضی خریداری کی ، خفیہ سروے میں اشیائے ضروری کی زائد قیمت میں فروخت بھی پکڑی گئی ، جس کے بعد ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے اوورچارجنگ پربھاری جرمانے عائد کئے اور متعدد دکانیں سیل کردیں۔

    ذخیرہ اندوزی کےخلاف کارروائی کی رپورٹ براہ راست وزیراعظم کو دی جائے گی۔

  • سندھ حکومت منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حرکت میں آگئی

    سندھ حکومت منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حرکت میں آگئی

    کراچی: حکومت سندھ نے صوبے میں منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کرلیا، تمام ذمہ دار افسران کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف دفعہ 2008 سیکشن 7 (1) کے تحت کارروائی ہوگی۔

    صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ تمام ذمہ دار افسران کو منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا جا چکا ہے، صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز، اے ڈی سی، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کار بطور پرائز مجسٹریٹس اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    انہوں نے تمام پرائز مجسٹریٹس کو ناجائز قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف چھاپے مارنے کی ہدایات بھی کردی۔ ان کے مطابق صوبے بھر میں سپلائی پرائسز کے افسران تمام پرائز مجسٹریٹ کے ساتھ کارروائی کریں گے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں پرائز بیورو کے 119 انسپکٹرز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے، کراچی میں 28 سپلائی بیورو کے افسران پرائس مجسٹریٹس کے ساتھ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ صوبے بھر میں ضلعی سطح پر مانیٹرنگ روم قائم کردیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان کے پہلے دن ہی منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف شکایتیں موصول ہوئی ہیں، اگر کسی دکاندار، فروٹ یا سبزی والے کے پاس پرائز لسٹ نہیں ہوگی تو اس کے خلاف کاررو ائی ہوگی۔

  • اس ہینڈ سینی ٹائزر کی قیمت 22 ہزار روپے کیوں ہے؟

    اس ہینڈ سینی ٹائزر کی قیمت 22 ہزار روپے کیوں ہے؟

    کرونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں لوگوں نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے اور اس میں ہینڈ سینی ٹائزر سرفہرست ہے، ڈنمارک کی ایک سپر مارکیٹ نے اپنے گاہکوں کو اس سے روکنے کے لیے انوکھی تجویز اپنائی۔

    دنیا بھر میں اس وقت ہینڈ سینی ٹائزر، ماسک، ٹوائلٹ پیپر اور دیگر صفائی کی اشیا کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ دیوانوں کی طرح ان اشیا کی خریداری کر رہے ہیںِ، اور نہ صرف خریداری کر رہے ہیں بلکہ ان اشیا کو زیادہ سے زیادہ خریدنے کے چکر میں ہاتھا پائی کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔

    ڈنمارک کی ایک سپر مارکیٹ نے ان ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے انوکھی ترکیب اپنائی جسے سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جارہا ہے۔

    مذکورہ سپر مارکیٹ میں سینی ٹائزر ریک پر نوٹس لگایا گیا ہے کہ ہینڈ سینی ٹائزر کی ایک بوتل 40 ڈینش کرون (914 پاکستانی روپے) کی ہے لیکن اگر کوئی شخص 2 بوتلیں لینا چاہے گا تو اسے 1 ہزار ڈینش کرون (22 ہزار 854 پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوں گے۔

    اس نوٹس نے لوگوں کو لامحدود تعداد میں سینی ٹائزر خریدنے سے باز رکھا ہے اور لوگ صرف ایک ہی بوتل خرید رہے ہیں۔

    ایک گاہک نے جب اس نوٹس کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تو اسے بے حد سراہا گیا۔

    اس نوٹس کے علاوہ بھی مذکورہ مارکیٹ نے اپنے گاہکوں کو مختلف احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔

    مثال کے طور پر مارکیٹ میں داخل ہونے کے بعد لوگ فاصلہ رکھیں، اندر داخل ہونے سے قبل سینی ٹائزر استعمال کریں، اگر گھر کے کئی افراد خریداری کرنے کے لیے اٹھ آئے ہیں تو صرف ایک ہی شخص اندر جا کر خریداری کرے۔

    یاد رہے کہ اب تک ڈنمارک میں 15 سو 77 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ جان لیوا وائرس نے اب تک 25 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔